Tag: صحت کی خبریں

  • پاکستان میں داخلے پر افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ

    پاکستان میں داخلے پر افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پولیو وائرس پر قابو پانے کے لیے پاکستان اور افغانستان نے بڑا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میں داخلے پر تمام افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان حکومتی سطح پر پولیو کارڈ کے اجرا پر اتفاق کرلیا گیا ہے اور پاک افغان سرحد عبور کرنے والوں کے لیے پولیو کارڈ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں داخلے پر تمام افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی، ویکسی نیشن کے بعد افغان شہریوں کو پولیو کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ پولیو کارڈ کے بغیر افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

    ذرائع کے مطابق افغان شہریوں کے لیے پولیو ویکسین کارڈ کی مدت ایک سال ہوگی، پولیو ویکسی نیشن طور خم اور پاک افغان دوستی گیٹ پر کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ دو روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    رواں برس اب تک 6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں اور 1، 1 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔

  • جگر کا خیال رکھنے کا دن

    جگر کا خیال رکھنے کا دن

    جگر ہمارے جسم کا دوسرا بڑا اور نظام ہاضمہ میں اہم کردار ادا کرنے والا عضو ہے۔ ہم جو بھی شے کھاتے ہیں، چاہے غذا ہو یا دوا، وہ ہمارے جگر سے گزرتی ہے۔

    اگر جگر کی صحت کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ باآسانی خراب ہو کر ہمیں بہت سے امراض میں مبتلا کرسکتے ہیں۔ جگر کا ایک عام مرض ہیپاٹائٹس ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    اس اہم عضو کی اسی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے آج جگر کی حفاظت اور صحت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے جگر کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

    جگر کی خرابی کی علامات

    یہاں ہم آپ کو ان علامات کے بارے میں بتا رہے ہیں جو جگر کی خرابی کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ اگر آپ کو ان میں سے کسی بھی علامت کا سامنا ہے تو آپ کو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزن میں اچانک کمی

    بھوک ختم ہوجانا

    غنودگی، چکر آنا اور متلی کا احساس

    ہر وقت تھکاوٹ کا احساس

    پیٹ کے اوپری حصے میں تکلیف محسوس ہونا

    جگر کے امراض سے حفاظت

    جگر کو مختلف امراض اور مسائل سے بچانے کے لیے مندرجہ ذیل حفاظتی تدابیر اپنانے کی ضروت ہے۔

    صحت مندانہ طرز زندگی اپنایا جائے۔

    گوشت، پھل، سبزی، اور ڈیری غذائیں متوازن طریقے سے کھائی جائیں تاکہ جسم کی تمام غذائی ضروریات پوری ہوں۔

    خون کی منتقلی کے دوران نہایت احتیاط برتی جائے ورنہ یہ ہیپاٹائٹس کا سبب بن سکتا ہے۔

    جسمانی صفائی کا خیال رکھا جائے۔

    گھر سے دور ہوتے ہوئے نلکے کا پانی پینے سے گریز کیا جائے۔

    تمباکو نوشی، شراب نوشی اور دیگر اقسام کی منشیات سے گریز کیا جائے۔

    ورزش کو زندگی کا معمول بنایا جائے۔

    کچھ غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال آپ کے جگر کو مختلف بیماریوں سے بچا کر انہیں صحت مند اور فعال رکھتا ہے۔ ان میں لہسن، چقندر، سبز چائے، لیموں، ہلدی اور اخروٹ شامل ہیں۔

    ان تمام غذاؤں میں موجود اجزا بشمول وٹامن سی، فیٹی ایسڈز، اینٹی آکسیڈنٹس، اور انزائم وغیرہ جگر کی صفائی کر کے اس کی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہیں اور مختلف خرابیوں سے بچاتے ہیں۔

  • کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری، اسپتال کے خلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی

    کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری، اسپتال کے خلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی

    کراچی: نشوا کی موت سے جنگ جاری ہے، مجرمانہ غفلت پر غلطی کے اعتراف کے باوجود دارالصحت اسپتال کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکی، 9 ماہ کی نشوا بدستور لیاقت نیشنل اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کی قائم کردہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی، رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعہ انتہائی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

    رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو حتمی کارروائی کرنی چاہیے، کمیشن کو مؤثر اور فعال کیا جائے، بچی کو اسپتال عملے کی جانب سے انجکشن کی اضافی ڈوز فراہم کی گئی۔

    ذرایع محکمہ صحت نے بتایا کہ رپورٹ براہ راست وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی گئی ہے، رپورٹ میڈیا سے شیئر نہیں کی جا سکتی، سفارشات پر مبنی رپورٹ کی روشنی میں محکمہ صحت اقدام اٹھائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کمسن نشوا طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی، دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا، ڈاکٹرز

    دوسری طرف نشوا کے والد کی جانب سے تحریری درخواست بھی دی گئی ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے تا حال کوئی حتمی کارروائی شروع نہیں کی گئی۔

    ادھر نشوہ کے والد قیصر نے کہا ہے کہ نشوا کی طبیعت میں بہتری نہیں آئی، نشوہ کے دماغ، دل اور جگر متاثر ہوئے ہیں، میری بچی 11 دن سے صبح شام سوتی رہتی ہے، اسے دیکھ کر میرا کلیجہ پھٹتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشوا کے والد کو دھمکیاں، ایس پی طاہرنورانی عہدے سے برطرف

    والد کے فیس بک پوسٹ نے دل دہلا دیے، کہا نشوا کو درد ہو تو آنکھ کھول کر پیغام دیتی ہے کہ تکلیف ہے، اب ڈاکٹر، دوست احباب دعاؤں میں صحت کا نہیں کہتے، بس کہتے ہیں دعا کریں نشوا کو مزید تکلیف نہ ہو، آپ سب سے بھی یہی درخواست ہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ ان کی ہستی کھیلتی بچی کو اس حال تک پہنچانے والے کو ضرور سزا ملنی چاہیے، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ذمہ داروں کو انجام تک پہنچایا جائے۔

  • ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، وائرس کی موجودگی کے بعد پولیو ویکسی نیشن کی عمر کی حد بھی بڑھا کر 10 سال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سیوریج میں پی ون پولیو وائرس کی تصدیق خطرے کی گھنٹی ہے۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ 2 ماہ قبل بھی کراچی، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سکھر، قلعہ عبد اللہ، کوئٹہ، ڈیرہ اسمعٰیل خان، پشاور اورجنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

    گزشتہ ماہ کراچی کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے سبب محکمہ صحت سندھ نے 2 ہزار ویکسین سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ رواں برس اب تک 6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں اور 1، 1 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔

  • بلڈ پریشر معمول پر رکھنا چاہتے ہیں تو دہی کھائیں

    بلڈ پریشر معمول پر رکھنا چاہتے ہیں تو دہی کھائیں

    بلند فشار خون یعنی ہائی بلڈ پریشر ایک عام مرض بنتا جارہا ہے، ماہرین بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے والی ایسی اشیا تجویز کرتے ہیں جن کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔

    انہی میں سے ایک شے دہی بھی ہے، طبی ماہرین کےمطابق دہی کا روزانہ استعمال بلند فشار خون کو معمول پر لانےمیں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق دہی میں شامل صحت بخش بیکٹریا معدے میں جا کر بلند فشار خون کو معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ دہی میں پائے جانے والے بیکٹریا پرو بائیوٹک کے استعمال کو معمول بنا لیتے ہیں جس سے بلند فشار خون کی سطح کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی میں پائے جانے والا کیلشیئم، پروٹین، وٹامن بی اور فولک ایسڈ بڑھتے ہوئے کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

    ماہرین کے مطابق بلڈ پریشر کے مریضوں کو چکنائی اور نمک والی غذاؤں سے پرہیز کرنا چاہیئے اور ورزش کے ساتھ ساتھ صحت مند غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیئے۔

    دہی کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر میں کمی کے لیے امرود بھی مفید خیال کیا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ امرود میں موجود اجزا خون کی روانی کو کم کر کے بہاؤ متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، جس سے ہائی بلڈ پریشر سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

  • تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے انسانی دل تیار

    تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے انسانی دل تیار

    تھری ڈی پرنٹنگ ہر سائنسی شعبے میں انقلاب لانے والی ٹیکنالوجی ہے جسے مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، اب محققین نے تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے ایسا پہلا دل تیار کر لیا ہے جس کے لیے انسانی جسم کی بافتوں کو استعمال کیا گیا ہے۔

    اپنی نوعیت کا یہ منفرد تجربہ اسرائیلی ماہرین نے کیا ہے۔ تل ابیب یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئے دل کی تیاری انسانوں میں دوران خون کے امرض کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

    ماہرین کے مطابق یہ دل ان طبی خطرات اور پیچیدگیوں کو بھی کم کر سکے گا جو کسی مریض کے جسم میں کسی دوسرے انسان کے دل کی پیوند کاری سے جنم لیتے ہیں۔

    خرگوش کے دل کے جتنا یہ دل پہلی بار پوری کامیابی کے ساتھ خلیوں، رگوں اور دل کا خون وصول کرنے والے خانے ’وینٹریکل‘ سے بنایا گیا ہے۔ ماضی میں دل کی تھری ڈی ساخت بنائی گئی تھی مگریہ خلیوں یا خون کی رگوں کے ساتھ نہیں بنایا گیا تھا۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ مستقبل میں دنیا کے بہترین اسپتالوں میں اعضا کے پرنٹرز دستیاب ہوں گے اور یہ معمول کے طریقہ کار کے مطابق ٹرانسپلانٹ کیے جائیں گے۔

  • نیند کی حالت میں ہمارے جسم کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟

    نیند کی حالت میں ہمارے جسم کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟

    نیند کو عارضی موت بھی کہا جاتا ہے۔ ہم میں سے بہت سے افراد نیند میں باتیں کرتے ہیں اور چلتے پھرتے ہیں، لیکن جب وہ جاگتے ہیں تو انہیں ہرگز یاد نہیں رہتا کہ انہوں نے نیند کے دوران کیا کیا۔

    آج ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ نیند کی حالت میں ہمارے جسم کے ساتھ کیا کیا غیر معمولی عوامل پیش آتے ہیں جنہیں جان کر آپ یقیناً حیران ہوجائیں گے۔

    مفلوج ہوجانا

    جب ہم گہری نیند میں ہوتے ہیں تو ہم تقریباً مفلوج ہوجاتے ہیں اور چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہتے۔ گو کہ نیند کے دوران ہمیں چلنے پھرنے کی ضروت نہیں ہوتی، لیکن اس کا تلخ تجربہ ان افراد کو ہوتا ہے جو نیند میں چلنے کی بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔

    ایسے افراد جب گہری نیند میں اٹھ کر چلنا شروع کرتے ہیں تو چند منٹ تک حرکت کرنے سے معذور ہوتے ہیں اور اس دوران ان کے گرنے اور چوٹ لگنے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے۔

    آنکھوں کی تیز حرکت

    گہری نیند کے دوران بند پپوٹوں کے نیچے ہماری آنکھیں نہایت تیزی سے حرکت کرتی ہیں۔ یہ حرکت دراصل اس خواب پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے ہوتی ہے جو ہم نیند کے دوران دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

    جسم کی نشونما

    سونے کے دوران ہمارے جسم کی نشونما اور افزائش ہوتی ہے۔ اس دوران ہماری ہڈیاں، پٹھے، بال اور خلیات وغیرہ بڑھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سوتے ہوئے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے چاہئیں تاکہ جسم کو بڑھنے اور نشونما پانے میں کوئی دقت نہ ہو۔

    حلق بند ہونا

    ہمارے جاگنے کے دوران حلق کو کھلا رکھنے والے اعصاب دوران نیند سست پڑجاتے ہیں جس سے حلق سے ہوا کی آمد و رفت کا راستہ تنگ ہوجاتا ہے۔ یہ عمل خراٹوں سمیت دیگر ناخوشگوار آوازوں کا سبب بنتا ہے۔

