Tag: شیر

  • بھوکے شیروں سے بچنے کے لیے بھینسے کی گاڑی کو زوردار ٹکر

    بھوکے شیروں سے بچنے کے لیے بھینسے کی گاڑی کو زوردار ٹکر

    کسی بھی جاندار میں زندہ رہنے کی خواہش سب سے طاقتور ہوتی ہے اور وہ اپنی زندگی کو خطرے میں دیکھ کر کچھ بھی کر گزرنے کو تیار رہتا ہے۔ ایسے ہی ایک بھینسے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنی جان بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک میں ہونے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند بھوکے شیر ایک بھینسے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور بھینسا اپنی جان بچانے کے لیے دیوانہ وار دوڑ رہا ہے۔

    اس دوران شیر اس پر حملہ کرتے ہیں لیکن وہ کسی طرح خود کو چھڑا لیتا ہے۔ ایک شیر بھینسے کی پشت پر اپنے دانت گاڑ لیتا ہے، بھینسا اسے جھٹکے دے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے۔

    اس دوران سیاحوں سے بھری دو سفاری وہیکلز بھی وہاں آن پہنچی ہیں جن میں بیٹھے افراد اس دہلا دینے والے منظر کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں، وہ وہاں سے پیچھے جانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ شیر اور بھینسے وہاں سے چلے جائیں۔

    ادھر شیر کے دانتوں سے اذیت میں مبتلا بھینسے کو کچھ اور نہیں سوجھتا تو وہ تیزی سے بھاگتا ہوا آتا ہے اور اپنے سینگوں کو ایک سفاری وہیکل سے ٹکرا دیتا ہے۔ زور دار ٹکر سے گاڑی ہل جاتی ہے جبکہ آواز سے ڈر کر شیر بھی بھینسے کو چھوڑ دیتا ہے۔

    تاہم بھوکے شیر بھینسے کی جان نہیں چھوڑتے اور ایک بار پھر اس کا پیچھا کرنا شروع کردیتے ہیں۔

    سیاحوں کی جانب سے ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • بائیک کا پیچھا کرتے شیر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    بائیک کا پیچھا کرتے شیر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نئی دہلی: سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نے صارفین کی سانسیں روک دیں جس میں ایک خوفناک شیر نہایت تیز رفتاری سے ایک موٹر بائیک کا پیچھا کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

    بھارتی محکمہ جنگلات کے افسر پراوین کسون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک مختصر کلپ شیئر کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 افراد موٹر بائیک پر بیٹھے ہیں اور اسے فل اسپیڈ میں بھگا رہے ہیں۔

    ان سے دگنی رفتار سے بھاگتا ہوا ایک دھاری دار شیر ان کے پیچھے آرہا ہے اور ایک لمحے کو وہ اتنا قریب آگیا جیسے ابھی بائیک سواروں پر چھپٹا مار دے گا۔

    افسر کے مطابق بائیک محکمہ جنگلات کی ہے اور اس پر بیٹھے افراد محکمے سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ تصور کریں کہ کبھی یہ بلی آپ کا پیچھا کر رہی ہو۔ ویڈیو گزشتہ سال کی ہے جب محکمے کے عملے کی اس شیر سے مڈبھیڑ ہوئی۔

    اس ویڈیو کو ایک لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ ہزاروں افراد نے اسے لائیک کیا۔

    ویڈیو پر دیگر ٹویٹر صارفین نے بھی اپنے ملتے جلتے تجربات شیئر کیے جبکہ کچھ نے مختلف خیالات کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ایک بار وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ہماچل پردیش کے پہاڑوں میں تصاویر کھینچ رہی تھیں کہ اچانک انہوں نے پہاڑوں سے ایک بائیک کو نہایت تیز رفتاری سے نیچے آتے دیکھا۔

    صارف کے مطابق انہیں کچھ سمجھ نہیں آیا مگر وہ سب بھی فوراً اپنی کار میں بیٹھ گئے اور جلد ہی انہوں نے ایک چیتے کو خوفناک رفتار سے بائیک کے پیچھے بھاگتے دیکھا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ وہ ایسے موقع پر خوف سے ہی مرجاتیں۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ یہ اپنے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اپنی گاڑی کی باقاعدگی سے سروس کرواتے رہیں تاکہ ضرورت کے وقت وہ بند نہ ہو۔

