Tag: صحت کی خبریں

  • ڈپریشن سے چھٹکارہ چاہتے ہیں تو شہر کو سرسبز بنائیں

    ڈپریشن سے چھٹکارہ چاہتے ہیں تو شہر کو سرسبز بنائیں

    دنیا بھر میں مختلف ذہنی امراض بے حد عام ہوگئے ہیں جن میں ڈپریشن اور ذہنی تناؤ سرفہرست ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر 3 میں سے 1 شخص ڈپریشن کا شکار ہے۔

    تاہم حال ہی میں ماہرین نے ایک تحقیق کی جس میں بتایا گیا کہ کسی شہر میں موجود سرسبز مقامات وہاں رہنے والے افراد کے ڈپریشن میں کمی کرسکتے ہیں۔

    امریکی شہر فلاڈلفیا میں کی جانے والی اس تحقیق میں شہر کے 500 مختلف مقامات پر پودے اور گھاس اگائی گئی۔ ماہرین نے دیکھا کہ سبزے نے شہریوں کی دماغی صحت پر نہایت مثبت اثرات مرتب کیے۔

    مزید پڑھیں: فطرت کے قریب وقت گزارنا بے شمار فوائد کا باعث

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ سرسبز پودے اور گھاس اگانے کے بعد مذکورہ مقام پر رہنے والے لوگوں میں خوشی کے عنصر میں اضافہ ہوا جبکہ ان کے ذہنی تناؤ میں کمی دیکھی گئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سرسبز مقامات ذہنی صحت کو بہتر کرنے میں نہایت مددگار ہیں۔

    اس وقت امریکا میں ہر 5 میں سے 1 شخص کسی نہ کسی ذہنی مسئلے کا شکار ہے۔ ماہرین کے مطابق شہروں کو بڑے پیمانے پر سرسبز کر کے اور درخت لگا کر شہریوں کی دماغی صحت میں بہتری کی جاسکتی ہے۔

  • تمباکو نوشی سے کس طرح چھٹکارہ پایا جائے؟

    تمباکو نوشی سے کس طرح چھٹکارہ پایا جائے؟

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن (نو ٹوبیکو ڈے) منایا جارہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی ہر سال دنیا بھر میں 70 لاکھ افراد کی موت کی وجہ بن رہی ہے۔

    رواں برس اس دن کا مرکزی خیال ’تمباکو نوشی اور پھیپھڑوں کی صحت‘ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پھیپھڑے انسانی جسم کا اہم عضو ہیں تاہم تمباکو نوشی اس عضو کی صحت کو داؤ پر لگا دیتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی کے باعث ہر سال ہلاک ہونے والے 70 لاکھ افراد میں سے تقریباً 9 لاکھ کے قریب افراد ایسے ہیں جو خود تمباکو نوشی نہیں کرتے۔ ایسے افراد دوسروں کی تمباکو نوشی سے پیدا ہونے دھوئیں کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں جو بعد ازاں جان لیوا ثابت ہوتی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی صرف صحت کے لیے ہی مضر نہیں، بلکہ اس کی پیداوار، اسے بنانے کا عمل اور اس کا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا سبب بھی بن رہا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی ہر شعبہ زندگی کو منفی طور پر متاثر کرتی ہے اور یہ غربت میں اضافے، جسمانی و دماغی کارکردگی میں کمی، صحت میں خرابی اور کسی جگہ کی فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ان 5 طریقوں پر عمل کریں۔

    کسی ایک تاریخ کا تعین کریں اور اس دن سے سگریٹ مکمل طور پر چھوڑ دیں۔

    تمباکو نوشی چھوڑنا ایک مشکل مرحلہ ہوسکتا ہے لہٰذا اپنے اہلخانہ اور دوستوں سے مدد کے لیے کہیں۔

    متوقع اثرات جیسے سر درد، جسم میں کھنچاؤ یا بے چینی کے بارے میں پہلے سے تیار رہیں اور ان کا سدباب کر رکھیں۔ ایسے موقع پر لیموں پانی یا خشک میوہ جات سے سگریٹ کی طلب کو بہلایا جاسکتا ہے۔

