Tag: صدر آصف زرداری

  • صدر آصف زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوان صدر میں ملاقات

    صدر آصف زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوان صدر میں ملاقات

    اسلام آباد: صدر آصف زرداری اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، ایوانِ صدر میں انکا پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر آصف زرداری نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایوانِ صدر میں پُرتپاک خیرمقدم کیا، اس موقع پر پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں ممالک نے وسیع اور باہمی فائدے کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    پاکستان اور ایران کے صدور کا علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا، دونوں رہنماؤں نے تنازعات بڑھنے سے روکنے اور امن کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان اور ایران خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کیلئے ملکر کام جاری رکھیں گے۔

    آصف علی زرداری نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہا، انھوں نے خطے میں تعاون کے لیے تہران کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

    صدر نے آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے جموں کشمیر پر بھارتی غیرقانونی قبضے کیخلاف عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، آصف زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی۔

    پاکستانی صدر نے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا، آصف زرداری نے مشکل وقتوں میں ایران کی یکجہتی پر شکریہ بھی ادا کیا۔

  • صدرمملکت، وزیراعظم سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی ملاقات

    صدرمملکت، وزیراعظم سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی کی ملاقات ہوئی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بغیر ثبوت پہلگام واقعے کو پاکستان سے منسلک کرنا مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے پس پردہ حقائق کا پتہ لگانے کیلئے عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، تمام صورتحال میں پاکستان نے انتہائی ذمہ داری سے کام لیا۔

    شہبازشریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت میڈیا کے ذریعے بےبنیاد پروپیگنڈا کررہا ہے، جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، کوئی فریق سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔

    وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے اشتعال انگیز رویے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، ملاقات میں خطے میں امن واستحکام کیلئے ایران کےساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    دریں اثنا صدرمملکت آصف علی زرداری سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات کی ہوئی، ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص پہلگام واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، صدر نے خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان کا دورہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ہدایات پر کیا، موجودہ صورتحال پر پاکستان کا موقف سمجھتے ہیں،

    عباس عراقچی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ایران پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے کشیدگی کم کرنے کیلئے فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔

    https://urdu.arynews.tv/pm-shehbaz-sharif-invites-britain-to-join-international-investigation-into-pahalgam-incident/

  • صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    کراچی: صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے انھیں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کو رات گئے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، رات گئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔

    ذرائع پی پی نے بتایا کہ آصف زرداری کا علاج جاری ہے، نجی اسپتال میں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بخار اور انفیکشن کے لیے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صدر مملکت کو بخار محسوس ہو رہا تھا۔


    بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے عید کے دن کوئی ملنے جیل نہیں آیا


    ڈاکٹروں کے مطابق میڈیکل رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کلفٹن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں پولیس اور قانون نافد کرنے والے ادارے سیکیورٹی پر موجود ہیں۔

  • صدر آصف زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    صدر آصف زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : صدر آصف زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، صدر کے خطاب سے نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہہ پہر 3بجے ہوگا، صدر مملکت شوری کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، صدر کے خطاب سے نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے، صدر کے خطاب کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

    صدر مملکت اپنے خطاب میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کریں گے، تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھی اجلاس کی کارروائی دیکھنےکی دعوت دی گئی ہے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

    ایوان صدر ذرائع نے بتایا کہ مشترکہ اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں یہ 16 ویں قومی اسمبلی کا 14 واں اجلاس ہوگا ، جس میں حکومتی پالیسیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔

    صدر مملکت کی تقریر کے مختلف نکات تیار کئے گئے ہیں، مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب ایک آئینی تقاضہ ہے، عوامی فلاح بہبود کے حوالے سے بعض تجاویز بھی خطاب میں شامل ہیں۔

    صدر مملکت کے خطاب میں خارجہ امور ، سیاست ،ملکی معیشت عوامی فلاح بہبود کے مختلف پہلووں کا احاطہ شامل ہے جبکہ عوامی ریلیف کے پیکج کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔

    پارلیمنٹ میں قانون سازی کی بہتری کے لیے بھی تجاویز صدر کے خطاب کا حصہ ہیں جبکہ عوامی فلاح بہبود کے حوالے سے حکومت کے سامنے اپنی تجاویز رکھ سکتے ہیں۔

    صدر کے خطاب پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث ہو گی، آصف زرداری 8 ویں بار خطاب کرنے والے پہلے صدر ہوں گے، وہ اس سے قبل 7 مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کر چکے ہیں۔

    آصف زرداری نے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب 28 مارچ 2009 کو سے خطاب کیا تھا جبکہ ضیاء الحق، پرویز مشرف ،غلام اسحاق خان ، سابق صدرور فاروق لغاری ،عارف علوی بھی خطاب کر چکے ہیں۔

    پرویز مشرف نے صرف ایک بار ، عارف علوی نے تین بار ، ضیاء الحق اور غلام اسحاق خان نے پانچ پانچ مرتبہ، فاروق لغاری نے 3 مرتبہ اور رفیق تارڑ نے 2 بار مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

