Tag: صحافی گرفتار

  • ایئر لائنز نے بیلاروس کی فضائی حدود سے گریز شروع کر دیا

    ایئر لائنز نے بیلاروس کی فضائی حدود سے گریز شروع کر دیا

    اسٹاک ہوم: ایئر لائنز نے ایک صحافی کی گرفتاری کے لیے طیارے کو زبردستی اتارے جانے کے بعد بیلاروس کی فضائی حدود سے غیر اعلانیہ گریز شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیلاروس کی جانب سے بم کی جھوٹی اطلاع دے کر آریان ایئر لائن کے طیارے کو زبردستی اتار کر جلا وطن صحافی کو گرفتار کرنے کے معاملے پر دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔

    بیش تر فضائی کمپنیوں نے سفری طوالت قبول کرتے ہوئے بیلاروس کی فضائی حدود سے گریز بھی شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں فلائٹ ریڈار 24 پلیٹ فارم کے ڈیٹا کے مطابق طیاروں کو بیلاروسی علاقے سے کنارہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پلیٹ فارم کی جانب سے طیاروں کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے جو بیلاروس کی فضائی حدود کا شارٹ کٹ راستہ چھوڑ کر طویل مسافت کرتے ہوئے منزل کی طرف گئے۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تک دنیا کی کسی فضائی کمپنی کی جانب سے ایسا کوئی اعلان تو نہیں کیا گیا لیکن بیش تر پائلٹ بیلاروس کی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

    بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

    گرافکس کے مطابق آسٹریلین ایئر لائن کی پرواز او ایس 601 ویانا انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کر کے ماسکو جاتے ہوئے یوکرین کی فضائی حدود سے گئی، وِز ایئر کی پرواز ڈبلیو 66285 کے پائلٹ نے یوکرین سے بیلاروس کا کم ترین فاصلہ لینے کی بجائے پولینڈ سے چکر کاٹ کر لیتھوانیا کے راستے ایسٹونیا پہنچی، اس طیارے نے ٹیلن ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز یونان سے لیتھوانیا جانے والی ریان ایئر کی پرواز ایف آر 4974 کو بیلاروس ایئر فورس کے طیارے نے زبردستی منسک اتار لیا تھا، سیکورٹی فورسز نے بم کی جھوٹی اطلاع پر جہاز کی تلاشی لی اور پھر بیلاروس کے جلا وطن صحافی رومن پروٹا سویچ کو گرفتار کر کے طیارہ روانہ کر دیا تھا۔

  • بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

    بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

    منسک: یورپی ملک بیلاروس میں ایک صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارے کو زبردستی اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان سے لیتھوانیا جانے والی ایک پرواز کو زبردستی بیلاروس میں اتارا گیا، بیلا روس کے سیکیورٹی حکام نے جہاز پر سوار حکومت مخالف سرکردہ اپوزیشن صحافی رومن پروٹا سویچ کو حراست میں لینے کے بعد پرواز کو جانے دیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ بیلاروس نے جہاز میں بم کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنا ایک لڑاکا طیارہ بھیج کر لیتھوانیا جانے والے طیارے کو لینڈنگ پر مجبور کیا، دیگر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 26 سالہ صحافی رومن پروٹا سویچ بیلاروس کی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک نمایاں صحافی اور توانا آواز ہیں۔

    رومن پروٹا سویچ رائن ایئر کی ایک پرواز کے ذریعے یونان سے لیتھوانیا جا رہے تھے، ان کی فلائٹ بیلاروس کی حدود سے گزر رہی تھی، جب مقامی فلائٹ کنٹرولر نے فضائی عملے کو جہاز میں بم کے خطرے سے خبردار کیا، اور پائلٹ کو ہدایت کی کہ جہاز کو مِنسک کے ہوائی اڈے پر اتار لیں، اس دوران بیلاروس کا ایک جنگی جہاز اس پرواز کے گرد چکر لگاتا رہا۔

    مسافر بردار طیارے کے مِنسک ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد سیکیورٹی حکام صحافی کو ان کی روسی گرل فرینڈ کے ساتھ حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے۔

    بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کی شخصی حکمرانی کے خلاف سرگرم صحافی رومن پروٹا سویچ کو اس انداز میں حراست میں لیے جانے پر یورپی ممالک نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے، بیلاروس پر مسافر جہاز اغوا کرنے کا الزام لگا کر اس کی سخت مذمت کی گئی، یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے جہاز کا راستہ زبردستی تبدیل کرنے کو ایک قابل مذمت اقدام قرار دیا۔

    اس واقعے کے بعد یورپی یونین اور بیلاروس کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، لیتھوانیا کے صدر گیٹانس ناؤزیڈا نے بیلاروس کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بِلنکن نے صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