Tag: شیخ رشید

  • اگلے پندرہ دنوں میں نواز شریف نااہل ہوجائیں گے، شیخ رشید

    اگلے پندرہ دنوں میں نواز شریف نااہل ہوجائیں گے، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے اگلے پندرہ دنوں میں نواز شریف نااہل ہوجائیں گے، عدالت نے کہا ہے کہ قطرکے شہزادے کے خط کی کوئی قانونی اہمیت نہیں، اس خط کو سچ یا جھوٹ ثابت کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ میری پٹیشن میں صرف نواز شریف کا نام ہے، میرا کیس صاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے بیانات میں تضاد ہے، مجھے لگتا ہے اگلے پندرہ دنوں میں نواز شریف نااہل ہوجائیں گے، نواز شریف پر آج بڑی قدغن لگ چکی، آ ج پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے پاناما لیکس کی وجہ سے ہے۔

    شیخ رشید  نے کہا کہ دادا کی جائیداد بیٹوں کو پہلے کیوں نہیں دی گئی؟ نواز شریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کی کفالت سے متعلق کیوں نہیں لکھا؟ میری نظر میں نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے، پوری قوم سمجھ گئی یہ لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

    نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، کمیشن کی ضرورت نہیں، نواز شریف کے لیے اب اسٹیپ ڈاؤن ہونا بھی بے سود ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد پانچ سے چھ لوگ سلطانی گواہ بن جائیں گے۔

  • آج شیخ رشید کی65 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    آج شیخ رشید کی65 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

    اپنے اسکول کے دور سے سیاست کے پُرخار راستے پر عوامی طرز سیاست کرنے والے شیخ رشید آج 65 سال ہو گئے ہیں ان 65 سالوں میں وہ سیاست کی پھیکی دنیا میں ظرافت،طنز اور دبنگ اسٹائل کے باعث عوام میں مقبولیت رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ کے مشہور ترین کنوارے سیاست دان کی 65 ویں سالگرہ آج راولپنڈی میں منائی گئی وہ 6 نومبر 1950 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے اور زمانہ طالب علمی سے ہی اس شہر سے اپنی سیاسی جدو جہد کا آغاز کیا اور نہایت ہی کم عمری میں اسیری بھی کاٹی۔

    sheikh-rasheed-post-2

    اس اسیری کے دوران انہوں نے سیاست کو ہی مقصد زندگی بنانے کا اٹل فیصلہ کر لیا اور جیل میں رہتے ہوئے بھی اپنے سیاسی نظریات کا پرچار کرتے رہے اور رہائی کے بعد گلی محلوں کی سیاست میں بھر پور حصہ لیا اور آج تک خود سے کیے گئے وعدے پر قائم ہیں۔

    sheikh-rasheed-post-3

    گریجویشن کے بعد انہوں نے ایک فیکٹری میں بھی کام کیا لیکن سیاست سے جڑے رہے 80 کی دہائی میں پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے میونسپل سطح کی سیاست میں حصہ لینے کے بعد 1985 میں پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے،وہ اپنے عوامی طرز خطاب اور ذو معنوی جملوں کی وجہ سے کسی بھی جلسے کی کامیابی سمجھے جاتے ہیں۔

    sheikh-rasheed-post-1

    سیاسیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کرنے کے بعد ان کے سیاسی داؤ پیچ میں مزید مہارت آ گئی اور وہ جلد اپنے قائدین کے خاص لوگوں میں شمار ہونے لگے،پنجاب کی سیاست میں شاید وہ واحد شخصیت ہوں گے جن کا تعلق کسی سیاسی گھرانے سے نہ تھا اور نہ ہی وہ کسی جاگیردار،وڈیرے یا کسی پیر کے گدی نشین تھے۔

    sheikh-rasheed-post-4

    اس کے باوجود شیخ رشید نے سیاست کے پیچ و خم کو نہایت کامیابی سے پار کیا اور اپنے قائد نواز شریف کے نہایت با اعتبار اور قریبی ساتھی تصور کیے جانے لگے موروثی سیاست کے درمیان انہوں نے اپنا الگ اور منفر مقام اپنے ہی زورِ بازو سے حاصل کیا جو کم ہی سیاست دان کر پائے ہیں۔