    پاکستان میں پہلا صدارتی خطاب 25 مارچ 1956 کو میجر جنرل اسکندر مرزا نے کیا یہ روایت 1973 کے آئین کی منظوری کے بعد دوبارہ بحال کی گئی۔

  • ترک صدر کا آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کو الیکٹرک گاڑی کا تحفہ

    ترک صدر کا آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کو الیکٹرک گاڑی کا تحفہ

    اسلام آباد: ترک صدر کی جانب سے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو الیکٹرک گاڑی کا تحفہ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ پاکستان پر تشریف لانے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے صدر اور وزیراعظم کو ترک ساختہ الیکٹرک وہیکل تحفے میں دی، وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر طیب اردوان کے ہمراہ الیکٹرک گاڑی ڈرائیو بھی کی۔

    ایوان صدر آمد پر صدرمملکت نے ترک ہم منصب کا استقبال کیا جبکہ طیب اردوان، ترک خاتون اول اور وفد کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    دونوں ممالک کی جانب سے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، تجارت، معیشت، توانائی، دفاع، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بہتر بنانے کا عزم کیا گیا۔

    صدر آصف زرداری نے کہا کہ صدر اردوان کا دورہ پاکستانی عوام کےلیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، ترک صدر کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےلیے سازگار ماحول ہے، پاکستان ترکیہ کے کاروباری اداروں کی مزید سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

  • 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری: پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر

    1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری: پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر

    کراچی : چینی وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات میں پاکستان میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آصف زرداری سے بلاول ہاؤس میں چینی کاروباری وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، چین کے کونسل جنرل نے بھی شرکت کی۔

    صدر نے پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کےدرمیان اقتصادی ،تجارتی تعاون فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کےعوام بالخصوص سرمایہ کاروں کےدرمیان روابط بڑھانا ہوں گے۔

    چینی وفد نے پاکستان میں میڈیکل سٹی کے قیام کیلئے 1 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری میں دلچسپی کااظہار کیا ، وفد نے زراعت،لائیو اسٹاک، توانائی، ٹرانسپورٹ اور مینوفیکچرنگ میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر صدرآصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اورچین کےدرمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور چین کےاہم امورپر مشترکہ مفادات ،خیالات ہیں، پاکستان اورچین کےدرمیان کئی دہائیوں پر محیط گہری دوستی ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ گوادرپورٹ کوعلاقائی تجارتی اوراقتصادی حب کےطورپر ترقی دینامیرا وژن تھا،گوادر بندرگاہ سے علاقائی تجارت اوراقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور کاروبار کو ترجیح دے گا، پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اورمدد فراہم کرنے کیلئےپرعزم ہے،سندھ میں چینی زبان کےکورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔

    فائلر یا نان فائلر

  • صدر آصف زرداری نے وفاقی محتسب کے فیصلے کیخلاف شہری کی درخواست منظورکرلی

    صدر آصف زرداری نے وفاقی محتسب کے فیصلے کیخلاف شہری کی درخواست منظورکرلی

    صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کےخلاف شہری فہیم احمد کی درخواست منظور کرلی، آصف علی زرداری نے ایک ماہ میں تقرری کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرآصف زرداری نے سی اے اے کو متوفی ملازم کے بیٹے کی ایک ماہ میں تقرری کی ہدایت بھی کردی ہے، فہیم احمد نے سی اے اے کیخلاف ’’متوفی ملازمین‘‘ کے کوٹے پر تقرری نہ کرنے کی شکایت کی تھی۔

    صدر مملکت نے کہا کہ 1999 میں والد کی وفات کے وقت شکایت کنندہ کی عمر صرف 6 سال تھی، شہری نے 2005 کی پالیسی کے تحت عمر پوری ہونے کے بعد تقرری کی درخواست دی، پالیسی متعارف ہونے سے قبل فہیم احمد تعینات ہونے کا اہل نہیں تھا۔

    آصف زرداری نے کہا کہ یہ پالیسی کے ماضی میں اطلاق کے بجائے مستقبل میں اطلاق کا معاملہ ہے، متوفی ملازم کے بیٹے کو اشتہار کی رسمی کارروائی کے بغیر محکمے میں تعینات کیا جانا تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا دعویٰ موجودہ کیس میں قانونی طور پر درست نہیں، درخواست گزار نے پالیسی متعارف کرانے کے بعد بلوغت کی عمر حاصل کی، سول ایوی ایشن اتھارٹی ایک ماہ میں قانون کے مطابق فہیم احمد کی درخواست پر کارروائی کرے۔

    تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ فہیم احمد کے والد اتھارٹی کے ملازم تھے، 1999 میں انکا کینسر کے باعث انتقال ہوا، والد کی وفات کے وقت شکایت کنندہ نابالغ تھا، تقرری کی درخواست نہیں دے سکتا تھا۔

