Tag: صدرمملکت

  • وزیراعظم اور صدر مملکت کا اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی پیغام

    وزیراعظم اور صدر مملکت کا اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی پیغام

      اسلام آباد: وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو ملکی آئین میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی، سماجی حقوق حاصل ہیں، اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتاہے، ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیاہے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں مختص کی گئی ہیں، اقلیتی طلبا کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کیلئے فنڈز کے اقدامات کیے جارہے ہیں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کریگا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملکی ترقی میں اقلیتوں کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قائداعظم نے 11 اگست 1947 کو اقلیتوں کیلئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کے حوالے سے عملی اقدامات کررہی ہے، آئین کی روشنی میں اقلیتی برادری کیلئے مساوی حقوق یقینی بنارہی ہے، اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق، عزت، جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

  • پاکستان کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: صدر مملکت

    پاکستان کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی کو ملک کا امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    صدر مملکت صدر آصف زرداری نے یوم پاکستان پر پریڈ تقریب سے خطاب میں کہا کہ پوری قوم کو یوم پاکستان مبارک ہو، آج کا دن ہمارے لیے قومی اہمیت کا حامل ہے، اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا۔

    صدرمملکت کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کی دور اندیش قیادت نے جدوجہد سے آزاد ریاست قائم کی، عہد کرتے ہیں پاکستان کی ترقی، سلامتی کو جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، قیام پاکستان سے اب تک ملک مختلف نشیب وفراز سے گزرا۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں، پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط ملک ہے، پاکستان کو مختلف معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے،بے روزگاری اور غربت جیسے بڑے چیلنجز ہیں، خوشی ہے انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہوچکی۔

    صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کا ملکر حل نکالیں، ماضی کی طرح آج بھی پاکستان کو ان چیلنجز سے نکال سکتے ہیں، معاشی مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایس آئی ایف سی قائم کی گئی۔

    صدرمملکت کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف شعبوں میں ترقی لائی جائے گی، انسانی و سائل کی ترقی، زراعت، آئی ٹی و دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، امید ہے ایس آئی ایف سی کا منصوبہ معیشت کیلئے مثبت ثابت ہوگا۔

    صدرمملکت نے کہا کہ قوم مایوس نہ ہو، پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط، خود کفیل بنانے کیلئے پرعزم ہیں، تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتا ہوں مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کریں،  تمام سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات ایک طرف رکھ کر ملکی خوشحالی کیلئے ملکر کام کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے مسائل کے حل، معاشی استحکام کیلئے یکسوئی سے کام کریں، تمام اسٹیک ہولڈرز وطن کی سلامتی، خوشحالی کیلئے ملکر کام کریں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مشکل کی ہرگھڑی میں چین، سعودی عرب و دیگر ممالک نے ہماری مدد کی، چین، سعودی عرب، یواےای، ترکیہ و دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    صدرمملکت نے مزید کہا کہ شاندار پریڈ پر پریڈ کمانڈر اور منتظمین کو مبارکبارد پیش کرتا ہوں، آزادی کی راہ میں قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بہادر مسلح افواج دفاع پاکستان کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا قیام امن اور دہشتگردی کیخلاف ہماری قربانیوں کی معترف ہے، قومی اتفاق رائے سے مؤثر حکمت عملی، صوبوں اور وفاق میں بہتر روابط کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، کسی کو ملک کا امن سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ بھارتی توسیع پسندانہ عزائم ہیں، جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے بھی خطے میں عدم استحکام ہے، غیر قانونی بھارتی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام 77 سال سے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

  • چیف الیکشن کمشنر کا صدرمملکت سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ

    چیف الیکشن کمشنر کا صدرمملکت سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات نہیں کرنے کا فصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کے خط کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں قانونی ٹیم نے آئینی و قانونی پر بریفنگ دی۔

    قانونی ٹیم نے بریفنگ میں کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت صدر سے انتخابی شیڈول پرمشاورت ضروری نہیں، قانونی ٹیم نے صدر مملکت سے مشاورت نہ کرنے کی تجویز دی۔

    انتخابات کی تاریخ کیلیے صدر مملکت کی چیف الیکشن کمیشنر کو ملاقات کی دعوت

    جس کے بعد اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صدر مملکت کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، اجلاس میں صدر مملکت سے مشاورت کیلئے نہیں جائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو عام انتخابات کی مناسب تاریخ طے کرنے کے لیے ملاقات کی دعوت دی تھی۔

  • ’صدرمملکت  نے بل نظرثانی کیلئے واپس بھیج کر ثابت کردیا وہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ہیں‘

