Tag: صادق آباد

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صادق آباد میں کچے کے علاقے میں پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کردیا، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے حکم پر شروع ہونے والے آپریشن کی قیادت آئی جی خود کر رہے ہیں۔

    آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    آئی جی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے لیے پنجاب سے 2 ہزار جوانوں پر مشتمل نفری بھجوائی گئی ہے، مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی سی اور مختلف اضلاع سے 2 ہزار کی مزید نفری آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔

    آئی جی کے مطابق کچے کے علاقے میں پولیس چوکیاں مکمل بحال کردی گئی ہیں، آج اندرونی علاقوں میں پیش قدمی کا آغاز کیا جائے گا، سندھ پولیس بھی اپنے علاقوں میں آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے سے مجرموں کی پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ریاست اور قانون کی رٹ کو بحال کیا جائے گا۔

  • باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کی ویڈیو

    باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کی ویڈیو

    صادق آباد: باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان ماچھکہ میں دریائے سندھ میں باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کی الم ناک ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    ویڈیو میں باراتیوں سے بھری کشتی کو دریا میں الٹتے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو کے مطابق دو کشتیوں پر گنجائش سے زائد افراد سوار تھے۔

    ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ باراتیوں سے بھری کشتی کو حادثہ کنارے کے قریب پیش آیا، کشتی الٹتے دیکھ کر باراتیوں کو بچانے کے لیے دوسری کشتی کے سواروں نے چھلانگ لگا دی۔

    مقامی افراد نے دونوں کشتیوں کو رسیوں کی مدد سے بمشکل قابو کیا، سر توڑ کوششوں کے باوجود کشتی الٹنے سے متعدد لوگ دریا میں ڈوب کر بہہ گئے۔

    دریائے سندھ کشتی حادثہ، 28 افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    واضح رہے کہ اس حادثے میں تاحال 21 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جب کہ 28 افراد ابھی بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے آج صبح ریسکیو آپریشن پھر شروع کیا گیا ہے۔

  • پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کی ناک کاٹ دی

    پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کی ناک کاٹ دی

    صادق آباد: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کو پکڑ کر اس کی ناک کاٹ دی۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے شہر صادق آباد کے علاقے چوک بہادر پور میں پسند کی شادی پر لڑکی کے بھائیوں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی ناک کاٹ ڈالی۔

    ناک کٹنے پر متاثرہ نوجوان کو تشویش ناک حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، نوجوان کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ 15 سے زائد افراد نے احمد علی کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ نوجوان کے ورثا نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    پسند کی شادی کرنے والا نوجوان احمد علی

    رپورٹس کے مطابق زخمی نوجوان احمد علی نے ڈیڑھ سال قبل ملزمان محمد اکرم، عارف و دیگر کی ہمشیرہ سمیرا بی بی سے پسند کی شادی کی تھی، جس کی رنجش انھوں نے دل میں رکھی، گزشتہ روز موقع ملتے ہی ملزمان نے اپنے ہی بہنوئی کو اغوا کر کے اس کی ناک کاٹ دی۔

    ملزمان نے نوجوان کو اغوا کرنے کے بعد اس پر آہنی راڈ اور اینٹوں سے بھی تشدد کیا، بعد ازاں اسے شدید زخمی حالت میں سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے۔ نوجوان کے بہنوئی کی مدعیت میں تھانہ صدر صادق آباد میں اغوا اور اقدام قتل کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، جس کے بعد پولیس نے اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    صادق آباد پولیس کے مطابق ڈی پی او نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے، پولیس نے 3 مرکزی ملزمان عارف، آصف اور سراج کو گرفتار کر لیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، ڈی پی او نے مقامی پولیس کو مقدمہ میرٹ پر فائل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

  • صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    صادق آباد: مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی جبکہ 84 افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اکبرایکسپریس حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی، ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کا کہنا ہے کہ ملبے سے 5 سالہ بچی کی لاش نکال لی گئی، حادثے میں 84 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    صادق آباد میں گزشتہ روز لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس مین لائن سے ہٹ کر ولہار اسٹیشن کی لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، المناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 تک پہنچ گئی ہے۔

    حادثے میں شاہ کوٹ کے ڈاکٹر بشیر، ان کی اہلیہ اور دو بیٹے جاں بحق اور ایک بیٹا اور بیٹی زخمی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان جمیل احمد جمیل کے مطابق حادثہ سگنل تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا۔

    افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور 4 بوگیاں الٹیں جبکہ 7 کو نقصان پہنچا لاشوں کو زخمیوں کو اکبرایکسپریس کی بوگیاں کاٹ کر نکالا گیا۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبرایکسپریس حادثے کو انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے9،9 لاکھ جبکہ شدید زخمیوں کو پانچ لاکھ اور کم زخمی افراد کو 2،2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا صادق آباد ٹرین حادثے پر اظہارافسوس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے صادق آباد ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی عشروں سے ریلوے کے انفراسٹرکچرکونظراندازکیا گیا۔ انہوں نے انفرااسٹرکچربہترکرنے اور سیفٹی اسٹینڈرڈ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

  • صادق آباد ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید پر پی ٹی آئی کا جواب

    صادق آباد ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید پر پی ٹی آئی کا جواب

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر سرفراز چیمہ نے صادق آباد ٹرین حادثے پر حزب اختلاف کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم سوگوار ہے جب کہ حزب اختلاف کو سیاست چمکانے سے فرصت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمر چیمہ نے کہا کہ صادق آباد اور حسن ابدال میں افسوس ناک ٹرین حادثات پیش آئے، قوم سوگواران اور متاثرہ خاندانوں کا دکھ بانٹ رہی ہے۔

    عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کو سیاست چمکانے سے فرصت نہیں ہے، متاثرین سے ہم دردی کی بہ جائے اپوزیشن سیاسی بیان داغنے میں مصروف ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ریلوے نظام کو برباد کرنے میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی ان دو جماعتوں کا بڑا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئے روز ٹرین حادثات، محکمہ ریلوے نے ڈرائیورز کو ذمہ دار قرار دے دیا

    واضح رہے کہ آج صبح ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ 32 زخمی ہوئے۔

    اکبر ایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل ہے، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنز پر روک لیا گیا تھا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔

    ٹرین حادثے پر وزیر اعظم پاکستان نے ٹویٹر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کئی عشروں سے ریلوے کے انفراسٹرکچر کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے اور سیفٹی اسٹینڈرڈز یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

  • صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق

    صادق آباد: ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قریب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہار اسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی، حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق حادثے میں اکبر ایکسپریس کے اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت 10افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہیں۔ حادثے کے باعث4 بوگیاں متاثر اور 2 ٹریک سے اتر گئیں۔

    اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل کردیا گیا، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے۔

    ڈپٹی کمشنرجمیل احمد اورڈی پی اوعمرسلامت ریسکیواینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، آپریشن میں ریسکیو1122 کی21 اور10 نجی ایمبولینس حصہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنرجمیل احمد جمیل نے بتایا کہ 32 زخمی مسافروں کواسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اپ اینڈ ڈاؤن دونوں ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کےلیے بند کر دیا گیا ہے۔

    ٹرین حادثے میں زخمی اورجاں بحق افراد کی معلومات کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، شہری 9230709-068 اور03009402579 پر رابطہ کریں۔

  • موٹاپے کا شکارصادق آباد کے نورحسن کی سرجری آج ہوگی

    موٹاپے کا شکارصادق آباد کے نورحسن کی سرجری آج ہوگی

    لاہور: موٹاپے کا شکارصادق آباد کے نورحسن کی سرجری آج شالیماراسپتال میں ہوگی، سرجری کے لیے خصوصی آلات اور میزبھی تیار کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر معاذ الحسن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم موٹاپے کا شکار صادق آباد کے نور حسن کا آپریشن کرے گی جس کے لیے خصوصی آلات اور میز بھی تیار کرلی گئی۔

    ڈاکٹر معاذ الحسن کا کہنا ہے کہ خصوصی میز400 کلوسے زائد وزن برداشت کرسکتی ہے، سرجری میں ڈیڑھ سے 2 گھنٹے لگ سکتے ہیں، آپریشن کے بعد 6 ماہ میں نور حسن کا وزن 100 کلو کم ہو جائے گا۔

    صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے بعد نور حسن کو 18 جون کو اُن کے گھر صادق آباد سے لاہور کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا

    واضح رہے کہ نور الحسن انتہائی زیادہ وزن کی وجہ سے حرکت کرنے سے قاصر ہیں، اور وہ دس سال سے بستر پر پڑے ہوئے تھے، انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی۔ سوشل میڈیا پرنور حسن کی ویڈیو وائرل ہوئی تو آرمی چیف نے نوٹس لیا اور مریض کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا

    صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا

    لاہور: صادق آباد کے 320 کلو وزنی شخص نور الحسن کو لاہور منتقل کر دیا گیا، نور الحسن کو پاک فوج کی جانب سے ایئر ایمبولینس کی مدد فراہم کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹاپے کے شکار شخص کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، نور الحسن کا وزن تین سو بیس کے جی ہے، لاہور منتقلی کے لیے انھیں پاک فوج نے ایئر ایمبولینس فراہم کی۔

