Tag: صدر مملکت عارف علوی

  • نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کا عمل شروع ، سمری ارسال صدر مملکت کو ارسال

    نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کا عمل شروع ، سمری ارسال صدر مملکت کو ارسال

    اسلام آباد : وزارت قانون نے صدر مملکت عارف علوی کو چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے سمری ارسال کر دی، جس کے بعد صدر مملکت عارف علوی وزیر اعظم کو نئے چیئرمین کے ناموں پر خط لکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قانون نے نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت قانون نےصدر کو چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئےسمری ارسال کر دی، سمری جمعہ کے روز صدر مملکت کو بھیجی گئی۔

    ذرائع وزارت قانون کا کہنا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی وزیر اعظم کو نئے چیئرمین کے ناموں پر خط لکھیں گے۔

    یاد رہے حکومت نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کےعمل کوتیزکرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزیراعظم عمران خان نے وزیر قانون کو احکامات جاری کئے تھے۔

    نئے قانون کے تحت صدر مملکت چیئرمین نیب کی تعیناتی پر وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر سے تحریری مشاورت کریں گے۔

    یاد رہے ذرائع کا کہنا تھا کہ نئے قانون کے تحت صدر پہلے وزیراعظم سے چیئرمین نیب کے لیے نام طلب کریں گے ، جس کے بعد وزیراعظم کی جانب سے چیئرمین نیب کے موصول نام اپوزیشن لیڈرکو بھیجیں گے، نئے چیئرمین کے نام پر اتفاق تک موجودہ چیئرمین نیب کام جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے یکم نومبر کو صدر پاکستان عارف علوی کی منظوری کے بعد تیسرا نیب ترمیمی آرڈیننس جاری کیا گیا تھا ، نئے نیب آرڈیننس میں چیئرمین نیب کو ہٹانے کا اختیارسپریم جوڈیشل کونسل سے واپس لے لیا تھا اور کہا تھا کہ چیئرمین نیب کو ہٹانے کا فورم صدرمملکت ہوں گے۔

    آرڈیننس کے تحت عوام الناس سے دھوکہ اور فراڈ کیسز واپس نیب کے حوالے کر دیے گئے اور مضاربہ کیسز، فراڈ اور دھوکہ دہی کے کیسز کو 6 اکتوبر سے پہلے کی پوزیشن پر بحال کردیا گیا ہے، جس کے بعد نیب اور احتساب عدالتوں کو فراڈ کیسز پر کاروائی کا اختیار دے دیا گیا تھا۔

  • صدر مملکت کی جانب سے شہری کے حق میں بڑا فیصلہ

    صدر مملکت کی جانب سے شہری کے حق میں بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل منظور کر لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی نے ایک شہری کے این او سی فیس کی واپسی کے معاملے میں وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ شکایت کنندہ کو ان کی رقم فوری طور پر واپس کی جائے۔

    واضح رہے کہ مسعود باجوہ نامی شہری نے 2007 میں ایک سی این جی اسٹیشن کھولنے کے لیے این او سی فیس جمع کرائی لیکن انھیں این او سی نہ مل سکا تھا، تاہم رقم ضبط کر لی گئی، جس پر شکایت کنندہ نے رقم واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔

    مسعود نے سی ڈی اے کے خلاف وفاقی محتسب کو 2020 میں درخواست جمع کرائی، لیکن وفاقی محتسب نے شکایت کنندہ کی درخواست زائد المیعاد ہونے پر مسترد کر دی، جس پر شہری نے صدر کو اپنے حق کی خاطر وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل کر دی۔

    شہری سے فراڈ، صدر مملکت نے نجی بینک کی اپیل مسترد کر دی

    صدر مملکت نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو سی این جی اسٹیشن این او سی فیس واپس کرنے کا حکم دیا، اپنے فیصلے میں صدر مملکت نے کہا کہ این او سی فیس کی مد میں ادا کی گئی 11 لاکھ سے زائد رقم شہری کو واپس کی جائے، کسی بھی شخص کو خلاف قانون اپنے مال سے محروم نہیں کیا جا سکتا، آئین ہر شخص کو منصفانہ سلوک کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے۔

    صدر عارف علوی نے فیصلے میں کہا شہری کی خاص مقصد کے لیے جمع کرائی گئی رقم ضبط نہیں کی جا سکتی، سی ڈی اے بورڈ کا فیصلہ 2013 سے پہلے کے کیسز پر لاگو نہیں ہوتا، وفاقی محتسب کے فیصلے میں معاملے کے ان پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا، اس لیے وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد کیا جاتا ہے اور شکایت کنندہ کو رقم واپس کی جائے۔

