Tag: شیری رحمان

  • پیپلزپارٹی نے ننھی فرشتہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا

    پیپلزپارٹی نے ننھی فرشتہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دس سال کی ننھی فرشتہ مہمند کے لواحقین کو انصاف کب ملے گا؟ بچی کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے ننھی فرشتہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ دس سال کی معصوم بچی فرشتہ مہمند کو اسلام آباد سے اغواء کیا گیا۔

    تین دن تک فرشتہ مہمند کے اہلخانہ بچی کی تلاش کیلئے تھانے کے چکر لگاتے رہے، انہوں نے کہا کہ فرشتہ کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کیوں کی گئی؟

    صرف نوٹس لینے سے فرشتہ اور لواحقین کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا، بتایا جائے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث لوگ کون ہیں، اور ان کس کی پشت پناہی حاصل ہے؟

    شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پولیس نظام میں تبدیلی کے دعوے تو کرتی ہے لیکن عملاً کچھ نہیں کرتی، اس کیس میں حکومت مجرموں پر پردہ ڈالنے سے گریز کرے، شیری رحمان نے کہا کہ بچی اور اس کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کیلئے یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد، ’’فرشتہ مہمند‘‘ کیس، 2 افغانیوں سمیت تین گرفتار، ایس ایچ او معطل

    واضح رہے کہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ مہمند نامی دس سالہ بچی کو تین روز قبل اغوا کیا گیا جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی، والدین کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور ہماری بچی کو تلاش نہیں کیا۔

  • پیپلز پارٹی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

    پیپلز پارٹی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا، سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ غربت میں پسے عوام مزید مہنگائی برداشت نہیں کر سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے گیس قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے پر پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ غریب عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پہلے ہی دبے ہوئے ہیں، مزید مہنگائی برداشت نہیں کر سکیں گے۔

    شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے اقدامات سے احتجاج کو ہوا دے رہی ہے، اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 45 فی صد اضافے کی سفارش کر دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے عوام پر 175 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، غربت میں پسے عوام مزید مہنگائی برداشت نہیں کر سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فیصد اضافے کی منظوری دے دی

    خیال رہے کہ ماہ رمضان میں عوام کے چولھے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 47 فی صد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

    سوئی ناردرن کے صارفین کے لیے گیس 236 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہوگئی ہے، جب کہ سوئی سدرن کے صارفین کا ٹیرف بھی 159 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگا ہوگیا ہے۔

    گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن جاری ہونے کے بعد ہوگا۔

  • شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    شیری رحمان نے گورنرسندھ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کی بات پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گورنر سندھ مستعفی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں شیری رحمان نے مطالبہ کیا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ کی تقسیم کی بات کی ہے، وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کس بنیاد پر سندھ کی تقسیم اور 18 ویں ترمیم کی بات کر رہی ہے، کیا ہماری توجہ موجودہ حالات سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

    انھوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں آ کر جواب دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    شیری رحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا اور آئی ایم ایف کے لوگ تعینات کر دیے گئے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام اور ایوان سے بد تمیزی کر رہی ہے، پی ٹی آئی وفاق کے ڈھانچے سے کھیل رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو باقی حکومتوں سے 4 سال بعد ہوتا ہے یہاں 9 ماہ میں ہو رہا ہے، وزیر اعظم 9 ماہ میں ایک بار ایوان آئے ہیں۔

    دریں اثنا شیری رحمان نے چیئرمین سینیٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر اعظم کو کہیں کہ ایوان آئیں، جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں وزیر اعظم کو کیسے کہہ سکتا ہوں، شیری رحمان نے کہا وزیر اعظم کو خط لکھیں کہ ہرماہ ہر سیشن میں ایوان میں آئیں۔

  • رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    رمضان میں دہشت گردی، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا: شیری رحمان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ رمضان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں قومی سلامتی کی پالیسی کے حوالے سے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کی کمیٹی 9 ماہ بعد بنی ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ رمضان میں دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم کا ایک بیان نہیں آیا، وہ سینیٹ میں کیوں نہیں آ رہے، 9 ماہ ہو گئے نیشنل سیکورٹی کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  داتا دربار کے باہردھماکہ، 10 افراد شہید، 25 زخمی

    سینیٹر شیری رحمان نے سینیٹ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کو سینیٹ اجلاس میں آنے کے لیے پابند کیا جائے، ایوان کو کیسے چلایا جا رہا ہے، وزیر اعظم اور وزرا ایوان میں نہیں آتے۔

