Tag: صحتیاب

  • گھریلو تشدد کا شکار رضوانہ کے صحتیاب ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی

    گھریلو تشدد کا شکار رضوانہ کے صحتیاب ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی

    سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن گھریلو ملازمہ 15 سالہ رضوانہ چار ماہ علاج معالجے کے بعد صحت یاب ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق متاثرہ بچی رضوانہ کو نامور فزیشن و صوبائی وزیر صحت  ڈاکٹر جاوید اکرم کے طبی معائنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔

    متاثرہ بچی کی بہن سونیا اپنی چھوٹی بہن کو بغیر سہارے چلتا دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئی، متاثرہ خاندان نے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

     جنرل اسپتال کے ڈاکٹرز ونرسز نے 4 ماہ تک بچی کے علاج و نگہداشت کا فریضہ نبھایا، وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بطور فزیشن ماہرانہ رائے سے ڈاکٹرز کی علاج میں رہنمائی کی۔

     اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے رضوانہ کی صحت سے متعلق پنجاب حکومت کو ہر لمحہ آگاہ رکھا، رضوانہ کے علاج میں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی مسلسل مانیٹرنگ نے اہم کردار ادا کی۔

    اسپتال انتظامیہ نے مزید کہا کہ رضوانہ کو 23 جولائی کو جنرل اسپتال منتقل کیا گیا تھا، رضوانہ کو اسپتال میں ایڈمٹ ہوئے 4 ماہ ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ رضوانہ کو ڈسچارج کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ تشدد کی شکار بچی کا معاملہ 24 جولائی کو سامنے آيا تھا، رضوانہ اسلام آباد میں سول جج کے گھر ملازمت کرتی تھی، بچی کی والدہ نے الزام عائد کیا تھا کہ اس پر سول جج کی اہلیہ نے تشدد کیا۔

    جب بچی کو اسپتال پہنچایا گیا تو اس کے سر کے زخم میں کيڑے پڑ چکے تھے اور دونوں بازو ٹوٹے ہوئے تھے اور وہ خوف زدہ تھی۔

  • 106 سالہ سعودی خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    106 سالہ سعودی خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں 106 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے ویڈیو کال کر کے بزرگ خاتون کی خیریت دریافت کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں میں 106 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جنہیں علاج کے لیے رفحا سے عرعر شہر کے میڈیکل ٹاور منتقل کیا گیا تھا۔

    حدود شمالیہ ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے بھی ویڈیو کال کر کے بزرگ خاتون کی خیریت دریافت کی، گورنر نے کرونا وائرس سے متاثر ایک بچی سمیت دیگر صحتیاب افراد سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے۔

    خاتون کے بیٹے متعب الشمری کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کے سینے میں تکلیف تھی۔ رفحا ہسپتال میں ان کی صحیح تشخیص نہ ہوسکی تو انہیں عرعر شہر میں شمالی میڈیکل ٹاور منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹرز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ان کا خیال رکھا۔

    بیٹے کا کہنا ہے کہ اسپتال میں علاج کے پہلے تین دن تک ہم والدہ کی آواز بھی نہ سن سکے، کرونا میں مبتلا ہونے سے قبل والدہ صحت مند زندگی گزار رہی تھیں البتہ انہیں تنفس کا عارضہ تھا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

  • سعودی عرب: 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، سعودی عرب میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 101 سالہ معمر خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، انہیں سنیچر کو اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

    ریاض کی کنگ سعودی یونیورسٹی کے زیر انتظام میڈیکل سٹی نے کہا ہے کہ معمر خاتون کنگ خالد اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    میڈیکل سٹی نے صحتیاب ہونے والی معمر خاتون کی شناخت خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خاتون کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں اسپتال سے رخصت کر دیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 764 تک پہنچ گئی ہے، وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اس امر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کووڈ 19 سے شفا پانے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے متاثرین میں 5 فیصد کا تعلق بزرگوں، 9 فیصد کا بچوں اور 86 فیصد کا تعلق بالغ افراد سے ہے، نئے کیسز کا دائرہ سعودی عرب کے بیشتر شہروں تک پھیلا ہوا ہے۔

  • سعودی عرب: 5 سالہ بچی کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: 5 سالہ بچی کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے متاثرین کی صحتیابی کا عمل جاری ہے، عفیف میں 5 سالہ بچی بھی موذی وائرس سے لڑنے میں کامیاب ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں عفیف اسپتال کے عملے نے وائرس سے صحت یاب ہونے والے 9 افراد کو رخصت کیا ان میں 5 سالہ سعودی بچی ریتال بھی شامل تھی۔

    اسپتال کے عملے نے ریتال کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ رخصت کیا اور اسے اسپتال سے جاتے وقت تحفہ بھی پیش کیا گیا، اس موقع پر ریتال کی ماں اپنی بچی کے لیے گلدستہ لے کر پہنچیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق جن 9 افراد کو منگل کو فارغ کیا گیا ان سب کو اسپتال میں قیام کے دوران علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا گیا، کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں منگل کو اسپتال سے رخصت کردیا گیا۔

