Tag: صحت

  • ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو ٹائیفائیڈ کے ٹیکے لگیں گے

    ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو ٹائیفائیڈ کے ٹیکے لگیں گے

    میرپورخاص: سندھ کے ضلع میرپورخاص میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو ٹائیفائیڈ کے ٹیکے لگیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں 18 نومبر سے 30 نومبر تک 13 روزہ ٹائیفائیڈ سے بچاوٴ کی مہم چلائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ مہم کے دوران اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاوٴ کے ٹیکے ضرور لگوانے چاہئیں۔

    سول اسپتال سے میرپورخاص پریس کلب تک ٹائیفائیڈ سے بچاوٴ کی آگاہی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا صحت مند بچوں ہی سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے، ٹائیفائیڈ سے بچاؤ مہم کے دوران ضلع بھر میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 85 ہزار 883 بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

    میرپورخاص میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکہ جات مہم کے لیے 160 ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، مہم کا آغاز نجی و سرکاری اسکولوں سے کیا جائے گا، جسے بعد ازاں یونین کونسلوں تک پھیلا دیا جائے گا۔

    تازہ ترین:  کتے کے کاٹے کی 13 ہزار ویکسینز موجود ہیں: وزیر صحت سندھ کا دعویٰ

    ڈپٹی کمشنر نے کہا ٹائیفائیڈ بخار ہونے کی صورت میں علاج پر 60 سے 70 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں، پرائیویٹ اسپتالوں میں ٹائیفائیڈ کی ویکسین 2 سے 3 ہزار روپے میں لگائی جاتی ہے جب کہ مہم کے دوران حکومت سندھ کی جانب سے ٹائیفائیڈ سے بچاوٴ کے ٹیکے مفت لگائے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے ٹیکوں کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں، ٹائیفائیڈ بخار ہو یا نہ ہو، بچوں کو یہ ٹیکے لگائے جا سکتے ہیں۔

  • نوازشریف اور پارٹی نے حکومتی مطالبہ مسترد کردیا، شہبازشریف

    نوازشریف اور پارٹی نے حکومتی مطالبہ مسترد کردیا، شہبازشریف

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ نیب اور نیب محکمہ داخلہ کی طرف گیند پھینک رہا ہے، نوازشریف کی صحت کو شٹل کاک بنا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں نوازشریف کی صحت سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ رات کو فیصلہ کیا فی الفورعدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 20 دن ہوگئے نوازشریف کی صحت پرسنگ دلی سے کام لیا جا رہا ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیمنٹی بانڈ کی آڑ میں قوم کو ایک اور دھوکے کی طرف لے جا رہے ہیں، نوازشریف اور پارٹی نے حکومتی مطالبہ مسترد کردیا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ صحت، بیماری زندگی اور موت سب اللہ کے ہاتھ میں ہے، نوازشریف استقامت کے ساتھ صحت کی صورت حال کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 6 جولائی 2018 کو نوازشریف، مریم نواز کے خلاف ٹرائل کورٹ نے فیصلہ دیا تھا، فیصلے کے وقت نوازشریف اہلیہ کی تیمارداری میں مصروف تھے، 13جولائی 2018 کو نوازشریف بیٹی کو لے کر پاکستان آئے، نوازشریف کو بیٹی کے ساتھ سیدھا اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔

    شہبازشریف نے کہا کہ دو عدالتوں نے نوازشریف کو ملک کے اندر اور باہر علاج کی اجازت دی ہے، 3 بار وزیراعظم بننے والے نوازشریف سے انڈیمنٹی بانڈ مانگا جا رہا ہے، 6 جولائی 2018 کے فیصلے پر میاں صاحب کسی بانڈ کے بغیر واپس آئے، جیل گئے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ اللہ بھلا کرے ڈاکٹر عدنان کا جو نوازشریف کے پلیٹ لیٹس چیک کراتے رہے، ان لوگوں کا بھی احسان مند ہوں جنہوں نے اس رات میری مدد کی، شہبازشریف کی ان لوگوں سے مراد کون؟