    اپنے ارد گرد سے سگریٹ اور لائٹر وغیرہ ہٹا دیں۔

    اس حوالے سے اپنے ڈاکٹر کو ضرور آگاہ کریں۔ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بعد آپ کو متوقع طور پر کسی قسم کی طبی پیچیدگی کا سامنا ہوسکتا ہے جس کے لیے ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائیں استعمال کی جا سکتی ہیں۔

  • دل کے دورے سے بچنا چاہتے ہیں تو دلیہ کھائیں

    دل کے دورے سے بچنا چاہتے ہیں تو دلیہ کھائیں

    دلیہ ایک صحت بخش اور ہلکی پھلکی غذا ہے جو جسم کو بھرپور توانائی فراہم کرتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دلیہ امراض قلب کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے ناشتے میں دلیے کا انتخاب کیا تو گویا آپ نے ایک بہترین غذا کا انتخاب کیا ہے۔ غذائیت سے بھرپور دلیہ آپ کو سارا دن چاک و چوبند اور توانا رکھے گا اور آپ ایک متحرک اور بھرپور دن گزاریں گے۔

    صرف ناشتے میں ہی نہیں، بلکہ دن کے کسی بھی حصے میں دلیہ کھانا آپ کو یکساں فوائد فراہم کرتا ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ دلیے کے بے شمار فوائد ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں۔

    دلیہ کولیسٹرول میں کمی کرتا ہے۔

    امراض قلب کے خطرے کو کم کرتا ہے۔

    قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔

    خون میں شوگر کی سطح کو معمول کے مطابق رکھ کر ذیابیطس کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    بچوں کو استھما سے بچاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مختلف اقسام کے فلیورڈ سیریلز میں مصنوعی مٹھاس ڈالی جاتی ہے جو موٹاپے سمیت کئی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کی جگہ سادے دلیہ کا استعمال جسم کے لیے بہترین غذا ہے۔

  • دھوپ میں جھلسی جلد کو کیسے بحال کیا جائے؟

    دھوپ میں جھلسی جلد کو کیسے بحال کیا جائے؟

    گرمیوں کے موسم میں جلد کا جھلس جانا عام بات ہے۔ باہر نکلنے والے افراد کو خاص طور پر اس مسئلہ کا سامنا ہوتا ہے۔ جھلسی ہوئی جلد ایک دو دن تک تکلیف بھی دیتی ہے اس کے بعد اس کا رنگ گہرا ہوجاتا ہے۔

    اب جبکہ ملک بھر میں موسم گرما اپنے عروج پر ہے، ایسے میں اس موسم میں جھلس جانے والی جلد سے مندرجہ ذیل اجزا سے نجات پائی جاسکتی ہے۔

    دہی

    دہی کے ذریعے جھلسی ہوئی جلد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایک کپ دہی میں کھیرا، لیموں اور ٹماٹر کا رس شامل کریں۔ اب اس میں تھوڑا بیسن شامل کرلیں۔

    اب اس ماسک کو چہرے یا جہاں جلد جھلسی ہے وہاں لگائیں اور 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے چہرے کو صاف کرلیں۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جھلسی ہوئی جلد سے نجات کا بہترین طریقہ ہے۔ سونے سے پہلے ایلو ویرا کو متاثرہ جلد پر لگائیں اور صبح اٹھ کے اچھی طرح دھو لیں۔ جب تک جلن ختم نہ ہو ایلو ویرا کا استعمال جاری رکھیں۔

    آلو

    آلو بھی جلن سے نجات کے لیے بے حد مفید ہے۔ آلو میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور وٹامن سی جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ آلو کو قدرتی فیشل بھی کہا جاتا ہے۔

    آلوؤں کو چھیل کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بلینڈر میں پیس لیں۔ اب اس پیسٹ کو متاثرہ جلد پر 30 منٹ تک لگائیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے اس پیسٹ میں لیموں بھی شامل کرلیں۔

    بیسن

    بیسن سن برن ختم کرنے کا بہترین نسخہ ہے۔ بیسن کے ذریعے سے جلد کے مردہ خلیہ نکل جاتے ہیں اور اس سے آپ کی جلد تروتازہ ہوجاتی ہے۔