    ایک اور صارف نے محکمہ جنگلات کے عملے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں اس طرح جنگلی حیات کے مسکن میں آزادانہ گھوم پھر کر انہیں ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیئے۔

    مذکورہ صارف نے لکھا کہ اگر ببر شیر سے دس بار سامنا ہوجائے ہو تو 5 دفعہ بچنے کا امکان ہوسکتا ہے لیکن شیر سے سامنا ہوگا تو بچنے کا امکان بمشکل ایک بار ہوگا۔

    خیال رہے کہ جسم پر دھاریاں رکھنے والا شیر دنیا کے تیز رفتار ترین جانوروں میں سے ایک ہے اور اسی تیز رفتاری کے باعث اس کے شکار کے بچنے کے امکانات نہایت کم ہوتے ہیں۔

  • شیر کے بچے کے ساتھ کیا ہوا؟

    شیر کے بچے کے ساتھ کیا ہوا؟

    ماسکو: روس میں سیاحوں کے ہاتھوں بدترین تشدد کا نشانہ بننے والا شیر کا بچہ صحت یاب ہوگیا، جانور کے ساتھ بدسلوکی کا ملکی صدر ولادی میرپیوٹن نے نوٹس لیا تھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے ساحلی پٹی میں شیر کا بچہ اپنی ماں سے بچھڑ گیا تھا جس کے بعد اطراف میں موجود سیاحوں نے گھیر لیا اور تصاویر بنانے کے لیے جانور کے پاؤں کی ہڈی توڑ دی تھی تاکہ وہ بھاگ نہ سکے۔ لیکن اب بچہ مکمل طور پر صحت یاب ہوچکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق روس میں جانورں کے حقوق سے متعلق ادارے نے شیر کے بچے کی دیکھ بھال کی جس کے بعد وہ صحت یاب ہوگیا اور شیلٹر میں مستیاں کرتا اور دندناتا پھرتا ہے۔

    شیلٹر کے عملے کا کہنا تھا کہ شیر کے بچے کو انسانوں نے شدید تکلیف پہنچائی، صرف تصاویر بنوانے کی خاطر ایک ننھے شیر کے پیر کی ہڈی توڑ دی گئی، بڑے مصائب کے بعد شیر کی صحت بحالی کی طرف گامزن ہوئی ہے۔

  • بروقت ایکشن، سیاح شیر کا نوالہ بننے سے بال بال بچ گیا

    بروقت ایکشن، سیاح شیر کا نوالہ بننے سے بال بال بچ گیا

    دودوما: افریقی ملک تنزانیہ میں سیاح سیرسپاٹے کے دوران شیر کی غذا بننے سے بال بال بچ گیا، شہری نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان بچا لی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تنزانیہ میں قائم ایک نیشنل پارک میں سیاح گاڑی میں بیٹھ کر سیر وتفریح کررہا تھا کہ اس دوران اسے ایک خونخوار شیر نظر آیا۔

    رپورٹ کے مطابق اس نے کھڑکی کے ذریعے شیر کے ساتھ تصاویر بنوانے کی کوشش کی جس پر خونخوار جانور نے غصیلہ انداز اپنا کر ڈھاڑنا شروع کردیا، اس سے پہلے کہ شیر حملہ آور ہوتا سیاح نے فوراً گاڑی کا شیشہ بند کردیا۔

    بروقت ایکشن نہ لینے پر شہری کی جان بھی جاسکتی تھی کیوں کہ پارک کے اطراف مزید جانور بھی موجود تھے حملے کی صورت میں دیگر شیروں کے بھی جائے وقوعہ پر پہنچنے کے امکانات تھے۔

    چڑیا گھر میں خونخوار شیروں نے خاتون پر حملہ کردیا

    شیر کافی دیر سے سیاح کی گاڑی کا پیچھا کررہا تھا، مذکورہ شخص نے اسی بنیاد پر ڈرائیور سے گاڑی روک کر تصاویر بنوانے کی خواہش ظاہر کی تھی درحقیقت ان کا یہ ایڈونچر ایک سبق آموز ثابت ہوا۔