    طبی عملے نے تمام افراد کو اسپتال سے رخصت کرتے وقت انہیں گلدستے پیش کیے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عفیف میں کرونا وائرس سے 2 نئے مریض ریکارڈ پر آئے ہیں جبکہ 12 صحت یاب ہوئے ہیں، عفیف میں کرونا سے کل متاثرین کی تعداد 25 ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب

    سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب

    کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب ہوئے ہیں، ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 750 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جو افراد خود کو آئسولیٹ کر رہے ہیں اور مکمل آرام کر رہے ہیں ان کی صحتیابی کی شرح زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سب سے درخواست ہے ماسک پہنیں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں۔ بچے اور بزرگ شہری ہر وقت گھروں میں رہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ 105 اموات ہوئی ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 317 ہوچکی ہے۔

    اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 172 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی، مملکت میں اب تک کرونا وائرس کے 40 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران کرونا وائرس کے 10 ہزار 800 مریض اسپتالوں سے صحتیاب ہونے کے بعد فارغ کردیے گئے ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ اب تک شفا پانے والوں کا 84 فیصد ہیں، وبا کے آغاز سے لے کر اب تک مملکت کے تمام علاقوں میں 12 ہزار 737 مریض کرونا سے شفا پا چکے ہیں۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد نئے کیسز کے حوالے سے 30 فیصد تک پہنچ گئی ہے، مملکت میں اب تک کرونا وائرس کے 40 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 255 تک محدود ہے۔

    اس سے قبل وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کہہ چکے ہیں کہ کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد صحت پانے والوں کے مقابلے میں بے حد کم ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے رمضان کے شروع میں توجہ دلائی تھی کہ آئندہ ایام میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوگا اور جلد کرونا کی وبا سے نجات پالیں گے۔

    علاوہ ازیں سعودی عرب کے 5 علاقے کرونا وائرس سے پاک ہوچکے ہیں، ان علاقوں میں جتنے افراد وائرس میں مبتلا ہوئے تھے تمام صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • سعودی عرب: 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 955 مریض صحتیاب

    سعودی عرب: 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 955 مریض صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مریضوں کی ریکارڈ تعداد صحتیاب ہوئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 955 افراد نے وائرس کو شکست دے دی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ 955 افراد صحتیاب ہوئے ہیں، مجموعی طور پر اب تک 5 ہزار 431 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق مملکت میں 1595 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 24 فیصد سعودی شہری اور 76 فیصد غیر ملکی ہیں۔ نئے مریضوں میں 14 فیصد خواتین اور 86 فیصد مرد شامل ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے یومیہ بریفنگ میں بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 9 اموات ہوئیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 200 ہوگئی۔ اس وقت ایکٹو کیسز 24 ہزار 620 ہیں جن میں سے 143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمارکے مطابق منگل کو سب سے زیادہ مریضوں کی جدہ میں تصدیق ہوئی جن کی تعداد 385 تھی۔

    دیگر مریضوں کا تعلق ریاض، مکہ مکرمہ، الجیبل، مدینہ منورہ، دمام وغیرہ سے ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح زیادہ

    سعودی عرب: کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح زیادہ

    ریاض: سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح کہیں زیادہ ہے، آئندہ مرحلے میں اس تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کےترجمان العبد العالی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرین میں 25 فیصد سعودی اور 75 فیصد غیر ملکی ہیں، ترجمان کے مطابق جمعے کو 1 ہزار 172 نئے مریضوں کے بعد مملکت بھر میں اب تک مصدقہ کیس 15 ہزار 102 ہوچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں حوصلہ بخش اضافہ ہوگا، اس کی بدولت اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس وبا سے نجات پا جائیں گے۔

    ڈاکٹر العبد العالی کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحت پانے والوں کی تعداد جاں بحق ہونے والوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے مرنے والے کیسز بہت کم ہیں، اس کا سب سے بڑا سبب تو اللہ کا فضل و کرم ہے۔

    ان کے مطابق اس کا دوسرا سبب مناسب وقت پر کرونا کے متاثرین کا مناسب علاج، تیسرا سبب ابتدائی مرحلے میں کرونا کے کیسز کی دریافت اور حفظان صحت کے ضوابط کا احترام ہے۔

  • کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں

    کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اب تک کرونا وائرس سے صحتیابی کی سب سے زیادہ شرح ریاض میں ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی شہروں میں سب سے زیادہ کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کا تعلق ریاض شہر سے ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ریاض میں مزید 54 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ ریاض شہر کرونا وائرس سے نجات پانے والوں کی تعداد کے حوالے سے سعودی عرب کے شہروں میں سرفہرست ہے۔

    ریاض ریجن میں کرونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 757 ہوگئی ہے جبکہ وہاں ایکٹیو کیس 577 ہیں جو تمام زیر علاج ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق ریاض میں کرونا سے 3 اموات ہوئی ہیں۔ مکہ مکرمہ اور جدہ میں کرونا وائرس سے کسی مریض کے صحتیاب ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ دونوں شہر کرونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے ریاض کے بعد آتے ہیں، ان میں شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ جدہ میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 123 اور مکہ میں 114 ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 2 ہزار 605 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 38 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