Tag: صحافی جان محمد مہر

  • صحافی جان محمد مہر کے قاتل کا اہم سہولت کار  گرفتار

    صحافی جان محمد مہر کے قاتل کا اہم سہولت کار گرفتار

    سکھر: صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم شیرومہر کے سہولت کار کو گرفتارکرلیا گیا، گرفتارملزم قاتل کو کچے میں سہولیات فراہم کرتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی روہڑی سید مشتاق شاہ نے سائیٹ تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا شہید جان محمد مہر قتل کیس کے مرکزی ملزم شیرو مہر کے اہم سہولت کار غلام صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

    سید مشتاق شاہ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم مرکزی قاتل شیرو مہر کو کچے میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت تمام سہولیات فراہم کرتا تھا ، ملزم کو ٹیکنکل شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی روہڑی نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری سے مرکزی قاتل شیرو مہر کی گرفتاری کے جلد امکان ہیں، شیرو مہر کچے میں انعام یافتہ ڈاکو نصرو قادرانی کے پاس منتقل ہوگیا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ شیرو مہر نصر قادرانی کا موبائل فون استعمال کر رہا ہے جبکہ صفدر سومرو نصر قادرانی اور شیرل دونوں کا سہولت کار ہے اور ملزم نے گرفتاری کے بعد شیرو مہر اور ڈاکو نصر قادرانی کی سہولت کاری کا اعتراف کیا ہے۔

    سی ڈی آر ریکارڈ کے مطابق 20 روز میں 228 دفعہ صفدر سومرو اور نصر قادرانی کا موبائل فون پر رابطہ ہوا ہے تاہم گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ سائیٹ ایریا میں سہولت کاری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ کھانے پینے کی رسد بند ہونے پر کچے میں روپوش شیرو مہر اور ڈاکو نصر قادرانی پریشان ہیں، شہید جان محمد قتل کیس میں سہولتکار صفدر سومرو کی گرفتاری انتہائی اہم ہے۔

  • صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، آج پی ایف یو جے کا یوم سیاہ منانے کا اعلان

    صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، آج پی ایف یو جے کا یوم سیاہ منانے کا اعلان

    سکھر: صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر آج پی ایف یو جے کے اعلان پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے، صحافیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سندھ سمیت پورے ملک کے پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔

    صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سکھر پریس کلب کے سامنے 108 دن سے علامتی بھوک ہڑتال بھی جاری ہے، آج یوم سیاہ کے موقع پر بھوک ہڑتالی کیمپ کے ساتھ احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔

    یاد رہے کہ صحافی جان محمد مہر کو 13 اگست کی رات سڑک پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

  • صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، پی ایف یو جے آج ملک گیر احتجاج کرے گی

    صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، پی ایف یو جے آج ملک گیر احتجاج کرے گی

    اسلام آباد : پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر آج ملک گیر احتجاج کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے آج ملک گیر احتجاج کی کال دے دی، ملک گیر احتجاج کی کال پی ایف یو جے کی سندھ ایکشن کمیٹی نے دی۔

    پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے بتایا کہ ملک بھر میں صحافی تنظیمیں آج احتجاجی ریلیاں اور جلسےکریں گی اور ملک بھر کے پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔

    افضل بٹ کا کہنا تھا کہ مرکزی احتجاجی ریلی،جلسہ اور دھرنا کراچی میں ہوگا، کراچی احتجاج میں سندھ بھرکی صحافی تنظیمیں،سول سوسائٹی رہنما شرکت کریں گے ، کراچی احتجاج کیلئےسکھر اورحیدرآبادیونین آف جرنلسٹس کےقافلے روانہ ہوچکے ہیں۔

    سندھ ایکشن کمیٹی کے کنوینرمظہرعباس نے بتایا کہ ریلی کاآغاز3بجےکراچی پریس کلب سےہوگا، کراچی پریس کلب سےریلی شروع ہوکروزیراعلٰی ہاوس جائے گی جہاں دھرنا دیں گے۔

  • صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث 3 نامزد ملزمان گرفتار

    صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث 3 نامزد ملزمان گرفتار

    سکھر: سکھر پولیس کا کہنا ہے کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث 3 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو کچے میں آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا گیا، ملزمان میں شیر محمد شیخ، محمد رمضان شیخ اور بشیر مہر شامل ہیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، جان محمد مہر کے قتل کا منصوبہ شیر محمد شیخ کے گھر میں بنایا گیا، جب کہ شیرو مہر اور دیگر ملزمان کا گھر میں آنا جانا تھا۔