    تا ہم 2002 میں شیخ رشید نے اپنے قائد میاں نواز شریف سے راہیں جدا کر کے جنرل مشرف کے ہاتھ مضبوط کرنے کا ارادہ کیا اور 2002 سے 2006 تک وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی ذمہ داریاں نبھائیں اس دوران پاکستانی میڈیا میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا اور میڈیا سرکار کے چنگل سے نکل کر جدیدیت کی طرف گامزن ہوا اور اس دوران کئی نئے ٹی وی چینلز سامنے آئے جنہیں آزادی رائے اظہار کا بہترین موقع بھی میسر آیا۔

    بعد ازاں انہیں وفاقی وزیر ریلوے بھی مقرر کیا گیا اور انہوں نے اپنے دورِ وزارت 2006 تا 2007 میں ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے انقلابی اقدامات کیے اور چند نئی ٹرین سروسز بھی متعارف کرائیں تا ہم یہ ناکافی ثابت ہوئے اور محکمہ ریلوے مطلوبہ ترقی حاصل نہیں کرسکا۔

    سات مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے شیخ رشید نے 2008 کا انتخابات میں اپنی علیحدہ جماعت عوامی مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے لڑا تا ہم وہ کامیاب نہ ہو سکے اور 2013 میں تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے اس کے بعد سے اب تک شیخ رشید اپوزیشن جماعتوں میں سب سے زیادہ متحرک اور مضبوط لیڈر ثابت ہوئے ہیں۔

    VIDEO: Sheikh Rasheed Arrives On Motorbike by arynews
    نواز حکومت کے خلاف حالیہ تحریک کے دوران شیخ رشید جس طرح تمام ناکے اور پہرے توڑ کر موٹر سائیکل پر کمیٹی چوک پہنچے وہ بھی انہی کا خاصہ تھا جب کہ دیگر اپوزیشن لیڈرز اپنے اپنے گھروں میں محفوظ بیٹھے تھے،شیخ رشید کی انہی عوامی طرز سیاست اور عوامی انداز گفتگو کے باعث پاکستانی سیاست میں منفرد مقام بنا چکے ہیں۔

  • نواز شریف دسمبر تک نااہل ہوجائیں گے، شیخ رشید کی پیش گوئی

    نواز شریف دسمبر تک نااہل ہوجائیں گے، شیخ رشید کی پیش گوئی

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خبرلیکس کے معاملے پر ممکن ہے آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فوج اہم گرفتاریاں کرے، پرویز رشید کی قربانی سےکام نہیں چلے گا، لگتا ہے نوازشریف پاناما لیکس کیس میں نااہل ہوجائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے پہلے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنےحلقوں میں ہونا چاہیے تھا.

    عمران خان اورقیادت سے کہا تھا کہ نیچےآجائیں یالال حویلی شففٹ ہوجائیں، عمران خان نےمجھ سے کہاریلی لے کربنی گالہ آجائیں.

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے دھرنے میں قصائی بھاگ گیا اس بار بکرا بھاگ گیا ، انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف پاناما لیکس کیس میں دسمبر تک نااہل ہوجائیں گے.

    دسمبر میں حکومت جانے کی پیشگوئی درست نہ ہوئی توآئندہ پیشگوئی نہیں کروں گا، میزائل کی طرح نواز شریف کی سیاست کا پیچھا کروں گا.

    شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پوری قوم قبول کرے گی، سراج الحق کا کیس لائٹ ہے،اصل کیس میرا اورعمران خان کا ہے.

    طاہر القادری اور عمران خان میں کوئی اختلاف نہیں ،طاہر القادری کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے ،سیاست مفاد کا سب سے بڑا رشتہ ہے ،سیاست میں سب اپنا اپنا مفاد دیکھتے ہیں، بنی گالہ جاتے ہوئے راستے میں پتاچلامعاملہ ختم ہوگیا۔

  • شیخ رشید نے خرم نوازگنڈا پوراورنعیم الحق میں صلح کرادی

    شیخ رشید نے خرم نوازگنڈا پوراورنعیم الحق میں صلح کرادی

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خرم نواز گنڈا پور اور نعیم الحق میں صلح کرادی، ان کا کہنا ہے کہ دونوں کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ لڑائی ختم کرادی جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نعیم الحق اور خرم نواز گنڈاپور کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کا ڈراپ سین ہوگیا۔