  • صدر مملکت نے حقوق نسواں سے متعلق اہم ترمیمی بل پر دستخط کر دیے

    صدر مملکت نے حقوق نسواں سے متعلق اہم ترمیمی بل پر دستخط کر دیے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد سینئر سٹیزن بل 2021 اور نفاذ ملکیتی حقوقِ نسواں (ترمیمی) بل 2021 پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے نفاذ ملکیتی حقوق نسواں (ترمیمی) بل پر دستخط کر دیے، نفاذ ملکیتی حقوق نسواں ایکٹ 2020 کے سیکشن 5 میں ترمیم کی گئی ہے، ترمیم کے تحت محتسب کے فیصلے کے خلاف 30 دن میں صدر کو اپیل کی جا سکے گی۔

    صدر مملکت نے اسلام آباد سینئر سٹیزن بل 2021 پر بھی دستخط کیے، اس بل کے تحت اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، قانون کے تحت سینئر سٹیزن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

    بزرگ افراد کے لیے اولڈ ایج ہوم ’دارالشفقت‘ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، 60 سال سے زائد عُمر کے افراد سینئر سٹیزن کارڈ کے اہل ہوں گے، بزرگ شہریوں کو میوزیم، پارکس اور لائبریری جیسی سہولیات مفت حاصل ہوں گی۔

    علاج معالجے کی سہولیات، دواؤں پر رعایت، علیحدہ کاؤنٹر اور علیحدہ وارڈز کی سہولیات بھی انھیں مہیا کی جائیں گی، بزرگ افراد کو فضائی اور ریلوے سفر پر 20 فی صد رعایت دی جائے گی، مستحق اور اہل بزرگ افراد کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔

  • انتخابی اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے: صدر مملکت

    انتخابی اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، اپوزیشن استعفے نہیں دے گی اور عمران خان کرپشن پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔

    اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں صدر مملکت نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا انتخابی اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، اپوزیشن اور حکومت انتخابی اصلاحات پر مفاہمت کر سکتے ہیں، پی ڈی ایم حکومت سے مذاکرات کرے مگر کرپشن پر بات نہیں ہوگی۔

    انھوں نے کہا پی ڈی ایم کا حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بے جواز ہے، 2 سال سے سیاسی نظام کو عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا ہے، نہ ہی حکومت مستعفی ہوگی اور نہ ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی، آنے والے دنوں میں ملک میں سیاسی تناؤ میں کمی آئے گی۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا انتخابی اصلاحات پر قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، کب اور کس سے ڈائیلاگ کرنا ہے یہ وزیر اعظم طے کریں گے، پی ٹی آئی کی حکومت کا واحد نقطہ کرپشن سے پاک پاکستان ہے، قومی ڈائیلاگ نیب کے معاملے اور بد عنوانی کے خاتمے کے ایجنڈے کے بغیر ناممکن ہے۔

    ٹریک ٹو ڈائیلاگ شروع ہوگئے ہیں، رہنما مسلم لیگ فنکشنل کا انکشاف

    انھوں نے کہا وزیر اعظم کے ساتھ روزانہ بات ہوتی ہے، صدر اور وزیر اعظم میں روزانہ رابطے برقرار ہیں، وزیر اعظم اور میں اسلامی تاریخی کتب پڑھ رہے ہیں، وزیر اعظم کا میرے ساتھ مزاح کا پہلو بھی رہتا ہے، اکثر معاملات پر وزیر اعظم مجھے سمجھاتے ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا بلوچستان میں گڑبڑ اور تخریب کاری کے واقعات میں 99 فی صد بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت کھل کر سی پیک کے خلاف سامنے آیا ہے، اسی لیے سازشیں کی جا رہی ہیں، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح ہے، حکومت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی غیر ملکی دباؤ نہیں، حکومتی نمائندے کے دورہ اسرائیل کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

    عارف علوی نے کہا کہ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن این آر او مانگ رہی ہے، اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ہم این آر او نہیں مانگ رہے، این آر او پر بحث سخت ہوگئی ہے۔

  • عارف علوی اور وزیراعظم کی ظفراللہ جمالی کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت

    عارف علوی اور وزیراعظم کی ظفراللہ جمالی کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بطور ممبر قومی اسمبلی وہ ایک بااخلاق انسان کے طور پر جانے جاتے تھے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت ملک تمام اہم شخصیات نے سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت پیش کی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل نے سابق وزیراعظم کے جہان فانی سے رخصت ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی اللہ مرحوم کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    صدر مملکت عارف علوی نے بھی مرحول کے بلندی درجات کےلیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بطور ممبر قومی اسمبلی وه ایک بااخلاق انسان کے طور پر جانے جاتے تھے۔

