Tag: صدر مملکت عارف علوی

  • صدر عارف علوی نے بے نامی ٹرانزیکشن سمیت 8 آرڈیننسز کی منظوری دے دی

    صدر عارف علوی نے بے نامی ٹرانزیکشن سمیت 8 آرڈیننسز کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بے نامی ٹرانزیکشن آرڈیننس سمیت 8 نئے آرڈیننسز کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے حقوق خواتین اور وراثتی سرٹیفکیٹ آرڈیننس، لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی آرڈیننس اور نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت عارف علوی نے جن دیگر آرڈیننسز کی منظوری دی ہے ان میں سپیریئر کورٹس ڈریس آرڈیننس، بے نامی ٹرانزیکشن آرڈیننس، کورٹ آف سول پروسیجر آرڈیننس، وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجی لینس کمیشن آرڈیننس شامل ہیں۔

    نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت پانچ کروڑ روپے سے زائد کرپشن کے قیدی کو جیل میں سی کلاس ملے گی، آرڈیننس فوری نافذ العمل ہو گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی کابینہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی

    یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے قوانین آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے جب کہ نیب ترمیمی آرڈیننس اور بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کے ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی گئی تھی۔

    اس سے قبل ہونے والے کابینہ اجلاس میں رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام، سی ڈی اے کی ری اسٹرکچرنگ اور سیکٹر جی 6 میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کی بھی منظوری دی گئی تھی، کابینہ نے لنگر خانوں کے قیام کی پالیسی کی بھی منظوری دی تھی، لنگر خانے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جائیں گے۔

  • صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کردیئے

    صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کردیئے

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کردیئے ، سی پیک اتھارٹی آرڈیننس کا اطلاق پورے پاکستان میں ہوگا اور وزیراعظم عمران خان اتھارٹی کے سربراہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کردیئے ، جس کے تحت وزیراعظم عمران خان سی پیک اتھارٹی کےسربراہ ہوں گے اور سی پیک اتھارٹی آرڈیننس کا اطلاق پورے پاکستان میں ہوگا۔

    گذشتہ روز حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سی پیک اتھارٹی کا مسودہ منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوا دیا تھا۔

    مسودے میں کہا گیا تھا کہ قومی اسمبلی،سینیٹ اجلاس نہ ہونے پرآرڈیننس لانےکافیصلہ کیا گیا، سی پیک اتھارٹی کیلئےآرڈیننس کا اطلاق پورے پاکستان میں ہو گا، سی پیک اتھارٹی 10 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

    مسودے کے مطابق وزیراعظم اتھارٹی چیئرپرسن،ایگزیکٹوڈائریکٹرز،ارکان کی تعیناتی کریں گے ، چیئر پرسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ارکان کی تعیناتی چار سال کیلئے ہوگی، اتھارٹی کا چیف ایگزیکٹو 20 گریڈ کا سرکاری آفسر ہو گا۔

    مزید پڑھیں : حکومت کا صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

    مسودہ میں کہا گیا تھا سی پیک اتھارٹی کا دفتروفاقی دارالحکومت میں بنایا جائے گا اور اتھارٹی پاکستان، چین میں مختلف شعبوں میں مزید تعاون کا تعین کرے گی اور جوائنٹ کوآپریشن، جوائنٹ ورکنگ گروپ میں رابطے کا کردار ادا کرے گا۔

    مسودے کے مطابق اتھارٹی سی پیک منصوبوں سے صوبوں اور وزارتوں میں رابطے رکھے گا، سی پیک کوئی بھی فیصلہ اتھارٹی کے اکثریتی ارکان کی منظوری سے ہوگا اور سی پیک منصوبوں سے مستفید ہونیوالا کوئی بھی اتھارٹی کاحصہ نہیں ہوگا۔

    مسودے میں کہا تھا سی پیک اتھارٹی پاکستان، چین میں مفاہمتی یادداشتوں کے مطابق کام کرے گی اور ہر سال اپنی فنانشل رپورٹ وزیراعظم کو جمع کرائے گی جبکہ اتھارٹی سی پیک سے متعلق کوئی بھی تفصیلات طلب کرنے کی مجاز ہوگی۔

    مسودہ کے مطابق سی پیک اتھارٹی کے لیے بجٹ مختص ہو گا، اتھارٹی کو اپنے ماتحت ملازمین کی تقرری کا بھی اختیار حاصل ہو گا، اتھارٹی رولز کے مطابق سی پیک بزنس کونسل قائم کرے گی۔

    مسودے میں کہا کہ سی پیک بزنس کونسل اتھارٹی کو مقاصد میں رہنمائی فراہم کرے گی، اتھارٹی وزیراعظم کی منظوری سے مزید قوانین بنانے کی مجاز ہوگی اور سی پیک اتھارٹی وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

