Tag: شیخ وقاص اکرم

  • پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار  ، وارنٹ گرفتاری جاری

    پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم اشتہاری قرار ، وارنٹ گرفتاری جاری

    یصل آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کو اشتہاری قرار دے دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔

    عدالت میں بتایا گیا کہ شیخ وقاص اکرم کے خلاف تھانہ کوتوالی جھنگ میں مقدمہ درج ہے، اس حوالے سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اعجاز حسین نے عدالت میں استغاثہ کی رپورٹ جمع کرائی۔

    مزید برآں، عدالت نے 16 ستمبر کو استغاثہ کے شواہد قلمبند کرنے کا بھی حکم دیا ہے، جس سے کیس کی آئندہ سماعت کے لیے قانونی کارروائی مکمل کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

    عدالت نے شیخ وقاص اکرم کو متعدد بار طلب کیا، تاہم وہ مسلسل غیر حاضر رہے۔ اس سے قبل عدالت کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جا چکے تھے، مگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

    شیخ وقاص اکرم کیخلاف مقدمے میں دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

    یاد رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • اپوزیشن رکن شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا فیصلہ

    اپوزیشن رکن شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد (13 اگست 2025): قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، اسپیکر ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔

    شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے، اپوزیشن رہنما کی نشست خالی قرار دینے کی تحریک ایوان میں پیش ہوگی، جسے حکومتی رکن سیدہ نوشین افتخار پیش کریں گی، ایوان کی منظوری سے شیخ وقاص کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔


    بانی پی ٹی آئی کی 2 بہنوں کو پولیس نے چھوڑ دیا


    آج کے اجلاس میں اہم قانون سازی بھی ایجنڈے میں شامل ہے، آسان کاروبار بل 2025 آج منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی 2025 بھی ایجنڈے میں شامل ہے، انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025، پٹرولیم ترمیمی بل 2025 بھی منظوری کے لیے پیش ہوگا۔

    امریکی صدر کے تیل ذخائر سے متعلق بیان پر حکومتی خاموشی پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے، اسلام آباد کے نجی اسپتالوں اور لیبارٹریوں میں زائد چارجز پر بھی توجہ دلاؤ نوٹس ایجنڈے کا حصہ ہے۔

  • پی ٹی آئی کا اے آر وائی نیوز کا ایک دن کے بائیکاٹ کا اعلان، رپورٹر خبر پر قائم

    پی ٹی آئی کا اے آر وائی نیوز کا ایک دن کے بائیکاٹ کا اعلان، رپورٹر خبر پر قائم

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اے آر وائی نیوز کا ایک دن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم چینل کے رپورٹر اپنی خبر پر قائم ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آج اے آر وائی نیوز کا ایک دن کیلئے بائیکاٹ کررہی ہے، اے آر وائی نیوز نے علیمہ خانم، بیرسٹر سیف اور علی گنڈاپور سے متعلق بےبنیاد خبر نشر کی

    شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ سینیٹ میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پروپیگنڈا کیا گیا، پارٹی سے مشاورت کرینگے کہ بائیکاٹ ایک دن سے زیادہ جاری رکھنا ہے یا نہیں۔

    پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ذرائع سے خبر چلانا صحافی کا حق ہے لیکن جن کا نام لیا گیا ہے ان کا مؤقف لینا چاہیے۔

    شیخ وقاص نے کہا کہ غیرمصدقہ خبر چلانے سے پہلے پی ٹی آئی کا موقف لینا چاہیے تھا، آج اے آر وائی نیوز کے کسی پروگرام میں کوئی رہنما شرکت نہیں کریگا۔

    نعیم اشرف بٹ ہیڈ آف انویسٹی گیٹیو سیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اپنی خبر پر قائم ہیں ایک نہیں دو نہیں چار لوگوں نے ہمیں کنفرم کیا جو میٹنگ میں وہاں موجود تھے۔

    ہم نے اپنے ذرائع کا نام نہ پہلے لیا ہے اور نہ اب لیں گے، یہ کنفرم ہے اور چار میں تین خبروں کا شیخ وقاص اکرم نے ذکر تک نہیں کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/senate-election-tickets-tensions-within-pti/

  • پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید

    پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی تردید کردی۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹانے کی خبر درست نہیں، عالیہ حمزہ بدستور عہدے  پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں، 4 رکنی کمیٹی ان کی معاونت کیلئے قائم کی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/aliya-hamza-removed-as-pti-punjab-president/

    واضح رہے کہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی پنجاب کے اندر بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات کے درمیان پنجاب کی قیادت ایک بار پھر تبدیل کردی گئی اور پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    جس کے بعد عالیہ  نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں نئی بنے والی کمیٹی کے قیام سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ میں کل رات دیر تک سمبڑیال حلقے میں الیکشن کمپین میں تھی وہاں نیٹ ورک کا بہت مسئلہ تھا۔

    عالیہ حمزہ نے کہا کہ نہ مجھے کسی کمیٹی کے بارے میں علم ہے اور نہ مجھے کسی نے اس بارے میں بتایا ہے، میرے لیے نہ کوئی عہدہ ضروری ہے نہ کوئی کمیٹی۔

  • حیدر سعید کا تعلق پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم سے نہیں، شیخ وقاص اکرم

    حیدر سعید کا تعلق پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم سے نہیں، شیخ وقاص اکرم

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بنی گالا سے گرفتار ہونے والا حیدر سعید نامی نوجوان ہماری سوشل میڈیا ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اپنی سوشل میڈیا ٹیم کے حق میں سامنے آگئی، اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص نے کہا کہ بنی گالا سے اٹھایا گیا نوجوان ہماری ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر سعید نامی نوجوان پی ٹی آئی کی ٹیم میں شامل نہیں ہے لیکن اس کا حامی ضرور ہے۔ ایسے نوجوان بانی پی ٹی آئی کے چاہنے والے ہیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان موجودہ فسطائیت کے نظام سے نفرت کرتے ہیں،اس لیے وہ اپنا غصہ سوشل میڈیا پر نکال رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر کوئی اپنی طبیعت کے مطابق غصہ نکالتا ہے، ان کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں اس طرح بے دردی سے اغواء کرکے اٹھا کے لے جانا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ یہ پاکستانی بچے ہیں انہیں اغواء کرنا کہاں کا انصاف ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ حیدر سعید علاوہ جو مزید نوجوان گرفتار کیے گئے ان میں قدیر امجد، سعد طارق، فرحان چشتی اور عثمان محمود شامل ہیں جو ابھی تک بازیاب نہیں ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم کے الزام میں ایف آئی اے نے ملزم حیدر سعید کو بنی گالا سے گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق ملزم نے سانحہ جعفر ایکسپریس کے دوران اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا، ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کے الزام میں پی ٹی آئی کے 16 افراد دوبارہ جے آئی ٹی میں طلب

    سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 16 افراد جے آئی ٹی میں دوبارہ طلب کرلیے گئے۔

    اس حوالے سے جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، تمام افراد کو 18 مارچ کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • خواجہ آصف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

    خواجہ آصف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

    پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چور سرکار جمہوریت کیخلاف مجرمانہ اقدام کی بنیادوں پرکھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ گروہ ہمیشہ عوام کے ووٹ کی توہین اور مینڈیٹ چوری سے اقتدار میں پہنچا، عوام کے حق حکمرانی پر ڈاکہ ڈالنے میں اس ٹولے نے مرکزی کردار ادا کیا، نوازشریف پاکستان میں جمہوریت کےخلاف سازشوں کا مرکزی مہرہ رہا۔

    شیخ وقاص نے خواجہ آصف کے بارے میں کہا کہ جس دن جمہوریت بحال ہوگی سیالکوٹ کا یہ فارم 47 سے بنا وزیر بھاگے گا، سیالکوٹ کا یہ وزیر کسی کفیل سے اقامے کی بھیک مانگے گا، اس کا احتساب پہلے سیالکوٹ کے عوام اور پھر پوری قوم کرے گی۔

    انھوں نے کہا کہ اقتدار کو بچانے کیلئے ان مجرموں کو ملک داؤ پر لگانا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی پر قوم کا غیرمتزلزل اعتماد ان کی سیاسی موت کا پروانہ ہے۔

    سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ مذاکرات کے نام پر ان کے ڈھونگ نے انھیں قوم کی نگاہوں میں مزید بےنقاب کیا۔

    دریں اثنا اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ حکومت جیل میں ملاقات نہیں کراسکتی تو آگے معاملات کیسے بڑھائےگی، مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں اسی لیے تو ہم نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔

    حکومت کے سامنے مؤقف رکھا پھر کہا گیا تحریری طور پر پیش کریں، تحریری مطالبات دیکھ کر حکومت کمیٹی کی آنکھیں کھل گئیں، یہ تحریری مطالبات کے ذریعے کچھ اور پروگرام بناکر بیٹھے تھے۔

    شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہم نے تو انھیں تحریری مطالبات پیش کر کے موقع ہی نہیں دیا، مطالبات پیش کرنے کے بعد حکومتی ارکان کی پریس کانفرنسز ثبوت ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مطالبات میں واضح لکھا ہے کہ 9مئی اور 26نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، کہتے ہیں ایک ایک چیز کا جواب دینگے، ہمیں جواب نہیں کمیشن چاہیے، جوڈیشل کمیشن بنے گا شواہد پیش ہونگے تو حقیقت سامنے آجائے گی۔

  • ’پی ٹی آئی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹی اور نہ ہٹے گی‘

    ’پی ٹی آئی کسی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹی اور نہ ہٹے گی‘

    پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ آپ مذاکراتی کمیٹی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں، پی ٹی آئی کسی بھی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے ایک بیان میں کہا کہ انصاف کے لیے آخری دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے، ہم لڑتے رہیں گے اور آخری فورم تک جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ انگیج کیا آپ کے ساتھ نہیں کیا کیونکہ آپ چور ہیں، ہم فرار ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    شیخ وقاص نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو تفصیلات دوبارہ دے دیں گے، ہم نے تمام مطالبات تحریری طور پر حکومت کے سامنے رکھ دیے، حکومتی وزرا پریس کانفرنس میں حیران کن اور مضحکہ خیز باتیں کیں، وزرا خط پڑھ لیتے تو شاید مناسب ہوتا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ظلم، جبر اور فسطائیت کے دور میں بھی پارٹی کو نہیں توڑا جاسکا، پی ٹی آئی اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹی ہے اور نہ ہٹے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ناحق سیاسی قیدیوں کی رہائی اولین ترجیح ہے، ہم نہیں چاہتے کوئی ورکر ایک منٹ کے لیے بھی جیل میں رہے، عمران خان کی گرفتاری سے متعلق ہونے والی تحقیقات نہیں مانتے، کروڑوں عوام انصاف چاہتے ہیں۔

  • کوئی ڈیل نہیں، مذاکرات 9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے کر رہے ہیں، شیخ وقاص

    کوئی ڈیل نہیں، مذاکرات 9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے کر رہے ہیں، شیخ وقاص

    پشاور: پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا ہے کہ کسی ڈیل کے لیے نہیں، بلکہ وہ مذاکرات 9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خواجہ آصف جیسے لوگ مذکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، ہم مذاکرات این آر او کے لیے نہیں غیر منصفانہ طور پر قید رہنماؤں کی رہائی کے لیے کر رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا مذاکرات 9 مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے کر رہے ہیں، ہم نے کوئی ڈیل نہیں مانگی انصاف مانگ رہے ہیں، ملکی مفاد کی خاطر ناپسندیدہ لوگوں کے ساتھ مذکرات اور بیٹھنا پڑ رہا ہے۔

    شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ملکی عدم استحکام کی صورت حال ختم کرنے کے لیے وہ سب کچھ کر رہے ہیں، کون کیا کرتا ہے اور کیا نہیں، دو تین روز بعد پتا چلے گا کہ کون کتنا سنجیدہ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کا بن جانا اور مذاکرات میں بیٹھ جانا اعتماد کی بحالی نہیں ہے، جب کوئی کام ہوگا تو تب پتا چلے گا کہ کون کس پر کتنا اعتماد کرتا ہے۔

