Tag: صدر ممنون حسین

  • نوازشریف کو ریلیف نہیں دے سکتا، ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے جاؤں گا، ممنون حسین

    نوازشریف کو ریلیف نہیں دے سکتا، ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے جاؤں گا، ممنون حسین

    لندن : صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ریٹائر ہونے کے بعد نواز شریف سے ملنے جاؤں گا، اعتراض کرنے والوں کو اعتراض کرنے سے کون روک سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ مملکت ممنون حسین نے لندن میں صحافیوں کی جانب سے کیے گئے سوال اعتراض ہورہا ہے آپ عدالتوں میں مطلوب افراد سے ملے؟ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہوجائے کسی کو مجرم نہیں کہا جاسکتا۔

    پاکستان کے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ ذاتی تعلقات کی وجہ سے ان لوگوں سے ملا، اعتراض کرنے والوں کو اعتراض کرنے سے کون روک سکتا ہے۔

    سربراہ مملکت کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو مطمئن کرے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ریلیف دینے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا، ریٹائر ہونے کے بعد نواز شریف سے ملنے جاؤں گا۔

    خیال رہے صدر ممنون حسین کی آئینی مدت 9 ستمبر 2018 کو پوری ہورہی ہے۔

    یاد رہے صدر مملکت ممنون حسین کا رائل کالج آف فزیشن ایڈنبرا کی دعوت پر برطانیہ پہنچنے پر لندن ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘اللہ کا قانون ہے بدعنوانی کرنے والا کچھ دن بچتا ہے مگر پھر پکڑا جاتا ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاناما پر جو بیان دیا تھا اُس کا اندازہ تھا مگر پاکستان میں جو احتساب کا عمل شروع ہوا وہ ٹھیک تو ہے مگر کچھ خامیاں بھی ہیں لیکن اب پاکستان پیچھے نہیں آگے کی طرف بڑھتے ہوئے مزید ترقی کرے گا۔

  • کالج  آف فزیشن ایڈنبرا نے صدرممنون حسین کو اعزازی ڈگری سے نوازا

    کالج آف فزیشن ایڈنبرا نے صدرممنون حسین کو اعزازی ڈگری سے نوازا

    ایڈنبرا : صدر ممنون حسین کو کالج آف فزیشن ایڈنبرا کی جانب سے اعزازی ڈگری سے نوازا گیا،صدرمملکت کا کہنا تھا کہ رائل کالج آف فزیشن جیسے ادارے سے ڈگری ملنا اعزاز کی بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں صدر ممنون حسین کواعزازی ڈگری دینے کی پروقارتقریب کالج آف فزیشن ایڈنبرامیں ہوئی، تقریب میں رائل کالج آف فزیشن کے صدر پروفیسر ڈیریک بل نے صدر مملکت کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔

    صدر ممنون حسین نے کہا کہ رائل کالج آف فزیشن جیسے معتبر ادارے سے ڈگری ملنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان اور رائل کالج آف فزیشن کے درمیان تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

    خیال رہے صدر ممنون حسین کی آئینی مدت 9 ستمبر 2018 کو پوری ہورہی ہے۔

    مزید پڑھیں : بدعنوانی والا کچھ دن بچتا ہے پھر اللہ کی پکڑ میں آجاتا ہے، صدر ممنون حسین

    یاد رہے صدر مملکت ممنون حسین کا رائل کالج آف فزیشن ایڈنبرا کی دعوت پر برطانیہ پہنچنے پر لندن ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘اللہ کا قانون ہے بدعنوانی کرنے والا کچھ دن بچتا ہے مگر پھر پکڑا جاتا ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاناما پر جو بیان دیا تھا اُس کا اندازہ تھا مگر پاکستان میں جو احتساب کا عمل شروع ہوا وہ ٹھیک تو ہے مگر کچھ خامیاں بھی ہیں لیکن اب پاکستان پیچھے نہیں آگے کی طرف بڑھتے ہوئے مزید ترقی کرے گا۔

  • صدر، وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی قوم کوعید کی مبارکباد

    صدر، وزیراعظم سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی قوم کوعید کی مبارکباد

    اسلام آباد : صدرممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    صدر ممنون حسین نے عیدالاضحیٰ پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات وقربانیاں قبول فرمائے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ دنیا کو پیچدہ مسائل سے نکالنے کے لیے اپنی پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیز ہے، عبادت کی یہی روح ہے جو اس دنیا کو جنت کا نمونہ بناسکتی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان

    وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پراپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

    انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیرحیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثاروقربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے قوم کو عیدالاضحیٰ کے موقع پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کواستحکام بخشے۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کوڈیم بنانے کی توفیق عطا فرمائیں۔

    شیخ رشید

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا کریں ہم قوم کی امیدوں پر پورا اتریں۔

    وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ لوگوں نے عمران خان کو تبدیلی کے لیے ووٹ دیا، لوگ ریلوے کے محکمے میں تبدیلی دیکھیں گے، ہمیں خدمت کی ایک اعلیٰ مثال قائم کرنی ہے۔

    سراج الحق

    امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے قوم کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوایک اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

    سراج الحق نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان مضبوط ہواورملک میں قانون کی حکمرانی ہو، چاہتے ہیں کہ ملک میں سب کا بلا تفریق احتساب ہو۔

    سردارعثمان بزدار

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قوم کو عیدالاضحیٰ اور نئے پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عید پاکستان میں تبدیلی کی بنیاد بنی ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نئے پاکستان کی خوشی نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔

    اسد قیصر

    اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے قوم کوعید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، بھلائی صبروبرداشت کا درس دیتی ہے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشیاں غریبوں کا خیال رکھ کرحاصل کی جاسکتی ہیں، عید امت مسلمہ کی خوشحالی وتر قی کے لیے دعائیں کرنے کا دن ہے۔

    مراد علی شاہ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سنت ابراہیمی پرچلتے ہوئے اسلام کے اصولوں پرچلنا ہوگا۔

    آصف علی زرداری

    سابق صدر آصف علی زرداری نے اہل وطن کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی مقاصد کے حصول کے لیے اپنی انا کوقربان کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں غریب اورمحروم طبقے کویاد رکھا جائے، عید کا دن سماجی انصاف کا پیغام دیتا ہے۔

    شہبازشریف

    مسلم لیگ ن کے سربراہ شہبازشریف نے عیدالاضحیٰ پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں غریب اور دیگر ہم وطنوں کا بھی خیال رکھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں میں قربانی کا جذبہ پیدا کرتی ہے، قربانی کا یہ عظیم جذبہ دین اسلام کی میراث ہے۔

    محمود خان

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے اہل وطن کو عیدالاضحیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قربانی کا جذبہ ہمیں انسانیت کے قریب لے کرجاتا ہے۔

  • ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی اس تقریب میں صدرممنون حسین نے 16 وزار اور 5 مشیروں سے حلف لیا۔

    اس موقع پروزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے جبکہ پارٹی کے دیگراراکین سمیت کئی مہمانوں کو اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

    ایوان صدر میں تقریب کا آغاز روایتی انداز میں قومی ترانے کی دھن سے ہوا جس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

    تقریب حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں اعلانات کے حوالے سے لائحہ عمل پربات چیت کی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ میں شامل پرویز خٹک کو وزارت دفاع، اسد عمر کو وزارت خزانہ، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیری مزاری کو انسانی حقوق اور غلام سرور خان کو وزارت پٹرولیم، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات ونشریات ، شفقت محمود کو وزارت تعلیم، عامرکیانی کو وزارت صحت اور نورالحق قادری کومذہبی امور کو قلمدان دیا گیا ہے۔

    اتحادی جماعتوں کے 6 وزرا میں شیخ رشید کو وزارت ریلوے، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، فروغ نسیم کو وزارت قانون وانصاف اور فہمیدہ مرزا کو بین الصوبائی رابطے کی وزارت دی گئی ہے، طارق بشیر چیمہ وزیرسیفران اور زبیدہ جلال کودفاعی پیدوار کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں بابراعوان پارلیمانی امور، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات، عبدالرزاق داؤد صنعت وتجارت جبکہ محمد شہزاد ارباب کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا مشیرلگایا گیا ہے۔

  • صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے، آئی جی جیل خانہ جات

    صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے، آئی جی جیل خانہ جات

    لاہور: آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم نے کہا ہے کہ صفدر اور مریم ٹھیک ہیں تو پھر نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیمار پڑنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں تو سب ہی بیمار ہو جاتے ہیں تاہم صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، صرف نواز شریف بیمار ہوگئے۔

    مرزا شاہد سلیم کا کہنا تھا کہ گھر سے جیل کھانا 3 گھنٹے میں پہنچے گا تو وہ خراب ہی ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ میڈیکل بورڈ رپورٹ کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

    دوسری طرف صدرِ پاکستان ممنون حسین نے نواز شریف کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، انھوں نے اس سلسلے میں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو ٹیلی فون بھی کیا۔

    صدر ممنون حسین نے نواز شریف کے مکمل علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی، انھوں نے کہا ’نواز شریف کو علاج  معالجے کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔‘

    نوازشریف جیل جاتے ہی بیمار، طبی معائنے کے لئے میڈیکل ٹیم اڈیالہ پہنچ گئی

    واضح رہے کہ محلات میں رہنے کے عادی اور شاہانہ زندگی گزارنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں آج دسواں دن ہے، جیل کے ماحول نے ان کی نازک طبع پر برے اثرات مرتب کر دیے ہیں۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال کے چار سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ چکی ہے، جب کہ طبی معائنے کے لیے نواز شریف کو سیل سے جیل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صدرممنون حسین سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ملاقات