    شیری رحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم قومی اسمبلی میں بھی مشکل سے آتے ہیں، سینیٹ میں تو آتے ہی نہیں، وزیر اعظم کو سینیٹ میں آنے کا پابند کیا جائے۔

    انھوں نے کہ پاکستان کا مستقبل نیلام ہوتا نظر آ رہا ہے، تبدیلی سرکار کہتی ہے فکر نہ کریں سب ٹھیک ہو جائے گا، سب ٹھیک ہے کہتے کہتے کابینہ میں تبدیلی کر دی گئی، وزیر اعظم ایوان میں آکر بریفنگ دیا کریں۔

  • کم عمری میں شادی کا بل تین مرحلوں سے گزر چکا ہے: شیری رحمان

    کم عمری میں شادی کا بل تین مرحلوں سے گزر چکا ہے: شیری رحمان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کم عمری میں شادی پر پابندی کا بل تین مرحلوں سے گزر چکا ہے، پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ قانون سازی پر کابینہ تقسیم نظر آ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کم عمری میں شادی پر پابندی کا بل مزید تین مرحلوں سے گزرنے کے لیے قومی اسمبلی میں جائے گا۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں حکومتی ارکان رکاوٹ نہیں بنیں گے تاہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کابینہ اس قسم کی قانونی سازی پر تقسیم نظر آ رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل: قومی اسمبلی میں اکثریت کی حمایت، بل قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 52 فی صد خواتین میں سے 21 فی صد خواتین کی کم عمری میں شادی کر دی جاتی ہے، ہر بیس منٹ میں ایک عورت زچگی میں دم توڑ دیتی ہے، اس لیے بلوغت کی عمر رکھنے سے بہت سے مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

    سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کم عمر میں شادی سے متعلق شعور بیدار کرنا ریاستی ذمہ داری ہے، ریاست کو اتنا تو کرنا چاہیے کہ خواتین کو بل کے ذریعے قانون کا سہارا لینے کا موقع ملے۔

  • آئی ایم ایف سے مذاکرات پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر ہو رہے ہیں: شیری رحمان

    آئی ایم ایف سے مذاکرات پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر ہو رہے ہیں: شیری رحمان

    اسلام آباد: سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف سے مذاکرات پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج سینیٹ اجلاس میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کے معاملے پر بحث ہوئی، سینیٹر شیری رحمان نے توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹ میں پیش کیا۔

    شیری رحمان نے آئی ایم ایف شرائط پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر ہو رہے ہیں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف سمیت کسی سے قرضہ نہیں لیں گے لیکن انھی چیخوں کی گونج میں وزیر خزانہ کو استعفیٰ دینا پڑ گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دن

    انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی خفیہ شرائط قوم پر مسلط نہ کریں، بتایا جائے کیا مذاکرات ہوئے ہیں، ایمنسٹی اسکیم لانا کوئی جادو کی چھڑی نہیں، قانون بنا تھا ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریٹ حد سے تجاوز نہ کرے۔

    شیری رحمان نے کہا کہ گیس اور تیل کی قیمتیں آئی ایم ایف کے کہنے پر بڑھائی گئی ہیں، تیل، بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئیں، بتایا جائے کہ کن شرائط پر آئی ایم ایف سے بات چیت کی جا رہی ہے، حکومت فسکل ون یونٹ نافذ نہ کرے۔

    واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، دو دن قبل تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا مرحلہ شروع کیا گیا، جس میں عالمی مالیاتی ادارے کو پاور سکیٹر کے ساتھ سوشل سیفٹی نیٹ ورک پر بریفنگ دی گئی۔

    پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 10 مئی تک جاری رہیں گے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے اس بات پر زور دیا جا چکا ہے کہ نئے مالی سال سے بھرپور ٹیکس اصلاحات کی جائیں اور کم از کم چھ سو ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کا نفاذ کیا جائے۔

  • پابندی ازدواج اطفال ترمیمی بل 2018 کی منظوری کی تحریک سینیٹ میں پیش

    پابندی ازدواج اطفال ترمیمی بل 2018 کی منظوری کی تحریک سینیٹ میں پیش

    اسلام آباد: پابندی ازدواج اطفال ترمیمی بل 2018 کی منظوری کی تحریک سینیٹ میں پیش کر دی گئی، تحریک سینیٹر شیری رحمان نے پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران آج پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بچوں کی شادی پر پابندی کا ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کیا۔

