Tag: صدر مملکت

  • کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    کرونا وائرس قومی بحران ہے: صدر مملکت عارف علوی

    پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، مساجد میں علما کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں، ماسک مہنگے ہوں تو کاغذ سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس قومی بحران ہے، کرونا 50 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اللہ ہماری مدد کرے گا، یہاں وائرس نہیں پھیلے گا۔ خطرہ ہوا تو قوم تیار ہے، ہم تمام وسائل استعمال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عمرہ بند کر دیا ہے، یہی صورتحال رہی تو حج سے متعلق ہدایات بھی آسکتی ہیں۔ ایران میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 2، 3 روز کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں، جاپان میں اپریل تک اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماسک مہنگے ہوں تو پیپر سے بھی ماسک بنایا جا سکتا ہے۔ مساجد میں علما بھی کرونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ ہم نے قوم کو کرونا وائرس کے خدشات سے متعلق جلدی تیار کر لیا ہے۔

  • معذور افراد کو مالی خدمات فراہم کرنے کيلئے بینکس کردار ادا کریں: صدر مملکت

    معذور افراد کو مالی خدمات فراہم کرنے کيلئے بینکس کردار ادا کریں: صدر مملکت

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسٹیٹ بینک کا دورہ کیا، اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے صدر مملکت کا خصوصی استقبال کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر رضا باقر نے استقبال کرتے ہوئے صدر مملکت سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کو بینکس میں ملازمت کرنے والے معذور افراد میں سے مختلف اہلیت کے حامل لوگوں کی مالی شمولیت کے بارے میں بريفنگ دی گئی۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ بينکس مختلف اہلیت کے حامل افراد کو مالی خدمات فراہم کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

    صدر مملکت کو بینکس میں معذور افراد کو مہیا کی جانے والی سہولتوں سے بھی آگاہ کيا گیا۔ مختلف اہلیت کے حامل افراد کی قرضوں تک رسائی کا سالانہ آڈٹ کيا جائے گا۔ جبکہ خصوصی افراد کے لیے قرضوں کے اہداف 31مارچ2020 تک مقرر کیے جائیں گے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق کرنسی نوٹوں کی شناخت اور ديگر سہوليات سے متعلق آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے، اس موقع پر وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے۔ سیکریٹری جنرل 14 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

    دورہ پاکستان کے موقع پر سیکریٹری جنرل، صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت اہم پاکستانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل پاکستان میں اقوام متحدہ مشن کے دفاتر کا بھی دورہ کریں گے، خطے کی صورتحال کے تناظر میں سیکریٹری جنرل کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ قید میں اور بینادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت با مقصد مذاکرات کریں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کامؤقف تبدیل نہیں ہوا۔

  • حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عارف علوی

    حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اورگورنر عمران اسماعیل کی ملاقات ہوئی جس میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات دیگر امور بھی زیر غور آئے۔

    اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کوساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی وزیر اعظم کی ترجیحات میں شامل ہے،
    صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت و شنید سے نکالا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی میں انشا اللہ 162 ارب روپے سے زائد کے منصوبے ہوں گے، کراچی میں پانی کا منصوبہ کےفور تاخیر کا شکار ہوا، سندھ حکومت جیسے ہی کے فور پر رپورٹ مرتب کرے گی کابینہ سے منظور کرائیں گے۔

  • صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

    صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے

    کراچی: شہر قائد میں بچوں کے سب اہم سرکاری اسپتال میں ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے دیکھ کر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی افسوس کیے بنا نہ رہ سکے، دریں‌ اثنا، صدر مملکت ملک میں‌ جاری آٹے کے بحران سے لا علم نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صدر عارف علوی نے این آئی سی ایچ کا اچانک دورہ کیا، انھوں نے ایک بیڈ پر پانچ پانچ بچوں کو لیٹا دیکھ کر صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا، انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی ایچ آنے کا مقصد اچانک دورہ کرنا تھا تاکہ اصل حقایق کا پتا چلایا جا سکے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ایک ایک بیڈ پر 5،5 بچے لٹائے گئے ہیں جو افسوس ناک ہے، این آئی سی ایچ جیسے یونٹس سندھ میں اور بھی بننے چاہئیں، این آئی سی ایچ کو مزید 5 سو بستروں کی ضرورت ہے، انکوبیٹر جلنے کے واقعے کے بعد وزیر اعظم نے مجھ سے کہا تھا کہ اسپتالوں کا دورہ کریں، انکوبیٹر جلنے کے واقعے پر بھی تفصیلات لیں گے، 70 کے قریب انکوبیٹر اسپتال میں موجود ہیں، 5 منٹ میں آگ تو بجھ گئی تھی لیکن بچے کی جان تو گئی، یہ اچھی بات تو نہیں۔

    کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ اسپتال وفاق کے پاس جا رہے ہیں، منتقلی کے دوران مریضوں کو نقصان نہ ہو اس پر کار بند ہیں، مریضوں کو اسپتال کی بہ جائے باہر سے دوائیں لینی پڑ رہی ہیں۔

    دریں اثنا، ملک بھر میں آٹے کا بحران ہے لیکن صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی شہریوں کی پریشانی سے لا علم نکلے، ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آٹے کے بحران کا علم نہیں، لیکن پتا ہونا چاہیے، حکومت نے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کیے تھے لیکن یہ دعوے خزانے کی صورت حال معلوم ہونے سے پہلے کے ہیں۔

  • پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے: صدر مملکت

    پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے: صدر مملکت

    کراچی: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ابھرتے خطرات کے پیش نظر ملکی بحری سرحدوں اور خطے کے بحری مفادات کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں 112 ویں مڈ شپ مین اور 21 ویں شارٹ سروس کمیشن پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول اکیڈمی آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