  • جنگ کی نوبت آئی تو آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، صدر عارف علوی

    جنگ کی نوبت آئی تو آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں، صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنگ کی نوبت آئی تو آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہوچکا ہے، روس سے بھی اس وقت پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، وزیراعظم نے مسلم امہ کے لیے جو کیا وہ قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت جو بھارت کا امیج ہے ماضی میں کبھی ایسا نہیں رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ سلوک دنیا دیکھ رہی ہے، پاکستان بھارتی مسلمانوں کا مقدمہ بھی لڑے گا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر اور مسلم امہ کا معاملہ یو این میں اٹھانے پر پاکستانی مطمئن ہیں، وزیراعظم کے یو این خطاب پر چار پانچ گھنٹے کا تبصرہ بھی کم ہے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا، صدر مملکت

    عارف علوی نے کہا کہ ریاست مدینہ کے لیے جو کوشش ہے وہ عمران خان کررہے ہیں، کشمیر سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا خطاب بڑی بات ہے، بھارتی مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کی بھی عمران خان نے نشاندہی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کشمیر پر متعدد بار ثالثی کی پیش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ عمران خان  ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔

    سری لنکن ٹیم کی پاکستان میں میچ کھیلنے پر صدر عارف علوی نے کہا کہ بہت خوش ہوں کہ سری لنکن ٹیم کراچی آئی ہے، آہستہ آہستہ دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آنا شروع ہوں گی۔

  • عبدالقادر کے انتقال پر آرمی چیف، وزیراعظم، نیول چیف اور صدر مملکت کا اظہار افسوس

    عبدالقادر کے انتقال پر آرمی چیف، وزیراعظم، نیول چیف اور صدر مملکت کا اظہار افسوس

    راولپنڈی: قومی ٹیم کے سابق جادوگر لیگ اسپنر عبدالقادر کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عبدالقادر کے انتقال پر آرمی چیف،وزیراعظم،  پاک بحریہ کے سربراہ اور صدر مملکت نے اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم اسپورٹس مین اور انسان سے محروم ہوگیا ہے۔ اللہ عبدالقادر مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے ، آمین۔

    مزید پڑھیں: لاہور، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کرگئے

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عبدالقادر کی وفات سے پاکستان عظیم کرکٹر سے محروم ہوگیا ہے، عبدالقادر نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا۔

    عمران خان نے کہا کہ عبدالقادر کی وفات نے دوست سے محروم کردیا، جس کا صدمہ ہے، وزیراعظم نے غم زدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

    دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا کہ اللہ تعالیٰ عبدالقادر کے درجات بلند فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ گگلی کے موجد عبدالقادر نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

    پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے.

    نیول چیف نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم انسان اور اسپورٹس مین سے محروم ہوگیا، اللہ عبدالقادر کو جوار رحمت میں جگہ دے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

  • بھارت جان لے عوام کی آزادی غصب نہیں کی جاسکتی، صدر مملکت

    بھارت جان لے عوام کی آزادی غصب نہیں کی جاسکتی، صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت جان لے کہ عوام کی آزادی غصب نہیں کی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی، بھارت جان لے آزادی پر قدغن نہیں لگایا جاسکتا ہے۔

    صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ہم نوجوان نسل کو عالمی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کریں گے، پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور محنتی ہیں۔

    عارف علوی نے کہا کہ ہم اقوام عالم میں علم کی بنیاد پر نمایاں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل370 ختم کرنے کا بل پیش کیا ، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔

    دوسری جانب پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کاکوئی بھی یکطرفہ قدم کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم نہیں کرسکتا ، بھارتی حکومت کافیصلہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کیلئےناقابل قبول ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ متنازعہ علاقہ ہے، بطور فریق پاکستان اس غیرقانونی اقدام کے خلاف ہرممکن قدم اٹھائے گا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ : صدر مملکت عارف علوی نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا

    اسلام آباد ایئرپورٹ : صدر مملکت عارف علوی نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کفایت شعاری مہم پر عمل کرتے ہوئے مثال قائم کردی، اسلام آباد ایئرپورٹ پر اضافی سامان کی مد میں اضافی چارجز بھی ادا کئے۔

    صدر مملکت عارف علوی نے بھی کفایت شعاری پر عمل کرتے ہوئے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا، صدر پاکستان عارف علوی کے اسلام آباد سے کراچی آتے ہوئے دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان پی آئی اے کی پرواز پی کے301کے ذریعے اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی پہنچے، صدر مملکت عارف علوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اضافی سامان کی مد میں پی آئی اے کو11600روپے اضافی چارجز بھی ادا کئے۔

