Tag: صدر مملکت

  • صدر مملکت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

    صدر مملکت نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی منظوری دیدی

    اسلام آباد(31 اگست 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے انسدادِ دہشت گردی ترمیمی بل دوہزار پچیس کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کا نیا قانون سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی روکنے کی صلاحیت مضبوط بنائے گا، اب یہ سیکشن تین سال کے لیے (2025 سے 2028 تک) نافذ العمل ہو گا۔

    اعلامیے کے مطابق قانون میں شفافیت اوراحتساب کو یقینی بنایا گیا ہے، بل میں 3 سالہ سن سیٹ کلاز شامل ہے تاکہ مدت محدود رہے، قانون میں عدالتی نگرانی اورحفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں، یہ قانون پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اہم قدم ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سینیٹ نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دی تھی، جمعیت علماء پاکستان (جے یو آئی) ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے اس بل کی دونوں ایوانوں سے منظوری کو آئین اور جمہوریت کے منہ پر طمانچہ قرار دیا تھا۔

    پاکستان میں انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل کیا ہے؟

    انسداد دہشت گردی ایکٹ (Anti-Terrorism Act – ATA) 1997 پاکستان کا ایک اہم قانون ہے جو دہشت گردی کی روک تھام، تفتیش، مقدمہ چلانے اور سزا دینے کے لیے بنایا گیا تھا، یہ قانون 20 اگست 1997 کو قومی اسمبلی سے منظور ہوا اور صدر فاروق لغاری نے اس پر دستخط کیے تھے۔

    انسداد دہشت گردی ایکٹ ترمیمی بل

    بل کے متن کے مطابق ٹھوس شواہد کے بغیر کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں لیا جا سکےگا، اس میں زیر حراست شخص کی 3 ماہ سے زائد مدت کی حراست کے لیے معقول جواز لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    بل کے تحت سیکشن 11 فور ای کی ذیلی شق ایک میں ترمیم کر دی گئی۔ ترمیمی بل کے مطابق مسلح افواج یا سول آرمڈ فورسز کسی بھی شخص کو 3 ماہ تک حفاظتی حراست میں رکھنےکی مجاز ہوں گی۔ ملکی سلامتی، دفاع، امن و امان کے لیےکسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جاسکےگا۔ اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جاسکےگا۔

  • فرنٹیئر کانسٹیبلری ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

    فرنٹیئر کانسٹیبلری ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

    اسلام آباد (14 جولائی 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا۔

    آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، ملک بھر میں ایف سی کا دائرہ اختیار بڑھانے کا آرڈیننس جاری کیا جا رہا ہے، ایف سی ایکٹ 1915ء میں ترامیم منظوری کے بعد آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔

    آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری چاروں صوبوں، اسلام آباد میں کام کرنے کا اختیار رکھے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کوآزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان میں بھی کام کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔

    فیڈرل کانسٹیبلری کا انسپیکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی، فیڈرل کانسٹیبلری سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے اور ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر تعینات کیا جائے گا۔

    ڈویژنل ونگ کمانڈر کا رینک ڈپٹی انسپیکٹر جنرل کے برابر ہوگا، وفاقی حکومت لاء اینڈ آرڈر کے حصول کے لیے وفاقی ریزرو فورس بھرتی کر سکے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کی ذمہ داری فسادات کنٹرول، داخلی سیکیورٹی، کاونٹر ٹیررزم اور تحفظ کی ہو گی۔

    آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کا ایک سیکیورٹی ڈویژن اور دوسرافیڈرل ریزرو ڈویژن ہوگا، فیڈرل کانسٹیبلری میں بھرتی  کے لیے ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں گے اور تنظیم نو فریم ورک کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کی کمانڈ پولیس سروس کے افسران کرینگے۔

  • یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    یوم تکبیر کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پیغام

    صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کا عزم دہرایا ہے۔

    صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک قابل اعتماد اورکم از کم دفاعی صلاحیت پر مبنی ہے جو امن کا ضامن ہے جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کا خواہاں نہیں ہے اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے سامنے بھرپور تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی سفر کو سراہا اور ملک کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کیلئے اتحاد اور پختہ عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیراعظم نے اس سال یوم تکبیر کو پاکستان کی اس حالیہ کامیابی کے ساتھ منسلک قرار دیا جس میں پاکستان نے بھارت کی طرف سے مسلط کی گئی بلاجواز جنگ کے خلاف کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔

    انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم تکبیر کے ملکی دفاع کے جذبے کو معاشی ترقی کے سفر میں بھی برقرار رکھیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔

    بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا تاریخی اعلان کیا۔

    ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ”یوم تکبیر”کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

    پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

    پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ1998 میں 3، 3ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔

    یوم تکبیر پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

    مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

  • کراچی سینٹرل جیل میں صدر مملکت کی صحتیابی کے لیے قرآن خوانی اور دعا

    کراچی سینٹرل جیل میں صدر مملکت کی صحتیابی کے لیے قرآن خوانی اور دعا

    کراچی سینٹرل جیل میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لیے قرآن خوانی اور دعا کرائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل کی مدینہ مسجد میں ہونے والی تقریب میں ڈی آئی جی جیل کراچی محمد حسن سھتو،ا یس ایس پی عبدل کریم عباسی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    سینٹرل جیل کی مدینہ مسجد میں اعلیٰ جیل حکام کی موجودگی میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحتیابی کے لیے قرآن خوانی اور دعا کرائی گئی ہے۔

    صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    خیال رہے کہ صدر آصف زرداری کو نواب شاہ سے کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے میڈیکل ٹیسٹ کیےگئے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری کو انفیکشن اور بخار کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں ٹیسٹ کے بعد ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

    طبعیت خراب ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی صدر مملکت آصف زرداری سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی تھی۔

     وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، اللہ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے، دوسری جانب ورنرسندھ کامران ٹیسوری نے صدر مملکت آصف زرداری کے معالج ڈاکٹر عاصم کو ٹیلی فون کیا اور صدر کی خیریت معلوم کی، ساتھ ہی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  • صدر آصف زرداری کورونا میں مبتلا

    صدر آصف زرداری کورونا میں مبتلا

    کراچی: صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ صدر آصف زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، صدر مملکت کو آئسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ ماہرین کی ٹیم آصف زرداری کی دیکھ بھال کررہی ہے، ان کی حالت بہتر ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے انھیں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو رات گئے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، رات گئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔

    پی پی ذرائع کے مطابق صدر مملکت کا علاج جاری ہے، نجی اسپتال میں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بخار اور انفیکشن کے لیے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صدر مملکت کو بخار محسوس ہو رہا تھا۔

    صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    ذرائع کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کلفٹن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں پولیس اور قانون نافد کرنے والے ادارے سیکیورٹی پر موجود ہیں۔

  • ہم پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر مملکت

    ہم پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر مملکت

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے ہم ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں پوم پاکستان پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، ہم وطن کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کی گئی آزادی کی حفاظت کرنی ہے اور عہد کرتے ہیں کہ مادر وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کیلیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کوہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو بہت سے جیو پولیٹیکل مسائل کا سامنا ہے۔ ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔ دہشتگرد تنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور افواج ساتھ ساتھ ہیں۔ فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے آشنا کریں گے۔

    صدر مملکت نے کہا قائد اعظم کی قیادت اور اقبال کے خواب نے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا۔ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو۔ ہم مشکلات سے نہیں گھبراتے بلکہ ہم میں مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے سامنے سفر آسان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں۔ سب سے اپیل کرتا ہوں تمام تر توانائیاں ملکی ترقی کیلیے وقف کریں اور اختلاف سے بالاتر ہو کر ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کیلیے کام کریں

    صدر زرداری نے کہا کہ ہماری خارجی پالیسی امن واستحکام پر مبنی ہے۔ ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری سے مضبوط تعلق رکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    صدر مملکت نے یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کمشیر اور مقبوضہ فلسطین کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولے، جو طویل عرصے سے بھارتی مظالم کا شکارہیں۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلیے آواز اٹھائیں گے۔

     

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔

    صدر پاکستان نے غزہ کے نہتے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں نسل کشی روکنے کیلیے فوری اقدامات کرے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-day-is-being-celebrated-with-national-enthusiasm-today/

  • یوم پاکستان اور عیدالفطر، صدر مملکت کا قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی کمی کا اعلان

    یوم پاکستان اور عیدالفطر، صدر مملکت کا قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی کمی کا اعلان

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 180 روز کی خصوصی چھوٹ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی، ایک تہائی قید کاٹنے والے 65 سال سے زائد عمر کے مرد اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

