Tag: شی جن پنگ

  • روس یوکرین جنگ کے بعد پہلی بار چینی صدر کا زیلنسکی کو فون

    روس یوکرین جنگ کے بعد پہلی بار چینی صدر کا زیلنسکی کو فون

    بیجنگ: روس یوکرین جنگ کے بعد پہلی بار چینی صدر نے یوکرینی صدر کو فون کیا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے بدھ کے روز اپنے یوکرینی ہم منصب ولودیمیر زیلنسکی سے فون پر بات کی ہے، جو روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی معلوم کال ہے۔

    بی بی سی کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ان کی چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ فون پر ’طویل اور بامعنی‘ بات چیت ہوئی ہے، انھوں نے ٹویٹر پر کہا کہ انھیں یقین ہے کہ بیجنگ میں سفیر کی تقرری کے ساتھ ساتھ یہ فون کال دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے طاقت ور محرک ثابت ہوگا۔

    صدر شی جن پنگ نے اپنی گفتگو میں مذاکرات پر زور دیا، اور کہا کہ جنگ سے نکلنے کا راستہ مذاکرات ہیں، چین امن کو فروغ دینے اور جلد از جلد جنگ بندی کی کوششیں کرے گا۔

    شی جن پنگ نے کہا کہ وہ یوکرین میں اپنا خصوصی نمائندہ بھیجیں گے، اور چین یوکرین تنازع کے حل کے لیے تمام فریقین سے بات چیت کرے گا۔

    فرانسیسی صدر نے چینی اقدام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تنازع کے حل کے لیے امن اور بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    چین نے بھی کال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ امن کے ساتھ کھڑا ہے۔ واضح رہے کہ مغرب کے برعکس بیجنگ نے روسی حملے پر غیر جانب دار رہنے کی کوشش کی ہے، تاہم اس نے ماسکو کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو نہیں چھپایا، نہ حملے کی مذمت کی اور گزشتہ ماہ صدر شی نے روس کا دو روزہ سرکاری دورہ بھی کیا تھا۔

  • شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب

    شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب

    بیجنگ: شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب ہوگئے، چین کی پارلیمنٹ اور این پی سی کے 3 ہزار ارکان نے شی جن پنگ کو منتخب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر منتخب ہوگئے۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کے شی جن پنگ اگلے 5 سال کے لیے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ شی جن پنگ سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین بھی منتخب ہوئے ہیں۔

    خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ شی جن پنگ ماؤ زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور رہنما کے طور پر ابھرے ہیں ، چین کی پارلیمنٹ اور این پی سی کے 3 ہزار ارکان نے شی جن پنگ کو منتخب کیا۔

    ووٹنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی اور الیکٹرانک گنتی تقریباً 15 منٹ میں مکمل ہوئی۔

    خیال رہے اگلے دو دنوں میں شی جن پنگ کی جانب سے منظور شدہ عہدے داروں کو کابینہ میں اعلیٰ عہدوں پر مقرر کیا جائے گا، جس میں وزیر اعظم کے منتظر لی کیانگ بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ اکتوبر میں شی جن پنگ کے اقتدار میں پہلے ہی توسیع کر دی گئی تھی، جب انہیں حکمراں کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر مزید پانچ سال کے لیے دوبارہ تعینات کیا گیا تھا۔

  • چین اور سعودی عرب کے درمیان 110 ارب ریال کے معاہدے ہوں گے

    چین اور سعودی عرب کے درمیان 110 ارب ریال کے معاہدے ہوں گے

    ریاض: سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر چینی صدر آج سفارتی و تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ریاض پہنچیں گے، دونوں ممالک کے درمیان 110 ارب ریال کے معاہدے ہوں گے۔

    عرب نیوز کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ آج بدھ کو تین روزہ دورے پر مملکتِ سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، جس کے دوران وہ سعودی اور عرب رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    چینی صدر کے دورے کے دوران 3 سربراہی اجلاس منعقد ہوں گے، جن میں سعودی چینی سربراہی اجلاس، ریاض خلیج چین سربراہی اجلاس برائے تعاون اور ترقی، اور ریاض عرب چین سربراہی اجلاس برائے تعاون اور ترقی شامل ہیں۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، شرکا میں دونوں ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے 30 سے زائد رہنما اور عہدے دار شامل ہوں گے، جو اجتماعات کی اہمیت اور ان کے اعلیٰ علاقائی اور بین الاقوامی پروفائل کو اجاگر کریں گے۔

    دونوں ممالک کے درمیان 20 سے زائد ابتدائی معاہدوں پر، جن کی مالیت 110 ارب ریال (29.3 ارب ڈالر) سے زیادہ ہے، ایک اسٹریٹجک پارٹنرشپ ڈیل کے ساتھ دستخط کیے جائیں گے، سعودی عرب کے وژن 2030 کی ترقی اور تنوع کے منصوبے کو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے ایک منصوبے پر بھی دستخط ہوں گے۔

