اسلام آباد (27 اگست 2025): پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔
صحافی کے اس سوال پر جنید اکبر نے برملا کہا کہ اگر ہماری کے پی حکومت سے عمران خان کو کوئی فائدہ نہیں تو حکومت میں نہیں رہنا چاہیے۔ کیونکہ ہر وہ حکومت یا عہدہ جس کا بانی پی ٹی آئی کو فائدہ نہیں، اس کی ضرورت نہیں۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ چاہے ہم اسمبلی میں ہوں یا صوبائی حکومت میں، اگر اس کا فائدہ ہمارے پارٹی کے بانی کو نہیں ہو رہا ہے پھر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوایا ہے۔
جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم این اے سہیل سلطان نے بھی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے، سہیل سلطان لا اینڈ جسٹس، واٹر ریسورسز اور سیفران کمیٹی سے مستعفی ہوگئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے تمام اراکین کو قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی ہے۔
https://urdu.arynews.tv/imran-khan-instructed-the-party-to-resign-from-standing-committees-aleema-khan/