Tag: صدر مملکت

  • پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی:  الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کو اعتماد میں لینے کے لئے خط

    پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی: الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کو اعتماد میں لینے کے لئے خط

    اسلام آباد : پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو اعتماد میں لینے کے لئے خط لکھا دیا، جس میں انتخابات منسوخی کی وجوہات سےآگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کی منسوخی پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھا، ذرائع نے بتایا کہ خط میں صدر مملکت کو ان تمام وجوہات کی تفصیلات بتائیں گئیں جن کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کا دیا گیا شیڈول منسوخ کیا۔

    خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتخابات کے لئے شیڈول جاری کیا کیوں کہ صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا خط میں کہنا تھا کہ پنجاب میں صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے لیے گورنر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں اور رابطے کئے گئے تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز فوری انتخابات کے لۓ تیار نہیں جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی نفری کی فراہمی سے معذرت کی گئی۔

    خط میں آئین کے آرٹیکل 218(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور 8سی کا بھی حوالہ دیا گیا، جس کے تحت انتخابات منسوخ کئے گئے ۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ تیس اپریل کو انتخابات ممکن نہیں تھے اس لئے 8 اکتوبر کی تاریخ پولنگ کے لئے مقرر کی گئی تاہم شیڈول بعد میں جاری کر دیا جائے گا۔

  • صدر مملکت کا گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق اہم مشورہ

    صدر مملکت کا گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق اہم مشورہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر خیبر پختون خوا کو مشورہ دیا ہے کہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی کی دعوت پر آج گورنر کے پی حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں اُن سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے خیبر پختون خواہ کے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں آرٹیکل 224(2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن سے متعلق گفتگو کی گئی، صدر نے مشورہ دیا کہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ پر عدالتی حکم پر عمل درآمد کریں۔

    صدر پاکستان نے گورنر سے کہا کہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔

    ملاقات میں صدر مملکت نے آئین کی پاس داری اور مقررہ مدت کے اندر عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

    انھوں ںے کہا کہ مقررہ وقت میں انتخابات آئین نے لازمی قرار دیے ہیں، اور سپریم کورٹ نے اس کی توثیق کی ہے، مقررہ وقت میں انتخابات پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے بھی ضروری ہیں۔

  • خواتین کو تمام شعبوں میں شامل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا عزم  کرتے ہیں، صدر مملکت

    خواتین کو تمام شعبوں میں شامل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا عزم  کرتے ہیں، صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو تمام شعبوں میں شامل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کا عزم  کرتے ہیں۔

     صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل تقسیم خواتین کو بااختیار بنانے کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ ہے، خواتین ٹیک ایجوکیشن، کیریئر اور گورننس میں کم نمائندگی رکھتی ہیں، ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کوڈیجیٹل خواندگی کے پروگرامز تک خواتین کی رسائی بڑھانےکی ضرورت ہے، ہمیں انٹرنیٹ سروسز، لیپ ٹاپ و دیگر ٹیکنالوجیز تک خواتین کو رسائی فراہم کرنا ہے۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ آئیں، صنفی مساوات کو حاصل کرنے کا عہد کریں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے منصفانہ اور مساوی دنیا بنانے کے لیے کام کریں۔

  • صدرِ مملکت  کا  30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا اعلان

    صدرِ مملکت کا 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا اعلان

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے 30اپریل کوپنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویزکردہ تاریخوں پر غور کے بعد اعلان کیا۔

    الیکشن کمیشن نے صدر کو 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کیں اور انتخابات ترجیحاً اتوار کے روزکرانے کی تجویزبھی دی تھی۔

    اس سے قبل الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کےفیصلے کی روشنی میں عام انتخابات کیلئے خط صدرمملکت کو ارسال کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی جانب سے تاریخ ملنے کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہے۔