    شیخ وقاص نے کہا ’’مجھے اب بھی ان لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملانا پسند نہیں ہے، لیکن ملکی مفاد کی خاطر ناپسندیدہ لوگوں کے ساتھ مذکرات اور بیٹھنا پڑ رہا ہے۔‘‘

  • پی ٹی آئی کے نئے سیکریٹری اطلاعات کا اعلان

    پی ٹی آئی کے نئے سیکریٹری اطلاعات کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شیخ وقاص اکرم کو پارٹی کا نیا مرکزی سیکریٹری اطلاعات مقرر کردیا گیا۔

    رؤف حسن کو پی ٹی آئی پالیسی تھنک ٹینک کا سربراہ مقرر کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں، بانی کی ہدایت پر رؤف حسن کو سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹایا گیا۔

    اس سے قبل اے آر وائی نیوز نے بتایا تھا کہ رؤف حسن کو سیکریٹری اطلاعات کے عہدے ہٹائے جانے کا امکان ہے جبکہ نئے سیکرٹری اطلاعات کیلیے شیخ وقاص اکرم کا نام سر فہرست ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ رؤف حسن پر کچھ پارٹی رہنماؤں نے عدم اعتماد کیا تھا جس کے بعد بانی پاکستان تحریک انصاف نے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو عہدے سے ہتانے کی اجازت دی۔

    بانی پی ٹی آئی نے پارٹی انتظامی ڈھانچے سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے تھے، انھوں نے عملی سیاست کی ذمہ داری سلمان اکرم راجہ کو تفویض کرتے ہوئے ان کو سیکرٹری جنرل کیلیے نامزد کیا تھا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ بانی نے پارٹی کے پارلیمانی امور اور عملی سیاسی امور کو الگ کر دیا، عمر ایوب اور شبلی فراز پارلیمانی ٹیم کو لیڈ کریں گے۔

  • عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کو نااہل کرنا چاہیے، شیخ وقاص اکرم

    عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کو نااہل کرنا چاہیے، شیخ وقاص اکرم

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ عدلیہ کو دھمکیاں دینے والوں کو نااہل کرنا چاہیے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس قسم کی پریس کانفرنسز کا ازخودنوٹس لینا چاہیے، یہ کیاطریقہ ہے کہ پریس کانفرنس کرکے دھمکیاں دی جاتی ہیں، پریس کانفرنس بھی وہ کررہے ہیں جو فارم 47 کی پیداوار یا آزاد سینیٹر ہیں۔

    شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزرا اور حکومت سے ووٹ لے کر سینیٹر بننے والوں نےعدلیہ پر حملے شروع کردیے، ایسے لوگوں کا کیسز سے کوئی لینا ہے نہ دینا ہے اور عدلیہ کو ٹارگٹ کرلیا۔

    انھوں نے کہا کہ ججز کے خط کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ عدلیہ دباؤ برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے علاوہ دیگر ججز نے بھی دباؤ سے متعلق خط لکھے ہیں۔ دھمکیاں دے کرعدلیہ کو دبانے کی کوشش کی جائے گی تو یہ بھونڈی کوشش ہے.

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ عدلیہ کو ایسے پریس کانفرنسز کرکے دھمکیاں دینے والوں کو مثال بنا دینا چاہیے۔ کسی جج کو دھمکیاں دی جارہی ہیں تو ادارے کے سربراہ کو ایکشن لینا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ ججز ایکشن لیتے ہیں یا لے رہے ہیں بالکل لینا چاہیے اور مثال بنانا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی کو سماعت میں براہ راست دکھانے پر بھی حکومت کو اعتراض ہے.

    شیخ وقاص نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت میں انھوں نے اپنے سارے کیسز نمٹائے نہیں بلکہ انھوں نے 16 ماہ کی حکومت میں سارے تفتیشی تک تبدیل کردیے۔

    انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیس میں براہ راست نشریات میں نہیں دکھانا عدالت کا فیصلہ ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کیا ہے کسی قسم کا اعتراض نہیں کیا۔ ہمارے دور میں کچھ غلط ہوا ہے تو اسے غلط کہیں گے، غلطیوں سے سیکھا ہے۔