Tag: صدر مملکت

  • نفرت بے لگام ہو تو روکنا مشکل ہوتا ہے: صدر مملکت کی نیوزی لینڈ حملے کی مذمت

    نفرت بے لگام ہو تو روکنا مشکل ہوتا ہے: صدر مملکت کی نیوزی لینڈ حملے کی مذمت

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی مسجد میں قتل عام پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مشکل وقت ہے، نفرت بے لگام ہو تو روکنا مشکل ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ کی مسجد میں قتل عام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مشکل وقت ہے، نفرت بے لگام ہو تو روکنا مشکل ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ آج صبح نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد میں مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، حملے میں اب تک 40 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، حملہ آوروں نے النور مسجد اور لین وڈ میں نماز جمع کے دوران نمازیوں کو نشانہ بنایا۔

    بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی حملے کے وقت مسجد میں موجود تھی تاہم وہ محفوظ رہی۔

    وزیر اعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے فائرنگ واقعے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور کہا کہ آج نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ملزم سے تحقیقات جاری ہیں۔

    واقعے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کا شدید صدمہ ہے، حملے سے واضح ہوگیا دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی ذمہ داری نائن الیون کے بعد اسلام مخالف پروپیگنڈے پر عائد ہوتی ہے، جس میں کسی بھی دہشت گردی کا الزام اسلام اور سوا ارب مسلمانوں پر لگادیا جاتا ہے، یہ سب جان بوجھ مسلمانوں کی جائز سیاسی جدوجہد کو دبانے کے لیے کیا گیا۔

  • اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

    اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی صدر مملکت سے ملاقات

    اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم (اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن) کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کی پاکستان میں مصروفیات جاری ہیں، صدر عارف علوی سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ای سی او ممالک جنوبی و شمالی یورپی ایشیا کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں، ٹرانسپورٹ، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی بحالی کے لیے معاونت کرنے والا ای سی او تنظیم کا سب سے بڑا ملک ہے۔

    ای سی او کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، خطے میں امن و استحکام اور تعاون کے لیے پاکستان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

    صدر مملکت سے ملاقات کے بعد سیکریٹری جنرل وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کی ملاقات ہوئی۔ سیکریٹری جنرل نے وزیر خارجہ کو آرگنائزیشن کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر ہادی سلیمان کا کہنا تھا کہ آرگنائزیشن خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششیں کر رہی ہے، مختلف ممالک میں تجارتی رابطوں کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، معاشی سفارت کاری کا آغاز کر چکے ہیں۔ پاکستان ای سی او کا بنیادی رکن اور اہم ترین پارٹنر ہے۔

    یادی سلیمان نے کہا کہ علاقائی ترقی میں ای سی او پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    خیال رہے کہ اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل ہادی سلیمان کل صبح اسلام آباد پہنچے تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی تھی۔

    سیکریٹری جنرل ای سی او 4 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے، اس دوران وہ وزیر اعظم، وزارئے خزانہ، اطلاعات، منصوبہ بندی اور مواصلات جبکہ مشیر تجارت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل ای سی او کا اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، صدر مملکت عارف علوی

    پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پی آئی اے میں ترقی کا سفر جاری رہے گا، پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، وہ دن دور نہیں جب قومی ایئرلائن جلد منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اس موقع پر پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے صدر مملکت اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استقبال کیا اور انہیں پی آئی اے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہے، ایئر مارشل ارشد ملک کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، تمام امور میں میرٹ برقرار رکھا جائے، سفارشی کلچر کا خاتمہ کیا جائے، پی آئی اے قومی ادارہ ہے اس کی ترقی چاہتے ہیں۔

    عارف علوی نے کہا کہ قومی ایئرلائن واحد ایئرلائن ہے جس نے دنیا کی بعض ایئرلائنز کو بنایا، پی آئی اے کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں۔

    پی آئی اے کو درپیش پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کو خصوصی ہدایت دی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے صدر مملکت عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کیا۔

  • ٹیکس ڈائریکٹری 18-2017: صدر اور وزیر اعظم نے کتنا ٹیکس دیا؟

    ٹیکس ڈائریکٹری 18-2017: صدر اور وزیر اعظم نے کتنا ٹیکس دیا؟

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کردہ پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 1 لاکھ 3 ہزار 763 روپے جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے 3 لاکھ 77 ہزار 511 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پارلیمنٹیرینز ٹیکس ڈائریکٹری 18-2017 جاری کردی۔ ڈائریکٹری کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے 1 لاکھ 3 ہزار 763 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    ڈائریکٹری کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے 48 لاکھ 49 ہزار 615 روپے ٹیکس دیا۔ وفاقی وزیر شیخ رشید نے 7 لاکھ 2 ہزار 698 روپے، جہانگیر ترین نے 9 کروڑ 73 لاکھ 17 ہزار 272 روپے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 6 لاکھ 53 ہزار 943 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے 2 لاکھ 27 ہزار 591 روپے، صدر عارف علوی نے 3 لاکھ 77 ہزار 511 روپے، وفاقی وزیر خسرو بختیار نے 4 لاکھ 75 ہزار 573 روپے اور مراد سعید نے 2 لاکھ 41 ہزار 946 روپے ٹیکس دیا۔

