Tag: صدر مملکت

  • صدر مملکت نے جاپانی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کردیا

    صدر مملکت نے جاپانی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کردیا

    ٹوکیو: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جاپانی وزیراعظم شنزو ابے سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال سےآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے 5 روزہ سرکاری دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اورتجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔

    صدر مملکت عارف علوی نے جاپانی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال سےآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی رکوانے کیلئے کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیرکےمظلوم عوام کیلئےآوازبلند کرے۔

    صدر مملکت نے جاپان میں حالیہ تباہ کن طوفان سے ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع اور بھاری مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا جب کہ جاپانی وزیراعظم نے کہا کہ باہمی روابط سےمستقبل میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔

    قبل ازیں جاپان کےشہنشاہ کی جانب سے مختلف سربراہان مملکت اورحکومت کےاعزازمیں اعشائیہ دیا گیا، جس میں صدرمملکت عارف علوی اورخاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے شرکت کی تھی۔

    اس موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے مختلف سربراہان مملکت و حکومت سے ملاقاتیں کی ، جس میں مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت نے وفود کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر میں تشویشناک صورتحال سےآگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکےمسئلے کے حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام انتہائی مشکل ہے۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کونہیں دبا سکتا، کشمیریوں کوحق خودرادیت دلانے کیلئےعالمی برادری کو کردار اداکرناہوگا۔

    صدرمملکت نے سربراہان سے پاکستان میں آئی ٹی شعبےکی ترقی کے اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، غیرملکی سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، پاکستان میں ایزآف ڈوئینگ بزنس کویقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، پاکستان کی سرزمین قدرتی حسن سےمالامال ہےاور پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عارف علوی جاپان روانہ، صادق سنجرانی صدر مملکت مقرر

    واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی 20 اکتوبر کو 5 روزہ دورے پر جاپان روانہ ہوئے تھے، صدر مملکت جاپانی حکومت کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ صدر مملکت کی بیرون ملک روانگی کے باعث چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کا کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

  • برطانوی شاہی جوڑا آج صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا

    برطانوی شاہی جوڑا آج صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا

    اسلام آباد : برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن آج صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جبکہ عمران خان شاہی جوڑے کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کی آج کی مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا ، شاہی جوڑا صبح10 بجے اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ اور 11 بجے ٹریل فائیو پر ماحولیات کی تقریب میں شرکت کرے گا۔

    شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی صدر عارف علوی سے ملاقات 12 بجے ہوگی جبکہ دوپہر ایک بجے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات طے ہیں، عمران خان شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔

    خصوصی مہمان شام 6 بجے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کریں گے اور رات برطانوی ہائی کمیشن میں قیام کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ رات برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان پہنچے تو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا ، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستہ پیش کئے۔

    مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑےکادورہ پاکستان تاریخی اہمیت کاحامل ہے، ان کی  آمدسےپاکستان کامثبت چہرہ سامنےآئے گا دوطرفہ تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کے دورے پر ہیں، 16 اکتوبر کو جوڑا لاہور جائے گا، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہیں دیکھیں گے، 17 اکتوبر کو شاہی مہمان چترال کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • انجینیئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے: صدر مملکت

    انجینیئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیوں میں انجینیئرز کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے، انجینئرز اور ڈاکٹرز کی تعلیم پر ملک کا خطیر سرمایہ خرچ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوسری بین الاقوامی انجینئرنگ ایجوکیشن کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 100 سے زائد جامعات انجینیئرنگ کی تعلیم دے رہی ہیں، جامعات میں تعلیم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق دی جانی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں انجینیئرنگ کو مارکیٹ کی طلب کے تحت تعلیم دی جانی چاہیئے، پاکستان کو توانائی میں خود کفیل بنانے کے لیے انجینیئرز اپنا کردار ادا کریں۔ انجینئرز اور ڈاکٹرز کی تعلیم پر ملک کا خطیر سرمایہ خرچ ہوتا ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک میں پانی کا زیاں روک کر استعمال کے لیے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سیوریج کا ساڑھے 4 سو ملین گیلن پانی سمندر میں پھینکا جاتا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تحقیق سے سیکھنے کا عمل مکمل ہوتا ہے، فزکس کے علم میں انسان کے لیے سیکھنے کو بہت کچھ ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ توانائی اور صحت کے شعبے میں استعداد کار بڑٖھانے کی ضرورت ہے، توانائی کے حصول کے لیے متبادل ذرائع کا استعمال ضروری ہے۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ انسانی وسائل کی ترقی پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، مصنوعی ذہانت کا شعبہ روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

