کراچی (23 اگست 2025): بم ڈسپوزل یونٹ نے کراچی کے مرکزی علاقے صدر میں پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کی رپورٹ تیار کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کراچی کے علاقے صدر میں پٹاخوں کے گودام میں دھماکے میں 500 کلو گرام فائر ورکس کا سامان جل گیا، اس دھماکے کی آواز 5 سے 7 کلو میٹر دور تک سنی گئی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمارت میں 3 گوداموں میں اب بھی آتش بازی کا سامان بھرا ہوا ہے، اور گودام کے قریبی گراؤنڈ میں 2 کنٹینروں میں بھی آتش بازی کا سامان موجود ہے، اور اس وقت مجموعی طور پر 5 ہزار کلو گرام سامان موجود ہے۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ملزم حنیف مختلف شہروں اور بیرون ملک سے بھی سامان منگواتا تھا، اور اسی عمارت کے عقب میں آتش بازی کا سامان تیار بھی کرتا تھا۔ رپورٹ میں تمام تر سامان کو کسی محفوظ مقام پر جلد از جلد تلف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی
یاد رہے کہ تین روز قبل کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، بعد ازاں پولیس نے گودام کے مالک حنیف پٹاخہ کو گرفتار کیا جو زخمی تھا اور نجی اسپتال میں زیر علاج ہے، حنیف کی صحت ٹھیک نہ ہونے کے باعث ان کا بیان بھی قلم بند نہیں کیا جا سکا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ حنیف کا بھائی ایوب گزشتہ رات جناح اسپتال سے فرار ہو گیا تھا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، دونوں بھائیوں کو واقعے کی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل بالسبب، غفلت و لاپرواہی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ دھماکے کے نتیجے میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، عمارت سے 4 افراد کی لاشیں ملی تھیں، جب کہ 2 زخمی بعد میں دم توڑ گئے تھے۔