Tag: صدر دھماکے

  • سی ٹی ڈی صدر دھماکے میں ملوث  دہشت گرد اللہ ڈنو کی آڈیو کال سامنے لے آئی ، تہلکہ خیز انکشافات

    سی ٹی ڈی صدر دھماکے میں ملوث دہشت گرد اللہ ڈنو کی آڈیو کال سامنے لے آئی ، تہلکہ خیز انکشافات

    کراچی : سی ٹی ڈی حکام صدر دھماکے میں ملوث ہلاک دہشت گرد اللہ ڈنو کی آڈیوکال سامنے لے آئی اور بتایا کہ دہشت گرد اللہ ڈنو کو پیسہ را سے مل رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ وہاب اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خرم علی کی سربراہی میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے ویڈیو اور آڈیو شواہد کے ذریعے کراچی میں آئی ای ڈی دھماکے میں اللہ ڈنو کے ملوث ہونے کے شواہد شیئر کیے۔

    سی ٹی ڈی حکام نے مارے گئے دہشت گرداللہ ڈنو کی آڈیو کال بھی سنائی ، جس میں دہشت گرد اللہ ڈنو اور اس کے سرغنہ اصغر شاہ کو بات کرتے سنا جاسکتا ہے۔

    سی ٹی ڈی اہلکار نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ اللہ ڈنوکل کارروائی میں ماراگیا، وہ گزری کےعلاقے میں رہائش پذیر تھااور نواب بھی اس کیساتھ تھا۔

    خرم علی کا کہنا تھا کہ اللہ ڈنو صدر دھماکےمیں ملوث تھا اور اس سے متعلق ٹھوس شواہدموجود تھے اللہ ڈنو پربھٹ شاہ میں مقدمہ درج تھا اور پہلےگرفتار بھی ہوچکا تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم ایران سےتربیت لےکرآیاتھا اور ایران میں اپنی تنظیم سے رابطے میں تھا ، اللہ ڈنو کوبیرون ملک مختلف ذرائع سے پونے دو لاکھ روپے وصول ہوئے ۔

    خرم علی نے کہا کہ شواہد یہی مل رہے ہیں دہشت گرد اللہ ڈنو کو پیسہ را سے ہی آرہاتھا، عمر کوٹ کا رہائشی دہشت گرد اللہ ڈنو آئی ای ڈی بنانے کا ماہر تھا جبکہ ریلوے ٹریک دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ صدر دھماکے کے وقت دہشت گرد ساڑھے 5کلو میٹر پیدل چل کر آیا اور ماحول سازگار دیکھا تو صدر میں دھماکا کیا ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تمام فوٹیجز حاصل کیں۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ شواہد ثابت کرتے ہیں کہ حالیہ صدر بم دھماکے میں یہی دہشتگرد ملوث تھا، دہشت گرد ریاست مخالف احتجاج ودیگر سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

    جامعہ کراچی خودکش دھماکے کے حوالے سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی خودکش دھماکے پر انجنسیاں کام کررہی ہیں، جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی تفتیش میں پیشرفت ہوئی، جامعہ کراچی خودکش حملےکی تفتیش سے جلد آگاہ کریں گے۔

  • کراچی ماڑی پور آپریشن: ہلاک دہشت گرد اللہ ڈنو صدر دھماکے کا مرکزی کردار نکلا

    کراچی ماڑی پور آپریشن: ہلاک دہشت گرد اللہ ڈنو صدر دھماکے کا مرکزی کردار نکلا

    کراچی : حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں مارا گیا دہشت گرد اللہ ڈنو صدر دھماکے کا مرکزی کردار نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ماڑی پور میں حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں مارا گیا دہشت گرد صدر دھماکے کا مرکزی کردار نکلا۔

    سی ٹی ڈی ذرائع نے کہا کہ اللہ ڈنو کو صدر دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شناخت کرلیا گیا، اللہ ڈنو ہی بارود سے بھری سائیکل صدر لایا اور ریموٹ سے دھماکہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کالعدم ایس آر اے کے دہشت گرد اللہ ڈنو اور نواب کا تعلق تھرپارکر سے ہے،اللہ ڈنو کو ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کرنے والی فوٹیج میں شناخت کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ آج دہشت گردی کی کارروائی کی تیاری کررہا تھا، حساس ادارے کی ٹیم نے سی ٹی ڈی کے ہمراہ ملزمان کو گرفتار کرنا چاہا تو مقابلہ ہوگیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ملزم قوم پرست پارٹی کا مرکزی رکن بھی تھا، ویڈیو میں ہلاک دہشتگرد کو سائیکل رکھتے اورمشکوک حرکات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

  • کراچی : صدر دھماکے میں ‘اغوا’ ہونے والی لڑکی کا بھی اپنی مرضی سے جانے کا انکشاف

