Tag: صدر آزاد کشمیر

  • کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے: سردار مسعود خان

    کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے: سردار مسعود خان

    اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا نقشہ تبدیل کردیا اور کشمیر کو اپنے ساتھ شامل کرلیا، کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال اگست میں بھارت نے کشمیر پر ایک اور حملہ کیا، بھارت نے کشمیر کو اپنے ساتھ شامل کرلیا۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کا نقشہ تبدیل کردیا، پاکستان نے چین کی مدد سے معاملے کو اٹھایا، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آواز بلند کی۔

    انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل نے کچھ نہیں کیا، سیکیورٹی کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا اجلاس اس بار پھر ہو رہا ہے۔ پاکستان، ترکی اور دیگر ممالک کشمیر کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ایجنڈے میں کشمیر نہیں، ہمیں احمقوں کی جنت میں نہیں رہنا چاہیئے۔ وزیر اعظم گزشتہ سال کی طرح کشمیر پر کھل کر بولیں گے۔ کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے۔

  • بھارت 47 لاکھ انتہا پسندوں کا گروپ تیار کر رہا ہے: صدر آزاد کشمیر

    بھارت 47 لاکھ انتہا پسندوں کا گروپ تیار کر رہا ہے: صدر آزاد کشمیر

    اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت 47 لاکھ افراد انتہا پسند گروپ کی صورت میں تیار کر رہا ہے، ہندوستان نے جو جرائم سرزد کیے صدیوں تک اس کا جواب دینا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت کی کوشش ہے کشمیر کے لوگ آپس میں لڑ پڑیں، ان کی کوشش ہے آزاد کشمیر اور پاکستان کے درمیان کوئی تصادم ہو۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی سازشوں کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے، ہمارا مقابلہ فسطائی حکومت کے ساتھ ہے۔ ہندوستان نے جو جرائم سرزد کیے صدیوں تک اس کا جواب دینا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت 4 لاکھ افراد انتہا پسند گروپ کی صورت میں تیار کر رہا ہے۔ کشمیری رونا دھونا بند کریں اور اپنی تقدیر اپنے ہاتھوں میں لیں۔ ہمارے پاس ہندوستان کے خلاف تمام شواہد موجود ہیں۔

    مسعود خان نے کہا کہ ہم ہندوستان سے انتقام لیں گے، صدیوں تک کے ظلم کا حساب لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت انتہا پسند گروپ کے پاکستان میں گھسنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین فوج میں ہوتا ہے۔ سنہ 1947 کا جذبہ اپنانا ہوگا۔

    مسعود خان نے مزید کہا کہ ناکامی پر رونے کے بجائے کامیابی کا جشن منانے کے لیے راہ ہموار کریں۔

  • مسئلہ کشمیر علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، مسعود خان

    مسئلہ کشمیر علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، مسعود خان

    لندن : صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، عالمی برادری کشمیر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر علاقائی امن کے لیے مستقل خطرہ ہے۔

    سردار مسعود خان نے کہا کہ برطانیہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کے تنازعے کو عالمی قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔

    صدر آزاد کشمیر نے کہ عالمی ذرائع ابلاغ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-A کی یکطرفہ منسوخی کو مسترد کرتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک شروع کردی ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم وجبر کا آج 77واں روز ہے،ذرائع نقل وحمل اور ہر طرح کے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

    قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل کردیا ہے، وادی میں کھانے پینے کی چیزوں، ادویات اور دیگر ضرورت کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

  • بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے: صدر آزاد کشمیر

    بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے: صدر آزاد کشمیر

    برسلز: آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کیا۔ مسعود خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے، عالمی برادری بھارت پر تجارتی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ میں 17 ستمبر کو کشمیر کی صورتحال پر بحث ہوگی، مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارت کے خلاف تجارتی اور سفری پابندیاں عائد کی جائیں۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے، بھارت پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار کے استعمال کی دھمکی دے رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کے خلاف ٹھوس سیاسی اور سفارتی اقدامات کرے۔

  • بھارت چاہے اپنی پوری فوج لگالے ہر صورت میں آزادی لے کر رہیں گے، صدر آزاد کشمیر

    بھارت چاہے اپنی پوری فوج لگالے ہر صورت میں آزادی لے کر رہیں گے، صدر آزاد کشمیر

    اسلام آباد : آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت چاہے اپنی ساری فوج مقبوضہ کشمیر میں لگا لے پھر بھی ہم آزادی لے کر رہیں گے، دنیا میں بالآخر ہمارا بیانیہ سچا مان لیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    صدرآزاد کشمیر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پانچ اگست کے بعد عالمی اخبارات میں کشمیریوں کی آواز سنی گئی،
    یہ جنگ مقبوضہ کشمیر کی نہیں بلکہ خطے کے امن واستحکام کی جنگ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں دس ہزار افراد بشمول بچوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جارحیت ہندوستان نے کی مگر ہم اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں، چاہے بھارت اپنی ساری فوج مقبوضہ کشمیر میں لگا لے پھر بھی ہم آزادی لے کر رہیں گے۔