    دونوں رہنماؤں میں صلح کرادی گئی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے صلح کرانے میں اہم کردا رادا کیا ہے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اے آر وائی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما سمجھدار ہیں، دونوں میرے بھائیوں کی طرح ہیں دونوں لیڈر ہیں، دونوں کی لیڈر شپ نے یہ فیصلہ کیا ہے لڑائی ختم کردی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس بات کو جانے دیں۔ آپ سے بھی درخواست ہے کہ اس حوالے سے مزید سوالات نہ پوچھیں، سب سے پہلے ملک ہے ایسی باتوں پر توجہ نہ دی جائے، غلطیاں انسان سے ہو ہی جاتی ہیں۔

    انہوں نے مزید سوالات سے بچنے کے لیے لائن کاٹ دی ، دریں اثناء اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے بھی کہا ہے کہ اس معاملے پر مزید بات نہ کی جائے۔

  • عمران گرفتار ہوتا تو خانہ جنگی شروع ہوجاتی، شیخ رشید

    عمران گرفتار ہوتا تو خانہ جنگی شروع ہوجاتی، شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان گرفتار ہوتا تو ملک میں خانہ جنگی شروع ہوجاتی،سپریم کورٹ پر اعتماد ہے وہی اس ملک کو بچائے گی۔

    اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں تحریک انصاف کے جلسہ عام ’’یوم تشکر‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کل بہت پریشان تھا کہ خدا نخواستہ عمران خان کی گرفتاری عمل میں آ گئی تو ملک میں خانہ جنگی برپا ہوجائے گی لیکن سپریم کورٹ نے احسن قدم اُٹھا کر ملک کو انارکی سے بچا لیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں نواز شریف کو اندر سے جانتا ہوں وہ بزدل آدمی ہے جب ہی اپنے وفاقی وزیر کو قربانی کا بکرا بنایا ہے لیکن ہمیں پرویز رشید کی قربانی قبول نہیں،اصل کرداروں کو منطقی انجام تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل شاہ گھبراؤ نہیں، تمہارے لیڈرکی باری آنےوالی ہے اور پوری قوم کو پتا ہےکہ ڈاکٹر عاصم کون ہے اور اُن کے کرتوتوں کے پیچھے اصل کردار کون ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مودی سے پینگیں بڑھا کر کشمیریوں کو مایوس کیا ہے لیکن اب عمران خان کی قیادت میں بچہ بچہ کشمیریوں کےساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کو حقوق دلوا کر ہی دم لیں گے۔

    انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ عوام بتائیں کہ عمران خان کےعلاوہ کون سا لیڈر رہ گیا ہے جو ملک کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، عمران کے علاوہ کوئی نہیں اب عوام کی آخری امید عمران خان ہی ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں خود عمران خان کا وکیل ہوں میں سپریم کورٹ نہیں جانا چاہتا تھا، میں کبھی بینک گیا ہوں اورنہ ہی کبھی کسی بینک سے قرضہ لیا ہے اور نہ کسی کے قرضے معاف کروائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دو نومبر کے لاک ڈاؤن کو یوم تشکر میں تبدیل کرنے پر کچھ لوگوں نے کہا کہ ہم نے سولو فلائٹ لی، تو میں سوال کرتا ہوں کہ کیا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نکلیں جو کرپٹ حکومت کے ہمنوا بن چکے ہیں؟

  • مجھے سپریم کورٹ اور اپنی عوام پراعتماد ہے،شیخ رشید

    مجھے سپریم کورٹ اور اپنی عوام پراعتماد ہے،شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہناہےکہ پاناما لیکس پر مجھے سپریم کورٹ پر اعتماد ہے اور میں عدالت سے استدعا کروں گا کہ روزانہ کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت ہو۔

    تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سےدرخواست کروں گا کہ کیس کوروزانہ کی بنیاد پر لگایا جائے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے بجائے سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے فیصلہ کا احترام کریں گے۔

    خیال رہے کہ اب سےکچھ دیر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالہ پہنچے تھے اور وہاں عمران خان سے طویل مشاورت ہوئی اور انہوں نے پانامالیکس پر اپنے فیصلے سے بھی تحریک انصاف کے سربراہ کو آگاہ کیا۔

