Tag: صادق سنجرانی

  • عارف علوی جاپان روانہ، صادق سنجرانی صدر مملکت مقرر

    عارف علوی جاپان روانہ، صادق سنجرانی صدر مملکت مقرر

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں،  وہ پانچ روز تک تمام امور انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی5روزہ دورے پر جاپان روانہ ہوگئے جس کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نےقائم مقام صدرکی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    کابینہ ڈویژن کی جانب سے قائم مقام صدر کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، صادق سنجرانی 24 اکتوبر تک قائم مقام صدر کے امور انجام دیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی  جاپانی حکومت کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ آئین پاکستان کے مطابق صدر مملکت کی غیر موجودگی میں چیئرمین سینیٹ ہی صدر کا عہدہ سنبھالتا ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کےقائم مقام صدربننےکےخلاف دائر درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا صادق سنجرانی کی اس وقت عمر تقریبا 40 سال ہے، آئین میں صدر بننے کے لیے عمر 45 سال ہے، صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تو آئینی بحران پیدا ہوگا اور عدم موجودگی میں عہدے پر ذمہ داریاں کون نبھائے گا۔

    اسلام آبادہائی کورٹ نےدلائل سننے کے بعد 18 دسمبرکوفیصلہ محفوظ کیاتھا۔ جس کے بعد فیصلہ سنایا کہ چیئرمین سینیٹ قائم مقام صدر بننے کے اہل ہیں اور اس سے کوئی بحران پیدا نہیں ہو گا۔

  • چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر کی ملاقات، سفیر کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش

    چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر کی ملاقات، سفیر کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ناروے کے سفیر نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دل چسپی کے امور سمیت، علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر یلگونر ایرکسن نے ملاقات کی، صادق سنجرانی نے ناروے سفیر سے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے سفیر کو آگاہ کیا اور کہا مقبوضہ وادی کو اوپن جیل بنا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے، ناروے بھارتی ظلم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    سفیر ناروے یلگونر ایرکسن نے وادی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات تشویش ناک ہو چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پارلیمانی سفارت کاری، پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو تاریخی شکست

    انھوں نے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی ناروے کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، چیئرمین سینیٹ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری سےعوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے ایک ہفتہ قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں امریکی سینیٹرز کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی، انھوں نے امریکی سینیٹرز کا کشمیر کے دیرینہ مسئلے پر حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں گزشتہ دنوں پاکستان کو شان دار فتح حاصل ہوئی تھی جب سربیا، بلغراد میں بھارتی وفد کی بھرپور کوشش کے باوجود پاکستانی امیدوار کا انٹر پارلیمانی یونین کی مجلس عاملہ کے لیے انتخاب عمل میں آ گیا تھا۔

  • چیئرمین سینیٹ 3 روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    چیئرمین سینیٹ 3 روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی تین روزہ نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ تین روزہ نجی دورے پر وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق بھی صادق سنجرانی کے ہمراہ ہیں، سینیٹر غوث نیازی، محمد ایوب، سینیٹر دلاور خان اور سید عباد حسن بھی وفد میں شامل ہیں۔

    صادق سنجرانی نے وفد کے ہمرا مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی، چیئرمین سینیٹ نے ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    چیئرمین سینیٹ وفد کے ہمراہ کل عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے، وہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا شیڈول تیار

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران اور سعودی عرب کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر 15 اکتوبر منگل کو سعودی عرب جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے اور انھیں ایران دورے پر اعتماد میں لیں گے، خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل ایران کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ایران سعودیہ تعلقات میں کشیدگی کم کروانے کے لیے کوشاں ہیں، وزیر اعظم دورہ ایران میں ایران کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • مسئلہ کشمیر پر امریکی سینیٹرز کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں، صادق سنجرانی

    مسئلہ کشمیر پر امریکی سینیٹرز کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں، صادق سنجرانی

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر امریکی سینیٹرز کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں، افغانستان کا مسئلہ سیاسی ہے اس کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنا ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکی سینیٹرز کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے امریکی سینیٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی وفد میں سینیٹرز کرسٹوفر جے وان ہولین اور مارگریٹ سی حسن شامل تھے۔

    ملاقات میں افغان امن عمل اورحالیہ ڈائیلاگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دو طرفہ تعلقات، دوطرفہ روابط، تجارتی معاونت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال سے امریکی سینیٹرز کو آگاہ کیا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ امریکی وفد کا دورہ انتہائی اہم ہے، رلیمانی سفارت کاری اور تعاون سے عوامی روابط کو بڑھایا جاسکتا ہے، حقائق کو سامنے رکھ کر امن اور ترقی کو موقع دینا لازمی ہے، پاکستان خطے میں امن کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    کشمیر کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر امریکی سینیٹرز کی حمایت پر شکرگزار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں63دن سے کرفیو نافذ ہے، کرفیو کے باعث انسانی بحران کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے، بھارت نے وادی کو کھلی جیل بنادیا ہے۔

