Tag: صحت مند

  • صحت مند طرز زندگی تشدد پسند رجحانات کے خاتمے میں معاون

    صحت مند طرز زندگی تشدد پسند رجحانات کے خاتمے میں معاون

    اگر آپ اپنی زندگی میں تشدد پسندی کے منفی رجحان سے بچنا چاہتے ہیں تو ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کو ایک صحت مند طرز زندگی اپنانے کی سخت ضرورت ہے۔

    برطانیہ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جو ایک صحت مند طرز زندگی گزارتے ہیں، یا اپنی غیر صحت مندانہ عادات کو چھوڑ کر متوازن زندگی کا آغاز کرتے ہیں ان میں تشدد پسندی کا رجحان پیدا ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

    شدت پسندی سے متاثر ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر *

    ماہرین نے بتایا کہ صحت مند طرز زندگی دماغی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے اور ایسے افراد اپنی زندگی میں طے کیے ہوئے مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

    food

    اس ضمن میں برطانوی ماہرین نے متوازن غذاؤں جیسے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال، تلی ہوئی اشیا اور جنک فوڈ سے پرہیز اور ورزش پر زور دیا۔

    ماہرین نے واضح کیا کہ اس معمول پر کاربند افراد کی ذہنی صلاحیتوں میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا ہے، یہ مختلف حالات میں خود پر قابو رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں، ان میں تشدد پسندی کے رجحان میں کمی واقع ہوتی ہے جبکہ یہ زندگی میں پیش آنے والے مختلف مسائل کو سمجھدرای سے حل کرنے کے قابل بنتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق خوش آئند بات یہ ہے کہ یہی اثرات ان افراد میں بھی نظر آتے ہیں جو عمر کے کسی بھی حصے میں غیر صحت مند طرز زندگی کو چھوڑ کر صحت مند طرز زندگی اختیار کرتے ہیں۔ ایسے افراد تا عمر صحت مند رہتے ہیں اور ان کا دماغ فعال اور چاق و چوبند رہتا ہے۔

    exercise

    اس حوالے سے سائنسی و طبی ماہرین نے سب سے اہم فعل جسمانی حرکت کو قرار دیا۔

    متحرک طرز زندگی صحت مند بڑھاپے کا ضامن *

    ان کا کہنا ہے کہ جسمانی طور پر متحرک رہنے سے نہ صرف جسم چاق و چوبند رہتا ہے بلکہ دماغ بھی اس مصروفیت میں شامل ہوجاتا ہے یوں اس کی غیر فعالیت کے باعث اس کی بوسیدگی کا امکان کم ہوتا ہے، اور یہ منفی خیالات کی طرف متوجہ ہونے سے پرہیز کرتا ہے۔

    ماہرین نے تجویز کیا کہ مقررہ وقت پر ورزش کے علاوہ بھی مختلف جسمانی حرکات کو معمول بنایا جائے جیسے سیڑھیاں چڑھنا، چہل قدمی کرنا، گھر کے کام کاج کے دوران حرکت کرنا وغیرہ، یہ افعال جسم میں خون کی روانی کو معمول کے مطابق رکھیں گے یوں امراض قلب سمیت کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوسکے گا۔

  • ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ صحت مند قرار

    ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ صحت مند قرار

    واشنگٹن : امریکی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے معالج نے ان کی جسمانی صحت کو زبردست قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صحت کے بارے میں حالیہ چیک اپ کے بعد اپنے معالج ڈاکٹر ہارولڈ این بورنسٹین کا خط جاری کیا ہے۔ جس میں ان کی جسمانی صحت کو زبردست قرار دیا ہے۔

    ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار 70 سالہ ٹرمپ کا قد چھ فٹ تین انچ ہے اور وزن 116 کلو ہے جو کہ ان کے قد کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    ٹرمپ نے اپنی مخالف امیدوار ہیلری کلنٹن کی بیماری اور صدارتی مہم کینسل ہونے کے بعد کہا تھا کہ وہ اپنی صحت کی رپورٹ جاری کریں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ہیلری کلنٹن کی ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ امریکی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے لیے ’صحت مند اور فِٹ ہیں۔‘

    ان کی انتخابی مہم نے ان کی طبی معلومات نشر کی تھیں جن کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے امریکی صدارتی امیدوار کی صحت نمونیا کی تشخیص کے بعد بحال ہو رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نمونیا کا شکار ہوگئیں

    ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ وہ جمعرات سے دوبارہ اپنی مہم شروع کریں گی،وہ گذشتہ ہفتے اچانک بیمار پڑ گئی تھیں۔

    یاد رہے کہ ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں کا شمار معمر ترین امریکی صدارتی امیدواروں میں ہوتا ہے، اور ان پر خاصا دباؤ تھا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں۔

    ٹرمپ مسلسل کہتے آئے ہیں کہ کلنٹن کے پاس صدر بننے کے لیے درکار جسمانی اور ذہنی قوت نہیں ہےتاہم کلنٹن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کے مخالفین ان کی صحت کے بارے میں ایک ’پاگلانہ سازشی نظریہ‘ پھیلا رہے ہیں۔

  • صحت مند رہنے کیلئے ناخنوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے

    صحت مند رہنے کیلئے ناخنوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے

    لمبے، صحت مند اور مضبوط ناخنوں کی خواہش ہر خاتون کو ہوتی ہیں، تاہم اس کے لیے ناخنوں کی نگہداشت کو معمول بنانا پڑتا ہے تاکہ وہ اچھی حالت میں رہیں۔

    ناخنوں پر نیل پالش کا زیادہ استعمال ان کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے جبکہ ان کی کٹائی کو معمول بنانا اور صاف رکھنا بھی ضروری ہوتا ہے، مگر ایک اہم بات یہ ہے کہ ناخنوں کے ذریعے مجموعی صحت کی عکاسی بھی ممکن ہوتی ہے، ایسے ہی چند مسائل کے بارے میں جانیں اور اسے نظر انداز نہ کریں تاکہ آپ اپنے ناخنوں کو صحت مند رکھ سکے۔

    اگر آپ ناخنوں کے ارگرد جلد کو سرخ یا خارش زدہ محسوس کریں تو یہ ناخن میں انفیکشن کی ایک علامت ہوسکتی ہے، اس کے لیے یا تو ڈاکٹر سے رجوع کریں یا اینٹی فنگل کریم یا پاﺅڈر استعمال کریں۔

    زرد ناخن نظام تنفس کے امراض کی نشاندہی کی علامت بھی ہوسکتے ہیں جبکہ ان سے اس بات کی بھی عکاسی ہوتی ہے کہ آپ خون کی کمی کے مرض کا شکار ہیں یا ہو سکتے ہیں۔

    کبھی بھی ناخنوں کو اس وقت نظر انداز نہ کریں جب ان کا رنگ گہرا یا سیاہ ہوجائے کیونکہ یہ خطرناک رسولی کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

    چھوٹے کریکس اور داغ ناخنوں میں اس وقت نمودار ہوتے ہیں جب آپ خارش یا چنبل کا شکار ہونے والے ہوں، یہ ایسا مرض ہے جس میں جسم میں جگہ جگہ سرخ رنگ کے چھلکے نما دانے ہو جاتے ہیں جن میں شدید خارش ہوتی ہے۔

    ناخنوں میں سفید لکیروں کی موجودگی گردوں کے امراض اور کیلشئیم کی کمی کا عندیہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