    اس کے علاوہ بچوں کے ساتھ جیل میں موجود خواتین قیدی اور ایک تہائی سزا کاٹ چکنے والے 18 سال سے کم عمر افراد پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔

    سزاؤں میں کمی کا اطلاق  قتل، جاسوسی، ریاست  مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری، ڈکیتی، اغواء، دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔

    سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا، سزا میں کمی کا اطلاق غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا۔

  • بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز  صدر مملکت کے نام منتقل کرنے کی منظوری

    بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز صدر مملکت کے نام منتقل کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز صدر مملکت کے نام منتقل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈسکوز کے حصص صدر مملکت کے نام منتقل کرنے کی منظوری دے دی، جس سے نجکاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ دور ہو گئی۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں وزارت تجارت کی امپورٹ پالیسی آرڈر دوہزار بائیس سے متعلق سمری اور نئے ڈویلپمنٹ بینک کی ممبر شپ کی منظوری دی گئی۔

    این ڈی بی میں پانچ ہزار آٹھ سو بیاسی کیپٹل شیئرز کی خریداری کی توثیق کی گئی جبکہ وزارت پٹرولیم کی سنگاپور میں جوائنٹ ٹریڈنگ کمپنی کے حوالے سے سمری بھی منظور کی گئی۔

    ایک سو تینتیس پی ایس ڈی پی اسکیموں کیلئے انیس اعشاریہ پندرہ ارب روپے کے فنڈز سمیت وزارت ہاؤسنگ کیلئے پانچ ارب چھتیس کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ اور فاٹا میں نادرا کے سہولت سینٹرز کیلئے ایک ارب اکانوے کروڑ چالیس لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

    ایوان صدر کیلئے پانچ گاڑیوں کی خریداری کیلئے آٹھ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔۔

  • مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر مملکت کے اعتراضات سامنے آگئے

    مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر مملکت کے اعتراضات سامنے آگئے

    مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعتراضات سامنے آگئے۔

    ذرائع ایوان صدر کے مطابق مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر مملکت نے اعتراض کیا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت تعلیم صوبائی معاملہ ہے، مدارس کی رجسٹریشن وزارت تعلیم کررہی ہے۔

    ایوان صدر  کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صوبائی معاملہ ہے قومی اسمبلی اس پر قانون سازی نہیں کرسکتی، لکھا جانا چاہیے اس بل کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔

    ایوان صدر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کیلئے پہلے  سے رجسٹریشن کا قانون موجود ہے، اس صورت میں پہلے قانون کو منسوخ کرنا پڑے گا، یہ بھی ابہام ہے پہلے سے قانون کی موجودگی میں دوسرا قانون کیسے بن سکتا۔

  • یومِ دفاع و شہدا: صدر مملکت اور وزیراعظم کا غازیوں اور شہدا کوخراجِ عقیدت پیش

    یومِ دفاع و شہدا: صدر مملکت اور وزیراعظم کا غازیوں اور شہدا کوخراجِ عقیدت پیش

    اسلام آباد : صدرمملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے یومِ دفاع وشہدا پر غازیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ملکی خود مختاری کے دفاع کی جانب غیرمتزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نےیومِ دفاع وشہداپر خصوصی پیغامات دیئے۔

    صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلح افواج قومی خودمختاری،ملکی سالمیت کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیارہیں۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی حالت زارکاازالہ کرکےہی خطےمیں دیرپاامن ممکن ہے۔۔ہم سب دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنےکیلئےسیکیورٹی فورسز کےساتھ ہیں،ادارے بھی دہشت گردی کو شکست دینےکیلئےپوری طرح تیار ہیں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6ستمبرانتہائی اہمیت کا حامل ہے، یوم دفاع ہمارےدفاع اور استقلال کی علامت بن چکا ہے، ہماری افواج کاحوصلہ، فرض سے لگن ہی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شہداکی قربانیوں کی بدولت ہم ایک آزاد،خودمختارمملکت میں زندگی گزاررہےہیں، حکومت تصادم کی بجائے مکالمے،ٹکراؤ کی بجائے تعاون پریقین رکھتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہوناخطےمیں قیام امن،ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، دہشت گردی کی جڑوں کوباہمی تعاون اور مشترکہ مفاد کی حکمت عملی سےاکھاڑنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم نے شہدا ،غازیوں کے خاندانوں کو بھی سلام پیش کرے ہوئے کہا کہ آیئے!شہدا کےجذبے کواپنے دلوں میں بساکرپاکستان کا تحفظ اور تعمیر کریں۔