    اس سے قبل بنی گالہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ سپریم کورٹ نے1 بجے تک کا وقت دیا ہے کہ آپ فیصلہ کرلیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں کہ اس عدالت کا فیصلہ یاجوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تسلیم کریں گے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہناتھا کہ پانامالیکس میں جوڈیشل کمیشن کی تجویز مسترد کرتے ہیں اور کیس میں سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

    شیخ رشید کا کہناتھا کہ کل کا دھرنا ہرصورت ہوگا اور جو کل دھرنے کے لیے نہیں نکلے گا وہ نوازشریف کے ساتھ ہوگا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخ رشید کو ٹیلیفون کرکے مشاورت کے لیے بنی گالہ بلایا تھا۔

    یاد رہے آج صبح سپریم کورٹ میں پانامالیکس کیس میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو28 اکتوبر کو ہر حال میں لال حویلی آنا چاہیے تھا۔

    سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ تمام راستے بند تھے لیکن لفٹ لے کر سپریم کورٹ پہنچاہوں۔

    مزید پڑھیں:نوازشریف کو ملک کی نہیں کرپشن سے بنائے ہوئے پیسے کی فکر ہے،عمران خان

    واضح رہے کہ آج صبح پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہناتھا کہ نوازشریف پاکستان کے لیے سیکورٹی رسک ہے اسے ملک کی نہیں اپنے پیسے کی فکر ہے۔

    شیخ رشید کے حوالے سے عمران خان سے پوچھا گیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہناتھا کہ آپ کو باہر نکلنا چاہیے تو اس پر انہوں نے کہا تھا کہ کپتان اپنی حکمت عملی کے تحت چلتا ہے اور میری حکمت عملی 2 نومبر کی ہے۔

  • ملک سول وار کی طرف بڑھ رہا ہے، نواز شریف استعفی دیں،شیخ رشید

    ملک سول وار کی طرف بڑھ رہا ہے، نواز شریف استعفی دیں،شیخ رشید

    لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے استعفی نہ دینے سے ملک سول وار کی طرف بڑھ رہا ہے، اب بھی وقت ہے اس مسئلے کو حل کرلیا جائے ورنہ صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔

    اسلام آباد میں دو نومبر کو ہونے والے دھرنے کی وجہ پیدا ہونے والی کشیدگی کی براہ راست کوریج کے لیے اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پاناما لیکس کا مسئلہ حل کیا جائے چاہے استعفی سے ہو یا عدلیہ سے تاکہ ملک خراب صورتحال اور حادثے سے بچ جائے۔

    اسی سے متعلق : شیخ رشید کا نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ پاک فوج پنجاب پولیس بن جائے اور نواز شریف اردگان بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں،یہ فوج این آر او والی فوج نہیں ہے، یہ شہیدوں کی فوج ہے، فوج سے متعلق خبر جاری کرنے والے نیشنل سیکیورٹی لیکس کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی۔

     یہ بھی پڑھیں : حکومت کا شیخ رشید کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ سربراہ تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے کارکنان کو بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت کے بعد بنی گالہ جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، کئی مقامات پر پنجاب پولیس اور تحریک انصاف کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔

  • چوہدری نثار،نواز شریف کی ضد کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں،شیخ رشید

    چوہدری نثار،نواز شریف کی ضد کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں،شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر دکھ ہوا،پرویز رشید خبر رکواسکتے ہیں تو نوازشریف کے کہنے پر لگوا بھی سکتے ہیں، نثار نواز شریف کی ضد کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا ردعمل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ سامنے آیا ہے۔


    یہ پڑھیں: صوبائی حکومت کا وفاق پر حملہ کرنا ٹھیک نہیں، نثار


    انہوں نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اچھے اور شریف آدمی ہیں لیکن وہ نواز شریف کی ضد کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، اگر وزیر اطلاعات پرویز رشید قومی سلامتی سے متعلق خبر کو شائع ہونے سے رکواسکتے تھے تو وہ نواز شریف کےکہنے پر یہ خبر لگوا بھی سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ پرویز رشید کا نہیں بلکہ قومی سلامتی کا ہے جس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اور اصل کرداروں کو بے نقاب ہونا چاہیے تا کہ قوم کو حقائق کا علم ہو سکے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق حساس خبر کو شائع کروانے میں وزیراعظم اورچند اہم سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میرے پاس صرف سگار تھا لیکن چوہدری نثار نے سڑکوں پر 158 کنٹینر رکھ کر لال حویلی کی جانب جانے والے سارے راستے بن کردیے جس سے اطراف کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے۔