    الیکشن کمیشن اعلامیہ میں کہا گیا تھا گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ بھیجا ہے ۔ جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نوے روز میں انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے فیصلہ تین دو کی اکثریت سے سنایا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی جمہوریت میں انتخابات اہم عنصر ہیں، اسمبلی کی تحلیل کے بعد نوے روزمیں الیکشن ہونا لازم ہے۔

  • ملک کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل باعث تشویش ہیں: صدر مملکت

    ملک کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل باعث تشویش ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل ہونا باعث تشویش ہے، مینٹل ہیلتھ پروفیشنلز کو استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت نفسیاتی صحت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں صدر پاکستانی امریکن سائیکٹرک ایسوسی ایشن، قومی کمیشن انسانی حقوق، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں، پاکستان سائیکٹری سوسائٹی، وزارت صحت اور نفسیاتی صحت کے ماہرین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں صدر مملکت نے ذہنی صحت کے علاج اور روک تھام کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل ہونا باعث تشویش ہے، نفسیاتی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صرف 5 سے 6 سو ماہرین نفسیات ہیں۔

    انہوں نے ذہنی صحت کے پروفیشنلز کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینا ہوگی۔

    اجلاس کے شرکا نے نفسیاتی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز دیں۔

  • صدر مملکت کی جانب سے آج ضمنی مالی بجٹ کی منظوری دیے جانے کا امکان

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے آج ضمنی مالی بجٹ کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، منظوری سے ضمنی بل 2023 نافذ العمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ضمنی مالی بل 2023توثیق کیلئےصدر مملکت کو بھیج دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت کی منظوری سے ضمنی بل 2023نافذ العمل ہوگا، صدر مملکت کی جانب سے آج ضمنی بل کی منظوری دینے کا امکان ہے۔

    یاد رہے 20 فروری کو قومی اسمبلی نے ضمنی مالی بجٹ 2023 کی منظوری دی تھی اور اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں تھیں۔

    قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ضمنی مالیاتی بل کے حوالے سے ارکان کی تجاویز کا خیرمقدم کرتےہیں ضمنی مالیاتی بل کا قدم مجبوراً اٹھانا پڑا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بجلی چوری، لائن لاسز اور بلز کی عدم ادائیگی سے پاور سیکٹر کو خسارے کا سامنا ہے، 1450 ارب روپے وصول نہیں ہو رہے، گزشتہ حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے ملکی معیشت 24 سے 47ویں نمبر پر پہنچی موجودہ معاشی مسائل پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں کانتیجہ ہیں۔

  • صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی

    صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی۔

    صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ، جس میں پنجاب اورخیبرپختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔

    عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سیکشن57 ٹوکےتحت انتخابات کاانعقادکرے ، آئین کےتحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔

    صدر مملکت کا خط میں کہنا تھا کہ آئین اورقانون الیکشن میں 90دن سے زائدکی تاخیر کی اجازت نہیں دیا، انتخابات کی تاریخ کیلئے آئینی اور قانونی حق استعمال کیا۔

    خط میں کہا گیا کہ آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا، پنجاب ،کےپی گورنر 90دن میں الیکشن تاریخ کی آئینی ذمہ داریاں ادانہیں کر رہے، الیکشن کمیشن بھی پنجاب ،کےپی کی اسمبلیوں کےانتخابات کی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا۔

    عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں آئینی دفاتر گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں ڈال رہے ہیں،اس طرزعمل سے تاخیر اور آئینی شقوں کی خلاف ورزی کا سنگین خطرہ پیداہو رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی آئینی عہدیداروں کےنام خطوط میں انتخابات کی ممکنہ تاریخوں کااشارہ دےچکاہے، خطوط میں 90دن کے اندرانتخابات کی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ظاہر ہوتی ہے۔

    صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسمبلیوں کےانتخابات کی تاریخ کےاعلان کیلئےالیکشن کمیشن سےمشاورت کاسنجیدہ عمل شروع کیا ، الیکشن کمیشن نے اس موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی۔

