Tag: صدر مملکت

  • ’سیرت النبیﷺ سے رہنمائی لیکر ہم نے کرونا جیسے چیلنج کا مقابلہ کیا‘

    ’سیرت النبیﷺ سے رہنمائی لیکر ہم نے کرونا جیسے چیلنج کا مقابلہ کیا‘

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ دنیا کی پریشانیوں اور مسائل میں ہمیں رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے اور نبی کریم ﷺ کی احادیث ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار سربراہ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قرآن پاک اور سیرت رسولﷺ ہمیں ہر لمحہ رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی لیکر ہم نے کرونا وائرس جیسے موذی چیلنج کا مقابلہ کیا اور وبا سے بچاؤ کےلیے نبی کریم ﷺ کی احادیث ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی ﷺ سے اتھنے والے انقلاب نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا اور ساتھ ہی نبی کریم ﷺ کی زبان کی نرمی اور شائستگی اپنی مثال آپ تھی۔

    رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

    یاد رہے گذشتہ سال بھی حکومت نے ماہ ربیع الاول سرکاری سطح پر شایان شان طریقے سے منایا تھا اور اس سلسلے میں محمد مصطفیُ سرکار دو عالم رحمت العالمین رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس میں عالمی اسکالرز کو مدعو کیا گیا اور علمائے اکرام نے حضورﷺ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی۔

  • صدر مملکت نے رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا

    صدر مملکت نے رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی نے رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ،وزیر اعظم رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کےپیٹرن ان چیف ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کےسلسلےمیں وزیراعظم نےاجلاس طلب کر لیا، رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی پر اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے ، وزیر اعظم رحمت للعالمین ﷺاتھارٹی کےپیٹرن ان چیف ہوں گے ، اتھارٹی چیئرمین اور6 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس کے ذریعے سیرت نبی ﷺ بچوں اوربڑوں کو پڑھانے کا طریقہ کار طے کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان کا اتھارٹی کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے اتھارٹی کے چیئرمین کی تلاش شروع کردی ہے، دنیا کے بہترین مذہبی اسکالرز کو چیئرمین بنایا جائے گا، جو اسلام سے متعلق دنیا کو آگاہ کرے گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کے ذریعے اسکولوں کے نصاب کی نگرانی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے 12 ربیع الاول دھوم دھام سے منانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔

  • کاغذات چرانے والے نیب سے فارغ افسر کو صدر مملکت سے اپیل مہنگی پڑ گئی

    کاغذات چرانے والے نیب سے فارغ افسر کو صدر مملکت سے اپیل مہنگی پڑ گئی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب محمد عمیر کی اپیل مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اہم کاغذات چرانے والے نیب سے فارغ افسر کو صدر مملکت سے اپیل مہنگی پڑ گئی، صدر مملکت نے اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف مزید کارروائی کا حکم جاری کیا۔

    سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب نے سروس سے نکالے جانے کے حکم پر صدر پاکستان سے اپیل کی تھی، محمد عمیر نے شرجیل میمن ریفرنس میں 15 اصل پراپرٹی ڈیڈ چرائے تھے، انکوائری کے بعد نیب نے محمد عمیر کو نوکری سے نکالنے کا حکم جاری کیا تھا۔

    صدر مملکت نے نیب کی جانب سے محمد عمیر کو سروس سے فارغ کرنے کا حکم برقرار رکھا، اور کہا نیب محمد عمیر کے خلاف قانونی کارروائی کرے، جرم کی نوعیت پر نوکری سے برخاست کرنے کی سزا کافی نہیں، نیب محمد عمیر کے خلاف قانون کی آخری حد تک کارروائی کرے۔

    صدر عارف علوی نے کہا نیب کی تحویل سے اصل کاغذات کی چوری ایک گھناؤنا جرم ہے، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی، دھوکا دیا گیا، پاکستان کو کرپٹ لٹیروں کی وجہ سے شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے، آتش زدگی کی وجہ سے ثبوتوں پر مشتمل عمارتیں تک جل جاتی ہیں۔