    پرویز رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی حکومت سے سوال کیا کہ لال حویلی کے اطراف کے محصور لوگوں کو اگر کوئی ایمرجنسی پیش آئی تو وہ کہاں جائیں گے؟میرے علاقے کے لوگوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔

  • شیخ رشید نے پرویز رشید کی برطرفی کی پیش گوئی کردی تھی

    شیخ رشید نے پرویز رشید کی برطرفی کی پیش گوئی کردی تھی

    اسلام آباد: ن لیگ کے رہنما پرویز رشید کے وزارت اطلاعات سے مستعفی ہونے سے متعلق شیخ رشید نے پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’پاور پلے‘‘ میں اینکر پرسن ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ قومی سلامتی سے متعلق خبر لِیک کرنے والوں کے خلاف ثبوت جمع کر لیے گئے ہیں اور حساس اداروں نے تمام ثبوت وفاقی حکومت کو مہیا کردیے ہیں جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی برطرفی طے ہے۔

     

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو وزیر اطلاعات اور ایک بیورو کریٹ کی قربانی دینا پڑے گی، بیورو کریٹ نے سلطابی گواہ بننے کا وعدہ کر لیا ہے اور اگر وہ سلطانی گواہ بن گیا تو کوئی وزیراعظم کو پھانسی چڑھنے سے نہیں روک سکتا۔

    شیخ رشید نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق خبر کے بعد کسی ایک فرد کے فوج میں رہنے یا جانے کی بات نہیں بلکہ بہ طور ادارہ فوج کا موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں رہا۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات اور نشریات کی برطرفی کی خبر منظر عام پر آنے سے کئی گھنٹے قبل شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں نیوز بریک کردی تھی۔

  • شیلنگ سے دم گھٹنے والا بچہ سپرد خاک، عمران خان کا اظہار مذمت

    شیلنگ سے دم گھٹنے والا بچہ سپرد خاک، عمران خان کا اظہار مذمت

    راولپنڈی: پولیس کی شیلنگ کے سبب دم گھنٹے سے مرنے والے تین روز کے بچے کو سپرد خاک کردیا گیا، والد کا کہنا ہے کہ میرا کیا قصور تھا،دو ہاتھیوں کی لڑائی میں چیونٹی کا نقصان ہوا،عمران خان نے بچے کے مرنے پر اظہار مذمت کیا ہے جب کہ شیخ رشید نے بچے کے گھر جانے کا اعلان کیا ہے۔


    یہ پڑھیں: راولپنڈی،پولیس کی شیلنگ سے 4 دن کا بچہ جاں بحق


    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے بچے کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے کا قتل ہوا ،قاتل کسے ٹھہرائوں؟ شیلنگ ہو یا نہ ہو میں کچھ کہہ نہیں سکتا، میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں بس یہ کہہ سکتا ہوں کہ دوہاتھیوں کی لڑائی میں چیونٹی کا کباڑا ہوگیا۔

    انہوں نے بتایا کہ شیلنگ کے سبب فضا میں گیس پھیل گئی، بچے کی سانسیں اکھڑنے لگیں، اسے لے کر اسپتال بھاگے، پانچ منٹ کا فاصلہ طے کرنے میں چار گھنٹے لگے جس کے بعد بے نظیر بھٹو اسپتال پہنچے جب تک میرا پھول جان کی بازی ہار گیا۔

    ڈاکٹروں نے میڈیکل رپورٹ میں تصدیق کی ہے کہ بچے کی موت دم گھٹنے کے سبب ہوئی۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شیلنگ سے بچے کی ہلاکت کا سن کر بہت افسوس ہوا، بچے کی موت کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے ۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی بچے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بچے کے گھر جا کر تعزیت کرنے کا اعلان کیا ہے۔