    صدر مملکت نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اورنمایاں کارکردگی دکھانے والے مڈ شپ مین اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

    پاس آؤٹ ہونے والے افسران سے اپنے خطاب میں صدر پاکستان نے کہا کہ افسران اپنے آبا کی روایات اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔ دوست ممالک کے کیڈٹس کی ٹریننگ کے ذریعےخطے میں امن اور ہم آہنگی کے حصول میں نیول اکیڈمی کا کردار اہم ہے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 199 افسران نے پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں 53 غیر ملکی اور 7 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔ مڈ شپ مین نوید احمد نے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

  • آبادی پر قابو پانے کے لیے بڑی رقم مختص

    آبادی پر قابو پانے کے لیے بڑی رقم مختص

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے آبادی کے اجلاس میں آبادی پر قابو پانے کے لیے اضافی فنڈ مختص کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کا پہلا اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور فورس کے ریگولر ارکان نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ مؤثر اقدامات کے ذریعے آبادی پر قابو پائے بغیر خوشحال پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

    اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس کا پہلا اجلاس بڑا تاریخی اقدام اور پیش رفت ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ بڑھتی آبادی اب قومی سلامتی کا مسئلہ بن گئی اور اس پر قابو پانا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں پاپولیشن فنڈ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کے لیے مانع حمل اشیا کی خریداری کے لیے 50 فیصد اضافی فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔ آبادی اسی طرح بڑھتی رہی تو 30 سالوں میں دگنی ہو جائے گی۔

    فیڈرل ٹاسک فورس کا آئندہ اہم اجلاس ایک ماہ بعد جنوری کے اواخر میں ہوگا۔

  • خواتین پر تشدد کے بارے میں معاشرتی سطح پر سوچنا ہوگا: صدر مملکت

    خواتین پر تشدد کے بارے میں معاشرتی سطح پر سوچنا ہوگا: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین پر تشدد کے خلاف قانون موجود ہے لیکن عملدر آمد کی ضرورت ہے، ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس مسئلے پر قانون ہے لیکن عملدر آمد کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرتی سطح پر اس مسئلہ پر سوچنا ہوگا۔ ایسے مسائل پر عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد سے متعلق تحریک انصاف کی پالیسی واضح ہے، حکومت نے خواتین پر تشدد سے متعلق سخت اقدامات کیے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیر اعظم نے وزیر قانون کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ معاشرے سے اس برائی کے خاتمے کے لیے آگاہی کو بڑھانا ہوگا۔

  • پاک فضائیہ کے اہل کاروں کی مہارت سے متاثر ہوا ہوں: صدر عارف علوی

    پاک فضائیہ کے اہل کاروں کی مہارت سے متاثر ہوا ہوں: صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکی فضائی سرحدوں کی نگرانی میں پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے، میں فضائیہ کے اہل کاروں کی مہارت اور صلاحیت سے متاثر ہوا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت پاک فضائیہ کی سونمیانی فائرنگ رینج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ ملکی دفاع، سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتے، پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتا ہے،ہماری مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا پیشہ ورانہ قابلیت، مہارت اور بہادری میں پاک فضائیہ کا مقابلہ نہیں، کامرہ میں ایوی ایشن سٹی کے قیام کے منصوبے کو سراہتا ہوں، پاک فضائیہ کے جوان پائلٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، خطے کے کئی ممالک پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کے معترف ہو چکے ہیں۔

    تازہ ترین: پاک فضائیہ کا سونمیانی فائرنگ رینج میں فائر پاور کا مظاہرہ

    عارف علوی نے اس موقع پر کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، پوری دنیا نے بھارتی جارحیت پر پاکستان کے رد عمل کو سراہا ہے۔

    واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے سونمیانی میں فائر پاور کا مظاہرہ کیا، فائر پاور کا مقصد پاک فضائیہ کے جدید حربی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ تھا جب کہ فائر پاور میں پاک فضائیہ کے پائلٹس کو پیشہ ورانہ مہارت دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

    فائرنگ رینج میں پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے انسداد دہشت گردی کارروائی کا بھی مظاہرہ کیا، ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں نے برق رفتاری سے اہداف کو نشانہ بنایا۔

  • بڑی خبر: صدر مملکت آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر چکے

    بڑی خبر: صدر مملکت آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر چکے

    اسلام آباد: آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے حوالے سے موجود ابہام ختم ہو گیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں یہ بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط ہو چکے ہیں۔

    کاشف عباسی نے پروگرام میں بتایا کہ صدر مملکت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مزید 3 سال کے لیے تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔

    بتایا گیا کہ آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کی تمام کاغذی کارروائی اگست میں ہو گئی تھی، آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی اگست میں تیار ہو چکا تھا۔

    واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اگست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید تین سال کے لیے پاک فوج کا سالار مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جنرل قمرباجوہ مزید تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر

    بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ملک کی مشرقی سرحد کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کیا، فیصلہ کرتے ہوئے بدلتی ہوئی علاقائی صورت حال، خصوصاً افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظرمیں کیا گیا۔

    یہ بھی کہا گیا تھا کہ جنرل قمر باجوہ کی توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیوں کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

    یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اس وقت پاک فوج کے آرمی چیف ہیں، سابقہ وزیر اعظم نواز شریف نے انھیں 29 نومبر 2016 کو پاکستان کا 16 واں سپہ سالار مقرر کیا تھا اور ان کی مدت ملازمت 29 نومبر 2019 کو ختم ہونا تھی، تاہم اب وہ مزید تین سال آرمی چیف کے عہدے پر رہیں گے۔