    سابق وزیر اعظم ظفر اللہ جمالی انتقال کرگئے

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفر اللہ خان جمالی مختصر علالت کے بعد 76 برس کی عمر میں قضائے الہی سے انتقال فرماگئے، وہ گزشتہ تین روز سے وینٹی لیٹر پر موت اور زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے۔

    انہوں نے 21 نومبر 2002 کو ملک کے 15ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھایا اور 2004 تک بطور وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے، 26 جون 2004 کو ظفر اللہ خان جمالی نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

  • پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا، گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن

    پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا، گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ2020کی توثیق کردی ، انسدادمنی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ 2020 فوری نافذ العمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا بڑا تقاضا پورا کردیا، انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل باقاعدہ قانون بن گیا۔

    صدر مملکت نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ2020کی توثیق کردی ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بھی صدر کے دستخط کی تصدیق کردی ہے۔

    انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی ایکٹ 2020 فوری نافذ العمل ہوگا ، نئے قانون کے تحت منی لانڈرنگ میں ملوث افراد ،اداروں کو سخت سزائیں ہوں گی اور قومی ادارے مل کر دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات کریں گے۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ صدر مشترکہ اجلاس میں منظور ہونیوالے باقی 7بلز پر پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل انسداد دہشت گردی ترمیمی بل اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل ترمیمی بل منظور کئے گئے تھے ، منظور شدہ بل میں دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنیوالوں کیخلاف سنگین قوانین متعارف کرائے گئے ہیں ، قوانین ایف اے ٹی ایف کی ہدایات کی روشنی میں تیارکئے گئے ۔

    انسداد دہشتگردی ایکٹ اورتعزیرات پاکستان میں ترامیم متعارف کرائی گئی تھی ، منظورشدہ بل میں ترمیم میں کہا گیا مشتبہ دہشت گرد کو قرض دینےوالے شخص کو ڈھائی کروڑجرمانہ ہوگا جبکہ مشتبہ دہشت گرد کو قرض دینے والے ادارے کو 5 کروڑروپےجرمانہ ہوگا۔

  • علی ظفر کی صدر عارف علوی سے مدد کی اپیل

    علی ظفر کی صدر عارف علوی سے مدد کی اپیل

    اسلام آباد: معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے صدر مملکت عارف علوی سے مدد کی اپیل کردی.

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے صدرپاکستان سےمیوزیشن،ٹیکنیشنز،پرفارمنگ آرٹس کے لیے  مدد کی اپیل کی ہے.

    علی ظفر کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے پرفارمنگ آرٹس کا شعبہ بند ہوچکا ہے، تمام میوزیشنز، ٹیک نیشن اور اس شعبہ سے وابستہ افراد بے روزگار ہوگئے ہیں.

    انہوں‌ نے کہا کہ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈزایک ارب روپے کرنے پرصدرپاکستان عارف علوی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ مشکل وقت میں‌یہ بجٹ ان لوگوں‌ میں‌ تقسیم کیا جائے.

    واضح‌ رہے کہ کرونا وائرس کے باعث سنیما گھر بند ہیں‌، اسٹیج اداکار کی شوز نہ ہونے کی وجہ سے مالی پریشانیوں‌ کا شکار ہیں.

    مزید پڑھیں: گلوکار علی ظفر کا فنکاروں کی مدد کا اعلان

    اس سے قبلگلوکار علی ظفر نے کراچی آرٹس کونسل کے ساتھ مل کر فنکاروں کی مدد کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث فنکار، موسیقار اور ٹیکنیشنز مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

    علی ظفر کا کہنا تھا کہ  کراچی آرٹس کونسل اور علی ظفر فاؤنڈیشن مل کر مستحق فنکاروں کی مدد کریں گے۔

    گلوکار کا کہنا تھا کہ  میری فاؤنڈیشن پنجاب میں کئی ہفتوں سے موسیقاروں کو کھانا بھجوا رہی ہے اب ہم نے ایک اور فلاحی تنظیم کے ساتھ مل کر اہم اقدام اٹھایا ہے کہ اب موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے ان افراد کو پیسے پہنچائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایاتھا کہ  کراچی میں آرٹس کونسل بہت اچھا کام کررہی ہے،علی ظفر فاؤنڈیشن اور ایک اور فلاحی تنظیم نے مل کر کراچی کے فنکاروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے، ضرورت مند موسیقار، ٹیکنیشنز اور آرٹسٹ کی مدد کی جائے گی۔