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 30 لاکھ 86 ہزار 961 روپے ٹیکس ادا کیا، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2 لاکھ 63 ہزار 173 روپے، چوہدری نثار نے 17 لاکھ 23 ہزار 38 روپے اور حمزہ شہباز نے 82 لاکھ 68 ہزار 298 روپے ٹیکس دیا۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 2 لاکھ 89 ہزار 174 روپے، احسن اقبال نے 3 لاکھ 68 ہزار 598 روپے اور اسحٰق ڈار نے 93 لاکھ 84 ہزار 606 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    ڈائریکٹری کے مطابق پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے 1 لاکھ 65 ہزار 243 روپے، سینیٹر فرحت اللہ بابر نے 3 لاکھ 43 ہزار 685 روپے، سینیٹر اعظم سواتی نے 7 لاکھ 64 ہزار 197 روپے، سینیٹر روبینہ خالد نے 44 ہزار 485 روپےاور سینیٹر اعتزاز احسن نے 2 کروڑ 58 لاکھ 69 ہزار 738 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 1 لاکھ 38 ہزار 573 روپے، ستارہ ایاز نے 1 لاکھ 38 ہزار 573 روپے، شبلی فراز نے 6 لاکھ 81 ہزار 923 روپے اور بابر اعوان نے 47 لاکھ 84 ہزار 96 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    ڈائریکٹری کے مطابق فاروق ایچ نائیک نے 1 کروڑ 10 لاکھ 62 ہزار 116 روپے، خوش بخت شجاعت نے 9 لاکھ 20 ہزار 419 روپے، رضا ربانی نے 6 لاکھ 5 ہزار 954 روپے، مولانا فضل الرحمٰن نے 1 لاکھ 20 ہزار 225 روپے، خورشید احمدشاہ نے 2 لاکھ 56 ہزار 121 روپے اور فریال تالپور نے 28 لاکھ 69 ہزار 133 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے 1 لاکھ 38 ہزار 573 روپے، محمود خان اچکزئی نے 1 لاکھ 38 ہزار 573 روپے، مریم اورنگزیب نے 2 لاکھ 54 ہزار 358 روپے اور شیریں مزاری نے 15 لاکھ 69 ہزار 558 روپے ٹیکس دیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 9 لاکھ 88 ہزار 864 روپے ٹیکس ادا کیا، انہوں نے بطور بزنس مین 70 لاکھ 83 ہزار 312 روپے، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے 61 لاکھ 45 ہزار 980 روپے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے 1 لاکھ 47 ہزار 780 روپے ٹیکس ادا کیا۔

    ڈائریکٹری کے مطابق رکن قومی اسمبلی محمد قاسم نون اور باسط احمد سلطان بخاری نے کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا۔

  • بھارت جتنی بھی کوشش کرلے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا، صدر عارف علوی

    بھارت جتنی بھی کوشش کرلے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا، صدر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے جدوجہد خود ارادیت کو خون کا رنگ دیا، بھارت جتنی بھی کوشش کرلے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ بڑھتا جارہا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر کانفرنس کا ہونا خوش آئند ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں، مقبوضہ کشمیر آج بھی تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کررہا ہے، بھارتی فوج نے گزشتہ کئی ماہ میں سیکڑوں کشمیریوں کو شہید کیا، کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔

    مزید پڑھیں: کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیریوں کو کرنا ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کو بھارت نے ہمیشہ مسترد کیا ہے۔

    واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلاتفریق حمایت کرتے ہیں، کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گمنام قبریں تاریخ رقم کر رہی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان ہر اعتبار سے کشمیر کو سپورٹ کرتا رہا ہے۔

  • کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    مظفر آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گمنام قبریں تاریخ رقم کر رہی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان ہر اعتبار سے کشمیر کو سپورٹ کرتا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس دن بھی مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کی جاتی ہے انٹرنیٹ بند کیا جاتا ہے، کب تک چھپائیں گے ظلم کو مزید نہیں چھپا سکتے۔ بھارت میں جب الیکشن آتے ہیں، کشمیر اور مسلمانوں پر ظلم ڈھاتے ہیں۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوشش کی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقلیت میں بدلا جائے، جتنی کوشش کر لے بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی رہے گی۔ جب بھی نئی حکومت آتی ہے ہاتھ بڑھانے کا اچھا موقع ہوتا ہے، عمران خان نے بھی ہاتھ بڑھایا مگر جس طرح انکار کیا گیا دنیا نے دیکھا۔