  • خونخوار چیتا اور مور آمنے سامنے، پھر کیا ہوا؟

    خونخوار چیتا اور مور آمنے سامنے، پھر کیا ہوا؟

    جنگل کا بادشاہ شیر عموماً جانوروں کا شکار کرتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں شیر نے مور پر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی۔

    سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتے نے گھات لگا کر دبے پاؤں مور کو اپنا نوالہ بنانے کی کوشش کی، شیر کی جانب سے پرندے کو اپنا شکار بنانے کی یہ انوکھی ویڈیو ہے۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ شیروں کے جبڑوں میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ شکار کی گردن منٹوں میں توڑ سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ قد آور جانورں پر حملہ کرنے سے بھی نہیں کتراتے ہیں۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی محکمہ جنگلی حیات کے افسر پروین کسوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی جو بعد ازاں یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر دیکھی گئی۔

    پروین کسوان جنگلی حیات سے متعلق اس طرح کی انوکھی اور دلچسپ ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔

  • بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شیر کھانے کی تلاش میں اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا، وائلڈ لائف اہلکاروں نے بے ہوشی کے انجکشن کے ذریعے شیر کو قابو کیا۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع گیر سومناتھ میں وائلڈ لائف اہلکاروں کو اطلاع ملی کہ ایک اسکول کی عمارت میں شیر دیکھا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شیر جنگل سے ایک بچھڑے کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے پیچھے گاؤں میں داخل ہوگیا اور جب بچھڑے کے مالک نے اسے بھگانے کی کوشش کی تو وہ برابر میں واقع اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا۔

    وائلڈ لائف اہلکاروں نے دروازے کے باہر پنجرہ رکھ کر شیر کو وہاں متوجہ کرنے کی کوشش کی تاہم شیر سیڑھیاں چڑھ کر اسکول کی دوسری منزل پر چلا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف حکام نے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے اسے بے ہوش کیا اور پنجرے میں ڈالا، اس دوران شیر صحیح سلامت تھا اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا، حکام نے بعد ازاں شیر کو جنگل میں چھوڑ دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ شیر اسکول میں داخلہ لینے آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے وائلڈ لائف حکام کی بہادری کو بھی سراہا۔

  • ناکافی وسائل کی وجہ سے سفاری پارک کے 14 شیر فروخت کردیے گئے

    ناکافی وسائل کی وجہ سے سفاری پارک کے 14 شیر فروخت کردیے گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے سفاری پارک کی انتظامیہ نے ناکافی وسائل کی وجہ سے 14 افریقی شیر فروخت کردیے، لاک ڈاؤن میں سفاری پارک بند ہونے کی وجہ سے انتظامیہ شدید مالی بحران سے دو چار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سفاری پارک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سفاری پارک میں شیروں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ان کے کھانے پینے کے اخراجات غیر معمولی ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہ قدم اٹھانا پڑا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں لوگوں کی آمد و رفت ختم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سفاری پارک کی آمدن بھی ختم ہوگئی ہے۔

    علاوہ ازیں انتظامیہ پہلے ہی فنڈز کی کمی کا شکار ہے اور اب ایسے حالات میں ان کے لیے جانوروں کے کھانے پینے کا بندوبست مشکل ہوتا جارہا ہے۔

    لاہور کے سفاری پارک میں اس وقت 37 افریقی شیر، شیرنیاں، 5 ٹائیگرز بشمول سفید ٹائیگر، 2 جیگوار اور 2 پوما موجود ہیں، ان تمام شیروں کے دودھ اور گوشت کے اخراجات لاکھوں روپے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ایک شیر روزانہ 8 سے 9 کلو گوشت کھاتا ہے اور چند لیٹر دودھ پیتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ تمام شیروں کی خوراک کے روزانہ کے اخراجات 30 ہزار روپے، ماہانہ 9 لاکھ روپے جبکہ سالانہ یہ رقم ایک کروڑ روپے سے تجاوز کرجاتی ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے مذکورہ شیر 21 لاکھ روپے میں فروخت کیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق فروخت کیے جانے والے شیروں میں سے 7 شیر نیلامی کے ذریعے فروخت کیے گئے ہیں اور ایک شیر تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا ہے۔