    ایس ایس پی عرفان سموں نے بتایا کہ محمد رمضان شیخ ملزمان کے ساتھ جان محمد کے گھر اور آفس کی ریکی کرتے تھے، واردات کے بعد بشیر مہر نے ملزمان کو کچےمیں پناہ دی، بشیر مہر ملزمان کو کچے میں اسلحہ سمیت تمام سہولیات فراہم کرتا رہا۔

    عرفان سموں کا کہنا تھا کہ انھوں نے گرفتار ملزمان کے خلاف تماچانی تھانے میں مزید 4 مقدمات کے اندراج کا حکم دیا ہے، جب کہ گرفتار سہولت کاروں کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے۔

  • پی ایف یو جے کا صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے فوجی آپریشن کا مطالبہ

    پی ایف یو جے کا صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے فوجی آپریشن کا مطالبہ

    اسلام آباد : پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) نے شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹارگٹڈ فوجی آپریشن کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) نے صدر پاکستان عارف علوی کو خط لکھا، جس میں جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ٹارگٹڈ فوجی آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا۔

    پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری فنانس لالا اسد پٹھان نے بتایا کہ پی ایف یو جے نے صدر پاکستان کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ شہید جان محمد مہر کے قتل کو 11 روز گزر چکے ہیں لیکن پولیس قاتلوں کو ابھی تک گرفتار نہیں کر سکی۔

    رہنماپی ایف یوجے کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق شہید جان محمد مہر قتل کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار کچے کے علاقے میں چھپے ہوئے ہیں اور کچے کے علاقے میں فی الوقت پولیس کا پہنچنا مشکل ہے۔

    لالا اسد پٹھان نے کہا کہ صدر پاکستان کو خط لکھ کر گزارش کی گئی ہے کہ شہید جان محمد مھر کے قتل میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے فوج کو ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم جاری کریں۔

    خط میں صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جان محمد مہر کو 13 اگست کی رات کو سرعام گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا تھا، وہ سکھر پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ سینئر صحافی و اینکر پرسن اور کے ٹی این نیوز اور ڈیلی کاوش کے سکھر میں بیوروچیف مقرر تھے۔

  • صحافی جان محمد مہر کے قتل کو ہفتہ ہو گیا، پولیس مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام

    صحافی جان محمد مہر کے قتل کو ہفتہ ہو گیا، پولیس مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام

    سکھر: صحافی جان محمد مہر کے قتل کو ایک ہفتہ گزر چکا لیکن پولیس مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صحافی جان محمد مہر کے قتل کیس میں پولیس نامزد 3 سہولت کاروں کو گرفتار کر کے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ لے چکی ہے، تاہم مرکزی ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صحافی جان مہر کے قتل میں ملوث ملزمان نے کچے میں پناہ حاصل کر رکھی ہے، جب کہ الف کچا ڈاکوؤں کی آماجگاہ اور سندھ پولیس کے لیے نو گو ایریا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، جان محمد مہر کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ادھر پی ایف یو جے کے رہنما لالا اسد پٹھان نے مطالبہ کیا ہے کہ پاک فوج اور رینجرز کی مدد سے جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

  • سکھر : صحافی جان محمد مہر کا  قتل، صحافی برادری سراپا احتجاج

    سکھر : صحافی جان محمد مہر کا قتل، صحافی برادری سراپا احتجاج

    سکھر : صحافی جان محمد مہر کے قتل کے واقعے پر صحافی سراپااحتجاج ہے، صحافتی تنظیموں نے قاتلوں کی فوری گرفتار کا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں صحافیوں کی زندگیاں غیرمحفوظ ہوگئیں، سکھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی جان محمد مہر جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ صحافی جان محمد مہر پر آفس سے گھر جاتے ہوئے قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    واقعے کے خلاف صحافیوں کا مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے اور صحافتی تنظیموں نے وزیراعلیٰ سے قاتلوں کی فوری گرفتار کا مطالبہ کیا ہے۔

    لاڑکانہ میں سکھرکے سینئر صحافی جان محمدمہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے صحافیوں نے پریس کلب سےجناح باغ چوک تک ریلی نکالی، صحافیوں نے جناح باغ چوک پر دھرنا دیا اور ٹریفک معطل کردیا۔

    گورنر کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافی جان محمد مہر کے قتل کی مذمت کی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ شواہد ملے ہیں، پولیس سے کہا ہے انصاف ہونا چاہیے اور قاتل جلد از جلد گرفتار ہوں جبکہ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ جان محمد مہر کی شہادت پر افسوس ہے، پولیس پتا لگائے کہ اس کے پیچھے کون سے عناصر ہیں۔