    [bs-quote quote=”میری بھی زبردستی شادی کروا ئی گئی۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شبلی فراز” author_job=”سینیٹر، قائد ایوان”][/bs-quote]

    سینیٹر شیری رحمان نے بل کے حوالے سے کہا کہ ہم معاشرے میں مغربی اقدار نہیں لا رہے، ہر 20 منٹ میں زچگی میں کم عمری سے اموات ہو رہی ہیں، سعودی شوریٰ کونسل نے شادی کی عمر 18 سال مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔

    جمعیت علماے اسلام (ف) نے پابندی ازدواج اطفال ترمیمی بل کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر اعتراض کیا، عبد الغفور حیدری نے کہا کہ کمیٹی نے ہمیں نہیں بلایا، بل نظریاتی کونسل میں جانا چاہیے تھا۔

    سینیٹر عطا الرحمان نے بھی کہا کہ ترمیمی بل کو نظریاتی کونسل میں بھیج دیا جائے، کونسل سے اس پر شرعی رائے لی جائے، اسلام کے مطابق تو بلوغت کے بعد شادی کر دینی چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سینیٹ نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف بل منظور کرلیا

    وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی بل کے نظریاتی کونسل بھیجے جانے کی حمایت کی، اور کہا کہ آئین پاکستان ہمیں شرعی رائے لینے کا پابند کرتا ہے، تاہم انھوں نے بلوغت کے حوالے سے کہا کہ اسلام میں بچے کی بلوغت کا تعلق عمر سے نہیں ہے۔

    پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹ کے قائد ایوان شبلی فراز نے کہا ’میں نے اسلامی نظریاتی کونسل کا طریقۂ کار دیکھا جو واضح نہیں تھا، کونسل ارکان کبھی ایک طرف کی بات کرتے کبھی دوسری طرف کی، ہم نہیں چاہتے کہ نکاح کے وقت پولیس آ ئے اور شناختی کارڈ چیک کرے، زبردستی شادی کا عمر سے تعلق نہیں، میری بھی زبردستی شادی کروا ئی گئی۔‘

    سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ 18 سال سے قبل شادی پر پابندی غیر شرعی ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ زچگی میں اموات کم عمری کی وجہ سے نہیں بلکہ طبی سہولیات نہ ہونے سے ہو رہی ہیں۔

    بل کے نظریاتی کونسل بھیجے جانے پر سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ماضی کا پابندیٔ زدواج اطفال بل بھی نظریاتی کونسل میں پڑا ہوا ہے، کونسل بھیجنے سے معاملہ سرد خانے کی نذر ہو جائے گا، عمر مقرر کرنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عمان، ترکی اور یو اے ای میں بھی شادی کی عمر 18 سال مقرر ہے۔

    وفاقی مذہبی امور برائے بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے کہا کہ ماضی میں قومی اسمبلی میں پابندیٔ ازدواج اطفال بل پیش کیا گیا تو نفیسہ عنایت اور ماروی میمن کا بل نظریاتی کونسل نے غیر شرعی قرار دیا، اور قومی اسمبلی میں بھی بل واپس لیا گیا۔

  • بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ قائم ہے، رضا ربانی

    بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ قائم ہے، رضا ربانی

    اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں ہم سب ایک پیج پر ہیں، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا اقتصادی اور عسکری گٹھ جوڑ ہے، امریکا بھارت کو خطے کا پولیس مین بنانے کا خواہش مند ہے۔

    رضا ربانی نے کہا کہ امریکا بھارت کے ذریعے چین کا اثر کم کرنا چاہتا ہے، را پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارت نے پاکستان میں سارک اجلاس میں آنے سے انکار کیا تھا، بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈا مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا پروپیگنڈا جھوٹا ہے، اصل مسئلہ کشمیر ہے جس پر بھارت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

    بھارت نے واضح جارحیت کی ہے، شیری رحمان

    دوسری جانب سینیٹر شیری رحمان نے کہا بھارت نے واضح جارحیت کی ہے، امریکا بھارت کا اتحادی ہے، امریکا، فرانس ودیگر ممالک کے بیانات سامنے ہیں، یہ ممالک پاکستان سے دہشت گردی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    شیری رحمان نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس تمام عمل میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، بھارتی پائلٹ کی واپسی میں جلدی کیا تھی، ہمارے وزیراعظم بار بار کال کرتے رہے مودی نے بات نہ کی، اندرون خانہ جو بھی بات ہے بتائی جائے۔

