Tag: صدر مملکت

  • صدر عارف علوی کا امیر کویت کے انتقال پر اظہار افسوس

    صدر عارف علوی کا امیر کویت کے انتقال پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کویت کے امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت نے امیر کویت کے انتقال پر آل صباح اور اہل کویت سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ پاک کویت تعلقات کے لیے مرحوم نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح طویل علالت کے باعث دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں، ان کا انتقال کل دوپہر کو 91 برس کی عمر میں امریکا میں ہوا، شیخ صباح رواں برس جولائی میں علاج کی غرض سے امریکا منتقل ہوئے تھے، اس سے قبل ان کی کویت میں بھی سرجری ہوئی تھی۔

    امیرکویت انتقال کرگئے

    شیخ صباح الاحمد نے 2006 میں تیل کی دولت سے مالا مال عرب ریاست کویت کے امیر کا منصب سنبھالا تھا جب کہ اس سے قبل 50 برس سے ریاست کے خارجہ امور و پالیسیاں دیکھ رہے تھے۔ وہ 1963 سے 1991 تک کویت کے وزیر خارجہ رہے جب کہ 1993 میں انھیں دوبارہ کویت کے وزیر خارجہ کا منصب سونپ دیا گیا جو 2003 تک ان کے پاس رہا۔

    امیر صباح الاحمد الجابر کے انتقال کے بعد کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ کویت کے نئے امیر کی عمر 83 سال ہے جب کہ وہ سابق سربراہ کے سوتیلے بھائی ہیں۔

    امیرِ کویت کے انتقال پر حکومت نے چالیس روزہ جب کہ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

    میر پور خاص: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے شہروں کا خیال رکھا جائے، کراچی لاوارث نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبہ سندھ کے شہر میرپور خاص کا دورہ کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    صدر مملکت نے سندھ کے سیلاب سے متاثر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جبکہ میر پور خاص میں سیلاب متاثرین سے ان کے عارضی قائم کردہ خیموں میں ملاقات بھی کی۔

    وہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی عوام کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ اس میں حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات شامل تھے، مساجد کے اندر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شفافیت اور انصاف وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہے، عوامی حقوق کا تحفظ اور وسائل کا شفاف استعمال ریاست کی ذمے داری ہے۔

    انہں نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد بارش کی صورتحال کا سامنا تھا، کہا گیا کراچی لاوارث ہے، گورنر سندھ نے کہا کراچی لاوارث نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے شہروں کا خیال رکھا جائے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بغیر بے ایمانی ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں کو امداد پہنچائی گئی، حساب لگائیں تو ملک کی 60 فیصد آبادی کی مدد کی گئی۔ پاکستان سے اب ترقی یافتہ ملک سیکھنا چاہتے ہیں، ہم ٹھیک راستے پر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کا کوئی متبادل نہیں ہے، سندھ کا کوئی حصہ لاوارث نہیں رہ سکتا۔ وفاقی اور سندھ حکومت کے تعاون سے ہی بہتری آئے گی۔

  • یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع ہمیں افواج پاکستان،قوم کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ 55 سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا،مسلح افواج نے مثالی جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو شکست دی، شہدا کے اہل خانہ نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے،جذبہ ستمبر1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، فخر ہے کہ اسی جذبے کی بدولت ہم بہت سےامتحانوں میں سرخروہوئے۔

    صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیربنا دیا، خوشی ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملکی استحکام ،تعمیر وترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں،ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے بھی مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارےخلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے،دشمن ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں ملوث ہے،دشمن کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی واضح ہے اپنے دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے،دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھنے کےعہد کی تجدید کرتے ہیں،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے بیرونی جارحیت کو شکست دی، دہشت گردی اورانتہا پسندی پرقابو پایا،اب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماد روطن پر جانیں نچھاور کرنے والےعظیم ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں،عہد کریں! وطن کی سلامتی، تحفظ اورخوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