    مسعود خان نے مزید کہا کہ حق کا ساتھ دینے پر بھارت کے باضمیر افراد کو سلام پیش کرتا ہوں، دو طرفہ مذاکرات سے نتائج حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے، دنیا میں بالآخر ہمارا بیانیہ سچا مان لیا گیا، پوری دنیا کے میڈیا نے پہلی مرتبہ بھارت اور مودی کو دہشت گرد کہا۔ ہم کشمیر کو ہندواتوا کا نشانہ نہیں بننے دیں گے۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسائل انتہائی نازک ہیں وہاں انٹرنیٹ، فون اور اطلاعات کا بند ہونا تشویشناک ہے۔ کشمیریوں کو اطلاعات تک رسائی نہ ہونے سے انتہائی گھمبیر مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔

  • عوام کی مرضی کے بغیر کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا درست نہیں، مسعود خان

    عوام کی مرضی کے بغیر کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا درست نہیں، مسعود خان

    مظفرآباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی مرضی کے بغیر کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا درست اقدام نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ برصغیر کے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔

    مسعود خان نے کہا کہ بھارت کشمیر کے مسئلے پر خطے کے امن کو تباہ یا برصغیر کو جنگ میں دھکیلنے کے لیے جارحانہ کارروائیاں کرسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوج کی تعیناتی پر پاکستان اور عالمی برادری دونوں کو شدید تشویش ہے۔

    صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی مرضی کے بغیر کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا درست اقدام نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

  • بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا اور کشمیریوں کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے‘صدرآزاد کشمیر

    بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا اور کشمیریوں کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے‘صدرآزاد کشمیر

    گلگت: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز جماعتوں پر بھی واضح ہو گیا ہے کہ کشمیر پر بھارت کی حیثیت ایک قابض ملک سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے لیے تشکیل کردہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا جو اقدام اٹھایا ہے اس سے اس کا گھناؤنا چہرہ دنیا اور کشمیریوں کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر ایک مقبوضہ علاقہ ہے جہاں بھارت آٹھ لاکھ فوج کے ساتھ پرامن کشمیریوں کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے۔ دفعہ 370بھارت نے بھارت نواز جماعتوں کی وفاداریاں خریدنے کےلئے بھارتی آئین کا حصہ بنائی تھی لیکن آج مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز جماعتوں پر بھی واضح ہو گیا ہے کہ کشمیر پر بھارت کی حیثیت ایک قابض ملک سے زیادہ کچھ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 91اور 122کی کھلی خلاف ورزی اور جموں وکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی بھی نفی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہلی کے حکمرانوں کے اس اقدام کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ سفارت کاری اور ثالثی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کو سبوتاژ کیا جائے۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کے اس قابل مذمت قدم سے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی مزید زور پکڑے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ بھارت کے جنگی جنون کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    آرٹیکل 370 کیا تھا؟ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو کیا نقصان ہوگا؟

    یاد رہے کہ بھارتی پارلیمنٹ میں آج وہاں کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے مقبوضہ کشمیر کے لیے آئین میں خصوصی طور پر موجود آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کردیے، اس آرٹیکل ختم ہونے سےکشمیر کی ڈیمو گرافی کو شدید نقصان پہنچے گا۔

    آرٹیکل 370 ختم ہونے سے کشمیر کی بھارتی آئین میں جو ایک خصوصی حیثیت تھی ، وہ ختم ہوگئی ہے اور اب غیر کشمیری افراد علاقے میں جائیدادیں خرید سکیں گے اور سرکاری نوکریاں بھی حاصل کرسکیں گے۔

    یاد رہے اس بل کو لانے سے قبل ہی بھارت نے بھاری تعداد میں اپنی تازہ دم فوجیں مقبوضہ کشمیرمیں اتاردی تھیں جس کے سبب وہاں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے ، لوگ گھروں میں محصورہوکررہ گئے، کشمیری رہنما محبوبہ مفتی،عمرعبداللہ اورسجاد لون سمیت دیگر رہنماؤں کوبھی نظربند کردیاگیا ہے۔

    مقبوضہ وادی میں دفعہ ایک چوالیس نافدکر کےوادی میں تمام تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بنداور لوگو ں کی نقل وحرکت پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے، سری نگر سمیت پوری وادی کشمیرمیں موبائل فون،انٹرنیٹ،ریڈیو، ٹی وی سمیت مواصلاتی نظام معطل کردیاگیا ہے جبکہ بھارتی فورسز کےاہلکاروں نےپولیس تھانوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