    انھوں نے کہا بیرون ملک موجود سیاست دانوں کے کرپشن کیسز میں بھی کاغذات چوری ہوتے ہیں، اس کیس میں کاغذات حادثاتی طور پر نہیں بلکہ ایک کرپٹ افسر نے جان بوجھ کر چرائے، صرف ضروری کاغذات چوری ہوئے جب کہ باقی سب کاغذ موجود رہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چوری باہر کا شخص نہیں بلکہ تفصیلات جاننے والا ملازم ہی کر سکتا ہے، میرے لیے اس کیس میں فیصلہ دینا نہایت باعث تکلیف ہے، مجرمانہ فعل کی وجہ سے قوم کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

  • چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز،  صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ  اجلاس سے خطاب کریں گے

    چوتھے پارلیمانی سال کا آغاز، صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی چوتھے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر پیر کی صبح 11 بجے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس13ستمبر کوطلب کرلیا، صدر مملکت چوتھےپارلیمانی سال کےآغازپرمشترکہ اجلاس سےخطاب کریں گے ، صدر مملکت نےآرٹیکل 54 اور 56 کے تحت مشترکہ اجلاس طلب کیا۔

    اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی کا مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں صدر کے پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سےخطاب کے نکات پرگفتگو کی گئی۔

    مشترکہ اجلاس بلانےسےمتعلق وزارت پارلیمانی امورکی سمری منظورہوچکی ہے ، جس کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر پیر کی صبح 11 بجے ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ اس سلسلے میں اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کی ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں صدر کے خطاب، قانون سازی ،نئے پارلیمانی سال کے کلینڈر پر گفتگو کی گئی۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے بتایا کہ 13ستمبرکوپارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلایا جائے گا ، مشترکہ اجلاس سےصدرمملکت علوی خطاب کریں گے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تیسرےپارلیمانی سال میں عوامی فلاح و بہبود کےمتعدد بلز منظور کئےگئے ، بجٹ اور عوامی اہمیت کے حامل امور پر سیر حاصل بحث کی گئی، قومی اسمبلی کی تین سالہ کارکردگی قابل ستائش ہے ، کریڈٹ حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کوجاتا ہے۔

  • یوم عاشور: حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا

    یوم عاشور: حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا

    اسلام آباد: یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغامات میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل ہے، شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت رہتی دنیا تک عزم و استقلال کی علامت ہے، ہمیں اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت پر امت آج بھی افسردہ ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول ﷺ نے یزید کے جبر و استبداد اور ظلم و ستم کو ماننے سے انکار کیا، امام عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ امام حسینؓ نے ثابت کیا حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جس میں عزاداران ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کریں گے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی ہوگا۔

  • وبا کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی: ڈاکٹر عارف علوی

    وبا کے باوجود پاکستانی معیشت میں بہتری آئی: ڈاکٹر عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی، ٹیکس وصولی اور برآمدات میں اضافہ معیشت کی بہتر کارکردگی ظاہر کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے لاہور ایوان صنعت و تجارت کے وفد نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حکومت منصفانہ کاروباری ماحول اور پائیدار معیشت کے لیے پرعزم ہے، حکومت کاروباری اور کمزور طبقات کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے کاروباری اور کمزور طبقات کو 1.2 کھرب کا تاریخی پیکج فراہم کیا، کرونا وبا کے باوجود پاکستان کی معیشت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیکس وصولی اور برآمدات میں اضافہ معیشت کی بہتر کارکردگی ظاہر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران ملک کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا، پاکستان کی برآمدات گزشتہ 10 ماہ میں 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ ٹیکس محصولات کے 3.6 کھرب کے ہدف سے 143 ارب زائد وصولیاں ہوئیں۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کاروباری عالمی درجہ بندی 136 ویں سے 108 کی پوزیشن تک پہنچ گئی، بزنس کمیونٹی ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فعال کردار ادا کرے۔

  • کاروبار میں آسانی، صدر مملکت نے اہم قانون پر دستخط کر دیے

    کاروبار میں آسانی، صدر مملکت نے اہم قانون پر دستخط کر دیے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 اور سینیٹ سیکریٹریٹ سروسز ترمیمی ایکٹ 2021 پر دستخط کر دیے۔

    پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت تجارت میں آسانی کے لیے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے بعد درآمدات، برآمدات، اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے سہولتیں ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی۔