    صدر مملکت کا110کلو گرام سے زائد اضافی سامان تھا، پی آئی اے ذرائع کے مطابق صدر پاکستان نے اپنے تین فیملی ممبرز کو اکانومی کلاس میں بیٹھنے کی ہدایت کی، عارف علوی کے فیملی ممبر نے اکانومی کلاس میں سفر کیا۔

    صدر نے اضافی سامان کی ادائیگی کرکے ایک مثال قائم کی ہے، صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے شفافیت کو اپنانا ہوگا۔

  • فرانس پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کر سکتا ہے: عارف علوی

    فرانس پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کر سکتا ہے: عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان فرانسیسی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین پاک فرانس بزنس کونسل تھیری فلملن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے، باہمی مفاد میں تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو ہر مرحلے پر سہولت فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے، پاکستان فرانسیسی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فرانس کے سرمایہ کار پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری پالیسیوں سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسی سرمایہ کاروں کے لیے بڑی پرکشش ہے۔

    آج پیر کو میڈف (ایم ای ڈی ای ایف) انٹرنیشنل کی پاک فرانس بزنس کونسل کے چیئرمین اور ٹوٹل گلوبل سروسز کے صدر تھیری فلملن نے وفد کے ہم راہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم کے وفد کی ملاقات

    ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف اور پاکستان میں فرانس کے سفیر مارچ بارٹے بھی موجود تھے، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔

    انھوں نے کہا ’پاکستان بالخصوص مینوفیکچرنگ، تعمیرات، سیاحت، مواصلات اور روڈ انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں فرانس کے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے مختلف مواقع کی پیش کش کرتا ہے۔‘

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو مقامی اور غیر ملکی بینکوں سے قرضے لینے کی سہولت بھی حاصل ہے، توانائی، سڑکوں، ریلوے کے نیٹ ورک، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور دوسرے بہت سے شعبوں میں سی پیک کے منصوبے فرانسیسی کمپنیوں کے لیے بہت سے مواقع کے حامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں 7 خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے گئے ہیں اور فرانسیسی کمپنیاں ان زونز میں اپنے صنعتی یونٹ قائم اور منتقل کر سکتی ہیں۔ فرانسیسی کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کے اشتراک سے کام کریں۔

  • یوم پاکستان پر فوجی افسران میں اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب

    یوم پاکستان پر فوجی افسران میں اعزازات کی تقسیم کی پروقار تقریب

    اسلام آباد: یوم پاکستان پر ایوان صدر میں فوجی افسران کو اعزازات دینے کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت عارف علوی نے اعلیٰ کارکردگی پر ملٹری اعزازات تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں پر وقار تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد اور ایئر مارشل نعمان علی کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

    میجر جنرل طاہر مختار، میجر جنرل نعیم نقی، میجر جنرل سلیم احمد، میجر جنرل ارشد محمود، میجر جنرل طارق محمود ستی، میجر جنرل افتخار احمد، میجر جنرل سہیل عزیز میجر جنرل راحت عباس، میجر جنرل رضوان افضل اور میجر جنرل نعمان احمد کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

    میجر جنرل اظہر عباس، میجر جنرل امجد احمد بٹ، میجر جنرل فیض حمید، میجر جنرل محمد عامر، میجر جنرل ندیم احمد انجم، میجر جنرل سعید اختر، میجر جنرل خالد جاوید، میجر جنرل خالد ضیا، میجر جنرل سعید احمد، میجر جنرل امجد علی خان کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

    میجر جنرل اظہر رشید، میجر جنرل علی عامر اعوان، میجر جنرل عابد لطیف خان، میجر جنرل محمد سعید، میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل عثمان حق، میجر جنرل طارق ضمیر، میجر جنرل لیاقت علی کوہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم پاکستان پر نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری

    ریئر ایڈمرل اسد کریم، ایئر وائس مارشل ندیم طارق، ایئر وائس مارشل شہاب شفقت، ایئر مارشل محمد خالد، ایئر وائس مارشل سلمان بخاری، ریئر ایڈمرل زین ذوالفقار، ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق، ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی، ریئر ایڈمرل زاہد الیاس، ریئر ایڈمرل محمد شفیق اور ایئر وائس مارشل عمران خالد کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

    شہید کرنل سہیل عابد، شہید میجر علی سلمان ناصر کے لیے ستارہ بسالت کا اعزاز، شہید کیپٹن شاہد فاروق رانا، شہید کیپٹن جنید حفیظ کے لیے ستارہ بسالت ملٹری، شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم ستی، شہید صوبیدار شوکت خان کے لیے ستارہ بسالت، شہید سپاہی سید سبطین حیدر، شہید سپاہی کامران افضال کے لیے ستارہ بسالت،شہید سپاہی آفتاب احمد خان، شہید سپاہی فتح اللہ کے لیے ستارہ بسالت ملٹری جب کہ شہید سپاہی یحییٰ خان، مرزا شاہ زیب مغل اور شہید محمد اسلم کے لیے ستارہ بسالت کا اعزاز دیا گیا۔