    صادق سنجرانی نے کہا کہ دنیا اسے ایک انسانی مسئلہ سمجھ کر اپنا کردار ادا کرے، مقبوضہ کشمیرکے عوام کو ظلم و جبرکا نشانہ بنایا جارہا ہے، امریکا کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر رکوانے کیلئے اپنا کردارادا کرے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں، دنیا کو چاہیے کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے، پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، افغانستان کا مسئلہ سیاسی ہے، مذاکرات کے ذریعےحل نکالنا ہوگا۔

  • اراکین پارلیمنٹ کشمیر سے متعلق اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں، صادق سنجرانی

    اراکین پارلیمنٹ کشمیر سے متعلق اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں، صادق سنجرانی

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے زور دیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر سے متعلق قومی پارلیمنٹرین کانفرنس میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے ایک اہم ویڈیو پیغام میں قومی قیادت بشمول اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور قانون ساز اسمبلیوں کے نمائندوں پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق قومی پارلیمنٹرین کانفرنس میں بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں۔

    اس کانفرنس کا انعقاد 18 ستمبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے لائیں اور مودی سرکار کا بھیانک چہرہ بے نقاب کریں۔

    مسئلہ کشمیر : اقوام متحدہ اور عالمی برادری تباہی کے ذمہ دار ہوں گے، نعیم الحق

    اس کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی برادری تک کشمیریوں کی آواز کو پہنچانا ہے، جبکہ اس کانفرنس کے ذریعے بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا جائے گا۔

    ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ مودی سرکار مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سے انکاری ہے، عالمی طاقتوں نے اقدامات نہ کیے تو اقوام متحدہ اور عالمی برادری خطے کی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے۔

  • مضبوط ایوان بالاء ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے، چیئرمین سینیٹ

    مضبوط ایوان بالاء ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے، چیئرمین سینیٹ

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینیٹ آف پاکستان نے ان 47 برسوں کے سفر میں بہت سے نشیب و فراز عبور کرتے ہوئے صوبوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ان کے حقوق کی ضمانت کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔

    سینیٹ کے 47 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ یوم تاسیس ہم اس عزم کےساتھ منا رہے ہیں کہ ایوان بالاء وفاقی اکائیوں کے درمیان اتفاق و اتحاد پیدا کرنے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ مضبوط ایوان بالاء ہی مضبوط ریاست کی ضمانت ہے، یہ دن ہر سال ہمیں ایک نئے جوش اور ولولے کا پیغام دیتا ہے اور وفاقی اکائیوں کی موثر نمائندگی کرنے کا حوصلہ پیدا کرتا ہے۔

    چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ آف پاکستان نے ان 47 برسوں کے سفر میں بہت سے نشیب و فراز عبور کرتے ہوئے صوبوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ان کے حقوق کی ضمانت کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

    چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کا دن اس لئے بھی بہت اہم ہے کہ آج پوری قوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس ضمن میں ایوان بالاءنے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، اس حوالے سے سینیٹ کی پاس کی جانے والی قرادادیں اور سفارشات قابل ذکر ہیں۔

  • چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے پیشِ نظر چیئرمین سینیٹ نے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دنیا بھر کی پارلیمنٹس کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے دنیا بھر کی پارلیمان کے نام خط لکھ کر انھیں مقبوضہ کشمیر میں روز بہ روز بگڑتی صورت حال کی طرف متوجہ کیا ہے۔

    صادق سنجرانی اہم ممالک کی پارلیمنٹس کے اسپیکرز سے ٹیلی فونک رابطے بھی کریں گے۔

    چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا کا واضح مؤقف آنا چاہیے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری بری الذمہ نہیں۔

    صادق سنجرانی نے خط میں کہا ہے کہ دنیا کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خاتمے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    چیئرمین سینیٹ نے خط میں وادیٔ نیلم میں بھارتی جارحیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عالمی برادری کلسٹر بموں کے استعمال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لے۔

    خط میں انھوں نے لکھا کہ دنیا بھر کی پارلیمان ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں، نیز عالمی برادری کو مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے۔

  • عمران خان، صادق سنجرانی ملاقات، وزیر اعظم کی چیئرمین سینیٹ کو مبارک باد

    عمران خان، صادق سنجرانی ملاقات، وزیر اعظم کی چیئرمین سینیٹ کو مبارک باد

    اسلام آباد: آج وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں قائد ایوان شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک اورسینیٹر بیرسٹرسیف بھی موجود تھے.