    دانت پیسنا

    بعض افراد جب نیند سے سو کر اٹھتے ہیں تو ان کے جبڑوں میں شدید درد ہوتا ہے او وہ سوجے ہوئے بھی ہوتے ہیں۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ وہ نیند کی حالت میں دانت پیسنے کی عادت کا شکار ہوتے ہیں جسے برکسزم کہا جاتا ہے۔ تاہم یہ عمل ہر شخص کے ساتھ رونما نہیں ہوتا۔

    دماغ کی کہانیاں

    سائنس کی تمام تر ترقی کے باوجود نیند کے دوران آنے والے خواب تاحال ایک اسرار ہیں۔ تاہم ماہرین اس کی ایک سادہ سی توجیہہ پیش کرتے ہیں کہ نیند کی حالت میں جب ہمارا دماغ پرسکون ہوتا ہے تب وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتا ہے۔

    ہمارا دماغ ہمارے اندر موجود مختلف معلومات، ماضی کی یادیں، حال میں گزرے ہوئے واقعات، مستقبل کے خوف اور لاشعور میں بیٹھی ہوئی باتیں، ان سب کو ملا کر ایک نئی کہانی تخلیق دے ڈالتا ہے جو خواب کی صورت ہمیں نظر آتی ہیں۔

    زور دار دھماکے کی آواز

    بعض افراد نیند کے دوران محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک زوردار دھماکے کیی آواز سنی ہے۔ اس آواز سے ان کی آنکھ کھل جاتی ہے اور جاگنے کے بعد وہ بے حد خوفزدہ اور گھبرائے ہوئے ہوتے ہیں۔

    لیکن حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا، ایسے موقعے پر حقیقی زندگی بالکل معمول کے مطابق ہوتی ہے۔ یہ ایک قسم کا سنڈروم ہے جو جسمانی طور پر تو نقصان نہیں پہنچاتا البتہ نفسیاتی و دماغی طور پر بہت سی الجھنوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔

    دماغی آرام

    نیویارک کی روچسٹر یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق جب ہم سوتے ہیں تو اس دوران ہمارا دماغ دن بھر میں جمع کی گئی معلومات کا جائزہ لیتا ہے۔ دماغ ان تمام معلومات میں سے بے مقصد معلومات کو ضائع کردیتا ہے۔

    اس طرح دراصل دماغ اپنے آپ کو چارج کرتا ہے تاکہ اگلے دن تازہ دم ہو کر آپ کے اندر کی تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرسکے۔

  • مزیدار پنیر آملیٹ آپ کی صحت کا دشمن

    مزیدار پنیر آملیٹ آپ کی صحت کا دشمن

    پنیر کھانا یوں تو صحت کے لیے فائدہ مند ہے اگر اسےاعتدال میں کھایا جائے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایک موقع پر یہ آپ کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ناشتے میں پنیر والا آملیٹ کھاتے ہیں تو آپ خود کو خطرناک نقصان کی دعوت دے رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق انڈے کی زردی مفید کولیسٹرول سے بھرپور ہوتی ہے جس کے بعد جسم کو مزید کسی کولیسٹرول کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایسے میں انڈے کے ساتھ پنیر کھانا جسم کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ایک دن میں 300 ملی گرام سے زائد کولیسٹرول امراض قلب میں 17 فیصد اضافہ کردیتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہفتے میں 3 یا 4 سے زائد انڈے کھانا آپ کی صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک انڈہ اوسطاً 85 کیلوریز کے مساوی توانائی رکھتا ہے، انڈے میں پائی جانے والی توانائی ہر موسم میں انسانی جسم کی ضرورت پورا کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