    ڈاکٹر عدنان

    دوسری جانب نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجوہات جاننے کی اشد ضرورت ہے، میاں صاحب کے دانتوں سے بھی خون آیا جو تشویش ناک بات ہے، بائی پاس آپریشن کے بعد حکومتی تحویل میں 2 بار ہارٹ اٹیک ہوا۔

    ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نوازشریف کو لاحق پلیٹ لیٹس کی کمی اورہارٹ اٹیک کا معاملہ جان لیوا ہے، پلیٹ لیٹس بڑھانے کی دواؤں سے گردے مزید متاثر ہوئے، نوازشریف کے مرض کی تشخص کے لیے باہر جانے کی اجازت دینا ضروری ہے۔

    نوازشریف کے ذاتی معالج نے کہا کہ نواز شریف کے سارے جسم پر نیل پڑ گئے ہیں، دماغ کو خون فراہم کرنے والی شریانیں 70 سے 80 فیصد بند ہیں، نوازشریف کےعلاج، ٹیسٹ کے لیے پاکستان میں مزید سہولتیں میسر نہیں ہیں۔

  • دماغ کی سرجری کے دوران لڑکی باتیں کرتی رہی، ویڈیو لائیو نشر

    دماغ کی سرجری کے دوران لڑکی باتیں کرتی رہی، ویڈیو لائیو نشر

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک اسپتال میں دماغ کے آپریشن کے دوران مریضہ ڈاکٹرز سے باتیں کرتی رہی جب کہ اسپتال انتظامیہ نے اس سرجری کو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق 25 سالہ امریکی لڑکی کا اسپتال میں ہونے والا دماغ کا آپریشن دنیا بھر میں 1 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے براہ راست دیکھا۔

    اس پیچیدہ سرجری کے دوران لڑکی اپنے پورے ہوش و ہواس میں تھی اور دوران آپریشن نہ صرف مسکراتی رہی بلکہ ڈاکٹرز سے باتیں بھی کرتی رہی۔

    40 منٹ تک جاری رہنے والے اس آپریشن میں ڈاکٹرز نے جننانامی لڑکی کے دماغ سے ’ماس‘ (برین ٹیومر کا سبب بننے والے غیر معمولی خلیے) نکالے۔

    میتھوڈسٹ ڈلاس میڈیکل سینٹر میں شعبہ نیورولوجی کی سربراہ ڈاکٹر نمیش پیٹل کا کہنا ہے کہ فالج کی وجہ سے مریضہ کے چلنے کی صلاحیت متاثر ہوئی تھی۔

    دوران آپریشن سرجن نے مریضہ سے اس کے پالتو کتے اور اس کی زندگی کے حوالے سے سوالات کیے جس کے جننا نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جواب دیے۔

    مریضہ کا کہنا ہے کہ اس نے آپریشن کو براہ راست نشر کرنے کی اجازت اس لیے دی تاکہ لوگ اس تجربے سے
    مستفید ہوسکیں، اسپتال نے سرجری کی لائیو ویڈیو اپنے فیس بک کے آفیشل اکاؤنٹ سے صارفین کو دیکھائی۔

    https://www.facebook.com/MethodistDallas/videos/492835578008676/

  • چائے کے بارے میں پانچ بڑی غلط فہمیاں

    چائے کے بارے میں پانچ بڑی غلط فہمیاں

    چائے جہاں دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی مشروب ہے وہیں اس سے متعلق ایسی طبی فوائد کے حوالے سے باتیں گڑھی گئی ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    چائے کے نقصانات اور فوائد پر عرصہ دراز سے بحث چل رہی ہے، اور ایسی پانچ بڑی غلط فہمیاں بھی چائے کے حوالے سے پائی جاتی ہیں، جس پر نہ صرف لوگ عمل کرتے ہیں بلکہ باقاعدگی سے دوسروں کو بھی اس پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔ چلیں ہم آپ کو ان پانچ غلط فہمیوں سے آگاہ کرتے ہیں۔