    ’صدرمملکت  نے بل نظرثانی کیلئے واپس بھیج کر ثابت کردیا وہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ہیں‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صدرمملکت ملک کے صدر نہیں بلکہ ابھی بھی تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ہیں۔

    وفاقی وزیر و سینیٹر اور پی پی رہنما شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ صدرمملکت  نے سپریم کورٹ بل نظرثانی کیلئے واپس بھیج کرثابت کردیا کہ وہ ملک کے صدر مملکت نہیں بلکہ ابھی بھی تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے ہر فیصلے کو تحریک انصاف کی نظر سے دیکھا ہے، وہ تو بل موصول ہونے سے پہلے ہی ایک انٹرویو میں اس پر اپنا موقف دے چکے تھے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پارٹی پالیسی کی پیروی کر رہے ہیں، صدر کے آئینی عہدے کی نہیں، صدرکہہ رہےہیں کہ یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے؟ ساڑھے 3 سال وہ صدر ہاؤس کو آرڈیننس فیکٹری کی طرح چلاتے رہے۔

     شیری رحمان نے مزید کہا کہ صدر پارلیمنٹ کے اختیارات سے کیسے واقف ہو سکتے ہیں، صدر مملکت پارلیمنٹ کو قانون سازی نہ سکھائیں۔

    واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرٹیکل 75 کےتحت پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پارلیمنٹ کو واپس بھجوایا اور کہا بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔

    عارف علوی نے کہا کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے، بل قانونی طور پر مصنوعی، ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے، بل درستگی سے متعلق جانچ پڑتال کیلئے دوبارہ غور کرنےکیلئے واپس کرنا مناسب ہے۔

  • پنڈورا پیپرز میں 700 پاکستانیوں کے نام  ، صدرمملکت نے بڑا مطالبہ کردیا

    پنڈورا پیپرز میں 700 پاکستانیوں کے نام ، صدرمملکت نے بڑا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد : صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے مطالبہ کیا ہے کہ پنڈواپیپرز میں آنے والے 700پاکستانی شخصیات کی غیرقانونیت اور پیسے کے ذرائع کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاناما ،پیراڈائز،اب پنڈواپیپرز نے ہزاروں آف شورکمپنیوں کی تصدیق کی، یہ آف شورکمپنیاں لوٹی دولت کی منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئیں، 700پاکستانی شخصیات کی غیرقانونیت، پیسے کے ذرائع کی تحقیقات ہونی چاہیے ، لوٹی ہوئی رقم واپس لائی جائے لیکن ان ٹیکس پناہ گاہوں کا کیا کریں

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی دولت باہر جانے سے روکنے کیلئے نظام بہتر کر رہا ہے، فیٹف نے اس سلسلے میں پاکستان کی مدد کی ہے، ہماری دولت وصول کرنیوالےممالک نےغریبوں کے استحصال سےخودکوامیر کیا، سکندر اورقزاق کےمکالمے میں،علامہ اقبال کے نزدیک، لٹیرے ایک جیسے ہیں۔

  • صدرمملکت نے ہائیرایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس2021 کی منظوری دے دی

    صدرمملکت نے ہائیرایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس2021 کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدرمملکت عارف علوی  نے ہائیرایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس2021 کی منظوری دے دی، جس کے تحت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی  نے ہائیرایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس2021کی منظوری دےدی ، آرڈیننس کا اطلاق 26 مارچ سے ہوگا۔

    آرڈیننس کےتحت ہائیرایجوکیشن کمیشن کی خود مختاری ختم ہوگئی ہےاور ایچ ای سی کےفیصلےوزارت تعلیم کی منظوری سے مشروط کردیئے گئے ہیں۔

    آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی2سال اور ممبران ایچ ای سی کی تعیناتی4سال کیلئے ہوگی، چیئرمین اورممبران ایچ ای سی مزیدایک ٹرم بھی لےسکیں گے۔

    خیال رہے وفاقی حکومت نےسابق چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن طارق بنوری کو26 مارچ کو ہٹایا تھا۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی نے پیپلزپارٹی ایچ ای سی کووزارت تعلیم کےماتحت کرناسازش قرار دے دیا ہے ، سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایچ ای سی آرڈیننس اور اس کےپیچھےچھپے مقاصد کی مذمت کرتےہیں، حکومت نے ایچ ای سی کی خودمختاری ختم کرنےکافیصلہ کس مقصد کے لئے کیا؟

