Tag: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

  • صدر مملکت سے  نگراں وزیر قانون کی ملاقات ،  انتخابات کی تاریخ پر غور

    صدر مملکت سے نگراں وزیر قانون کی ملاقات ، انتخابات کی تاریخ پر غور

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم سے ملاقات میں الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق صدارتی اختیار کا ذکر کیا تو وزیرقانون نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نگران وزیرقانون و انصاف احمد عرفان اسلم کی ملاقات ہوئی ، جس میں انتخابات کی تاریخ پرغور کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق صدارتی اختیا ر کا ذکر کیا تو وزیر قانون نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق وزارت قانون کا موقف دہرایا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیرقانون کی رائے تھی کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ وزیرقانون نے الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بھی حوالہ دیا اور کہا صدر مملکت نے تاریخ دی تو الیکشن کمیشن مسترد کر سکتا ہے۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا تحفظِ خوراک کے عالمی دن پر پیغام

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا تحفظِ خوراک کے عالمی دن پر پیغام

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غیر محفوظ خوراک کی وجہ سے روزانہ اوسطاً 16 لاکھ افراد کا بیمار ہونا تشویشناک امر ہے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تحفظِ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ تحفظِ خوراک کا عالمی دن تحفظِ خوارک کے معیارات کی طرف توجہ دلانے کیلئے منایا جارہا ہے۔

     صدر مملکت کا کہنا ہے کہ غیر محفوظ خوراک کی وجہ سے روزانہ اوسطاً 16 لاکھ افراد کا بیمار ہونا تشویشناک امر ہے، بیماریوں کی وجہ سے روزانہ 5 سال سے کم عمر کے اوسطاً 340 بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    صدر  مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معیاری خوراک کی فراہمی، مضرِ صحت خوراک سے متعلق خطرات کم کر کے لاکھوں جانیں بچا سکتے ہیں، صاف، محفوظ اور غذائیت سے بھر پور خوراک ہمیں فعال اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دیتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ  غیر صحت بخش اور ملاوٹ شدہ خوراک صحت کے مختلف مسائل پیدا کرتی ہے، پاکستان میں تحفظِ خوراک کے معیارات پر عمل کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانا ہوگا۔

     صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ خوراک کو احتیاط کے ساتھ استعمال کریں، قومی اور بین الاقوامی فوڈ سیفٹی معیارات کے مطابق تحفظِ خوراک کے تقاضوں پر عمل کرنا ہوگا۔

  • صدر مملکت  اور  وزیراعظم  کی صدر اردوان کو تاریخی فتح پر مبارکباد

    صدر مملکت اور وزیراعظم کی صدر اردوان کو تاریخی فتح پر مبارکباد

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے صدراردوان کو تاریخی فتح پر مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صدرمملکت نے رجب طیب اردوآن کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ‘عزیز دوست کو فتح مبارک ہو، ترکیے ہمارا بہت قریبی دوست ہے، صدیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں۔’

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ ‘یقین ہے آپ کی متحرک قیادت میں ہمارے تعلقات فروغ پاتےرہیں گے، ہم آپ کے ساتھ مل کرکام کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کووسعت دینے کے منتظر ہیں۔’

    دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا کہ ‘میرے پیارے بھائی اردوآن کو انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد، ان چند عالمی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جن کی سیاست عوامی خدمت میں گزر رہی ہے، وہ مظلوم مسلمانوں کے لیے طاقت کا ستون اور ان کے حقوق کیلئے ایک پُرجوش آواز رہے، ان کی کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ان کی قیادت پر ترک عوام کو اعتماد ہے۔’

  • عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر، وزیر اعظم ایڈوائس پر نظرثانی کریں، صدر مملکت

    عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر، وزیر اعظم ایڈوائس پر نظرثانی کریں، صدر مملکت

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر ہیں، وزیر اعظم ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو جوابی خط لکھ دیا، جس میں کہا ہے کہ وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری کی اپنی ایڈوائس پر نظر ثانی کریں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آرٹیکل ایک سو ایک دو کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا۔

    جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ گورنر کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں اراکین کی وفاداریاں بدلی گئیں، پنجاب میں غیر قانونی اکثریت حاصل کر کے آرٹیکل تریسٹھ اے کی خلاف ورزی کی گئی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے اور صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے سترہ مئی کے فیصلے سے گورنر کے اصولی موقف کی توثیق ہوئی۔

  • امریکی مراسلہ : سابق وزیراعظم عمران‌ خان نے بڑا فیصلہ کرلیا

    امریکی مراسلہ : سابق وزیراعظم عمران‌ خان نے بڑا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نے امریکی مراسلے پر کارروائی سے متعلق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی خط بھجوائیں گے ، جس میں امریکی مراسلے کی روشنی میں ابتک کی کارروائی کا پوچھا جائے گا۔

    عمران خان نے کہا ہے کہ باضابطہ ملاقات میں سفیر کو دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے منافی ہے، مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل، سفارتی بداخلاقی کی گنجائش نہیں۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کی آزادی و خود مختاری حکومت کے دفاع سے بالاتر فریضہ ہے، مقامی غداروں نے قوم کو سامراج کے چنگل میں جکڑنے کی قیمت لی، مقامی غداروں نے امپورٹڈ حکومت کی صورت میں قیمت وصول کی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ عوام بیرونی سازش سےسیاسی امورمیں مداخلت پر رنجیدہ اور ناراض ہیں، حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان زیادہ دیر تک روکنا ممکن نہیں، چوروں کو غداروں کے روپ میں دیکھ کرعوام سیخ پا اور ان کا محاسبہ چاہتے ہیں۔

  • صدر مملکت  کی چینی سرمایہ کاروں  کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    صدر مملکت کی چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹیکسٹائل فیکٹری کادورہ کرکے 150ملین ڈالر سے شروع ٹیکسٹائل فیکٹری کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سےملک صنعتی انقلاب کی طرف جا رہا ہے ، پاکستان کوسرمایہ کاری کی مزیدضرورت ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ دیا جائے گا۔

    کورونا کے حوالے سے عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا کوبڑی حدتک روکنےمیں کامیاب رہا اور ویکسین بنانےوالےممالک میں شامل ہوگیاہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اقتصادی طورپر کسی بھی ملک کوتنہا نہیں کیاجاسکتا، دنیاکوپاکستان کی ضرورت ہے ، چینی سرمایہ کاروں کودعوت دیتے یہاں سرمایہ کاری کریں۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں اسپیشل اکنامک زون قائم کیےجائیں گے، آنےوالےدن پاکستان کےلیےاچھے ہوں گے، دنیا ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کونہیں روک سکتی۔

  • سمندری وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے: صدر عارف علوی

    سمندری وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے: صدر عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ دنیا کے نظام کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں، سمندری وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں میری ٹائم کانفرنس 2021 کا افتتاحی سیشن ہوا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا کے نظام کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں، سمندری وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ کرونا وائرس انسانیت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

    سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساحلی علاقے قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں، انڈس ڈیلٹا ریجن میں تیل و گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں، سی پیک سے خطے کے ملک بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

  • یومِ اقبال : وزیراعظم اور صدر مملکت کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش

    یومِ اقبال : وزیراعظم اور صدر مملکت کا علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم اقبال پر شاعر مشرق علامہ اقبال کو     خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم اقبال کے موقع پر حکیم الامت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا علامہ محمداقبال ایک عظیم صوفی تھے، وہ سائنس وٹیکنالوجی اورترقی پر یقین رکھتے تھے اور سائنس وٹیکنالوجی کوترقی کا ذریعہ سمجھتے تھے ، علامہ اقبال کے افکار ہمیں تحریک دیتے ہیں اورہماری رہنمائی کرتے ہیں۔

    دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عظیم مسلمان فلسفی اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال و بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وہ برصغیر کے مسلمانوں کے محسن اور بڑے مفکر تھے، جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور اپنی تحریروں اور شاعری کےذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں اور برصغیر میں مسلم معاشرے کی نشاط ثانیہ کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