    نوکری کی درخواست دینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے درخواست مسترد کردی، فہیم احمد نے شکایت کے حل کےلیے اتھارٹی سے رجوع کیا مگر کوئی ازالہ نہ ہوا، فہیم احمد نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا، محتسب نے بدانتظامی ثابت نہ ہونے پر درخواست مسترد کردی۔

    شکایت کنندہ نے فیصلے کےخلاف صدر مملکت کو اپیل کی، اس کی درخواست منظورکرلی گئی، صدر مملکت نے اتھارٹی کو ایک ماہ میں قانون کے مطابق تقرری کی درخواست پر کارروائی کا حکم دیا ہے۔

  • چین کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منانا خوش آئند ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    چین کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منانا خوش آئند ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 75ویں یوم تاسیس پر کہا ہے کہ چین کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منانا خوش آئند ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا چین کی یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت اور عوام کو یوم تاسیس پر مبارکباد بھی دی۔

    انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مسلسل چینی تعاون قابل تحسین ہے، چین نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے ہمیشہ احسن کردار ادا کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہانگ کانگ، تائیوان اور دوسرےعالمی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے۔

    چین کے75ویں یوم تاسیس پر تقریب سے خطاب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور معاشی میدان میں ترقی کے سنگ میل عبور کیے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آ زمائش کی ہرگھڑی میں مضبوط دوست رہے ہیں، کمیونسٹ پارٹی کی وژنری قیادت میں چین ترقی کی منزلیں عبورکررہا ہے، سی پیک منصوبوں سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

  • صدر آصف زرداری کا ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

    صدر آصف زرداری کا ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

    پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پر انعامات کی بارش جاری ہے، صدر زرداری نے بھی 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

    قومی ہیرو اولمپئن ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام باد میں منعقد ہوئی، صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے جیولین تھروور ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کے ساتھ ساتھ خطیر انعامی رقم کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    صدر سے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جس میں صدر نے ایتھلیٹ کیلئے اپنی طرف سے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا، اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سرفخر سے بلند کیا۔

    انھوں نے کہا کہ ارشد نے ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثرکیا ہے، صدر نے جیولین تھروور کی کامیابی اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو بھی اسکالر شپ دی جانی چاہیے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ امید ہے ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں سندھ حکومت کو 25 کروڑ روپے کا حصہ ڈالنے کے لیے کہوں گا، صدر نے کوچ سلمان اقبال بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

    اس سے قبل ایوان صدر میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی تقریب ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے فخر پاکستان ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کیا۔

    اس پروقار تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا، بیورو کریٹس اور ارشد ندیم کے اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔

  • موسیٰ خیل میں 23 مسافروں کا بہیمانہ قتل: صدر مملکت سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی  شدید مذمت

    موسیٰ خیل میں 23 مسافروں کا بہیمانہ قتل: صدر مملکت سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی شدید مذمت

    اسلام آباد :صدر آصف زرداری ، وزیرداخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے موسیٰ خیل میں 23 مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں تیئس مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

    صدر آصف زرداری نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملےمیں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا۔

    آصف زرداری نے کیا کہ بے گناہ انسانوں کاظالمانہ قتل پوری انسانیت کاقتل ہے، دہشت گردملک وقوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کےقتل میں ملوث دہشتگردوں کوکیفرکردارتک پہنچاناہوگا۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے تیئس افراد کے قتل کو قابل افسوس قرار دیا۔

    وزیرداخلہ نے کہا دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کرسفاکیت کی انتہا کی، دہشت گرد اورسہولت کار عبرتناک انجام سےبچ نہیں پائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسزکےساتھ زندگی کے ہرطبقے نے قربانیاں دیں۔۔حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہارکرتی ہے اور سوگوارخاندانوں کےغم میں برابرکی شریک ہے۔

    وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے دہشت گردوں کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔

    عطاتارڑ نے کہا کہ دہشت گردوں نےمعصوم مسافروں کو نشانہ بناکر بربریت کا مظاہرہ کیا، ملوث دہشت گرد اور سہولت کارعبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی  23 بےگناہ افرادکےقتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی واظہار تعزت کیا۔

    گورنرپنجاب سلیم حیدرکی دہشت گردی کےواقعےکی مذمت کرتے ہوئے 23مسافروں کےجاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا معصوم لوگوں کونشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کےواقعےپردکھ اور افسوس کااظہار کیا۔

    سرفرازبگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، دہشت گرد اور سہولت کارعبرتناک انجام سےبچ نہیں پائیں گے، بلوچستان حکومت دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کا پیچھا کرے گی۔

    وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے موسیٰ خیل واقعےکی مذمت اور مسافروں کے جاں بحق ہونےپرافسوس کااظہارکیا اور کہا ہم سوگوارخاندانوں کےغم میں برابر کے شریک ہیں

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے بھی بےگناہ افرادکے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بےگناہ افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کرنابزدلانہ عمل ہے، بےگناہ افراد کے قتل کا کوئی جواز نہیں دیا جا سکتا۔