  • کراچی: دارالصحت اسپتال نے نا اہلی تسلیم کر لی، والد کی میڈیا سے گفتگو

    کراچی: دارالصحت اسپتال نے نا اہلی تسلیم کر لی، والد کی میڈیا سے گفتگو

    کراچی: شہر قائد کے دارالصحت اسپتال میں عملے کی مجرمانہ غفلت کے معاملے میں اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دارالصحت اسپتال انتظامیہ نے انجیکشن کے اوور ڈوز کی غلطی تسلیم کر لی، انتظامیہ نے کہا ہے کہ متعلقہ ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوا کے اہل خانہ کو تحریری طور پر یقین دہانی کرا دی گئی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچی کے اہل خانہ جہاں بھی علاج کرانا چاہیں اخراجات دارالصحت اسپتال اٹھائے گا۔

    کومے میں جانے والی بچی کے والد قیصر نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دارالصحت اسپتال نے نا اہلی تسلیم کر لی ہے، اسپتال نے لکھ کر دے دیا ہے کہ بچی عملے کی نا اہلی کے باعث موت کے منہ میں پہنچی۔

    مزید تفصیل پڑھیں:  دارالصحت اسپتال میں مبینہ طورپرغلط انجکشن لگنے سے نوماہ کی بچی معذور

    ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے انھیں سمری دے دی گئی ہے اور اب وہ مقدمہ درج کرانے شارع فیصل تھانے جا رہے ہیں، مقدمے کے بعد بچی دوسرے اسپتال منتقل ہوگی، انھوں نے بتایا کہ بچی کو آغا خان اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ دارالصحت اسپتال کے پاس لائسنس موجود نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ دارالصحت اسپتال نے لائسنس کی تجدید نہیں کرائی۔

    دریں اثنا، ایس پی گلشن طاہر نورانی نے دارالصحت اسپتال جا کر بچی کو دیکھا، ان کا کہنا تھا کہ بچی ابھی کومے کی حالت میں ہے، اسپتال انتظامیہ کی غفلت نظر آ رہی ہے، کیس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔

    قبل ازیں محکمہ صحت سندھ نے متاثرہ بچی نشوا کے والدین سے رابطہ کر کے اسپتال کے خلاف تحریری درخواست دینے کا مشورہ دیا تھا، سیکریٹری ہیلتھ سعید اعوان کا کہنا تھا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے پاس از خود نوٹس کا اختیار نہیں، تحریری درخواست کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    واضح رہے کہ دارالصحت اسپتال میں ماضی میں بھی ایسے واقعات رو نما ہوئے ہیں، 9 ماہ قبل فاطمہ نامی بچی بھی غلط انجکشن کا شکار ہوئی تھی۔

  • کتے انسانی خون کی بو سونگھ کر پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کرنے میں کامیاب

    کتے انسانی خون کی بو سونگھ کر پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کرنے میں کامیاب

    واشنگٹن: امریکی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ کتے انسان خون کی بو سونگھ کر پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کرنے میں کام یاب ہو گئے ہیں۔

    سائنس جرنل یوریک الرٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک اجلاس کے دوران ماہرین نے رپورٹ پیش کی کہ کتے انسانی خون کی بو سونگھ کر پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی سوسائٹی فار بائیو کیمسٹری اینڈ مالیکیولر بائیو لوجی کے سالانہ اجلاس میں ماہرین نے رپورٹ پیش کی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کتوں نے خون سونگھ کر کینسر کی 97 فی صد درست نشان دہی کی۔

    ماہرین نے بتایا کہ انھوں نے رضا کار کتوں کو 2 طرح کے خون کے نمونے دیے جن میں سے ایک خون ان مریضوں کا تھا جنھیں پھیپھڑوں کا کینسر لا حق تھا جب کہ دوسرا خون صحت مند انسانوں کا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  حافظ قرآن شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں ، نئی تحقیق

    ماہرین کے مطابق کتوں نے 97 فی صد درست نتائج دیے اور پھیپھڑوں کے کینسر والے خون کی نشان دہی کی۔

    ماہرین نے کہا کہ اس تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی کہ کتے کینسر کی تشخیص میں ماہرین کی مدد کر سکتے ہیں تاہم اس معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ کتوں کی پہلی تحقیق کی کام یابی کے بعد اب وہ رواں برس کے آخر تک کتوں کے ذریعے کینسر کی دوسری قسم کی تشخیص کا تجربہ کریں گے۔