دبئی ایئر لفٹس کے لئے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے حکم جاری کردیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی ایئر لفٹس کو دیئے جانے والے حکم میں کہا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی ہیومینٹیرین سٹی (آئی ایچ سی) کی طرف سیلاب سے تباہ ہونے والے مشرقی لیبیا میں بڑے انسانی بحران سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے امداد کی روانگی میں سہولت فراہم کریں۔
دبئی کے انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی کے چیئرمین محمد ابراہیم الشیبانی کا کہنا تھا کہ افسوسناک سانحے کے تناظر میں ہمارے خیالات اور دعائیں لیبیا کے عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ متاثرین کی تکالیف کو کم کرنے میں مدد کے لیے تیار ہیں، دبئی کا انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے امدادی کردار کی سینئر مشیر اور جی سی سی ممالک کے لیے یو این ایچ سی آر کے نمائندے خالد خلیفہ نے تعریف کی، انہوں نے کہا کہ یو اے ای خطے میں انسانی اور امدادی تنظیموں کے کام کو آسان بنانے کے لیے ضروری مدد فراہم کرنے کا ایک ماڈل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایچ سی کی فراخدلانہ حمایت کے باعث ہیو این ایچ سی آر جاری امدادی کوششوں میں مدد فراہم کرنے اور لیبیا میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں اور لوگوں تک ضروری سامان پہنچانے کے قابل ہو جائے گا۔
خالد خلیفہ کا مزید کہنا تھا کہ لیبیا میں انسانی صورتحال تباہ کن ہے۔ طوفان اور سیلاب نے بہت نقصان پہنچایا ہے اور قیمتی زندگیاں ضائع ہوئی ہیں،ہزاروں افراد کے گھر تباہ ہوچکے ہیں، انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