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آپ تعلیم کوایڈہاک بنیادپرآرڈیننس سے نہیں چلاسکتے، آپ کی نیت ٹھیک ہےتوبل لائیں، قانون سازی کریں، ایچ ای سی آرڈیننس کو سینیٹ میں مستردکریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ تسلیم شدہ ادارےکووفاقی حکومت کےماتحت کرناتعلیم دشمنی ہے، نئے ادارے بنانے کے بجائے پرانے اداروں پر قبضہ کیا جارہا ہے، حکومت ایک خود مختار تعلیمی ادارے کو تباہ نہ کرے۔

  • یوم دفاع پرصدرمملکت اوروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    یوم دفاع پرصدرمملکت اوروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا یوم تجدید عہد ہے، 54 سال پہلے پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کےعزائم کو ناکام بنایا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں، ہماری مسلح افواج ہرقسم کے چیلننجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش وجذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔ شہداء کو خراج عیقدت پیش کرنے کے لیے جنرل ہیڈکوارٹرز جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوگی۔

    یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔

  • ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد صدرمملکت نے حلف نامے پردستخط کیے جس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی 5 سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔

    تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیرمحمود حیات شریک تھے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنرسندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

    یاد رہے کہ ڈاکٹرعارف علوی گزشتہ ہفتے ہونے والے صدراتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر ملک کے آئندہ صدرمنتخب ہوئے تھے۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔


    ممنون حسین ایوان صدر سے رخصت‘ الواداعی گارڈ آف آنر


    واضح رہے کہ گزشتہ روزممنون حسین صدارتی مدت پوری ہونے کے بعد سبکدوش ہوگئے تھے۔ صدارتی مدت ختم ہونے پرممنون حسین کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا تھا جبکہ انہوں نے ایوان صدر کے عملے سے الوداعی ملاقاتیں کی تھیں۔

    ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیروترقی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں ہے۔

  • بابائےقوم قائداعظم کے یوم ولادت پرصدرمملکت اوروزیراعظم کا پیغام

    بابائےقوم قائداعظم کے یوم ولادت پرصدرمملکت اوروزیراعظم کا پیغام

    اسلام آباد: قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم ولادت پر صدرمملکت ممنون حسین اوروزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بابائے قوم کوخراج عقیدت پیش کرنےکے لیےان کےافکارپرعمل کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ممنون حسین نے قائداعظم محمدعلی جناح کےیوم ولادت پراپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نےقوم کے لیے اتحاد،ایمان،نظم وضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ بانیان پاکستان کےسبق کوفراموش کرنے سے مسائل پیدا ہوئے، آج کا دن ہمیں قومی حالات کا جائزہ لینے کا درس دیتا ہے۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ مادروطن کی ترقی، خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے گریزنہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ سیاسی، معاشی ، انتظامی مسائل پرقابوپا کرہی ترقی، خوشحالی ممکن ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قائداعظم محمدعلی جناح کی سالگرہ پراپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمارے لیےبحیثیت قوم بہت اہمیت کاحامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اتحاد، ایمان، تنظیم کے رہنما اصول مرتب کیے، آج کے دن ہمیں عظیم قائد کےاصولوں اور مقاصد کاجائزہ لینا ہوگا۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قائداعظم نے جمہوری اصولوں کی بنیاد پرمسلمانان ہند کامقدمہ لڑا۔


    بابائےقوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ کا یوم ولادت آج منایا جارہا ہے


    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 142واں یوم ولادت انتہائی عقیدت واحترام اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • صدرمملکت اور وزیراعظم کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

    صدرمملکت اور وزیراعظم کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

    اسلام آباد : صدرمملکت ممنون حسین اوروزیراعظم شاہدخاقان عباسی نےکرسمس کےموقع پراپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس ہمیں انسانیت کی فلاح کا پیغام دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرسمس کے موقع پرصدرممنون حسین نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی ملک کی ترقی واستحکام کے لیے گرانقدرخدمات ہیں۔

    صدرمملکت نے کہا کہ آئین پاکستان تمام اقلیتوں کوبرابرکے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔


    وزیراعظم کا کرسمس پر پیغام


    وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے مسیحی برادری کو کرسمس پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس ہمیں انسانیت کی فلاح کا پیغام دیتی ہے۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی اقتصادی ومعاشرتی ترقی میں مسیحی برادری کا بڑا کردار ہے، مسیحی برادری کی مثبت کاوشیں ملکی ترقی کیلئےکارآمدہوں گی۔


    پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوارمنارہی ہے


    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان مذہب، عقیدے سے بالاترآزادی پریقین رکھتی ہے، مسیحی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کردارادا کیا۔

    ‌واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