  • ’آگ سے کھیلو گے تو جل جاؤ گے‘ چینی صدر کا تائیوان کے مسئلے پر جوبائیڈن کو جواب

    ’آگ سے کھیلو گے تو جل جاؤ گے‘ چینی صدر کا تائیوان کے مسئلے پر جوبائیڈن کو جواب

    واشنگٹن: چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر جو بائیڈن کو تائیوان کے مسئلے پر کھل کر کہہ دیا ہے کہ اگر ‘آگ سے کھیلو گے تو جل جاؤ گے۔’

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے جمعرات کو تائیوان کے مسئلے پر دونوں ممالک کے درمیان تناؤ بڑھ جانے کے بعد ایک طویل اور واضح گفتگو کی ہے۔

    سی این این کے مطابق تائیوان کے معاملے پر واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تناؤ تیزی سے بڑھنے لگا ہے، جس پر دونوں رہنماؤں کی 2 گھنٹے بات ہوئی، جس میں دونوں نے ایک دوسرے کو دو ٹوک انداز میں خبردار کیا۔

    چینی صدر نے جو بائیڈن کو ‘ون چائنا پالیسی’ کی پاس داری کرنے کو کہا، اور دھکمی دی کہ جو آگ سے کھیل رہے ہیں وہ جل جائیں گے۔ دوسری طرف امریکی صدر نے بھی صاف بتا دیا کہ امریکا تائیوان کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے کسی بھی یک طرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

    دریں اثنا، دونوں رہنماؤں نے آمنے سامنے ملاقات کے انتظامات شروع کرنے پر اتفاق کیا، خیال رہے کہ چینی صدر نے اس سے قبل ملاقات کے لیے کرونا وبا کے درمیان سفر سے انکار کر دیا تھا، اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے بعض شعبوں بشمول موسمیاتی تبدیلی کو ختم کر دیا گیا۔

    لیکن تائیوان کا مسئلہ سب سے زیادہ متنازعہ ثابت ہوا ہے، یہ مسئلہ تنازعے کے ایک سنگین نقطے کے طور پر ابھرا ہے، کیوں کہ ایک طرف امریکی حکام کو خود مختار تائیوان پر مزید چینی اقدامات کا خدشہ ہے، تو دوسری طرف ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے ممکنہ دورے کے طور پر بیجنگ کی جانب سے سخت انتباہات اور ردِ عمل کا سامنا بھی ہے۔

    اس صورت حال کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کے لیے بائیڈن کی جانب سے چینی ہم منصب سے رابطے کو ایک ٹھوس کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

  • جوبائیڈن اور شی جن پنگ نے اہم معاملے پر اتفاق کر لیا

    جوبائیڈن اور شی جن پنگ نے اہم معاملے پر اتفاق کر لیا

    واشنگٹن: امریکا اور چینی صدر نے تصادم سے بچنے پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی، یہ قدم جو بائیڈن کی جانب سے اٹھایا گیا، ملاقات میں تعلق بہتر بنانے اور تلخیاں کم کرنے پر زور دیا گیا۔

    دونوں صدور نے تصادم سے بچنے پر اتفاق کیا، انھوں نے کہا کہ دونوں کو دنیا کی خاطر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی تصادم سے بچنا چاہیے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو ہونے والی اس ملاقات میں شی جن پنگ نے جو بائیڈن کو ’پرانا دوست‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے لیے رابطہ کاری بڑھانی چاہیے۔

    جو بائیڈن نے کہا کہ امریکی و چینی دو طرفہ تعلق کا گہرا اثر صرف ہمارے ممالک ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک پر بھی ہے۔

    واضح رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان کرونا وبا کے آغاز کے اسباب، تجارت، مسابقتی قوانین، بیجنگ کے بڑھتے جوہری معاملات اور تائیوان پر دباؤ سمیت دیگر ایشوز پر اختلافات ہیں۔

    دوسری جانب امریکی حکام کو دونوں ممالک کے درمیان ٹھوس معاہدوں کی زیادہ امید نہیں ہے، وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا گیا کہ کیا امریکا فروری میں ہونے والے اولمپکس کے لیے اپنے حکام بیجنگ بھیجے گا۔

    امریکی قانون سازوں اور تنظیموں کے کارکنان نے جو بائیڈن پر زور دیا ہے کہ گیمز کا بائیکاٹ کیا جائے۔

  • چینی صدر کا رتبہ ماؤزئے تنگ کے برابر قرار دے دیا گیا

    چینی صدر کا رتبہ ماؤزئے تنگ کے برابر قرار دے دیا گیا

    بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ کا رتبہ ماؤزئے تنگ کے برابر قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی نے ایک تاریخی قرارداد کے ذریعے صدر شی جن پنگ کا رتبہ چینی کمیونسٹ انقلابی رہنما ماؤزے تنگ اور ڈینگ زیاؤپنگ کے برابر قرار دے دیا ہے۔

    پارٹی کی جانب سے اپنی نوعیت کی اس تیسری قرارداد کے بعد صدر شی کی اقتدار پر گرفت ہمیشہ کے لیے مضبوط ہو گئی ہے۔