    سبزچائے کے استعمال سے وزن کم ہوتا ہے

    محقیقین کا کہنا ہے کہ معاشرے میں ایک رائے یہ بھی پائی جاتی ہے کہ سبزچائے کے استعمال سے وزن کم ہوتا ہے، حالاں کہ یہ سرے سے غلط ہے، بلکہ سبزچائے میں کم مقدار میں ڈرگ کی ایک ایسی قسم پائی جاتی ہے جو صحت کے لیے مضر بھی ہوسکتی ہے، جو لوگ کہتے ہیں دن میں 4 سے 5 کپ گرین ٹی پیئیں تو وزن کم ہوتا ہے تو یہ غلط ہے۔

    چائے میں دودھ ملانے سے طبی فوائد ختم ہوجاتے ہیں

    کیمیائی سے متعلق ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ کہتے یہں چائے میں دودھ ملانے سے اس کے طبی فوائد ختم ہوجاتے ہیں اور صحت پر کوئی اثر نہیں ہوتا، دراصل ایسی سوچ غلط ہے، دودھ میں کیلشیم پایا جاتا ہے جس کے استعمال سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور یقینی طور پر یہ صحت کے لیے بہت مفید ہے۔

    سبزچائے کالی چائے سے زیادہ صحت بخش ہے

    اسی طرح یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سبز چائے کالی چائے سے زیادہ صحت بخش ہے لیکن تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی کہ دونوں چائے میں صرف رنگ کے علاوہ اور کوئی فرق نہیں ہے، دونوں کے طبی اور صحت بخش فوائد ایک جیسے ہی ہیں، اینٹی آکسیڈنڈ نامی اجزا جسمانی نشونما میں معاون کرتا ہے۔

    عام چائے کے مقابلے میں ٹی بیگ بہتر ہے

    یہ بہت آسان ہے کہ ٹی بیگ اٹھایا اور پانی میں ڈبو کر چائے بنالی، لیکن اس کے مقابلے میں عام چائے جو باقاعدہ دودھ، پتی اور چینی کی مدد سے بنتی ہے زیادہ فائدے مند ہے، ٹی بیگ پر گرد چپکنے اور بعد میں کچرا بننے کا بھی سسب ہے۔ کینیڈا کے ماہرین نے ٹی بیگز کے استعمال کو خوفناک قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس کی چائے پینے والے پلاسٹک کے اربوں ذرات اپنے اندر لے جاتا ہے۔

    جڑی بوٹیوں والی چائے میں نشہ نہیں ہوتا

    عام روایت ہے کہ جڑی بوٹیوں والی چائے میں کیفین(نشے والی اجزا) نہیں ہوتی، بلکہ حقیقت اس کے برعکس ہے، جڑی بوٹیوں والی زیادہ ترچائے میں کیفین ملی ہوتی ہے، بعض ماہرین اسے چائے ماننے لیے بھی تیار نہیں ہیں جو درختوں کے بیج، پھلوں اور شاخوں کے ریشوں سمیت دیگر اشیا سے مل کر بنتی ہے۔

  • لمبی زندگی جینے کا آسان نسخہ

    لمبی زندگی جینے کا آسان نسخہ

    انسان اپنی زندگی کو طویل کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے کئی جتن کرتا ہے، یوں تو طویل صحت کا تعلق اچھی صحت سے ہے تاہم آج ہم آپ کو طویل صحت کا بہترین نسخہ بتانے جارہے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پالتو جانور رکھنے والے افراد صحت مند رہتے ہیں اور ان کی زندگی طویل ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق پالتو جانور بے شمار فائدوں کا باعث ہے، یہ جسم میں سیرو ٹونین اور اوکسی ٹوسن نامی ہارمون میں اضافہ کرتے ہیں جس سے خوشی اور محبت کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق پالتو جانور قبل از وقت موت کا باعث بننے والے عوامل سے بچاتا ہے، یہ اپنے مالک کو تنہائی اور ڈپریشن سے محفوظ رکھتا ہے۔ مالک جب اپنے جانور کو باہر گھمانے کے لیے لے کر جاتا ہے تو اس کے سماجی رابطے قائم ہوتے ہیں جس سے اس میں تنہائی کا احساس کم ہوتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پالتو جانور اپنے مالک کو ذہنی تناؤ سے بچا کر رکھتا ہے جس سے بلڈ پریشر کم رہتا ہے، جبکہ کولیسٹرول کی سطح بھی مناسب رہتی ہے جس سے دل صحت مند رہتا ہے۔

