Tag: شیلا جیکسن

  • ‘امریکا پاکستان میں جمہوری بنیادوں پر منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے’

    ‘امریکا پاکستان میں جمہوری بنیادوں پر منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے’

    ہیوسٹن : امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چئیر پرسن اور ڈیموکریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری بنیادوں پر منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چئیر پرسن اور ڈیموکریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف قدیر کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب میں شرکت کی۔

    اس موقع پر رکن کانگریس شیلا جیکسن نے اے آروائی نیوز کے نمائندے غضنفر ہاشمی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری بنیادوں پر منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملنا چاہئیے اور امریکہ عوام کی منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔

  • وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی کیپٹل ہل میں اہم ملاقاتیں

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی کیپٹل ہل میں اہم ملاقاتیں

    واشنگٹن: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دورہ امریکا کے موقع پر ارکان کانگریس سے ملاقاتیں کر کے انھیں سانحہ 9 مئی کے بعد ہونے والے بے بنیاد پروپیگنڈے سے آگاہی فراہم کی۔

    تفصیلات کے مطابق اعظم نذیر تارڑ نے کیپٹل ہل میں اہم ملاقاتیں کی ہیں، انھوں نے 6 ارکان کانگریس کو ملاقات میں سانحہ 9 مئی سے متعلق آگاہ کیا، وفاقی وزیر نے انسانی حقوق کے نام پر بے بنیاد پروپیگنڈے اور اس کے محرکات بتائے۔

    اعظم نذیر نے کہا کسی جماعت یا فرد کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کر رہے ہیں، بلکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔

    وزیر قانون نے ارکان کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے نہیں جا رہے۔

    کیپٹل ہل میں ملاقاتوں کا اہتمام پاکستانی نژاد ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ نے کیا تھا، انھوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیر قانون نے ارکان کانگریس کو حقائق سے آگاہ کیا ہے، کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقات کی، اعظم نذیر نے شیلا جیکسن لی کے پاک امریکا تعلقات کے لیے کردار کو سراہا۔

    وزیر قانون نے ارکان کانگریس ایلکس مونی، جم بارڈ، اینڈی حارث اور رون ایسٹی سے بھی ملاقات کی، ارکان کانگریس کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں کسی جماعت اور فرد کی حمایت نہیں کرتا۔

  • پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے: شیلا جیکسن

    پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے: شیلا جیکسن

    ہیوسٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتیں۔

    تفصیلات کے مطابق کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ اور ڈیموکریٹک رکن کانگریس شیلا جیکسن لی کہتی ہیں کہ وہ پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتیں، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہیں۔

    ہیوسٹن میں ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی جانب سے منعقدہ فنڈ ریزنگ ظہرانے سے خطاب میں ڈیموکریٹک رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے ہیوسٹن شہر سے آئندہ میئر کے الیکشن لڑنے کے لیے جاری انتخابی مہم سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر پاکستانی نژاد پولیس کانسٹیبل نبیل شائق سمیت مختلف کمیونٹیز کے سرگرم رہنما بھی موجود تھے۔ طاہر جاوید نے اپنے خطاب میں شیلا جیکسن لی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شیلا جیکسن نے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کیا اور محکمہ خارجہ سے لے کر صدر جو بائیڈن تک کو صورت حال سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے کہا شیلا جیکسن پاکستان کی ترقی و خوش حالی اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے ہمیشہ متحرک رہتی ہیں۔

  • امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک

    امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک

    واشنگٹن: امریکی کانگریس میں پاکستان کاکَس سیلاب زدگان کی امداد کے لیے متحرک ہو گیا۔

    پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن نے صدر جو بائیڈن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کی جائے۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ امریکا سیلاب زدگان کی بحالی میں بھرپور حصہ لے۔ شیلا جیکسن لی کو کاکس کے بانی رکن ڈاکٹر آصف ریاض نے سیلاب کی صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بحالی اور امداد میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

    ’برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کےساتھ ہے‘

    برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 1.5 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔ گزشتہ روز ملکہ الزبتھ نے صدر ممللکت عارف علوی کو خط لکھا کر پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری ہمدردیاں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو متاثر ہوئے ہیں۔

    کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس بھی عالمی برادری سے پاکستان میں آئے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امداد کی اپیل کر چکے ہیں۔

  • بلاول بھٹو نے امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

    بلاول بھٹو نے امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نے امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ رات امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور ہمارے ساتھ پاک امریکا تعلقات کا پچھتر سالہ جشن منائیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے تعلقات میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    چیئر پرسن پاکستان کاکس شیلا جیکسن لی نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا پاکستانی معیشت کے لیے کاکس آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔ شیلا جیکسن لی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو دورہ ہیوسٹن کی دعوت بھی دی۔

    وزیر خارجہ بلاول نے موسمیاتی تبدیلی، توانائی، صحت، سلامتی اور تجارت پر دوطرفہ مصروفیات میں حالیہ رفتار کو سراہا۔

    انھوں نے خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، بلاول نے دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام، کاروبار سے کاروبار اور پارلیمانی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

  • کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں بلانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی جان کیری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی امریکا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

    اپنے خط میں شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

    ہیوسٹن سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن پاکستان کاکس کی بھی چیئر پرسن ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی پر 22 اور 23 کو ایک ورچوئل سمٹ / کانفرنس کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں 40 عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یہ سمٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد امریکا دوبارہ پیرس معاہدے میں شامل ہوا ہے اور رواں سال نومبر کے دوران اسی موضوع پر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی اخبار دی ٹائمز میں ایک مضمون لکھ کر نہایت مفصل انداز میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے آرٹیکل میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گرمیوں میں پاکستان نے صدی کی بدترین بارش کا سامنا کیا جب مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    انہوں نے لکھا کہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کو معاشی معاہدے کے بغیر ناکام دیکھ رہا ہوں، میرے نزدیک ماحولیاتی کانفرنس کو معاشی معاہدوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران 152 مواقع پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوا۔

  • امریکا کو متاثرہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا: شیلا جیکسن

    امریکا کو متاثرہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا: شیلا جیکسن

    واشنگٹن: امریکی کانگرس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر سے متعلق امریکی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن نے وزیر خارجہ پومپیو کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    شیلا جیکسن نے لکھا کہ امریکا کو کشمیر کے متاثرہ خاندانوں اور بچوں کے حقوق کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، مذاکرات کے ذریعے کشمیر جیسے متنازع علاقے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ کو لکھے گئے خط میں جنرل اسمبلی سیشن میں دو طرفہ مذاکرات کا اہتمام کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر: امریکی رکن کانگریس شیرس ڈیوڈز کا بھی پومپیو کو خط

    خط میں لکھا گیا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی نے علاقے میں کشیدگی کو جنم دیا ہے، بھارت کو کشمیریوں پرعاید پابندیاں فوری ختم کرنی چاہئیں، مواصلاتی نظام بحال ہونا چاہیے اور مریضوں کو سہولتیں ملنا چاہئیں۔

    شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ وہ کاکس (Caucus) کی چیئر پرسن کی حیثیت سے کشمیر کے بحران کے حل کے لیے کردار ادا کرتی رہیں گی۔

    خیال رہے کہ شیلا جیکسن نے آج ایک اور موقع پر یہ بھی کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ ایک اور امریکی رکن کانگریس شیرس ڈیوڈز بھی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو خط لکھ چکی ہیں جس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے پر سخت پریشان ہیں۔