شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ مجھے علم ہے کہ بانی کے بیٹے قاسم اور سلیمان نہیں آئیں گے، اس وقت حالات احتجاج کےلیے بالکل نامناسب ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہا کہ رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں پر رحم کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کا ہر لیڈر کہہ رہا ہے قاسم اور سلیمان تحریک جوائن کریں گے، پی ٹی آئی لیڈر اس طرح کی باتیں کرکے کارکنوں کو اُمید دلا رہے ہیں۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ورکر بانی کو لیڈر مانتا ہے، رشتہ دار لیڈر نہیں ہوسکتے، بانی کے بچوں کو اس بات پر جھونکا جارہا ہے کہ لوگ زیادہ آئیں گے تو ان کی اپروچ غلط ہے۔
انھوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے اس وقت حالات احتجاج کےلیے بالکل نامناسب ہیں، میں نہیں دیکھ رہا کہ احتجاج ہوگا اور لوگ نکلیں گے۔
شیرافضل نے کہا کہ آنے والا محرم بھی گزر جائےگا، پی ٹی آئی رہنما اسپتالوں میں لیٹ گئے ہیں، پی ٹی آئی رہنما بیمار پڑنا شروع ہوگئے ہیں، ان سے تحریک کی توقع نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو سب اچھا ہے کی رپورٹ دی جاتی ہے حقیقت نہیں بتائی جاتی، بانی پی ٹی آئی کو رپورٹ دی جاتی ہے کہ لوگ باہر نکلنے کےلیے دیوانے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو حقیقت نہیں بتائی جاتی کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، ورکر کی کیا پوزیشن ہے۔
شیرافضل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے قیادت کو خود مشکوک بنایا، سب کےخلاف فتوے دیے، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ میں کونسی ایسی شخصیت ہے جس کے پیچھے عوام ہے؟
انھوں نے کہا کہ جب ان رہنماؤں کے پیچھے کوئی نکلنے کو تیار نہیں تو مزید ایسی کوئی مہم نہ کی جائے، اگر تحریک میں اسلام آباد نہیں جانا تو کیا چشمہ بیراج غوطے لگانے جانا ہے؟
تحریکوں میں اسلام آباد معنی رکھتا ہے اور یہی طاقت کا سرچشمہ ہے، میرے خیال سے یہ آخر میں انکشاف کریں گے کہ کوہاٹ میں دھرنا دینا ہے، اس وقت گرمی کا موسم ہے، جیلوں کے اندر بہت تپش ہے۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما عام پاکستانیوں کو باہر نکالنے میں ناکام ہوئے ہیں، ان کا خیال ہے کہ انقلاب ٹوئٹراور گالیوں کے ذریعے آئےگا۔