  • آبادی کی شرح میں تیزی سے اضافہ پاکستان جیسے ملکوں کے لیے بڑا مسئلہ بن چکا ہے، صدر عارف علوی

    آبادی کی شرح میں تیزی سے اضافہ پاکستان جیسے ملکوں کے لیے بڑا مسئلہ بن چکا ہے، صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آبادی کی شرح میں تیزی سے اضافہ پاکستان جیسے ملکوں کے لیے بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ بچے کو ماں کا دودھ پلانے سے چھاتی کے کینسر کا امکان کم ہوجاتا ہے، پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد خواتین کو چھاتی کا کینسر ہوسکتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ کینسروں کی تمام اقسام میں سب سے اہم چھاتی کا کینسر ہے، کینسر کے علاج میں تین چیزیں بہت اہم ہیں، پہلے مرحلے میں تمام خواتین مہینے میں ایک بار اپنے ہاتھوں سے خود معائنہ کرسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چھاتی میں گٹلی محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کیا جائے، چھاتی کےکینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے آئمہ کرام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: حادثاتی طور پر دانتوں کا ڈاکٹر بن گیا، صدر عارف علوی

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمارے مذہب میں ہمسایوں سے حسن سلوک کی بہت زیادہ تاکید ہے، قرآن پاک میں دو سال تک بچے کو دودھ پلانے کا حکم دیا گیا ہے، اللہ تعالیٰ نے ماں کے دودھ میں غذائیت کا خزانہ رکھا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت کا کہنا تھا کہ 90 فیصد دانتوں کی بیماریوں سے پرہیز کرکے بچاجاسکتا ہے، میرے تحقیقی مقالے بھارت میں شائع ہوگئے، پاکستان میں شائع نہیں ہوسکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈینٹل ڈاکٹر کو کم از کم 6 ماہ سرکاری اسپتال میں گزارنا لازمی قرار دینا ہوگا، ملک میں لوگوں کو مسائل اور بیماریوں سے آگاہی چاہئے۔

  • حادثاتی طور پر دانتوں کا ڈاکٹر بن گیا، صدر عارف علوی

    حادثاتی طور پر دانتوں کا ڈاکٹر بن گیا، صدر عارف علوی

    لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں حادثاتی طور پر دانتوں کا ڈاکٹر بن گیا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بین الاقوامی ڈینٹسری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ دانتوں کے مرض سے آگاہی چاہتے ہیں، ہم بیماریوں کا انتظار کرتے ہیں، تدارک کے لیے کچھ نہیں کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ 90 فیصد دانتوں کی بیماریوں سے پرہیز کرکے بچا جاسکتا ہے، میرے تحقیقی مکالے بھارت میں شائع ہوگئے، پاکستان میں شائع نہیں ہوسکے ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈینٹل ڈاکٹر کو کم از کم 6 ماہ سرکاری اسپتال میں گزارنا لازمی قرار دینا ہوگا، ملک میں لوگوں کو مسائل اور بیماریوں سے آگاہی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ اس ملک کا فکر مند نوجوان نہیں ہوگا تو کون ہوگا، خوشی کا تعلق خدمت کے جذبے سے ہے۔

    مزید پڑھیں: صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    صدر عارف علوی نے کہا کہ کوشش کرتا ہوں پروٹوکول کی زحمت کم ہو، عوام کی خدمت کے لیے جو میں کرسکتا ہوں وہ کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گلوبل وارمنگ، صحت اور دیگر مسائل پر بات کی ہے جبکہ پاکستان میں لوگ خدمت خلق کے معاملے پر کبھی پیچھے نہیں رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شمار ایشیا کے ممتاز ڈینٹسٹ میں ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی تھی جس میں صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے صدر مملکت کو سانحہ چونیاں کے ملزم کی گرفتاری اور سانحہ چونیاں جیسے واقعات کے تدارک کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا تھا۔

  • صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    صدر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

    لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے صدر مملکت کو سانحہ چونیاں کے ملزم کی گرفتاری اور سانحہ چونیاں جیسے واقعات کے تدارک کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے انسداد ڈینگی اقدامات سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی جبکہ سڑکوں کے پروگرام ’نیا پاکستان منزلیں آسان‘ کے خدوخال سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر برائے صحت یاسمین راشد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفر مرزا بھی موجود تھے۔ وزیر صحت یاسمین راشد نے پنجاب میں صحت کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

    یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق شعبہ صحت میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

  • محروم طبقات کی فلاح کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے: صدر عارف علوی

    محروم طبقات کی فلاح کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے: صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے محروم طبقے کی فلاح کے لئےکام کرنے کی ضرورت ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کی مدد کرنا اہم ذمہ داری ہے.

    صدرمملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ اللہ کے راستے پر خرچ کرنے والوں کو خوش دیکھا ہے، ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست وزیراعظم کا وژن ہے.

    ان کے مطابق دین اسلام ہمیں عاجزی اور انکساری کا درس دیتا ہے، ملکی ترقی کے لئے جدید علوم میں مہارت ناگزیر ہے.

    معاشرے کے محروم طبقے کی فلاح کے لئےکام کرنے کی ضرورت ہے، عظیم قائد ہمیشہ صادق اور امین ہوتے ہیں. محروم طبقے کے لئے کام کیا جانا ضرور ہے، وزیر اعطم کا وژن واضح ہے.

    خیال رہے کہ  30 ستمبر 2019 کو اپنے بیان میں صدر پاکستان نے کہا تھا کہ  جنگ کی نوبت آئی تو آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہوچکا ہے، روس سے بھی اس وقت پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، وزیراعظم نے مسلم امہ کے لیے جو کیا وہ قابل ستائش ہے۔

  • وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا، صدر مملکت

    وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا، صدر مملکت

    کراچی: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت جب مل کر کام کریں گے تو کراچی بہتر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے گورنر ہاؤس میں 2 روزہ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت پر بات کی، عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ بہت خوشی ہوئی وزیراعظم نے اجلاس میں ماحول پر بھی بات کی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں ساری قوتیں مل کر کام کریں، کچرے کو صحیح جگہ پر پھینکیں، سب کا کام ہے کہ کوڑا نہ ہونے دیں۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں اتنا پیسہ چوری ہوا اور کہاں گیا مجھے معلوم نہیں ہے، میری اس بات میں زیادہ دلچسپی ہے کہ پیسہ واپس آجائے۔

    مزید پڑھیں: چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں: صدر مملکت

    صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ جیسے جیسے معیشت بہتر ہوگی مسائل بھی حل ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے مثال ہے، پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ چین نے معیشت کے ہر شعبے میں ترقی کی ہے، چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔

  • چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں: صدر مملکت

    چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے مثال ہے، پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ چین نے معیشت کے ہر شعبے میں ترقی کی ہے، چین کی معیشت دنیا بھر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کسی کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں 70 سالوں سے بدعنوانی عام رہی ہے، کرپشن کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ حکومت کرپشن اور سرخ فیتے کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلاک چین ٹیکنالوجی اعداد و شمار میں غلط رد و بدل روکنے میں کارگر ہے، حکومت تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم اور پاکستان میں کاروبار کو آسان بنارہی ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ ویئر انجینئرز ہیں جو اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ملک میں 70 سال سے بدعنوانی عام رہی موجودہ حکومت بدعنوانوں کا احتساب کر رہی ہے۔

  • صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کے دوران حسب سابق اپوزیشن کی جانب سے منفی رویے کا مظاہرہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ سے صدر مملکت خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرنے لگے تو اپوزیشن نے منفی رویہ اپناتے ہوئے شور شرابا شروع کر دیا۔

    صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور تقریر اور ایجنڈے کی کاپیاں ہوا میں اڑا دیں۔

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف قومی ترانے کے بعد ایوان میں آئے۔

    صدر مملکت عارف علوی کو اپوزیشن ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا پڑا کہ آپ شور بھی مچاتے رہیں لیکن بات بھی سنتے رہیں تو اچھا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ شور شرابا تو جاری رہے گا لیکن ملک کے مفاد کے لیے فوری طور پر قوانین منظور اور عمل درآمد کرائیں۔

    تازہ ترین:  مسئلہ کشمیر، عالمی برادری کی خاموشی عالمی امن کے لیے خطرے کا باعث ہوگی: صدر پاکستان

    صدر مملکت کے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی، اجلاس میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن اراکین گتھم گتھا ہو گئے، ایک دوسرے کو دھکے دیے۔ پرویز خٹک، عبد القادر پٹیل نے پی پی کے آغا رفیع اللہ کو سمجھانے کی کوشش کی۔

    قبل ازیں، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں وزیر اعظم عمران خان بھی موجود تھے، اجلاس میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی شریک ہوئے، جب کہ مہمان گیلری میں گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔

    اجلاس شروع ہوا تو آصف زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف اجلاس میں شریک نہیں تھے، تاہم شہباز شریف بعد میں ایوان میں آ گئے، اپوزیشن کے گرفتار اراکین کی نشستوں پر ان کی تصاویر رکھ دی گئیں۔

    جن اراکین کی نشستوں پر تصاویر رکھی گئیں ان میں رانا ثناللہ، آصف زرداری اور شاہد خاقان عباسی شامل تھے۔