Tag: صحت کا راز

  • سعودی عرب کے معمر ترین شہری نے اپنی صحت کا راز بتادیا

    سعودی عرب کے معمر ترین شہری نے اپنی صحت کا راز بتادیا

    سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں رہائش پذیر 80 سالہ معمر سعودی شہری نے اپنی صحت کا راز بتادیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’میری صحت کا راز کھلی ہوا اور اونٹی کا دودھ پینا ہے۔‘

    رپورٹ کے مطابق معمر شہری نے مزید بتایا کہ ان کے والدین بھی حیات ہیں۔ والد کی عمر اس وقت 132 برس کے قریب ہے جبکہ دیگر بھائی بہن بھی انتہائی سادہ اصولوں پر اپنی زندگی بسر کررہے ہیں۔

    سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں کسی قسم کی مصنوعی خوراک کا استعمال نہیں کیا جاتا جبکہ فاسٹ فوڈ اور ہوٹلوں کے کھانوں سے مکمل اجتناب برتا جاتا ہے۔

    سعودی عرب کے معمر شہری نے اپنے ویڈیو پیغام میں نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ فاسٹ فوڈ اور سافٹ ڈرنکس سے دور رہیں تاکہ صحت مندانہ زندگی سے لطف اندوز ہوسکیں۔

    موٹاپے اور ذیابیطس جیسے دائمی امراض سے بچنے کا آسان طریقہ؟

    معمر شہری نے مزید بتایا کہ ان کے والدین اور گھر کے کسی فرد کو نہ تو شوگر ہے اور نہ ہی وہ بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں۔کھلی ہوا میں پیدل چلنا او اونٹی کا دودھ، شہد اور دیسی گھی کا استعمال روز مرہ کا معمول ہے۔

  • جاپانیوں کی طویل عمر کا راز کیا ہے؟

    جاپانیوں کی طویل عمر کا راز کیا ہے؟

    ٹوکیو: جاپانیوں کی طویل عمر کا راز معلوم ہو گیا، ایک جاپانی محقق نے یہ راز جاننے کے لیے 20 سال تک تحقیق کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جاپانی محقق نے بیس سالہ تحقیق کے بعد آخر کار جاپانیوں کی طویل عمر کا راز معلوم کر لیا، محقق کا کہنا تھا کہ جاپانی عموماً گرم پانی سے لمبا غسل کرتے ہیں۔

    ٹوکیو سٹی یونی ورسٹی کے پروفیسر اور میڈیکل ڈاکٹر شینیا ہایاساکا نے 2 دہائیوں تک لمبے غسل اور چشموں سے نکلنے والے گرم پانی میں دیر تک نہانے کے طبی فوائد کا مطالعہ کیا، انھوں نے بتایا کہ جاپان میں لوگوں کی لمبی اور صحت مند زندگی کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ 80 فی صد جاپانی دیر تک گرم پانی میں لیٹے رہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیس برس قبل ایک نرس نے ان سے بلڈ پریشر کے مریضوں کو گرم پانی سے غسل دینے سے متعلق استفسار کیا تھا، لیکن اس سلسلے میں کوئی سائنسی تحقیق موجود نہیں تھی، چناں چہ انھوں نے اس سلسلے میں باقاعدہ تحقیق کا آغاز کیا۔

    ہایاساکا نے اس سلسلے میں کچھ عرصہ قبل ایک طبی جریدے جرنل آف اپیڈیمولوجی میں ایک مقالہ بھی شایع کیا، ان کا کہنا ہے کہ گرم پانی سے زیادہ دیر تک غسل کے 3 بنیادی فائدے ہیں، ایک حدت، پانی پر جسم کے تیرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور ہائیڈرو اسٹیٹک پریشر۔

    انھوں نے حفظان صحت اور صفائی کے صحت پر فائدوں کا بھی ذکر کیا تاہم پروفیسر ہایاساکا کے مطابق حفظانِ صحت اور صفائی والے فائدے شاور کے نیچے کھڑے ہو کر غسل لینے سے حاصل تو کیے جا سکتے ہیں، تاہم اول الذکر فائدے صرف گرم پانی میں لیٹنے حاصل ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ زلزلوں اور آتش فشاؤں کے لیے مشہور جاپان میں گرم پانی کے 27 ہزار چشمے ہیں، گرم پانی میں دیر تک لیٹنا اور لمبا غسل لینا ایک طرح سے جاپان میں قومی روایت ہے۔

  • اچھی صحت اور پرسکون زندگی صرف 6 قدم دور

    اچھی صحت اور پرسکون زندگی صرف 6 قدم دور

    اگر آپ اچھی صحت اور پرسکون زندگی کے حصول کی خواہش رکھتی ہیں تو اس کا آسان حل یہ ہے کہ بہتر طرز زندگی اختیار کریں۔

