Tag: صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری

  • صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کا 78ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام

    صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کا 78ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام

    صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام دیا ہے۔

    جشن آزادی 14 اگست 2025 کے موقع پر مادرِ وطن کی 78 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہمیں اس جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ آج ہم اپنے عظیم قائد، قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی کاوشوں اور قربانیوں نے اس خواب کو حقیقت بنایا۔

    آصف زرداری نے کہا کہ اس سال ہم یومِ آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

    معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ یہ کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔

    صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا۔ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس دن ہم بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں، ان کی جرات، انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدو جہد ہمارے دل کے قریب ہے۔ پاکستان ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیروں کو غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔

    صدر زردار نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے اس یومِ آزادی کو اپنی تاریخ کا ایک نیا باب بنا کر اور اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک ایسے پاکستان کے لیے متحد ہوں جو انصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر قائم ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین!

    وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78سال مکمل ہونے پر قوم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائداعظم، علامہ اقبال سمیت تحریک آزادی کے کارکنوں کوسلام پیش کرتا ہوں، تحریک آزادی کے قائدین نے بکھری ہوئی قوم کو ایک فکر، ایک مشن پرمتحد کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ تحریک آزادی کے قائدین نے تاریخ کا دھارا موڑ کر ایک الگ نظریاتی ریاست کے قیام کو ممکن بنایا، گزرے 78سال آزمائش آمیز سفر، اللہ پر کامل یقین اور تابناک مستقبل کی امید کی کہانی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے ہر شعبے میں کامیابیوں، کامرانیوں کے کئی سنگ میل عبور کیے، ہر شعبے میں پاکستانیوں نے اپنی بے مثال عزم وہمت اور علم وہنر کے باب رقم کیے ہیں

    وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم فتح نے 78ویں یوم آزادی کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے، معرکہ حق میں عظیم فتح نے پاکستانیوں کے دل میں ایک نئی امنگ اور جذبہ بھی بیدار کردیا، معرکہ حق میں عظیم فتح سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں، ہماری بہادر مسلح افواج نے بنیان مرصوص بن کر دشمن کے غرور کا بُت پاش پاش کردیا

    انھوں نے کہا کہ ہمارے شیروں اور شاہینوں کی بہادری نے دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ آزادی کی ٹھنڈی چھاؤں فراہم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، معرکہ حق صرف عسکری فتح نہیں تھی بلکہ دوقومی نظریے کی صداقت کی بھی جیت تھی۔

    ہم اپنے دفاع، آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کیلئے اسی جذبے سے آگے بڑھیں گے، ہم خطے، دنیا میں پرامن بقائے باہمی، بات چیت کے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو بھی اسی جذبے سے جموں وکشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کی طرف آنا ہوگا، حکومت ملک کوعصرحاضر کے نئے معاشی وصنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ تمام پالیسیوں اور پروگراموں سے قطع نظر پاکستان کے عروج کے پیچھے اصل قوت ہمارا اتحاد ہے، دفاع کی طرح معاشی طور پر ناقابل تسخیر ہونا قومی دفاع اور سالمیت کےلیے بڑی ضرورت ہے۔