    قرارداد کی طویل دستاویز میں پارٹی کی تاریخ کے درست نقطۂ نظر کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے، چینی سماج اور اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ صدر کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر چلیں۔

    قرارداد میں شی جن پنگ کے نظریے کو چینی ثقافت اور روح کا نچوڑ قرار دیا گیا، کہا گیا کہ حکمراں جماعت کے قلب میں شی جن پنگ کی موجودگی اس حوالے سے فیصلہ کن اہمیت کی حامل ہے، کہ اس جماعت نے چینی قوم میں ایک نئی روح اور جوش پیدا کرنے کے تاریخی عمل کو فروغ دیا۔

    پارٹی کی فیصلہ ساز کمیٹی نے پوری جماعت، پوری فوج اور تمام نسلی گروپس سے تعلق رکھنے والے افراد کو شی جن پنگ کی قیادت میں پارٹی سینٹرل کمیٹی کے ساتھ پوری طرح متحد ہونے کی اپیل بھی کی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

    وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان فون پر رابطہ ہوا، وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان فون پر رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں میں خطے کی صورتحال اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریبات پر مبارکباد دی، انہوں نے غربت کے خاتمے کے لیے چین کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔

    دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے 70 سال پورے ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی، گفتگو میں دو طرفہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل سے متعلق بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک کے اقتصادی زون میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے منصوبے پر کام کا جلد آغاز علاقائی ترقی کا باعث بنے گا۔

    وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چینی اقدامات کو بھی سراہا۔ دونوں رہنماؤں میں مختلف شعبوں میں پاک چین تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔

    گفتگو میں دونوں رہنماؤں کی افغانستان کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے۔ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

  • صدر مملکت عارف علوی کی چینی ہم منصب سے ملاقات

    صدر مملکت عارف علوی کی چینی ہم منصب سے ملاقات

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ چین کی تعمیروترقی کا سفر تاریخ کی ایک سنہری مثال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چینی ہم منصب صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسدعمر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا چین کی دور اندیش قیادت، عوام نے ہر مشکل کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، جس طرح چین نے کرونا کے چیلنج کا مقابلہ کیا وہ قابل تقلید ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین کی تعمیر وترقی کا سفر تاریخ کی ایک سنہری مثال ہے، چین کے سماجی ومعاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات مثالی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک چین کی دور اندیشی،خطے کی ترقی کے لیے قابل عمل وژن کا عملی نمونہ ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ٹڈی دل چیلنج سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت کے تعاون کےمشکور ہیں، زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے چینی تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

    صدر مملکت عارف علوی کی چینی وزیراعظم سے ملاقات

    اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان بیجنگ کے گریٹ ہال میں ملاقات ہوئی تھی۔

    صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

  • چینی صدر کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ: اعلامیہ

    چینی صدر کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ: اعلامیہ

    بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ میں ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیے کے مطابق چینی صدر نے وزیر اعظم عمران خان اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر خارجہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر ریلوے اور مشیر تجارت بھی موجود تھے۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے خطے میں امن کے لیے فوری طور پر مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھانے پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھائے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز صورتحال پیدا کر رکھی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کا لاک ڈاؤن جاری ہے، کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔ اہم قومی امور پر چین نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کا کردار اہم ہے، سی پیک کی جلد تکمیل ہماری پہلی ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے چین کو تمام اہم امور پر مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

    ملاقات میں چینی صدر نے سماجی و معاشی ترقی پر مبنی حکومتی ایجنڈے کو بھی سراہا۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط اور وسیع تر کرنے پر اتفاق ہوا۔ صدر شی جن پنگ نے سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے قومی و علاقائی معاشی ترقی کے عمل میں مدد ملے گی۔

    چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

    چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان مسئلے کے پر امن حل پر اتفاق کیا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے مزید فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔

  • ایران کے ساتھ مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں: چینی صدر شی جن پنگ

    ایران کے ساتھ مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں: چینی صدر شی جن پنگ

    بشکیک: چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ اُن کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں چینی صدر کی ایرانی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد شی جنگ پنگ کا یہ اہم بیان سامنے آیا.

    چینی صدر کا کہنا تھا کہ خطے میں تبدیل ہوتے ہوئے حالات کے باوجود چین ان تعلقات کے استحکام کے لیے سرگرم ہے. دونوں صدور بشکیک میں شنگھائی کوآپریشن تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک تھے۔

    مزید پڑھیں: امید ہے ایران جوہری سمجھوتے کی پاسداری جاری رکھے گا‘جاپانی وزیراعظم

    چینی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا، جب امریکا کی جانب سے خلیج عمان میں آئل ٹینکروں پر حملہ کا الزام عائد کیا گیا ہے. اس حملے کے بعد عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

    یاد رہے کہ جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے اپنے دورہ تہران کے موقع پر کہا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی قیمت پر مسلح کشیدگی سے بچا جانا چاہیے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے حسن روحانی سے ملاقات کے موقع پر کیا. ملاقات میں اقتصادی تعلقات کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