    عارف علوی کا خط میں کہنا تھا کہ سیکشن 57 ون کے تحت حاصل اختیارات کوبروئے کار لاکرتاریخ کا اعلان کررہا ہوں۔

  • الیکشن کمیشن گزشتہ روز صدر مملکت کو بھجوائے گئے مؤقف پر قائم

    الیکشن کمیشن گزشتہ روز صدر مملکت کو بھجوائے گئے مؤقف پر قائم

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صدر مملکت کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائے گئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبائی انتخابات کی تاریخ سے متعلق کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، اس لیے بہتر یہی ہے کہ عدالت سے معاملہ نمٹنے کے بعد ہی تاریخ پر فیصلہ کیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایوان صدر نہ جانے کا فیصلہ لا وِنگ کی تجویز پر کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صدر کی جانب سے بلائے گئے اجلاس پر مشاورت کی گئی تھی، جس میں یہ بھی کہا گیا کہ آئین کے تحت انتخابات سے متعلق گورنرز سے مشاورت ہو سکتی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ایوان صدر کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے سے معذرت کر لی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر عارف علوی کے صوبہ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں عام انتخابات سے متعلق لکھے گئے دوسرے خط کا بھی الیکشن کمیشن نے جواب دیتے ہوئے ایوان صدر کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے سے معذرت کی تھی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ صوبوں کے انتخابات پر صدر سے مشاورت غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، آئین کے تحت انتخابات کے لیے صدر سے مشاورت نہیں کی جا سکتی، آئین کے تحت صرف گورنرز سے مشاورت ہو سکتی ہے۔

  • صدر مملکت کی چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت

    صدر مملکت کی چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر انتخابات سےمتعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دے دی اور بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ،جس میں چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سےمتعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی۔

    20 فروری کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشن پر مشاورت کی دعوت دی گئی ہے۔

    صدرمملکت نے خط میں کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ یاتاریخوں کااعلان کمیشن سےمشاورت کے بعد کریں گے ، معاملے پر عدالتی فیصلے اور حالیہ مشاہدات جیسی کچھ اہم پیشرفت ہوئی۔

    عارف علوی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن نےابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، انتظار کررہاتھا کہ کمیشن آئینی فرائض کااحساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرےگا۔

    خط میں کہا گیا کہ اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سےانتہائی مایوسی ہوئی ، آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو الیکشن پرمشاورت کیلئے مدعو کرتا ہوں۔

  • صدر، وزیراعظم ودیگر رہنماؤں کا پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار افسوس

    صدر، وزیراعظم ودیگر رہنماؤں کا پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار افسوس

    وزیراعظم، صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔

    صدر مملکت نے سابق صدرپرویز مشرف کے ورثاء سے تعزیت کا اظہارِ کرتے ہوئے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے پرویزمشرف کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ساتھ سابق صدر کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی ہے۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرا دکھ اور رنج و غم ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ بیگم صہبا مشرف، بیٹے بلال مشرف اور بیٹی عائلہ مشرف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

    چوہدری پرویز الہیٰ نے  اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کی ملک و قوم کیلئے خدمات ہیں، پرویز مشرف لوگوں کےدلوں میں بستے تھے، وہ قابل جنرل رہے ،آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرتے تھے۔

    چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے  پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار  کرتے ہوئے لکھا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ اور غم میں برابر کےشریک ہیں، اللہ مرحوم کی مغفرت اوردرجات بلندکرے،۔

    کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف پروفیشنل سولجر اور ملک و قوم کے سچے ہمدرد تھے، پرویز مشرف نے ملکی دفاع، افواج اور پاکستان کیلئےگرانقدر خدمات انجام دیں۔

    واضح رہے کہ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف انتقال کر گئے ۔

     سابق صدر پرویز مشرف دبئی کے نجی اسپتال میں کافی عرصہ سے زیر علاج تھے، انکا انتقال امریکن اسپتال دوبئی میں ہوا۔