    ایکٹ کے تحت اس ادارے کے قیام سے کاروباری اخراجات میں کمی ہوگی، سرحد پار تجارت آسان بنانے اور سامان کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی، ڈیٹا کی بر وقت پراسیسنگ، اور معیاری خدمات میں بہتری آئے گی۔

    پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت قائم ادارہ گورننگ کونسل اور سیکریٹریٹ پر مشتمل ہوگا۔

    دوسری طرف سینیٹ سروسز ایکٹ کے تحت ادارے میں گریڈ 17 میں تقرری فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی، گریڈ ایک سے 16 میں تقرری کا مجاز سینیٹ سیکریٹریٹ ہوگا، جب کہ ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران سینیٹ سیکریٹریٹ میں ضم نہیں ہو سکیں گے۔

    سینیٹ سیکریٹریٹ ایکٹ کے تحت گریڈ 18 میں افسران کی براہ راست بھرتی ختم کر دی گئی ہے، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت بل کی منظوری دی۔

  • صدر مملکت نے ایئرچیف مارشل مجاہد انور کو ‘نشان امتیاز’ ملٹری سے نواز دیا

    صدر مملکت نے ایئرچیف مارشل مجاہد انور کو ‘نشان امتیاز’ ملٹری سے نواز دیا

    اسلام آباد : صدرمملکت عارف علوی نے ایئرچیف مارشل مجاہد انور کو ‘نشان امتیاز’ ملٹری سے نوازا دیا، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کل اپنے عہدہ سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں ایئرچیف مارشل مجاہد انور کو نشان امتیاز سول دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں صدرمملکت عارف علوی نے ایئرچیف مارشل مجاہد انور کو نشانِ امتیاز عطا کیا۔

    خیال رہے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان 18 مارچ کو اپنے عہدہ سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

    پاک فضائیہ کی کمان کی تبدیلی 18مارچ کوایئر ہیڈ کوارٹر میں ہو گی ، جس میں سبکدوش ہونے والے ایئر چیف کمان نئے سربراہ کو سونپیں گے۔

    گذشتہ روز پاک فضائیہ کےسربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور نے جی ایچ کیو کا دورہ کرکے آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے الوداعی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا  کہ آرمی چیف نے قوم کی خدمت اور شاندارکیریئر پر ایئر چیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں سربراہ پاک فضائیہ نے شاندار قائدانہ کردار ادا کیا۔

  • طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھا سکتے ہیں: صدر مملکت

    طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھا سکتے ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران بہترین حکمت عملی اپنائی، طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم معاشرے میں توازن قائم کرنے کے لیے اہم ہے، ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی ملک تیزی سے ترقی کر سکے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت بھی ضروری ہے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں توجہ دینے سے معاشرے مضبوط ہوتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے کرونا وائرس کی وبا کے دوران بہترین حکمت عملی اپنائی، طلبا معاشرے کی مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمیں لسانیت سے ہٹ کر غریبوں کی فکر کرنی چاہیئے اور اس کی بہترین مثال ہم نے کرونا وائرس وبا کے دوران دیکھی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے کرونا وائرس کی وبا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، کرونا وبا کے دوران پاکستان پر اللہ کا خصوصی کرم رہا۔

  • ترکی میں زلزلہ: صدر مملکت کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

    ترکی میں زلزلہ: صدر مملکت کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترکی میں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ازمیر میں زلزلے کی خبر سن کر نہایت افسوس ہوا، برادر طیب اردگان متاثرہ افراد کے اہلخانہ کو پاکستان کا اظہار تعزیت پہنچائیں۔

    انہوں نے متاثرہ افراد سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے مختلف شہروں میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا، ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے 17 کلو میٹر دور آیا جس نے یونان کے جزیرے سیموس کو بھی متاثر کیا۔

    زلزلے کے بعد ازمیر اور سیموس میں چھوٹے درجے کا سونامی بھی آیا، زلزلے سے ازمیر میں متعدد عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں، شہر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے ترکی میں ٹیمیں اور فیلڈ اسپتال بھجوانے کی پیشکش کی جس پر ترک وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر دست ہمیں کسی مالی معاونت کی ضرورت نہیں۔

    ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو پاکستان کی پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