  • صدر مملکت عارف علوی آج 127  افراد کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے

    صدر مملکت عارف علوی آج 127 افراد کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج اے آروائی نیوزکے اینکرارشد شریف سمیت ایک سو ستائیس افراد کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے، 127 افراد میں 18غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں تقسیم سول ایوارڈ کی تقریب آج ہورہی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اے آروائی نیوزکے اینکرارشد شریف سمیت ایک سو ستائیس افراد کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے

    وفاقی حکومت نے پہلے ہی ایک سو ستائیس ناموں کی فہرست جاری کردی ہے ، جن میں 18غیرملکی بھی شامل ہیں۔

    سابق کپتان وسیم اکرم، وقار یونس، کرکٹر یاسر شاہ، گلوکار سجاد علی ، عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی، فلم اسٹار بابرہ شریف ، ریماخان ، مہوش حیات، شبیر جان، افتخار ٹھاکر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ اور تاجرعقیل کریم ڈھیڈی بھی فہرست میں شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : حکومت نے سول ایوارڈ کے لیے 127 ناموں کی فہرست جاری کردی

    کرائسٹ چرچ دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانی ہیرو نعیم کو بھی  ہمت اورحوصلے پرقومی ایوارڈ دیا جائے گا۔

    یاد رہے گزشتہ سال  صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی 141 شخصیات کو سول ایوارڈ سے نوازا تھا۔

    ایوارڈ وصول کرنے  والوں میں کئی بین الاقوامی شخصیات بھی شامل تھیں،  جن میں کیوبا کے آنجہانی صدر فیڈل کاسترو، جاپان کے کیمی ہایڈ، بوسنیا کے حارث سلاجیگ اور کوریا کے ڈاکٹر سونگ جونگ شامل تھے۔

  • امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا: صدر عارف علوی

    امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا: صدر عارف علوی

    کراچی: صدرِ ملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لاپتا افراد کی بہت اہمیت ہے اور یہ معاملہ بہت تکلیف دہ بھی ہے تاہم اس حوالے سے بہت پیش رفت ہوئی ہے، امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار وہ کراچی میں سندھ لٹریچر فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، صدرِ مملکت نے کہا کہ لاپتا افراد کے حوالے سے ایک بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا جا چکا ہے، امید ہے لاپتا افراد کا مسئلہ بہت جلد حل ہو جائے گا۔

    [bs-quote quote=”دنیا بھر میں کتابوں کا رجحان ختم ہو کر انٹرنیٹ پر آ رہا ہے، جو ادب ہے وہ میراث ہے اور ہم اس کے وارث ہیں۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ڈاکٹر عارف علوی” author_job=”صدر مملکت”][/bs-quote]

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ انھیں حیرت ہے کہ سندھ میں انتہا پسندی کہاں سے آئی، وہ سندھ کی تمام قومیتوں کوجوڑنا چاہتے ہیں، انھیں آپس میں لڑانا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، مذہبی اور لسانی نفرتیں لوگوں کو لڑانے کے لیے پیدا کی گئی ہیں۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان وہ دھرتی ہے جس نے افغان مہاجرین کو قبول کیا، ابھی بھی 25 لاکھ افغان مہاجرین سندھ میں موجود ہیں، تھرپارکر میں بسنے والوں کی حالت کو بہتر کرنا ہے، سندھ میں تعلیم اور صحت کی سہولیات بہتر ہونی چاہئیں، سرکار ذمے داری پوری نہیں کرتی تو ہم سب کو آگے بڑھنا چاہیے۔

    صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قوم سرکار سے نہیں عوام سے بنتی ہے، سندھی قوم کسی حکومت نے نہیں بنائی، اچھے معاملات کرپشن کی وجہ سے نہیں چل سکتے، سعودی شہزادے نے کہا ہم پاکستان میں سرمایہ کریں گے، دنیا بھر سے سرمایہ پاکستان لائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی

    انھوں نے ادب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کتابوں کا رجحان ختم ہو کر انٹرنیٹ پر آ رہا ہے، جو ادب ہے وہ میراث ہے اور ہم اس کے وارث ہیں۔

    صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ محبت کا پیغام شاہ لطیف کا ہے جو سندھ دھرتی کا زیور ہے، سندھ کے اندر بہت ساری چیزیں زبانی چلتی ہیں، لوگوں کو اندازہ نہیں سندھ کے لوگ کتنے مہمان نواز ہیں۔