    بیسن کو سادے پانی میں حل کریں اور گاڑھا سا پیسٹ بنا کے سن برن والے حصے پر لگالیں۔ 20 منٹ بعد اس پیسٹ کو صاف کرلیں۔ یہ عمل ہفتے میں 2 بار کرنے سے نہ صرف سن برن ختم ہوگا بلکہ آپ کا رنگ بھی صاف ہوجائے گا۔

  • ایچ آئی وی کیسز: عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم کراچی پہنچ گئی

    ایچ آئی وی کیسز: عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم کراچی پہنچ گئی

    کراچی: عالمی ادارۂ صحت کی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے، ماہرین کی ٹیم لاڑکانہ کے تعلقے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ پر تحقیقات کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ پر تحقیقات کرنے کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے۔

    ڈی جی ہیلتھ مسعود سولنگی نے کراچی ایئر پورٹ پر وفد کا استقبال کیا، ڈبلیو ایچ او کا وفد کراچی میں محکمۂ صحت سمیت دیگر حکام سے مشاورت بھی کرے گا۔

    رتوڈیرو میں اب تک 700 افراد میں ایچ آئی وی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، انچارج سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے ان افراد میں 576 بچے اور 124 بڑے شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رتوڈیرو: 700 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی: ڈاکٹر سکندر میمن

    ڈاکٹر سکندر میمن کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تہہ تک جانے کے لیے متاثرہ افراد کا ڈی این اے بھی کرایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کی وبائی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کی تعاون کی درخواست قبول کی تھی۔

    ادھر سندھ کے ضلع شکارپور میں بھی ایچ آئی وی کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، آج ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

  • پولیو کا شکار 19 میں 17 بچوں کا انسداد پولیو قطرے نہ پینے کا انکشاف

    پولیو کا شکار 19 میں 17 بچوں کا انسداد پولیو قطرے نہ پینے کا انکشاف

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو بابر بن عطا کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں برس سامنے آنے والے 19 پولیو کیسز کے خون کے نمونے لے کر ٹیسٹ کروائے گئے جس سے پتہ چلا کہ 17 بچوں نے پولیو کے قطرے پیے ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس سینیٹر عتیق شیخ کی سربراہی میں ہوا۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو بابر بن عطا کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    بابر بن عطا نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں رواں برس سامنے آنے والے 19 پولیو کیسز کے خون کے نمونے لے کر ٹیسٹ کروائے گئے جس سے پتہ چلا کہ 17 بچوں نے پولیو کے قطرے پیے ہی نہیں۔

    سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ پولیو پر سینیٹر عائشہ رضا کے حوالے سے ٹویٹر پر دیے گئے پیغامات پر ہمارے تحفظات ہیں، بابر عطا اس کی وضاحت کریں۔ ’ٹویٹ ٹویٹ نہ کھیلا جائے اس لیے ہم نے اس مسئلہ کو کمیٹی ایجنڈے پر لیا ہے‘۔

    بابر عطا نے کہا کہ میں نے سینیٹ کا نام کسی بھی ٹویٹ میں استعمال نہیں کیا اگر ایسا ثابت ہو تو استعفیٰ دے دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ جس دن میرا نوٹیفکیشن ہوا اس دن مجھے ایک اخبار میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس انٹرویو میں عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ بابر عطا یونیسیف میں ایک کلرک تھا۔ ’جب سوشل میڈیا پر مجھ پر حملہ کیا جاتا ہے تو میں کس جگہ جاﺅں‘۔

    عتیق شیخ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجز کی فیس مقرر کر دی ہے پھر اضافی پیسے کیوں وصول کیے جا رہے ہیں۔

    سیکریٹری صحت زاہد سعید نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز نے طلبا کی انشورنس کے لیے انشورنس کمپنیوں سے مک مکا کر لیا ہے۔ پی ایم ڈی سی قوانین کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز خود سے اپنی مرضی کی انشورنس کمپنی سے انشورنس نہیں کروا سکتے۔

    عتیق شیخ نے کہا کہ اسلام آباد کے میڈیکل کالجز کی فیس کی مد میں تفصیلات کمیٹی میں پیش کی جائیں۔ پی ایم ڈی س کونسل کے صدر طارق بھٹہ شریف آدمی ہیں ان کے اختیار میں کچھ نہیں اصل اختیارات تو رکن علی رضا کے پاس ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فیڈرل ہیلتھ اتھارٹی کا ایکٹ بنے ایک سال گزر گیا لیکن آج تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ وزیر اعظم کو خط لکھیں گے کہ ریگولیٹری اتھارٹی کے معاملات کو جلد ختم کیا جائے۔