    کراچی : صدر دھماکے میں ‘اغوا’ ہونے والی لڑکی کا بھی اپنی مرضی سے جانے کا انکشاف

    کراچی : صدر دھماکے میں اغوا ہونے والی لڑکی کا بھی اپنی مرضی سے دوست کے ساتھ جانے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرکے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈسٹرکٹ سٹی میں بازیاب ہونے والی لڑکی سویرا کو مبینہ طور پر ساتھ لیجانے والا ملزم گرفتارکرلیا گیا۔

    ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار نے بتایا کہ گرفتار ملزم بازیاب یافتہ لڑکی سویرا کا دوست ہے، لڑکی اپنی مرضی سے ملزم کے ساتھ گئی تھی۔

    ایس ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ ملزم لڑکی کو شادی کے بہانے اپنے ساتھ بھگا کر لے گیا تھا، لڑکی کے انکشاف پر نبی بخش پولیس نے ٹیکنیکل/انٹیلیجنس بیسڈ کاروائی کرکے لڑکے کو گرفتار کیا۔

    شبیرسیٹھار نے کہا کہ ملزم کا نام راج محمد ہے, مزید تفتیش کیلئے ملزم اور بازیاب لڑکی کو پریڈی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز صدر دھماکے میں مبینہ طورپر لاپتہ لڑکی بازیاب ہوئی تھی ، نبی بخش پولیس نےلڑکی کوبازیاب کرایا۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ابتدائی بیان میں پتہ چلا لڑکی اغوا نہیں ہوئی، مزید تفتیش جاری ہے، لڑکی کا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد والدین کےحوالے کردیا جائے گا۔

    یاد رہے چندروزقبل صدر دھماکےمیں15 سالہ سویرالاپتہ ہوگئی تھی ، جس کے بعد بھائی نے لڑکی کےاغواکامقدمہ تھانہ پریڈی میں درج کرایا تھا۔

  • کراچی : صدر دھماکے میں بھگدڑ کے دوران 15 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا انکشاف

    کراچی : صدر دھماکے میں بھگدڑ کے دوران 15 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا انکشاف

    کراچی : صدر دھماکے میں بھگدڑ کے دوران 15 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا انکشاف ہوا، بھائی یاسر نے بہن کے اغوا کا مقدمہ درج کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر دھماکے میں بھگدڑ کے دوران 15 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا انکشاف سامنے آیا۔

    پریڈی پولیس نے بھائی یاسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، بھائی نے بیان میں کہا ہے کہ میری اہلیہ ،بہن اور والدہ پنجاب کالونی سےخریداری کرنےصدر آئے تھے ، خریداری کرکے واپس آرہے تھے کہ دھماکاہوا اور بھگدڑ مچ گئی۔

    مدعہ مقدمے کا کہنا تھا کہ دھماکے سے بھگدڑ مچی تو والدہ گر کر بےہوش ہوگئیں، پندرہ بیس منٹ بعد والدہ کو ہوش آیا تو بہن سویرا غائب تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سویرا کے اغوا کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں دھماکا کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اورتیرہ زخمی ہوگئے تھے۔

    دھماکے میں کئی گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ بم سائیکل میں نصب تھا۔

  • کراچی : صدر  دھماکے میں استعمال ہونے والی سائیکل کی خصوصی تصویر سامنے آگئی

    کراچی : صدر دھماکے میں استعمال ہونے والی سائیکل کی خصوصی تصویر سامنے آگئی

    کراچی : صدر دھماکے میں استعمال ہونے والی سائیکل کی خصوصی تصویر سامنے آگئی ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ سے سائیکل کے ٹکڑے ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکےمیں استعمال ہونے والی سائیکل کی خصوصی تصویر اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکاخیزموادسائیکل کے کیریئر میں نصب کیا گیا تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ سے سائیکل کے ٹکڑے ملے ، ٹکڑوں میں ٹائر، رم، اسٹینڈ، چین اور گیئر شامل ہیں۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جائےوقوعہ سے55اسٹیل بال بیئرنگ بھی ملے، دھماکے سے 2 کاریں مکمل طورپرتباہ ہوگئیں جبکہ 7 کاریں اور 3 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

    رپورٹ کے مطابق دھماکےمیں دیسی طور پرآئی ای ڈی کو تیارکیا گیا جبکہ بال بیئرنگ سمیت ڈھائی کلوبارودی مواد دھماکے میں استعمال ہوا۔

    گزشتہ رات صدر کے علاقے داؤد پوتہ روڈ پر بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل کے پیچھے نصب تھا۔

    بعد ازاں دھماکے کی ذمہ داری سندھو دیش لبریشن آرمی نے قبول کر لی تھی۔