Tag: صدر مملکت

  • صدر مملکت عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے

    صدر مملکت عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، یہ ان کا پارلیمنٹ سے دوسرا خطاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست کو طلب کرلیا گیا ہے جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب گزشتہ برس 17 ستمبر کو کیا تھا۔ اس موقع پر مسلم لیگ نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا۔

    اپنے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاسی نظام عدم استحکام کا شکار رہا، لیکن خوش آئند ہے کہ گزشتہ 3 اسمبلیاں مدت پوری کرنے میں کامیاب رہیں۔ ہمارا بڑا مسئلہ گروہی مفادات و بے پناہ کرپشن ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قومیں مسائل سے دو چار ہوتی ہیں اور مسائل سے باہر بھی نکلتی ہیں، زندہ و باہمت قومیں مسائل سے گھبرایا نہیں کرتیں۔ پاکستان میں احتساب کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت نےمزید کہا تھا کہ بلوچستان و سندھ کے مختلف علاقے خشک سالی کا شکار ہیں، ملک کو گلوبل وارمنگ سے بچنے کے لیے شجر کاری و نئے ڈیم بنانے ہوں گے۔

  • دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات

    دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات

    اسلام آباد: صدرِ مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے نیوی افسران کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری کا اعلان کیا گیا ہے۔

    صدرِ پاکستان نے دشمن کی آب دوز کا سراغ لگانے والے آفیسرز لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارۂ بسالت اور لیفٹیننٹ کمانڈر خرم داؤد کو تمغۂ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی۔

    ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دھرتی کے ان بیٹوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کی جدید آب دوز کا سراغ لگایا تھا-

    یہ بھی پڑھیں:  یوم پاکستان پر نیوی کے آفیسرز اور سیلرز کے لیے ملٹری اعزازات کی منظوری

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی آب دوزوں کی دشمن کے پانیوں میں کام یابی سے طویل مدتی آپریشنل ڈپلائمنٹ پر کیپٹن ایلیا حسن کو ستارۂ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ کارنامے پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کے تین رئیر ایڈمرل کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 14 آفیسرز کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 13 آفیسرز کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

    پاکستان نیوی کے 2 آفیسرز کو ستارۂ بسالت، 2 آفیسرز اور 6 جوانوں کو تمغۂ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

  • سینیٹ کا اجلاس یکم اگست کو ہی ہوگا: صادق سنجرانی کی صدر مملکت سے ملاقات کے بعد گفتگو

    سینیٹ کا اجلاس یکم اگست کو ہی ہوگا: صادق سنجرانی کی صدر مملکت سے ملاقات کے بعد گفتگو

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس یکم اگست ہی کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو صدر مملکت عارف علوی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خصوصی ملاقات کی ہے، بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں سیاسی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی، صحافی نے سوال کیا کہ صدر مملکت سے ملاقات کس سلسلے میں ہوئی، تو چیئرمین سینیٹ نے جواب دیا کیوں میں صدر مملکت سے نہیں مل سکتا؟

    دریں اثنا، صادق سنجرانی نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی سے ان کی ملاقات معمول کے مطابق تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سینیٹ چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد، حکومت اور اپوزیشن میں بیک ڈور رابطے

    انھوں نے واضح طور پر کہا کہ سینیٹ کا اجلاس یکم اگست ہی کو ہوگا، یہ اجلاس تحریکِ عدم اعتماد کے معاملے ہی پر بلایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے یکم اگست کو سینیٹ اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کا معاملہ بہت آگے بڑھ چکا ہے، گزشتہ روز اس سلسلے میں بیک ڈور رابطے بھی ہوئے، ذرایع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے گزشتہ روز جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر ان سے تعاون کی اپیل کی تھی۔

  • سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے: صدر ڈاکٹر عارف علوی

    سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے: صدر ڈاکٹر عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے، نظام قدرت میں ہر ایک چیز کی اپنی اہمیت اور حیثیت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے کراچی میں تعمیر قوم کے تحت سرسبز تحریک سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں بلین ٹری سونامی منصوبہ اہمیت رکھتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں جنگلات کی سطح تشویش ناک حد تک کم ہو رہی ہے، ایسے میں وزیر اعظم عمران خان کا ٹری منصوبہ سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا۔

    ان کا کہنا تھا خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ ملک کو صاف اور سرسبز بنانے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے موجودہ قیادت پر خلوص ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمارے مذہب میں ماحول کی پاکیزگی پر بہت زور دیا گیا ہے، اسلام ہمیں روحانی اور جسمانی پاکیزگی کی تعلیم دیتا ہے۔

    انھوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے توانائی کے متبادل ذرایع بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جوہری اور آبی ذرایع توانائی کے سستے ترین ذرایع ہیں جب کہ بجلی کی پیداوار کے لیے پَون اور شمسی ذرایع کو بھی بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

    عارف علوی نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کو تقریباً پانچ سال پہلے شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا تھا اور اب وہ ایوان صدر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

    صدر عارف علوی نے توانائی کے متبادل ذرایع میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم بھی کیا۔

  • صدرمملکت نے شیخ تمیم الثانی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نواز دیا

    صدرمملکت نے شیخ تمیم الثانی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نواز دیا

    اسلام آباد: امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا۔

    تفصیلات کے مطابق امیر قطرشیخ تمیم بن حمدالثانی کا ایوان صدر میں پرتپاک استقبال کیا گیا ، امیر قطر وفد کے ہمراہ کو ایوان صدر پہنچنے پر بچوں نے پھول بھی پیش کیے۔

    امیر قطر کو نشان پاکستان سے نوازنے کی تقریب کے موقع پر ایوان صدر میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری، وفاقی وزیر علی زیدی ،شیخ رشید، فردوس عاشق اعوان، عمر ایوب و دیگر وفاقی وزرا اورمہمان بھی ایوان صدر میں موجود ہیں۔

    صدر عارف علوی اور امیر قطر کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدرمملکت نے ایوان صدر میں امیر قطر کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازنے کی تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے ترانوں کی دھن بجاکر ہوا۔

    یاد رہے کہ  امیر قطرشیخ تمیم بن حمدالثانی گزشتہ روز پاکستان پہنچنے تھے جہاں وزیر اعظم پاکستان عمران خان ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، شیخ تمیم بن حمدالثانی کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔

    امیر قطر کا شایان شان استقبال، وزیر اعظم سے ملاقات، تین معاہدوں پردستخط

    امیر قطرکو مسلح افواج کےدستےنے گارڈآف آنر پیش کیا۔  وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر کاوفاقی وزرا سےتعارف کرایا۔

    امیر قطر نےوزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا۔ امیرقطرکوجےایف17تھنڈرطیاروں کی جانب سے سلامی دی گئی۔

  • صدر مملکت نے میڈیا کے مسائل حل کرنے سے متعلق ذمہ داری سونپی ہے: فردوس عاشق اعوان

    صدر مملکت نے میڈیا کے مسائل حل کرنے سے متعلق ذمہ داری سونپی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ملاقات ہوئی، معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے میڈیا کے مسائل حل کرنے سے متعلق ذمہ داری سونپی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے مثبت تشخص کے حوالے سے میڈیا کے کردار پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ صدر مملکت نے میڈیا کے مسائل حل کرنے سے متعلق ذمہ داری سونپی ہے۔ صدر سے سماجی مسائل کے مختلف پہلوؤں پر بات ہوئی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے متعلق ایک وژن رکھتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان کے مثبت تشخص کے حوالے سے میڈیا کے کردار پر بھی بات ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ پسماندہ طبقے کے مسائل اور مشکلات حل کرنے، اختیارات کو نچلی سطح پر پہنچانے اور میڈیا مالکان اور ورکرز کے درمیان تعلق پر بھی بات چیت ہوئی۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔ عمران خان اس کینسر کے علاج میں مصروف عمل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا دہشت گردی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔

  • صدر عارف علوی کی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر اجمل کے گھر آمد

    صدر عارف علوی کی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر اجمل کے گھر آمد

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر اجمل خان کے گھر تعزیت کے لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان عارف علوی نے جامعہ کراچی کے مرحوم وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

    صدر مملکت عارف علوی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر اجمل خان کی تعلیم کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان عارضۂ قلب کے باعث مقامی اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جامعہ کراچی کے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اجمل خان انتقال کرگئے

    پروفیسر اجمل خود بھی جامعہ کراچی کے طالب علم رہے تھے، انھوں نے کراچی یونی ورسٹی سے 1973 میں نباتیات میں بی ایس آنرز اور اگلے برس پلانٹ فزیالوجی میں ایم ایس سی کیا تھا۔

    1985 میں امریکا کی اوہایو یونی ورسٹی سے فزیالوجیکل ایکولاجی میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد کراچی یونی ورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔

    ڈاکٹر اجمل کو متعدد قومی اعزازات سے بھی نوازا گیا، صدارتی تمغاے حسن کارکردگی، ستارۂ امتیاز، نمایاں قومی پروفیسر اور 2008 میں نمایاں سائنس دان ہونے کا اعزاز ان میں شامل ہیں۔

  • امام کعبہ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی آج صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے

    امام کعبہ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی آج صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے

    اسلام آباد: امام کعبہ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی آج اسلام آباد میں مصروف دن گزاریں گے، اس دوران وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی آج وفاقی دارالحکومت میں صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    ذرایع کے مطابق امام کعبہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے، اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ان کی ملاقات ہوگی۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ امام کعبہ کل پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں نماز ظہر کی امامت بھی کریں گے، اور ملاقاتوں کے بعد لاہور روانہ ہو جا ئیں گے، جہاں وہ 16 اپریل کو بادشاہی مسجد میں نماز عصر کی امامت کرائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے، امام کعبہ ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجھنی

    امام کعبہ ڈاکٹرعبداللہ عواد الجہنی 16 اپریل ہی کو گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں کریں گے، اسی دن 16 اپریل کو وہ سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔

    یاد رہے کہ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹرعبداللہ عواد الجہنی جمعرات کو پانچ روزہ دورے پر سعودی عرب سے پاکستان پہنچے تھے، امام کعبہ کا پاکستان میں قیام 11 سے 16 اپریل تک ہے۔

    خیال رہے شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے 2005 میں مسجد الحرام میں تراویح کا آغاز کیا اور جولائی 2007 میں گرینڈ مسجد کے امام مقرر ہوئے، اس سے قبل مسجد نبوی میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

  • دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں سب سے زیادہ ہیں، عارف علوی

    دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں سب سے زیادہ ہیں، عارف علوی

    راولپنڈی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیاں پوری دنیا کے مقابلے میں زیادہ ہیں، مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم کو پاس آؤٹ ہونے والے افسران پر مکمل اعتماد ہے، پاکستان کی مسلح افواج بہترین جنگجو ہے، جو ملک کو درپیش مختلف خطرات سے بخوبی آگاہ ہے، مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ مشرقی سرحدوں پر کشیدگی کے دوران سب نے ہماری افواج کی صلاحیتوں کو دیکھا، ہماری آپریشنل تیاریوں اور منہ توڑ جواب سے دشمن کو ناکامی ہوئی۔

    ان کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں باہمی احترام کی بنیاد پر امن اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، امن واستحکام کا فروغ پاکستان کی قومی پالیسی ہے، تاہم کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، قومی سلامتی پرآنچ نہیں آنے دی جائےگی۔

    صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل نکالا جائے،۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی قسم کے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، دہشت گردی کیخلاف ہماری کامیابیاں پوری دنیا کے مقابلے میں زیادہ ہیں، افسروں اور جوانوں کی حصول امن کیلئے قربانیوں کا کوئی متبادل نہیں۔

    علاوہ ازیں صدر مملکت نے تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر اکیڈمی سینئر انڈر آفیسرحیدر علی خان کو اعزازی شمشیر دی گئی۔

    بٹالین سینئرانڈر آفیسر محمد عمرخان کو صدارتی گولڈ میڈل جبکہ سری لنکا کے کیڈٹ کو اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا، اس کے علاوہ کورس انڈر آفیسرز محمد شہزاد اور احمد بلال کو کمانڈنٹ کی چھڑی سے نوازا گیا، کورس انڈر آفیسر عائشہ شکیل نے کمانڈنٹ کی چھڑی حاصل کی۔

  • پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا بھر کے سیاحتی مقامات سے زیادہ پرکشش ہیں: صدر مملکت

    پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا بھر کے سیاحتی مقامات سے زیادہ پرکشش ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات انتہائی خوب صورت اور دنیا بھر کے سیاحتی مقامات سے زیادہ پُر کشش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے منگل کو اسلام آباد میں ٹور ازم سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے کثیر زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاحتی مقامات دنیا بھر کے سیاحتی مقامات سے زیادہ پر کشش ہیں، موجودہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بیرون ملک سے سیاحوں کی کثیر تعداد ملک کے شمالی علاقہ جات آتی ہے، پرکشش سیاحتی مقامات کی سیر سے دل کو تسکین ملتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومتوں کو خواتین کے لئے مردوں کے مساوی مواقع فراہم کرنے چاہییں: صدر پاکستان

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آثار قدیمہ کثیر تعداد موجود ہیں اور ملک میں مذہبی و روایتی سیاحت کے وسیع مواقع ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے کثیر زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے، سیاحت کا فروغ شمالی علاقہ جات کی ترقی کا ضامن ہے۔

    خیال رہے کہ صدر عارف علوی نے گزشتہ روز ینگ ویمن لیڈر شپ کانفرنس سے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ معاشی خود مختاری ہی صحیح معنوں میں خواتین کی آزادی اور ترقی کی ضامن ہے، حکومتوں کو خواتین کے لیے مردوں کے مساوی مواقع فراہم کرنے چاہییں۔