Tag: شیطان کنوارہ رہ گیا

  • شیطان سنگھ کی بارات نہ جاسکی

    شیطان سنگھ کی بارات نہ جاسکی

    راجستھان کے رہائشی شیطان سنگھ کی ہونے والی شادی پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے جس کا براہ راست اثر اب سرحدی علاقوں میں خاندانی رشتوں پر پڑتا ہوا واضح نظر آرہا ہے۔

    مغربی راجستھان کے ضلع باڑمیر کے رہائشی شیطان سنگھ کی 30 اپریل کو ہونے والی شادی پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شیطان سنگھ کی بارات کو اٹاری واہگہ بارڈر سے آگے بڑھنے نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے بارات کو واپس جانا پڑا، جس پر شیطان سنگھ کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

    شیطان سنگھ کی بارات نہ جاسکی

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چار سال قبل باڑمیر کے شیطان سنگھ کی شادی پاکستان کے امرکوٹ میں رہنے والے ایک خاندان میں طے ہوئی تھی، ان کی شادی 30 اپریل کو ہونی تھی۔

    شادی کے سلسلے میں دونوں خاندانوں میں تیاریاں زوروں پر تھیں، شیطان سنگھ 24 ایریل کو اپنی بارات لے کر باڑمیر سے پاکستان جانے کے لیے اٹاری واہگہ بارڈر پہنچے تو انہیں سرحد سے ہی پاکستان جانے سے روک دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شیطان سنگھ نے پاکستان کا ویزا حاصل کرنے کے لیے تین سال تک مسلسل کوشش کی، پاکستان کی جانب سے ویزے کی منظوری 18 فروری کو دی گئی تھی جس کے بعد شادی کی تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی تھی۔

    تاہم  22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد انہیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ جمعے کی رات واپس اپنے گاؤں لوٹ گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں سوڈھا راجپوتوں کی بڑی آبادی ہے، وہ اپنے قبیلے کی روایات کی پیروی کرتے ہوئے اپنے قبیلے سے باہر شادی کرنے کے لیے سرحد پار کے راجپوت خاندان میں رشتہ طے کرتے ہیں۔

    Pahalgam Attack and Aftermath