    بہ ظاہر بہتر طرز زندگی اپنانا بہت مشکل کام ہے مگر اچھی صحت اور پرسکون زندگی کے لیے یہ بے حد ضروری ہے، اور یہ روز مرہ زندگی میں معمولی تبدیلیوں پر مشتمل ہے، یعنی تھوڑی سی کوشش کے ذریعے اس کا حصول آسان ہو جاتا ہے۔

    سب سے پہلا قدم

    آپ کو دن کے چوبیس گھنٹوں میں سے کم از کم صرف 45 منٹ ایسے نکالنے ہوں گے جس میں آپ جسمانی ورزش کر سکیں۔ اس دوران آپ واک بھی کر سکتی ہیں اور کچھ خاص ورزشیں بھی۔ یہ یاد رکھیں کہ آپ کا کوئی بھی دن ورزش کے بغیر نہیں گزرنا چاہیے، ورزش پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ ہو یا نہ ہو، صحت مند اور پرسکون زندگی کے حصول کے لیے جسمانی ورزش بے حد ضروری ہے۔

    ورزش جسم میں توانائی کی سطح کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ دل، پھیپھڑوں اور پٹھوں کی کارکردگی کو بھی بہتر بناتی ہے۔ یہ 45 منٹ آپ کو دل، ہڈیوں کی کم زوری، ڈپریشن (ذہنی دباؤ) اور بے چینی جیسی کیفیات سے بھی بچا سکتے ہیں۔ جان ہاپکنز یونی ورسٹی اسکول آف میڈیسن کی ایک رپورٹ کے مطابق باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد ذہنی طور پر مضبوط اور پُر اعتماد ہوتے ہیں۔

    دوسرا قدم

    3 لیٹر پانی روزانہ پیئں۔ انسانی جسم کے لیے پانی گاڑی میں پیٹرول کی طرح ضروری ہے، ہاضمہ ہو، جِلد یا پھر بالوں کی حفاظت، پانی تمام مسائل سے نمٹنے میں مددگار ہے۔ 1945 میں فوڈ اینڈ نیوٹریشن بورڈ کی سفارشات میں کہا گیا تھا کہ انسانی جسم کے لیے روزانہ ڈھائی لیٹر پانی ضروری ہے، اگر خواتین کم عمر اور جواں نظر آنا چاہتی ہیں تو ڈی ہائیڈریشن سے بچیں۔

    تیسرا قدم

    شکری گزاری اختیار کریں۔ جیسا کہ خواتین زیادہ حساس ہوتی ہیں، ان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ بھی زیادہ آتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی زندگی ٹینشن سے بھر جاتی ہے، اس صورت حال سے نجات کے لیے ماہرین نفسیات جو مشورے دیتے ہیں ان میں سر فہرست تشکر اور ممنونیت کا احساس ہے۔اس سے سوچ اور رویوں میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔ خواتین شکر گزار بن کر اپنی پریشانیوں اور مایوسیوں سے چھٹکارا پا سکتی ہیں۔

    اس لیے ہمیشہ مثبت چیزوں پر غور کریں، جو نہیں ہے اس کی فکر میں خود کو گھلانے کے بجائے جو ہے اس پر شکر ادا کریں۔

    چوتھا قدم

    15 منٹ اپنی ذات کے لیے بھی نکالیں، یعنی جہاں آپ 45 منٹ ورزش کے لیے نکال سکتی ہیں وہیں 15 منٹ اپنی ذات کے لیے بھی نکالیں۔ اس دوران کسی بھی پرسکون جگہ پر بیٹھ کر یا مراقبہ کر کے ذہنی اور جسمانی صحت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ اس سے آپ کی زندگی میں واضح تبدیلیاں رونما ہوں گی اور آپ کے مزاج میں نرمی آئے گی۔

    پانچواں قدم

    7 سے 8 گھنٹے کی نیند لیں، اگر آپ روزانہ رات کو 6 گھنٹے یا اس سے بھی کم وقت سونے کے عادی ہیں تو آپ کی دماغی صلاحیتیں سست ہو سکتی ہیں، نیند کی کمی نہ صرف یادداشت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ اس سے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہو جاتی ہے۔ چہرے کی خوب صورتی کے لیے بھی نیند بہت اہم ہے۔

    چھٹا قدم

    مثبت سرگرمیوں کا آغاز کریں، ہر شخص میں اچھی اور بُری عادتیں ہوتی ہیں، کچھ بُری عادتیں انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں، ان سے جان چڑھانا ضروری ہے۔ مثلاً موبائل فون کا زیادہ استعمال یا الم غلم کھانے کا شوق۔