    بعض اوقات پالتو جانور کسی کی جان بھی بچاسکتے ہیں، بعض مرگی کے مریض کے پالتو کتوں کو ایسی تربیت دی جاتی ہے جس سے وہ دورے کی کیفیات بھانپ کر دیگر افراد کو مدد کے لیے بلانا شروع کردیتے ہیں۔

    ایسے کتے مریض کے قریب بھی لیٹ جاتے ہیں تاکہ اگر وہ دورے کی حالت میں نیچے گریں تو انہیں چوٹ نہ لگے۔

    کیا آپ طویل زندگی کے لیے پالتو جانور رکھنا چاہیں گے؟

  • وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈلیورٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کردیا

    وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈلیورٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کردیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کردیا ، ان کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پی کے ایل آئی میں ڈائلیسز یونٹ 2 کاافتتاح کیا ہے ، یونٹ 2 کو 36 ڈائلیسز مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔

    اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب نے ڈائلیسز یونٹ کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔عثمان بزدار نےمریضوں سےعلاج کی سہولتو ں سےمتعلق استفسار کیا جس پر مریضوں نے اسپتال میں فراہم کی جانیوالی طبی سہولتوں کی فراہمی پراطمینان کا اظہار کیا۔

    اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ میں گردے،جگر کےمریضوں کے لیے معیاری طبی سہولتیں ہیں،اسپتال کی عمارت کو رواں سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا اور مزید 6 آپریشن تھیٹرز وسط اکتوبر تک فنکشنل ہو جائیں گے۔

    ان کاکہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ میں رواں سال3لیور،31 کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے گئے ،اسپتال کےدیگر3فلورمکمل ہونےسے475بستروں کااضافہ ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحت میں مزید بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر پنجاب انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اسپتال کاکام رفتارتیز سے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔

  • سہیلیوں کے ساتھ وقت گزارنا خواتین کی صحت میں بہتری کا سبب

    سہیلیوں کے ساتھ وقت گزارنا خواتین کی صحت میں بہتری کا سبب

    یوں تو دوستوں سے اچھا تعلق ذہنی تناؤ سے نجات میں معاون ثابت ہوتا ہے، تاہم حال ہی میں ماہرین نے کہا ہے کہ خواتین اگر اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتی ہیں تو انہیں چاہیئے کہ اپنی سہیلیوں سے دوستی کو مزید گہرا کرلیں۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ جب خواتین اپنی اچھی دوستوں کے ساتھ اچھا وقت گزارتی ہیں تو ان میں اوکسی ٹوسن نامی ہارمون میں اضافہ ہوتا ہے۔

    یہ ہارمون دوسروں پر بھروسہ کرنے اور دوستی کے جذبے میں اضافہ کرتا ہے، اسے محبت کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔

    دراصل دوستوں کے ساتھ اچھا وقت گزارنا ذہنی و دماغی صحت کے لیے مفید ہے۔

    ایک تحقیق میں یہ بات بھی ثابت ہوچکی ہے کہ مضبوط اور خوش رکھنے والے سماجی رشتے کسی شخص کی عمر میں اضافہ کرسکتے ہیں جبکہ ڈیمینشیا کے خطرے اور ذہنی تناؤ میں کمی کرتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے ارد گرد چند اچھے اور گہرے دوستوں کی موجودگی ہماری صحت پر حیران کن مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، لہٰذا ایسے دوست جن کے ساتھ آپ خوشی محسوس کرتے ہوں ان سے اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔

    ماہرین طب کے مطابق خواتین کی صحت کے لیے سب سے فائدہ مند بات یہ ہے کہ اپنی سہیلیوں سے تعلق کو گہرا اور مضبوط کیے رکھیں۔