    یوم دفاع پر وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

    وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن بہادرافواج کی جرات،قربانی کے بے مثال جذبے کا عکاس ہے،55 سال قبل مسلح افواج اور غیور قوم نے دنیا پر ثابت کیا،ہم مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا،جذبہ،ولولہ ،جرات وبہادری سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے یو این منشور کی خلاف ورزی کی،بھارت نے بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اورخوف کا راج مسلط کر رکھا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پربھی جارحانہ طرزعمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،بھارتی اشتعال انگیزیوں کا مقصد کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے،اسے کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے،ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیا کے عوام کی خوشحالی کے لیے ہے،آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قوم اور بہادر افواج ملک کے دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہیں،کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے پوری طرح تیارہیں۔

    انہوں‌ نے کہا کہ 6 ستمبر کے موقع پراپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،آج ملک کے دفاع،سلامتی ،خودمختاری،تحفظ کےعزم کی تجدید کرتے ہیں،اس عزم کی تجدید جس کا مظاہرہ 65 کی جنگ کے شہدا،غازیوں نے کیا تھا۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے علماء کے وفد کی ملاقات

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے علماء کے وفد کی ملاقات

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے علماء کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی قیادت میں علماء کے وفد نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علمائے کرام ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے عوام میں آگہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    صدر مملکت نے کہا کہ علماء اسلامی تعلیمات کے مطابق وراثت میں خواتین کے حقوق پر لوگوں میں بیداری پیدا کریں۔

    علماء نے کورونا وبا کے دوران مساجد کو ایس او پیز کے مطابق کھلا رکھنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے اور تمام مکتبہ فکر کو اہم معاملات بشمول کووڈ-19 میں اعتماد میں لینے پر ان کے کردار کو سراہا۔

    صدر پاکستان نے سابق ناظم کراچی مرحوم نعمت اللہ خان کے گھر جا کر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے ان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

  • آج ملک بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    آج ملک بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    اسلام آباد: پاکستان میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے، یہ دن قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن سنہ 2009 سے ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں تمام تر تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے برداشت، سماجی برابری اور بھائی چارہ اپنانے پر زور دیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کا خیال رکھے۔

    انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ مملکت میں موجود تمام کمیونٹیز کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے گا جبکہ انہیں مساوی سہولیات و مواقع میسر ہوں گی تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن قائد اعظم کے ان افکار کی یاد دلاتا ہے کہ جب 11 اگست سنہ 1947 کو اپنی تاریخ ساز تقریر میں انہوں نے کہا کہ آپ آزاد ہیں، اپنے مندر، اپنی مساجد یا جہاں آپ عبادت کرنا چاہیں وہاں جانے کے لیے۔ آپ کا مذہب کوئی بھی ہو یا آپ کسی بھی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں، ریاست پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

  • یوم استحصال کشمیر: صدر مملکت کل سینیٹ سے خطاب کریں گے

    یوم استحصال کشمیر: صدر مملکت کل سینیٹ سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل ایوان بالا سے خطاب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے متعلق اقوام عالم کی توجہ مبذول کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا خصوصی اجلاس کل ہو گا۔صدر مملکت عارف علوی کل ایوان بالا سے خطاب کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے متعلق اقوام عالم کی توجہ مبذول کرائیں گے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطاب کا حصہ ہوں گی۔

    ایوان بالا کے اجلاس سے قائد ایوان،قائدحزب اختلاف اور پارلیمانی لیڈرز خطاب کریں گے۔اجلاس کے لیے یک نکاتی ایجنڈا رکھاگیا ہے۔خصوصی اجلاس میں بھارتی خلاف ورزیوں کے خلاف قرارداد منظور کی جائےگی۔

  • صدر مملکت کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ

    صدر مملکت کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا سے نمٹنے کے لیے این سی او سی کے بروقت اقدامات کی تعریف کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں این سی او سی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔

    این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت این سی او سی میں اجلاس ہوا جس میں اسدعمر،فخر امام، نور الحق قادری،ظفرمرزا،صوبائی چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

    اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل،سرجن جنرل پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے بھی شرکت کی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے صدر مملکت کو کرونا صورتحال، حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔صدر مملکت کو کرونا سے متعلق وفاق اور صوبوں کے مابین رابطوں سے متعلق بھی بتایا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا سے نمٹنے کے لیے این سی او سی کے بروقت اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی کی کرونا ایس او پیز، گائیڈ لائن قابل ستائش ہیں۔

  • صدر پاکستان کا دوست ممالک کو آموں کا تحفہ بھیجنے کا فیصلہ

    صدر پاکستان کا دوست ممالک کو آموں کا تحفہ بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کاٹریڈڈپلومیسی اور پاکستانی آم کی شوکیسنگ کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے دوست ممالک کو آموں کا تحفہ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عارف علوی کی جانب سے تحفے سے متعلق ایوی ایشن ڈویژن نے ڈی جی سول ایوی ایشن کو خط لکھ دیا جس میں 17ممالک کے سربراہان مملکت کو پاکستانی آموں کا تحفہ بھیجنے کے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    آموں کا تحفہ کویت، سعودی عرب، ترکی، قطر، اومان، ملائیشیا، موروکو، نیپال، سنگاپور، اسپین، برطانیہ، اٹلی سمیت دیگر دوست ممالک کو بھیجا جائے گا۔

    ایوی ایشن سے ترک، قطر اور ایمریٹس ائیرلائن کاجولائی اور اگست کا شیڈول طلب کرلیا گیا، جولائی اور اگست کے مہینے کا قومی ائیرلائن کا متعلقہ ممالک کا شیڈول بھی طلب کیا گیا ہے۔

    17ممالک کے صدور کو 4 ہزار 810کلو آم پہنچائے جائیں گئے۔ سی اے اے کو خصوصی کارگو اور دیگر سروسز ادا کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ آموں کی بروقت اور بحفاظت ترسیل پرسول ایوی ایشن سے تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

  • صدر مملکت اور وزیراعظم کا شاہ محمود قریشی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    صدر مملکت اور وزیراعظم کا شاہ محمود قریشی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد: صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے شاہ محمود قریشی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ،شہبازشریف اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کو فون کر کے خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے بھی ٹیلیفون کالز پیغامات موصول ہو رہے ہیں، سماجی رابطے کے ذریعے دعائیہ پیغامات تواتر کےساتھ موصول ہو رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک اور پاکستان سے باہر تمام احباب ،شخصیات کا فرداً فرداً شکر گزار ہوں،جنہوں نے بذریعہ کالز، میسجز خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کااظہار کیا،ان شخصیات کا بھی شکرگزار ہوں جو ملک بھر میں دعائیں کر رہے ہیں۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کواور یہاں بسنے والے ہر شخص کو اپنی حفظ و امان میں رکھے،اللہ تعالیٰ پوری انسانیت کو کرونا وائرس سے نجات عطا فرمائے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں: بابر اعوان

    اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں: بابر اعوان

    اسلام آباد: صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں بابر اعوان نے صدر مملکت کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے والا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کو ٹیلی فون کر کے بجٹ اجلاس کے لیے پارلیمانی معاملات بہترین انداز میں چلانے پر مبارک باد دی۔

    دونوں رہنماؤں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ رائٹ کے لیے قانون سازی پر بھی گفتگو کی، اور دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی شفاف ووٹنگ سسٹم پر اتفاق رائے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں، فیصلہ سازی میں انھیں شامل کرنا چاہیے۔

    ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے جا رہے ہیں، متعلقہ وزارت اور اداروں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے، بہت جلد قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ میں تجاویز پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اقدامات شروع

    بابر اعوان نے صدر مملکت سے کہا آپ نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے کاز کے لیے جدوجہد کی، بحیثیت صدر آپ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، اس معاملے پر رہنمائی کریں۔

    ٹیلی فونک گفتگو میں پارلیمنٹ کے سیشن سے صدر کے خطاب پر اظہار تشکر کی قرارداد پر بھی گفتگو کی گئی، صدر مملکت نے پارلیمانی معاملات شفاف انداز میں چلانے کے عمل کو سراہا۔