  • ڈپریشن کا مریض ہونے کا یہ فائدہ آپ کو حیران کردے گا

    ڈپریشن کا مریض ہونے کا یہ فائدہ آپ کو حیران کردے گا

    ڈپریشن ہماری زندگی میں ایک عام مرض بن چکا ہے، لیکن اس کا مریض ہونے کا ایک فائدہ جان کر آپ نہایت حیران ہوجائیں گے۔

    امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جو شدید ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں وہ نہایت تخلیقی ثابت ہوتے ہیں اور زندگی میں ان کی کامیابی کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

    تحقیق میں ہالی ووڈ کے کئی معروف فنکاروں کی مثال دی گئی جو زندگی میں کبھی شدید ڈپریشن کے مریض رہے، بعض نے خودکشی کی کوشش بھی کی، لیکن اس کے ساتھ ہی ان کی پیشہ وارانہ زندگی کو کامیاب ترین سمجھا جاتا ہے۔

    ہالی ووڈ کی لیڈی گاگا اور ڈوائن جانسن سمیت متعدد فنکاروں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ڈپریشن کا شکار رہے، جبکہ سابق امریکی صدر ابراہام لنکن کی کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ ان کی ساری زندگی ڈپریشن میں گزری۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے دماغ میں موجود وہ جین جو ڈپریشن کا سبب بنتا ہے، وہی ہے جو انسان کو کامیاب ہونے کی طرف راغب کرتا ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ عملی زندگی میں کامیاب افراد میں سے 25 فیصد کسی نہ کسی دماغی مرض کا شکار ہوسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ’میں، میں‘ کی عادت زندگی میں کامیاب بنانے کے لیے مددگار

    بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن دماغی کارکردگی کو بری طرح متاثر کرتا ہے لہٰذا یہ کہنا بالکل درست نہیں کہ یہ آپ کے لیے فائدہ مند ہے، تاہم ڈپریشن کے دوران بعض علامات ایسی ہوسکتی ہیں جو کسی شخص کو اس کی عملی زندگی میں کامیاب بنا سکتی ہیں۔

    ایک ماہر نفسیات کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ کچھ ڈپریشن کے مریض ایسے بھی تھے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ اس وقت کیا جب وہ بدترین ڈپریشن سے گزر رہے تھے، تاہم وہ اس دعوے کو ثابت نہیں کرسکے۔

    ڈپریشن کے بارے میں مزید مضامین پڑھیں

  • شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ، تعداد 36 ہو گئی

    شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ، تعداد 36 ہو گئی

    شکارپور: صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں بھی ایچ آئی وی ایڈز کا پھیلاؤ تشویش ناک رخ اختیار کرتا جا رہا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شکارپور میں ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے تعلقے رتوڈیرو کے بعد شکارپور بھی ایچ آئی وی ایڈز کی زد پر ہے، چار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شکارپور میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ انسداد ایڈز پروگرام کی جانب سے شکارپور کے گاؤں ڈکھن میں منعقدہ اسکریننگ کیمپ میں 356 افراد کی اسکرینگ کی گئی، اسکریننگ ٹیسٹ میں 4 افراد میں ایچ آئی وی ایڈز کی تصدیق ہوئی۔

    خیال رہے کہ گاؤں ڈکھن میں پہلے بھی متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں بچوں کی تعداد بھی قابل ذکر ہے، ڈکھن کے علاوہ پیر بخش تھیم اور گاؤں سارنگ بھی ایچ آئی وی کی زد پر ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رتوڈیرو: 700 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی: ڈاکٹر سکندر میمن

    ادھر رتوڈیرو میں ایچ آئی وی پھیلنے کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے، انچارج سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے کہ 700 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو چکی ہے۔

    دوسری طرف عالمی ادارہ صحت نے سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کی وبائی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کی تعاون کی درخواست قبول کر لی ہے، اور کہا ہے کہ ماہرین کی خصوصی ٹیم پاکستان بھجوائی جا رہی ہے۔