    علی ظفر نے بجٹ میں آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ میں اضافے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی تھی کہ  آپ فوری طور پر اس فنڈ کا اجرا کریں اور فاؤنڈیشن یا کسی بھی طرح مل کر ایک سسٹم بنالیں تاکہ گھر بیٹھے کرونا سے متاثرہ فنکاروں کی فوری مدد کی جاسکے۔

  • وزیراعظم اور صدر سمیت سیاسی رہنماؤں کی عید سادگی سے منانے کی اپیل

    وزیراعظم اور صدر سمیت سیاسی رہنماؤں کی عید سادگی سے منانے کی اپیل

    اسلام آباد: صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے ملک بھر میں عیدالفطر سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پر شہدا کو کبھی نہیں بھول سکتا،شہدا اور ان کے خاندانوں کا قوم پر بہت بڑا احسان ہے، ہمیں ان پر فخر ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اپنی عید شہدا پی آئی اے،کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹر، نرسز،بھارتی مظالم برداشت کرنے والےکشمیریوں، بھارت میں اسلاموفوبیا سے متاثرہ مسلمانوں، فلسطینیوں اور مسلمان مہاجرین کے نام وقف کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں عیدالفطر کی نمازگھر پر ادا کروں گا،تمام لوگوں سے درخواست ہے معاشرتی فاصلوں پر عمل کریں،ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں،خود اور اپنے عزیزوں کو کرونا سے محفوظ رکھیں،انشااللہ پاکستان اس مشکل سے کامیاب ہوجائےگا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ یہ منفرد موقع ہے ملک میں ایک ہی دن عید منائی جا رہی ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک اتحاد،خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے عید کے پیغام میں نیک خواہشات کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جاری بربریت کا نہایت ہمت وجوان مردی سے سامنا کرنے پر اہل کشمیر کو سلام پیش کیا۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں، فوجی جوانوں اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی دعاؤں میں یاد رکھنا ہے۔

    مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں باہمی اختلافات ختم کر کے متحد قوم بن کر ابھرنا ہوگا اور کرونا وائرس سے مقابلہ کرنے والوں کو بھی یاد رکھنا ہوں گا، سب مل کر گناہوں کی معافی مانگیں اور مریضوں کے لیے خصوصی دعا کریں۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم امہ اور اہل وطن کو عیدکی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد پسنی سے لاہوراور کراچی سے خیبر ایک لڑی میں پروئےگئے،یہ ہی ہماری خواہش ہے کہ وطن سلامت، لوگ سلامت رہیں۔

  • بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، صدر مملکت

    بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، صدر مملکت

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی، درخواست ہے کہ مخیر حضرات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نےاحساس پروگرام شروع کیا ،1 کروڑ 20لاکھ لوگ مستفید ہوں گے ، ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو 12ہزار روپے پروگرام سے مل رہے ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس ملک کو چوری اور بے ایمانی کے ذریعے دیمک کی طرح کھایا گیا، ہماری قوم بہت کم ادوار میں کئی مشکلات کا سامنا کرچکی ہے، پڑوسی ممالک کے لوگوں کو بھی ہم نے دل کھول کر جگہ دی، افغان جنگ کے دوران 40لاکھ افغان باشندے پاکستان آئے۔

    عارف علوی نے کہا کہ کوئی شک نہیں لاک ڈاؤن سے معیشت ، روزگار پر اثرات پڑے ہیں ، ترقی یافتہ ممالک نے کورونا سے نمٹنے کیلئے اربوں کے فنڈ رکھے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک خیال تھا اس سے پاکستان میں ابتک کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستانی قوم آزمائشوں سے نکلتی جارہی ہے ، کورونا کے باعث پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    صدر مملکت نے مزید کہا کہ بہتر حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد ملی ، درخواست ہے کہ مخیر حضرات خیرات کا سلسلہ جاری رکھیں ، کورونا سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں۔

  • کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، مساجد میں علما کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں، ماسک مہنگے ہوں تو کاغذ سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، کرونا 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اللہ ہماری مدد کرے گا، یہاں وائرس نہیں پھیلے گا۔ خطرہ ہوا تو قوم تیار ہے، ہم تمام وسائل استعمال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ بند کر دیا ہے، یہی صورتحال رہی تو حج سے متعلق ہدایات بھی آسکتی ہیں۔ ایران میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 2، 3 روز کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں، جاپان میں اپریل تک اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماسک مہنگے ہوں تو پیپر سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔ مساجد میں علما بھی کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ ہم نے قوم کو کرونا وائرس کے خدشات سے متعلق جلدی تیار کر لیا ہے۔