    آپ اس تحقیق سے کتنے متفق ہیں؟

  • اسپتالوں میں ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل دستیاب ہیں: ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسپتالوں میں ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل دستیاب ہیں: ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل دستیاب ہیں، ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ڈینگی پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی کے اقدامات اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کو وزارت قومی صحت اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈینگی کے 90 فیصد مریضوں کو اسپتال داخلے کی ضرورت نہیں۔ ڈینگی کے مریضوں کی گھر پر نگہداشت ممکن ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی مریض اسپتال داخلے کے وقت گھر کا مکمل پتہ لکھوائیں، اسپتال میں داخل ڈینگی مریض کے گھر کے گرد اسپرے یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر انسداد ڈینگی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے سرویلنس ٹیموں کی تعداد دگنی کی جائے۔

    اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی کے زیادہ کیسز راولپنڈی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اسپتالوں میں ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل دستیاب ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہر مریض ابتدائی مرحلے پر ہی اسپتال داخل ہونا چاہتا ہے، ڈینگی کے تدارک کے لیے احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔ جہاں ڈینگی وائرس رپورٹ ہو فوری کارروائی کی جاتی ہے۔

  • چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بھول جانا ذہانت کی نشانی

    چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بھول جانا ذہانت کی نشانی

    اکثر اوقات گاڑی کی چابی بھول جانا، یا اپنے کسی دوست کی سالگرہ بھول جانا ہمیں بہت الجھن، پریشانی اور خفت میں مبتلا کرسکتا ہے۔

    ہمیں لگتا ہے کہ شاید ہماری یادداشت کمزور ہوگئی ہے، لیکن درحقیقت اس طرح کی چھوٹی چھوٹی چیزیں بھول جانا اس بات کی علامت ہے کہ ہمارا دماغ صحت مند ہے اور درست طریقے سے اپنے افعال انجام دے رہا ہے۔

    حیران ہوگئے نا؟ آئیں جانتے ہیں ایسا کیوں ہے۔

    جرنل نیورون میں شائع ایک تحقیق کے مطابق درحقیقت کچھ بھولنے کا مطلب ہے کہ ہمارا دماغ نئی چیزوں کو سیکھنے کے لیے جگہ بنا رہا ہے اور اس کے لیے غیر ضروری چیزیں ضائع کر رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: کمرے میں داخل ہو کر بھول گئے کہ یہاں کیوں آئے تھے؟

    یہ عمل ایسا ہی ہے جیسے ہم اپنے موبائل یا کمپیوٹر میں جگہ بنانے کے لیے غیر ضروری ڈیٹا ڈیلیٹ کردیتے ہیں۔

    دراصل ہمارے دماغ کا مقصد تمام چیزیں یاد رکھنا نہیں ہوتا، بلکہ صرف وہی چیزیں یاد رکھنا ہوتا ہے جو مستقبل کے فیصلوں میں مددگار ثابت ہو۔

    ایک تحقیق کے مطابق چھوٹی چھوٹی اشیا بھول جانا ہماری ذہانت میں اضافے کی بھی نشانی ہے کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ ہمارا دماغ اب کچھ نیا سیکھے گا۔

    ماہرین کے مطابق دماغ کا چھوٹی چھوٹی اشیا بھول جانا ایک بالکل نارمل بات ہے اور اس پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

  • پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے 3377 مریض سامنے آئے

    پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے 3377 مریض سامنے آئے

    لاہور: پنجاب میں ڈینگی سے متعلق ایک سال کی تفصیلات جاری کردی گئیں، پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3 ہزار 377 مریض سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی سے متعلق ایک سال کی تفصیلات جاری کردیں۔ سالانہ ڈینگی تفصیلات میں اسلام آباد کا ڈیٹا شامل نہیں۔ اسلام آباد کو پنجاب کے روز کی ڈینگی تفصیل سے علیحدہ کر دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3377 مریض سامنے آئے، گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں ڈینگی کے 199 کیس رپورٹ ہوئے۔ 24 گھنٹے میں پنجاب کے مختلف اسپتالوں سے 119 مریض ڈسچارج کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کے 6 مریض انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 27 ستمبر تک ڈینگی سے 8 اموات ہوئیں، وفات پانے والے 8 افراد کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔

    گزشتہ روز ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت پر 76 مقدمات بھی درج کیے گئے، 17 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 740 افراد کو انتباہ کیا گیا۔ 9 مقامات کو سیل بھی کیا گیا۔