Tag: شیشپر گلیشیئر

  • گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے  تباہی مچا دی

    گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی

    گلگت: گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے حسن آباد میں تباہی مچا دی۔

    گلیشیئر کے مسلسل پگھلنے سے دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں دریائی کٹاؤ سے متعدد مکانات تباہ اور کئی ایکڑ زرعی زمین زیر آب آ گئی۔

    گلگت میں فیری میڈوز ٹریک کی بحالی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے تاہم زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر پندرہ افراد جاں بحق ہوئے۔ دریائی کٹاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہے گا جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • شیشپر گلیشیئر کے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری

    شیشپر گلیشیئر کے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری

    گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے شیشپر گلیشیئر کے نقصانات کا ازالہ اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی زیر صدارت شیشپر گلیشیئر کی صورتحال پر اجلاس ہوا، اجلاس میں گلیشیئر کی جھیل پھٹنے کے نقصانات اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

    سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے اجلاس کو صورتحال پر بریفنگ دی۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تعاون سے حسن آباد پر اسٹیل کا پل تعمیر کیا جائے، چیئرمین این ایچ اے نے 6 ماہ میں نیا پل تعمیر کرنے کی یقین دہائی کروائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے گلیشئیر گلگت بلتستان میں ہیں، گلوبل وارمنگ کا خطرہ بھی سب سے زیادہ گلگت بلتستان کو ہے، ماحولیاتی تبدیلی اور گلیشیئرز کے معاملے پر عالمی ماہرین کی کانفرنس کروائی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری داخلہ کو شیشپر گلیشیئر کے معاملے پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی۔

    کمیٹی سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری تعمیرات اور جی بی ڈی ایم اے پر مشتمل ہوگی۔

    امدادی کارروائیاں جاری

    دوسری جانب شیشپر گلیشیئر کے متاثرہ لوگوں کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ گلگت بلتستان کی جانب سے لوگوں کو امدادی سامان مہیا کیا جارہا ہے۔

    ہنزہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے متاثرین کو 15 خیمے، 10 گدے، 10 قالین اور ایک عارضی واش روم فراہم کیا گیا، علاوہ ازیں واٹر ٹینک، فوڈ پیکجز اور ہائی جین کٹس بھی دی گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حکومت مالی نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالہ کرے گی۔

    متبادل روٹ

    ضلع نگر کے ڈپٹی کمشنر نے قراقرم بندش پر متبادل روٹ کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، قربان علی روڈ، ساس ویلی، نگر اور ہنزہ آنے جانے والی چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ درمیانی گاڑیاں بھی گزر سکتی ہیں۔