  • جنگل کے بادشاہ کا سڑکوں پر راج

    جنگل کے بادشاہ کا سڑکوں پر راج

    کیپ ٹاؤن: دنیا بھر میں عالمگیر وبا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن کا جانوروں نے فائدہ اٹھانا شروع کردیا، جنوبی افریقہ میں شیروں نے خالی سڑک دیکھ کر ڈیرے جمالیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں بھی جنگل کے متصل علاقوں میں جنگلی جانور دیکھے گئے۔ سڑکیں اور گلیاں سنسان ہونے کے باعث چہل قدمی اور غذا کی تلاش میں جانور انسانی آبادی کا رخ کررہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں قائم پارک میں سیاحوں کی آمد نہ ہونے کی وجہ سے پارک کی سڑکیں خالی ہیں جہاں عموماً سیاح گاڑیوں میں سوار ہوکر جانوروں کا نظارہ کرتے، سیلفیاں اور ویڈیوز بناتے ہیں۔

    پارک خالی ہونے کے باعث شیر سڑکوں پر لیٹ گئے اور سورج کی روشنی سے ’سن باتھ‘ لینے لگے، مذکورہ حیرت انگیز تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ہزاروں صارفین نے تصاویر پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

  • رات کی تاریکی میں 6 شیروں کا گاؤں پر حملہ، مویشی کو چیر پھاڑ دیا، ویڈیو وائرل

    رات کی تاریکی میں 6 شیروں کا گاؤں پر حملہ، مویشی کو چیر پھاڑ دیا، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارت میں رات کی تاریکی میں 6 شیروں نے آبادی پر دھاوا بول دیا، خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے تاہم خونخوار جانوروں نے ایک مویشی کو ہلاک کردیا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ جنگل سے چھ شیر غذا کی تلاش میں گاؤں میں گھس آئے، علاقہ سنسان ہونے کے باعث تمام لوگ شیروں کے حملوں سے محفوظ رہے۔

    شیروں نے علاقے میں بندھے ایک گائے پر حملہ کردیا اور چیر پھاڑ کر اپنی بھوک مٹائی۔ محکمہ جنگی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص رات کے پہر شیروں کو دکھ جاتا تو اس کی جان بھی جاسکتی تھی۔

    اپنی بھوک مٹانے کے بعد شیر واپس جنگل کی طرف روانہ ہوگئے۔

  • وبا کی وجہ سے خالی سڑکوں پر شیر نکل آیا

    وبا کی وجہ سے خالی سڑکوں پر شیر نکل آیا

    گجرات: بھارتی شہر کی سڑکوں پر کرونا کی وبا سے پھیلے ہوئے سناٹے کو دیکھ کر جنگل کا شیر بھی باہر نکل کر چہل قدمی کرنے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر گجرات کے علاقے گیر میں سڑکوں پر ایک شیر نکل آیا، جسے دیکھ کر لوگ خوف زدہ ہو گئے، شیر خالی سڑکوں پر اطمینان کے ساتھ چہل قدمی کرتا رہا۔

    امریکا: چڑیا گھر کے شیر کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا

    ایک بھارتی فاریسٹ سروس افسر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیر کی چہل قدمی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے مقابلے میں یہ وجہ لوگوں کو گھروں میں رہنے پر زیادہ مجبور کرے گی۔

    محکمہ جنگلات کی افسر سوزنتا نندا نے بتایا کہ یہ ویڈیو گیر کے علاقے میں ایک شہری نے بنائی تھی جب اس نے اپنے گھر کی کھڑکی سے ایک شیر کو چہل قدمی کرتے دیکھا۔ سوزنتا نے لکھا کہ گھر سے باہر نکلنے پر آپ کرونا وائرس کو نہیں بلکہ اس سے زیادہ بڑی چیز کو پائیں گے، اس لیے گھروں پر ہی رہیں تاکہ محفوظ رہیں۔