    اس موقع پر وزیر اعظم نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی اور ایوان کا بھروسا حاصل کرنے پر چیئرمین سینیٹ کو مبارک باد دی.

    وزیر اعظم نےکہا کہ امید ہے کہ آپ سینیٹ کی کارروائی خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے چلاتے رہیں گے.

    انھوں نے کہا کہ آپ نے پہلے بھی موثر طریقے سے ذمہ داریاں ادا کیں، آپ کا اعتماد ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے کی تصدیق ہے.

    خیال رہے کہ کل سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی معذوروں اور بزرگوں افراد کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت

    اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام رہی، تحریک کے حق میں فقط 50 ووٹ آئے، جس کے بعد تحریک کو رد کر دیا گیا.

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف پیش کردہ تحریک کو بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس مرحلے پر اپوزیشن جماعتوں‌ کے سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا.

  • اپوزیشن کا ہارس ٹریڈنگ کا الزام، اگلے ہفتے اے پی سی بلانے کا اعلان

    اپوزیشن کا ہارس ٹریڈنگ کا الزام، اگلے ہفتے اے پی سی بلانے کا اعلان

    اسلام آباد: سینیٹ میں چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے 14 اراکین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اپوزیشن رہنماؤں کا قاید حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر غور کیا گیا، بعد ازاں پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا کہ اگلے ہفتے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔

    اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، میر حاصل بزنجو، مولانا اسد محمود، میاں افتخار حسین، خورشید شاہ اور شیری رحمان نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر نے کہا سینیٹ کے آیندہ اجلاس میں ہارس ٹریڈنگ کو بے نقاب کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک پیش کی تو 64 ارکان نے حمایت کی، لیکن 30 منٹ بعد خفیہ ووٹنگ میں 14 ووٹ کھسک گئے، ماضی کی تاریخ پھر دہرائی گئی، ضمیر بیچنے والوں نے جمہوریت کو کم زور کیا، اور حکومت بھی عوام کے سامنے شرمندہ ہو گئی ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

    انھوں نے کہا کہ نظام کم زور کرنے والوں کی وقت آنے پر نشان دہی کریں گے، اگلے ہفتے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی، جس میں اپوزیشن کی آج کی میٹنگ کے آپشنز پر غور کیا جائے گا، اے پی سی میں جو فیصلے ہوں گے وہ قوم کے سامنے لائیں گے۔

    دریں اثنا، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام دشمن حکومت کے حملے جاری ہیں، ایک طرف عوام کا معاشی قتل ہو رہا ہے، دوسری طرف سینیٹ میں آج کھلے عام حملہ ہوا، خفیہ ووٹنگ میں 50 سینیٹرز نے جعلی چیئرمین کو ووٹ دیا، کس کس نے ضمیر بیچا ہم اس کا حساب لیں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ جس نے پارٹی اور جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے ہم انھیں نہیں چھوڑیں گے، اے پی سی بلا رہے ہیں، یہ لڑائی سینیٹ میں لڑیں گے، سینیٹ میں صاف و شفاف الیکشن کی بات کریں گے۔

    انھوں نے اپنا پرانا مؤقف دہرایا کہ سڑکوں اور پارلیمان میں اپنی جدوجہد جاری رکھی جائے گی، آج ہم ہار کر بھی ان سب کے چہرے سامنے لے آئے ہیں، آج جمہوریت کا جنازہ نکالا گیا، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں، حاصل بزنجو کو سلام پیش کرتا ہوں۔

  • "سینیٹرز نے آپ پر اعتماد کا اظہارکیا”: وزیراعظم کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلی فون

    "سینیٹرز نے آپ پر اعتماد کا اظہارکیا”: وزیراعظم کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون کیا اور مبارک باد دی.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر مبارک باد دی ہے.

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹرز نے آپ پراعتماد کا اظہار کیا ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر اعظم عمران‌ خان کا شکریہ ادا کیا.

    خیال رہے کہ آج چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اجلاس کے آغاز میں قرار داد منظور کی گئی تھی۔

    تحریک کے حق میں ارکانِ سینیٹ کو کھڑے ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر 64 ارکان نے کھڑے ہو کر تحریک کی حمایت کی تھی۔

    مزید پڑھیں: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی ناکام 

    البتہ قرار داد کے حق میں پچاس ووٹ پڑے اور مطلوبہ ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کے سبب قرار داد مسترد کردی گئی۔

    حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے.

    سلیم مانڈوی والا کے خلاف قراردادکے حق میں 32 ووٹ آئے، سینیٹ کا اجلاس غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کر دیا گیا۔