    عارف علوی نے کہا کہ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے، اہل وطن اور خصوصاً نوجوان نسل اُن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلم امہ کو درپیش مسائل پر قابو پا سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ علامہ محمداقبال کا فلسفہ خودی اور اسلام پر اُن کے افکار عزت نفس اور انسانی وقار پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں متحد رہنے کی سخت ضرورت ہے اور باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے زیادہ عزم سے کام کرنا ہوگا۔

    آج کا دن ہمیں امت مسلمہ کے اتحاد ، ترقی اور ملک میں خوشحالی کا درس دیتا ہے، ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر۔

    خیال رہے شاعرمشرق مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کا آج ایک سو تینتالیس واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پروقارتقریب ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالیے۔

  • جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں: صدر مملکت عارف علوی

    جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں: صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں ہوتا اور نہ قوموں کی تعمیر نو ہوتی ہے، پاکستان امن کا داعی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی اسٹریٹجک خطرات اور ردعمل پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے انسانیت برے تجربات سے سبق حاصل نہیں کر رہی ہے، جنگوں میں تباہی، لوٹ مار اور استحصال کے سوا کچھ نہیں ملتا۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے لیے مذاکرات کی بات کی ہے، کسی ہمسائیگی میں آگ لگے تو اسے بجھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگوں سے امن کا حصول ممکن نہیں ہوتا، کرہ ارض کے وسائل محدود ہیں، لوٹنے کے بجائے محفوظ کرنے پر توجہ ہونی چاہیئے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کی قدر ہے، اس لیے ہم امن کے داعی ہیں، جنگوں سے قوموں کی تعمیر نو نہیں ہوا کرتی۔ بھارتی قیدی پائلٹ کی رہائی بھی امن کی خواہش کا اظہار تھا۔

  • ٹوری ڈی خنجراب سائیکل ریس کی تصویری جھلکیاں

    ٹوری ڈی خنجراب سائیکل ریس کی تصویری جھلکیاں

    گلگت : دنیا کی بلند ترین سائیکل ریلی اپنے اختتام کو پہنچ گئی، فائنل واپڈ ا کے کھلاڑی نجیب اللہ نے اپنے نا م کرلیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی تقریب میں شرکت کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں جاری ’ ٹور ڈی خنجراب ‘ سائیکل ریلی اختتام پذیر ہوگئی ، پہلے نمبر پر نجیب اللہ اور دوسرے نمبر پر ہنزلہ نے کامیابی حاصل کی ۔

    فائنل مرحلے میں نجیب اللہ نےسب سے پہلے سوست سےخنجراب ٹاپ تک کافاصلہ طے کیا۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہنزلہ دوسرے نمبرپرخنجراب ٹاپ پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

    اس کامیابی پر نجیب اللہ فرطِ مسرت سے آب دیدہ ہوگئے اور کہا کہ اس کامیابی پر اللہ کا شکر گزار ہوں ، یہ سب بڑے بھائی کی مدد کی بدولت ممکن ہوا

    یاد رہے کہ ٹور ڈی خنجراب دنیا کے بلندترین مقام پر منعقد ہوتا ہے ، یہ 4200 فٹ کی بلندی پر گلگت سے شروع ہوتا ہے اور 15300 فٹ کی بلندی پر خنجراب پر اختتام پذیر ہوتا ہے ، یہ ٹور ہنزہ سے ہوتا ہوا خنجراب تک جاتا ہے کہ جو کہ قدیم شاہراہ ریشم ہے۔

    ٹور ڈی خنجراب کی اختتامی تقریب آج ہنزہ میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اس تقریب میں مہمانِ خصوصی ہیں۔ صدر مملکت کا استقبال گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین نے کیا۔

    ٹورنامنٹ میں نجیب اللہ اور ہنزلہ کے علاوہ سوئی گیس کے عبدالرزاق اور رضوان، آرمی کے عبداللہ خان اور عابد صدیقی نمایاں رہے۔