    نور الحسن کا موٹاپا کم کرنے کے لیے نجی اسپتال میں سرجری کی جائے گی، انھوں نے ایک ویڈیو میں آرمی چیف سے اپیل کی تھی کہ انھیں ایئر ایمبولینس کی مدد فراہم کی جائے، جس پر پاک فوج کے سربراہ نے ہدایت جاری کر دی تھی۔

    نور الحسن کو گھر سے ایک ٹرک میں ڈال کر لے جایا گیا، بعد ازاں آرمی ہیلی کاپٹر میں انھیں لاہور منتقل کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف کی 320 کلو وزنی شہری کی مدد کے لیے ہدایت

    قبل ازیں نور الحسن کو ہیلی کاپٹر میں بٹھانے کے لیے ریسکیو 1122 سے مدد لی گئی، ریسکیو 1122 نے کرین کی مدد سے نور الحسن کو ایئر ایمبولیس میں سوار کیا۔

    ڈاکٹر معاذ الحسن لاہور میں نور الحسن کا موٹاپا کم کرنے کے لیے سرجری کریں گے۔

    واضح رہے کہ نور الحسن انتہائی زیادہ وزن کی وجہ سے حرکت کرنے سے قاصر ہیں، اور وہ دس سال سے بستر پر پڑے ہوئے ہیں، انھیں عام ایمبولینس پر منتقل نہیں کیا جا سکتا تھا۔

  • آرمی چیف کی 320 کلو وزنی شہری کی مدد کے لیے ہدایت

    آرمی چیف کی 320 کلو وزنی شہری کی مدد کے لیے ہدایت

    صادق آباد: ضلع رحیم یار خان کے علاقے صادق آباد سے موٹاپے کے شکار ایک شہری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے بیمار نور حسن نے آرمی چیف سے مدد کی درخواست کی ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صادق آباد کے شہری کی مدد کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

    صادق آباد کے شہری نور حسن کا وزن 320 کلو گرام ہے، موٹاپے کے شکار شہری نے سوشل میڈیا پر آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی۔

    موٹاپے کی بیماری کے شکار نور حسن کو فوجی ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نور حسن کو خصوصی ہیلی کاپٹر پر کل صادق آباد سے لاہور منتقل کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف نے کینسر میں مبتلا 2 بچیوں کی خواہش پوری کر دی، آئی ایس پی آر

    پاک فوج کا ہیلی کاپٹر نور حسن کو لاہور منتقل کرے گا، نور حسن انتہائی زیادہ وزن کی وجہ سے حرکت کرنے سے قاصر ہے، اور وہ دس سال سے بستر پر پڑا ہوا ہے۔ نور حسن نے ایئر ایمبولینس کے لیے درخواست کی تھی۔

    موٹاپے میں مبتلا شہری کو عام ایمبولینس پر منتقل نہیں کیا جا سکتا تھا، لاہور کے نجی اسپتال میں نور حسن کا علاج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مارچ کے مہینے میں آرمی چیف نے کینسر میں مبتلا 2 بچیوں کی خواہش پوری کی تھی، بچیوں نے سپاہی بننے کی خواہش کی تھی، جویریہ اور روبا نے فوجی وردیاں پہن کر یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

  • صادق آباد: نجی بینک میں دھماکا، 20 افراد زخمی

    صادق آباد: نجی بینک میں دھماکا، 20 افراد زخمی

    صادق آباد: تحصیل صادق آباد کے ایک نجی بینک میں ہونے والے دھماکے سے 20 افراد زخمی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں ہونے والے دھماکے سے نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی، واقعے میں کئی افراد زخمی ہوئے.

    دھماکے سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، قریب کھڑی موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں، کار اور ایک بس کو شدید نقصان پہنچا۔

    واقعے کی اطلاعت ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہل کار موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں‌ کو اسپتال پہنچا دیا گیا. اسپتالوں میں‌ ایمرجینسی نافذ کر دی گئی.

    دھماکے کے اسباب کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے، نہ تو یہ سلنڈر دھماکا ہے، نہ ہی بینک میں شارٹ سرکٹ کے شواہد ملے ہیں.

    مزید پڑھیں: مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک

    ابتدا میں ڈی پی او صادق آباد نے اسے سلنڈر کا دھماکا قرار دیا تھا، مگر اس ضمن میں حکام کا حتمی موقف سامنے نہیں آیا.

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صادق آباد بینک میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