اسلام آباد: پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو حراست میں لیا اور کچھ دیر بعد پھر چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے رکن اور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو اسلام آباد پولیس نے ان کی گاڑی روک کر حراست میں لیا اور انھیں تھانہ گولڑہ لے گئی، تاہم بعد ازاں انھیں چھوڑ دیا گیا۔
شیر افضل مروت کو ترنول جلسہ گاہ کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا، ترنول جلسہ گاہ پہنچنے والے 16 پی ٹی آئی کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بارے میں ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے تصدیق کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج جمعرات کو اسلام آباد کے نواحی علاقے ترنول میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسے کے لیے نیا این او سی جاری کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے، اور پولیس کی بھاری نفری ترنول جلسہ گاہ پر موجود ہے۔