    خیال رہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ آج کے دن لائن آف کنٹرول پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔

    یوم کشمیر کے موقع پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے، یقین ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب ہے، پیلیٹ گنز سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیریوں کا جذبہ حریت بڑھ رہا ہے، بھارت کے خلاف 70 سال سے کشمیری جدوجہد آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کاش لوگ سنگینوں کے نیچے آزادی کے نعرے نہ لگا رہے ہوتے، کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا، یہ واضح ہوچکا ہے کشمیریوں کی تحریک کامیاب ہو کر رہے گی۔

  • جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس آف پاکستان نامزد، صدر مملکت نے منظوری دے دی

    جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس آف پاکستان نامزد، صدر مملکت نے منظوری دے دی

    اسلام آباد : صدر پاکستان نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا، جسٹس ثاقب نثار کی سبکدوشی کے بعد وہ اپنے عہدے کا حلف18جنوری کو اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس  ثاقب نثار کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا گیا ہے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی چیف جسٹس کی نامزدگی کیلئے منظوری دے دی۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ18جنوری کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اوروزارت قانون کے مطابق20 دسمبر2019 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔

     جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بارے میں: 

    واضح رہے کہ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ21 دسمبر 1954ء کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور جامعہ پنجاب سے انگریزی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بیرون ملک سے قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور 26 جولائی1976ء کو باقاعدہ وکالت کے پیشے سے وابستہ ہوئے۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کئی تاریخی فیصلے سنائے، قصور میں قتل ہونے والی بچی زینب کیس میں ملزم عمران علی کو سزا ہوئی تو عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل کا فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سنایا۔

    اس کے علاوہ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کیس پانامہ کیس کا فیصلہ سنایا گیا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیر اعظم کو نااہل قرا ر دینے کی سفارش بھی کی تھی۔

    علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کیخلاف نااہلی کیس میں بھی وہ بینچ کا حصہ تھے اور ان کے اضافی نوٹ کی وجہ سے بھی انہیں کافی شہرت ملی۔

  • نماز جمعہ کی ادائیگی : صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے معذرت کرلی

    نماز جمعہ کی ادائیگی : صدر مملکت عارف علوی نے شہریوں سے معذرت کرلی

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مقامی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر ان کی وجہ شہریوں کی مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ سیکیورٹی کی وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی کی مسجد بلال میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پہنچے تو ان کی آمد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتطامات کیے گئے تھے، جس کے سبب نماز جمعہ کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    انہیں مسجد میں داخل ہونے کے لیے لائن میں لگ کر جانا پڑا۔ اس موقع پر نمازیوں نے ان کے اس اقدام کی سخت الفاظ مین مذمت بھی کی، ایک شہری نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سارے منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی، مذکورہ ویڈیو میں شہری کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمیں اسی تبدیلی کی توقع تھی، شکریہ عمران خان۔

    بعد ازاں ویڈیو وائرل ہونے پر صدر پاکستان نے نوٹس لیا اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جس مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے گیا اس کے باہر لوگوں کی قطار کی تصاویر دیکھیں، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ باہر ایسا ہورہا ہے۔

    صدرمملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ اپنے ہمسایوں سے معذرت خواہ ہوں، ایسی نماز کا ثواب بھی ختم ہوجاتا ہوگا جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچے۔

  • صدرمملکت عارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے

    صدرمملکت عارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے

    کراچی : صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے، دورے کے دوران وہ مصروف ترین دن گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے اور گیارہویں ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    صدر پاکستان ہفتے کے دن کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانوکیشن میں بھی شرکت کریں گے، انہیں گورنر ہاؤس میں میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے متعلق صدر کوبریفنگ دی جائی گی۔

    ڈاکٹرعارف علوی تین روزہ دورے کے دوران موہنجودڑو سے متعلق تصاویری نمائش میں بھی شرکت کریں گے اس کے علاوہ وہ بینکنک محتسب کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

    صدر عارف علوی نے کراچی میں لوکل ٹرین سروس کا افتتاح کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدر عارف علوی نے کراچی سٹی اسٹیشن تا دھابیجی لوکل ٹرین سروس کا افتتاح کیا تھا۔

    صدر مملکت نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

  • انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

    انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔ انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔ معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔

    صدر عارف علوی نے شہدائے آرمی پبلک اسکول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف کامیاب لڑائی پر سیکیورٹی فورسز کی معترف ہے، انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