  • بھارت کو علم ہونا چاہیے کہ ہماری افواج پوری طرح چوکنا ہیں، شیری رحمان

    بھارت کو علم ہونا چاہیے کہ ہماری افواج پوری طرح چوکنا ہیں، شیری رحمان

    اسلام آباد : سینیٹر شیری رحمان  کا کہنا ہے کہ بھارت کوعلم ہوناچاہیےکہ ہماری افواج پوری طرح چوکناہیں، یہ حرکت صرف بھارتی عوام کے سامنے چھاتی چوڑی کرنے کے لیے تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارتی فضائیہ کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے ردعمل میں کہا پاکستان بھارت کے خلاف پوری طرح سے متحد ہے، بھارت کو علم ہونا چاہیے کہ ہماری افواج پوری طرح چوکناہیں، بھارت جنگی جنون کو انتخابی مہم کے طور پر استعمال کررہاہے۔

    [bs-quote quote=”بھارت میں الیکشن جیتنے کا آسان نسخہ پاکستان کے خلاف طبل بجاناہے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”شیری رحمان "][/bs-quote]

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے اپنے معاشرے کو حصوں بانٹ دیا ہے، بھارت میں الیکشن جیتنے کا آسان نسخہ پاکستان کے خلاف طبل بجاناہے۔

    بھارت نے رات کو بھی کیا اس میں اسے منہ کی کھانی پڑی اور نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا، لیکن کیا نقصان پہنچایا؟ حرکت صرف بھارتی عوام کے سامنے چھاتی چوڑی کرنے کے لیے تھی، اس حرکت سے بھارت میں بھی مودی حکومت پر سوال اٹھیں گے۔

    یاد رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ، پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، پاک فضائیہ کا بھرپور جواب، بھارتی طیارے بھاگ گئے

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آرنے بھارتی طیاروں کی جانب سےجلدبازی میں پھینکےگئے پےلوڈکی تصاویرجاری بھی کیں ہیں۔

    واضح رہے گذشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کار بم حملے میں42 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، حملے کے فوری بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو پیشکش کرتے ہوئے کہاتھا کہ بھارت کے پاس پلواما حملے کے ثبوت ہے تو پیش کرے کارروائی کریں گے اور واضح کیا بھارت نے پاکستان پرحملہ کیاتوجواب دینےکاسوچیں گےنہیں بلکہ جواب دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کوایک مرتبہ پھرکہتاہوں کھلےذہن کےساتھ آگےبڑھیں، پاکستان دہشت گردی سےسب سےزیادہ متاثرملک ہے، افغانستان میں کئی سال جنگ چلی آج وہاں بھی مذاکرات ہورہےہیں، جنگ کسی بھی مسئلےکاحل نہیں آخرمیں مذاکرات ہی ہوتےہیں۔

  • کون سے رکن پارلیمنٹ کے اثاثے کتنے ہیں؟

    کون سے رکن پارلیمنٹ کے اثاثے کتنے ہیں؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ کے 17-2016 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، سینیٹر شیری رحمان 77 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے ساتھ سرِ فہرست نکلیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اراکینِ پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان کے اثاثے سب سے زیادہ نکلے۔

    [bs-quote quote=”وزیرِ اعظم عمران خان کے اثاثوں کی مالیت صرف 3 کروڑ 86 لاکھ ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    الیکشن کمیشن دستاویز کے مطابق مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 41 کروڑ، 15 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔

    حمزہ شہباز کی غیر زرعی اراضی کی مالیت 13 کروڑ 64 لاکھ سے زائد ہے، جب کہ زرعی زمینوں کی مالیت 3 کروڑ 797 سے زائد ہے، اور ان کے بینک اکاؤنٹ میں 43 لاکھ 70 ہزار سے زائد رقم موجود ہے۔

    سابق وزیرِ ریلوے اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور کے اثاثوں کی کل مالیت 20 کروڑ، 97 لاکھ سے زائد ہے، جب کہ پی ٹی آئی کے وفاقی وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم 17 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے اثاثوں کی تفصیلات ظاہر کر دیں


    سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی رہنما میاں رضا ربانی 10 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، جب کہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق 4 کروڑ روپے کے اثاثے رکھتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن دستاویز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ، 94 ہزار سے زائد ہے، جب کہ ن لیگ کے رہنما مشاہد اللہ خان کے پاس 3 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا 3 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، جب کہ مسلم لیگ ن کے برجیس طاہر کے اثاثوں کی کُل مالیت 2 کروڑ 78 لاکھ سے زائد ہے۔