Tag: صحت اور امراض

  • اونٹ کو مرغوب پھل ہمارے کس کام کا؟

    اونٹ کو مرغوب پھل ہمارے کس کام کا؟

    برصغیر میں اونٹ کٹارا بکثرت پائی جاتی ہے۔ یہ کانٹوں دار جھاڑی ہے جس کا پھل صحرائی جہاز یعنی اونٹ بہت رغبت سے کھاتا ہے اور اسی نسبت سے ہمارے ہاں اسے اونٹ کٹارا کہتے ہیں۔

    انگریزی زبان میں‌ یہ متعدد ناموں سے پہچانا جاتا ہے۔ تاہم Milk Thistle سے زیادہ مشہور ہے۔

    اونٹ کٹارا قدیم بُوٹی یا جھاڑی ہے جسے جگر اور پتہ کی مختلف بیماریوں کے علاج میں مفید بتایا جاتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق اس کے بیجوں سے سیلی میرین حاصل کیا جاتا ہے جو اس کا مؤثر ترین جُز ہے۔ اس سے دوائیں تیار کی جاتی ہیں۔

    ایک زمانے سے اسے طبیب اور ماہر حکیم علاج اور مختلف جسمانی تکالیف سے نجات دلانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔

    ماہر اطبا نے اس کے مختف امراض میں نافع اور دافع تکالیف ہونے سے متعلق اپنے تجربات اور مشاہدات بتائے ہیں۔ صحت اور علاج معالجے سے متعلق مختلف کتب میں لکھا ہے کہ یہ بُوٹی جوڑوں کے درد میں مفید ہے۔ اس کے علاوہ جگر کے لیے صحت بخش ہے۔

    ماہرین کے مطابق اونٹ کٹارا بلغم کو ختم کرتی ہے، ہاضم ہے، اور اس کا استعمال بدن کو قوت بخشتا ہے۔ تاہم جس طرح کسی بھی جڑی بُوٹی کو ماہر معالج کی ہدایت کے بغیر استعمال نہیں کیا جاسکتا اسی طرح اونٹ کٹارا کو بھی مخصوص طبی طریقے سے ہدایات کے مطابق استعمال کیا جانا چاہیے۔

  • ماریشس کا "خزانہ” دنیا کی نظروں میں آگیا

    ماریشس کا "خزانہ” دنیا کی نظروں میں آگیا

    ماریشس بحر ہند کے انتہائی جنوب میں ایک چھوٹا سا ملک ہے جو سیر و سیاحت کے حوالے سے دنیا میں مشہور ہے۔

    اس کے مختلف جزیروں پر نباتات اور قسم قسم کا سبزہ نظر آتا ہے۔ پورے ملک میں گنے کی فصل کے علاوہ آم اور پپیتے کے درخت کی بہتات ہے۔

    ماہرینِ زراعت کے مطابق ماریشس کی زمین بہت زرخیز ہے۔

    ماریشس کے جزائر قیمتی پودوں اور جڑی بوٹیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ ایک سروے رپورٹ میں سامنے آیا کہ یہاں کئی پودے ایسے ہیں جو کینسر کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ طبی ماہرین پر مشتمل ٹیموں نے یہاں پائی جانے والی نباتات پر تحقیق شروع کردی ہے۔

    سائنس دانوں نے حیرت انگیز انکشاف یہ کیا ہے کہ ان جزائر پر بعض ایسے پودے پائے جاتے ہیں جو کسی اور خطہ زمین پر موجود نہیں۔

    ان میں تین نباتات کو ایسالائفا انٹیگریفولیا، یوجینیا ٹینی فولیا، اور لیبروڈونیسیا گلوکا کہا جاتا ہے جو صرف اسی ملک میں پائے جاتے ہیں۔ طبی تحقیق بتاتی ہے کہ ان پودوں میں سرطان کی رسولی ختم کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ماریشس کے نباتاتی خزانے کے ایک تہائی پودے برسوں سے مختلف امراض کے علاج میں استعمال ہورہے ہیں، لیکن ان پر باقاعدہ سائنسی تحقیق نہیں کی گئی تھی۔