Tag: صاف پانی کمپنی اسکینڈل

  • صاف پانی کمپنی اسکینڈل ،  شہبازشریف ‌‌اور حمزہ شہباز سمیت 8افراد کے گرد گھیر اتنگ

    صاف پانی کمپنی اسکینڈل ، شہبازشریف ‌‌اور حمزہ شہباز سمیت 8افراد کے گرد گھیر اتنگ

    لاہور : صا ف پانی کمپنی اسکینڈل میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز سمیت 8افراد کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا، نیب کا کہنا ہے کہ صاف پانی کمپنی سےمتعلق اہم بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آگئی اور شریف خاندان کے گرد نیب کا گھیرا مزید تنگ ہونے لگا ہے، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ صاف پانی کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم نے بیان ریکارڈ کروادئیے ہیں۔

    ٹیکنیکل کمیٹی نے بیان دیا کہ کے ایس بی کمپنی کو مہنگے ٹھیکے دینے سے متعلق ہم نے مداخلت نہیں کی، صاف پانی کی فراہمی کے لئے ٹھیکے مہنگے دینے میں کئی افراد نے مداخلت کی، صاف پانی کی فراہمی کا جو ٹھیکہ دیا گیا، اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق صاف پانی کمپنی سےمتعلق اہم بیانات ریکارڈ ہوئے، نیب نے ٹیکنیکل کمیٹی کے ممبران سے مختلف سوالات کے جوابات حاصل کر لئے ہیں، صاف پانی کے مہنگے ٹھیکے دینے سے خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔

    خیال رہے رمضان شوگر مل کیس میں حکومتی خزانے سے ادائیگیوں کے معاملے پر نیب نے ملز کے ڈائریکٹرز حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو نیب نے 30 اکتوبرکوطلب کرلیا ہے۔

    واضح رہے نیب لاہور نے5 اکتوبر کو شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    اگلے روز شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    جس کے بعد 16 اکتوبر کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا تو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع کردی تھی۔

    مزید پڑھیں : آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع

    قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔

  • صاف پانی کمپنی اسکینڈل : شہباز شریف کی داماد سے متعلق سوال پر خاموشی اور برہمی

    صاف پانی کمپنی اسکینڈل : شہباز شریف کی داماد سے متعلق سوال پر خاموشی اور برہمی

    لاہور : سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا، اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق صاف پانی کمپنی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور نون لیگ کے صدر شہباز شریف بذات خود پیش ہوئے۔

    سماعت کے دوران نیب افسر نے سوال کیا کہ کیا آپ کو صاف پانی پروجیکٹ میں اپنے داماد کی مداخلت کا علم تھا؟ نیب افسر کے سوال پر شہبازشریف جواب دینے کے بجائےخاموش رہے پھر دوسری بار جب افسر نے داماد کے بجائے اس کا نام علی عمران کہا تو شہبازشریف نے جواب دیا کہ کون کہاں مداخلت کررہا ہے بطور وزیراعلیٰ میں نہیں جانتا۔

    نیب افسر نے استفسار کیا کہ داماد کی مداخلت تو آپ کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی، ذرائع کے مطابق اس سوال کے جواب میں شہبازشریف نے غصہ کا اظہار کیا لیکن بعد میں معذرت بھی کرلی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر کسی افسر نے میرے کسی رشتےدار کو خود شامل کیا ہو تو میں نہیں جانتا۔

    واضح رہے کہ شہباز شریف کو5جولائی کو طلب کیا گیا تھا لیکن الیکشن مصروفیات کے باعث وہ ایک دن پہلے ہی لاہور نیب آفس میں پیش ہوگئے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے نیب دفتر میں دو گھنٹے سوال جواب ہوئے۔

    مزید پڑھیں : صاف پانی کمپنی اسکینڈل، نیب نے شہباز شریف کو پانچ جولائی کو دوبارہ طلب کرلیا

    نیب نے شہباز شریف کو یہ ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنے ساتھ صاف پانی کمپنی کے تمام افسران کی تنخواہوں اور مراعات کا ریکارڈ لے کر آئیں اور نیب میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صاف پانی کمپنی اسکینڈل، نیب نے حمزہ شہباز کو طلب کرلیا

    صاف پانی کمپنی اسکینڈل، نیب نے حمزہ شہباز کو طلب کرلیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحب زادے حمزہ شہباز کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز سے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی جائے گی، اس سے قبل نیب لاہور نے شہباز شریف کو بھی چار جون کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں طلب کیا تھا۔

    نیب حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحب زادے کو اٹھارہ مئی کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے، اس سلسلے میں نیب لاہور نے انھیں نوٹس بھی بھیج دیا ہے۔ نیب کا کہنا ہے حمزہ شہباز کے پاس اہم معلومات اور کرپشن کےشواہد ہیں، کمپنی کے کئی اجلاسوں میں شریک ہوئے۔

    ن لیگ کے مزید دو اراکین صوبائی اسمبلی کو بھی صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں طلب کرلیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ صاف پانی کی کمپنی میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگی کی گئی تھی جس کے الزام میں نیب لاہور نے چار اعلیٰ افسران ڈاکٹر ظہیر الدین، ناصر قادر بھدل، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو گرفتار کرلیا تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کے سلسلے میں نیب کی جانب سے سوالنامہ بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

    صاف پانی کمپنی اسکینڈل سے متعلق مزید انکشافات سامنے آگئے

    خیال رہے کہ صاف پانی کیس میں دو ماہ قبل چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لے کر شہباز شریف کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔ انھوں نے عدالت کو تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹر ٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