  • کیا ہمارا جسم کچھ عرصے بعد بالکل نیا ہوجاتا ہے؟

    کیا ہمارا جسم کچھ عرصے بعد بالکل نیا ہوجاتا ہے؟

    کیا آپ جانتے ہیں ہمارے جسم کے تمام خلیات کچھ عرصے بعد تحلیل ہو کر نئے سرے سے بننا شروع ہوجاتے ہیں؟

    ہمارا جسم آج سے 10 سال قبل جیسا تھا آج اس سے بالکل مختلف ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے جسم کے تمام اعضا کے خلیات ایک خود کار نظام کے تحت پرانے ہو کر ٹوٹتے جاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے خلیات لیتے جاتے ہیں۔

    آئیں آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ہمارے جسم کا کون سا حصہ کتنے عرصے بعد بالکل نیا ہوجاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: انسانی جسم سے متعلق حیران کن معلومات

    بال

    ہمارے سر کے بال 2 سے 7 سال کے اندر ٹوٹتے جاتے ہیں اور ان کی جگہ بالکل نئے بال آجاتے ہیں۔

    ناخن

    ہمارے پاتھ پاؤں کے ناخنوں کی عمر 6 ماہ ہے۔ 6 ماہ بعد نئے ناخن پرانے ناخنوں کی جگہ لے لیتے ہیں۔

    خون کے سرخ خلیات

    ہمارے خون کے سرخ خلیات ہر 4 ماہ بعد نئے خلیوں سے تبدیل ہوجاتے ہیں۔

    ہڈی

    ہمارے جسم کی ہر ہڈی 10 سال بعد تبدیل ہو کر نئی بن جاتی ہے۔

    ڈھانچے کے عضلات

    ہمارے ڈھانچے کے تمام عضلات ہر 15 سال بعد نئے ہوچکے ہوتے ہیں۔

    خلیہ

    جسم میں موجود خلیے بذات خود نئے سرے سے تشکیل پانے میں 2 سے 4 ہفتے کا وقت لیتے ہیں۔

    دماغی نیورونز

    ہمارے دماغی نیورونز کبھی تبدیل نہیں ہوتے اور پیدائش سے لے کے موت تک یکساں رہتے ہیں۔

  • رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی، پاکستان نے عالمی ادارۂ صحت سے تعاون طلب کر لیا

    رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی، پاکستان نے عالمی ادارۂ صحت سے تعاون طلب کر لیا

    اسلام آباد: سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے تعلقے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز کی وبائی صورت حال کے پیشِ نظر پاکستان نے عالمی ادارۂ صحت سے تعاون طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ڈبلیو ایچ او سے سندھ کے ایک علاقے میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز کی وبائی صورت حال کے حوالے سے تعاون طلب کر لیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت نے ڈبلیو ایچ او کو مراسلہ لکھ دیا ہے، جس میں پاکستان نے عالمی ادارۂ صحت سے ماہرین کی ٹیم بھجوانے کی درخواست کر دی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہےکہ ڈبلیو ایچ او متاثرہ علاقوں کے لیے اپنے ماہرین کی ٹیم فوری روانہ کرے، دریں اثنا، پاکستان نے ڈبلیو ایچ او سے ایڈز کی تشخیصی کٹس کی فراہمی سے متعلق بھی درخواست کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  رتوڈیرو میں ایچ آئی وی، پاکستان نے عالمی اداروں کو وجوہ سے آگاہ کر دیا

    مراسلے میں کہا گیا کہ ڈبلیو ایچ او ایچ آئی وی کی 50 ہزار تشخیصی کٹس فوری فراہم کرے۔

    پاکستان کا کہنا تھا کہ ضلع لاڑکانہ میں ایڈز کیسز وبائی صورت حال اختیار کر چکے ہیں، ایڈز سے متاثرہ 500 بچوں کی عمریں 2 تا 15 برس ہیں، وفاق ایڈز کی وبائی صورت حال میں سندھ سے رابطے میں ہے۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل وفاقی اور سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے عالمی اداروں کو رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کیسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی، عالمی اداروں نے پاکستان کو انسداد ایڈز کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