    صدرممنون حسین سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ملاقات

    چنگ ڈاؤ: چین کے ساحلی شہر میں منعقد ہونے والے دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین سے روسی صدر نے خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں باہمی دل چسپی کے دو طرفہ امور بہ شمول عصری علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

    پاکستانی اور روسی صدور نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، دو طرفہ تعلقات کی بہتری کی ضرورت کو بھی تسلیم کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین تجارتی سطح پر روابط کو مستحکم کرنے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    صدر ممنون اور صدر پیوٹن نے تعلیم کے شعبے کے فروغ کے سلسلے میں بھی باہمی تعاون کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے تعاون کا عزم کیا اور دیگر مختلف شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین اور مودی میں مصافحہ


    روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات ہیں، صدر ممنون حسین نے کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارتی حجم بڑھایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین اور مودی میں مصافحہ

    شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین اور مودی میں مصافحہ

    چنگ ڈاؤ: چین کے ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین اور بھارتی صدر نریندر مودی نے ہاتھ ملایا اور بات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس سی او کی توسیع کے بعد یہ پہلا سربراہی اجلاس ہے جو چین میں منعقد ہوا ہے، گزشتہ سال اس علاقائی تنظیم میں پاکستان اور انڈیا کی باقاعدہ شمولیت عمل میں آئی۔

    سربراہ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے، معاہدوں پر دستخط کے بعد صدور نے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کیا، صدر ممنون حسین نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ گفتگو بھی کی۔

    پاکستان کے صدر ممنون حسین شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان سے الگ الگ ملاقات بھی کریں گے، تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد اب آٹھ ہوچکی ہے۔

    دریں اثنا چینی صدر شی جن پنگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کا نام لیے بغیر اس کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور انھیں مسترد کردیا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی معیشت اور بھی کھول دے، جس کے بعد چین اور امریکا کے مابین تجارتی تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔

    چینی صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خود غرضانہ، تنگ نظری پر مبنی اور بند قسم کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں اور عالمی تجارتی تنظم (WTO) کے قوانین کی حمایت کرتے ہیں جو کثیر الجہت تجارتی نظام کو سہارا دیتے ہیں اور ایک کھلی عالمی معیشت کا دروازہ کھولتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر حال میں سرد جنگ والی سوچ کو خیرباد کہنا ہوگا، ہمیں اس سوچ پر بھی شدید اعتراض ہے کہ دوسرے ممالک کی سلامتی کی قیمت پر اپنی سلامتی حاصل کی جائے۔

    واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں چین، روس اور پورے وسطی ایشیا میں شدت پسند اسلام اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی تھی۔

    گزشتہ سال پاکستان اور بھارت نئے ممبر کی صورت میں اس میں شامل ہوئے ہیں جب کہ ایران بھی دروازے پر دستک دے رہا ہے، فی الوقت تہران اس تنظیم میں ایک مبصر کی حیثیت سے شامل ہے۔

    شنگھائی تعاون تنظیم اس وقت آٹھ رکن ممالک پر مشتمل ہے، ان ممالک میں چین، روس، پاکستان، بھارت، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

  • یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

    یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

    اسلام آباد : ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستانی قوم آج یومِ پاکستان آج جوش وخروش سےمنارہی ہے۔ دن کاآغازوفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

    یوم پاکستان پرمساجد میں نمازِفجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اوریکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔


    یوم پاکستان کی پروقارتقریب اورفوجی پریڈ


    اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

    یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات سمیت دیگرسول وعسکری حکام نے شرکت کی۔


    مکمل پریڈ – اسٹوری کے آخر میں


    سری لنکا کے صدرمتھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں شریک ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کے فوجی دستے نے پہلی مرتبہ تقریب میں شرکت کی۔

    پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پرسوار ہوکر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

    یوم پاکستان کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوارہوکرمسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔


    ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ


    ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ انہوں نے ایف 16 طیارے میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ایئرچیف مارشل کی جانب سے فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی اور شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔


    صدرپاکستان کا فوجی پریڈ سے خطاب


    صدرممنون حسین نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں ہے، اس دن قوم نے بیرونی تسلط سے آزاد ہونے کا فیصلہ کیا، ہم شہیدوں اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے سری لنکا کے صدرمتھری پالا سری سینا کو خوش آمدید کہا اور اس کے ساتھ اردن اورترکی کے فوجی دستوں کی پریڈ میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا۔

    صدرممنون حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اورسلامتی کے مخالفین کو خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں، اس پیغام کوہماری کمزوری سمجھنا غلطی ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے تاریخ سازکردارادا کیا، ہم دیگرشراکت داروں کے ساتھ امن کے لیے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔

    صدرمملکت ممنون حسین نے بھارت کوخبردارکرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکو دبانا چھوڑ دے، پاکستان کشمیریوں کے جائزحق کے لیے اپناکردارادا کرتا رہے گا۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشت گردی کا مقابلہ عزم سے کیا، دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والوں کے لیے تمغہ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف کامیابیوں کا تسلسل ضروری ہے تاکہ یہ سرنہ اٹھا سکے، یہ امرقابل اطمینا ن ہے ادارے اپنی ذمے داریاں پوری کررہے ہیں۔

    صدرمملکت ممنون حسین نے پریڈ کے شاندارانعقاد پرمسلح افواج اور ضلعی انتظامیہ کومبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندارپریڈ ہمارے خوابوں کی تعبیرہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے مسلح افواج اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے پوری کرتے رہیں گے، ہمارے جمہوری ادارے فعال ہیں اوراپنا آئینی کردارادا کررہے ہیں، منتخب جمہوری حکومتوں کا مدت پوری کرنا قابل اطمینان ہے۔

    صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ہمسایہ ملک اپنی طاقت میں مسلسل اضافہ کررہا ہے، جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کوخطرات لاحق ہیں۔


    غیرملکی مسلح افواج کی سلامی


    یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کے مسلح افواج کے دستے نے شرکت کی، متحدہ عرب امارات کے دستے نے صدرممنون حسین کوسلامی دی۔

    متحدہ عرب امارات کا دستہ اپنا قومی پرچم تھامے سلامی چبوترے کے سامنے سے گزرا جس کی قیادت خالد حامد کررہے ہیں۔

    یواے ای کے دستے کے بعد اردن کے مسلح افواج کے دستے نے بھی سلامی دی، اردن کے عسکری بینڈ نے جیوے جیوے پاکستان کی دھن بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔


    چاروں صوبوں کی ثقافت کا عکس


    یوم پاکستان کی پریڈ میں پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی روایتی ثقافتی پریڈ بھی پیش کی گئی۔

    چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی پریڈ میں جہاں علاقائی ثقافت کو پیش کیا گیا، وہیں صوبے کےمشہور اور تاریخی جگہوں کے ماڈل بھی پیش کیےگئے۔


    پاک فضائیہ کے طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ


    پریڈ کے دوران فخرپاکستان جےایف 17 تھنڈرطیاروں کا شاندارفضائی مظاہرہ کیا اور اس کے ساتھ پاک فضائیہ کےایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔

    پاک فضائیہ کے طیاروں نے مظاہرے کے دوران فضائوں میں لہراتے ہوئے رنگ بکھیرے اور پریڈ اوینیو سے باہر اور ہزاروں کلو میٹرز کی بلندی تک مظاہرہ کیا۔


    یوم پاکستان پر 141 نامور شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان


    ایوان صدر میں شام کو تقسیم اعزازات کی تقریب منعقد ہوگی جہاں صدرممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات اور تمغے دیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 141 پاکستانیوں اور غیرملکی شخصیات کو سول اعزازات دیے جائیں گے جن میں کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاسترو کو نشان پاکستان جبکہ انسانی حقوق کی علمبردار مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو نشان امتیازدیا جائے گا۔


    یوم پاکستان 2018 کی مکمل پریڈ دیکھیں


     


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یوم پاکستان پرصدرپاکستان اور وزیراعظم کا پیغام

    یوم پاکستان پرصدرپاکستان اور وزیراعظم کا پیغام

    اسلام آباد : صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ترقی اوراستحکام کا رازجمہوریت میں پوشیدہ ہے۔

    تفصیلات کےمطابق ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اسلام آباد میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس،اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    صدرمملکت نے یوم پاکستان کے پروقار موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قرارداد لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کو عظیم مقصد کے لیے متحد کیا۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں دہشت گردی نے خطے اور پاکستان کوبری طرح متاثرکیا، خوشی ہے کہ پوری قوم نے یکجان ہوکردہشت گردی کا مقابلہ کیا، دہشت گردی کے خاتمے سے ملک میں امن وامان بحال ہوچکا ہے۔

    صدرِ پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہے، اقتصادی راہداری سمیت دیگر منصوبے ترقی کے واضح ثبو ت ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو عظیم ترملک بنائیں گے، دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کوترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرے۔

    صدرمملکت نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے، جمہوری روایات سے رواداری، ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ ملے گا۔


    یوم پاکستان پر وزیراعظم کا پیغام


    دوسری جانب یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان 78سال پہلے کے عظیم دن کی یاد دلاتا ہے، 23 مارچ 1940 کو مسلمانوں نے الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہم 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طورپرمنا رہے ہیں، ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے مستقبل کی فکر کرنی ہوگی، ہمیں کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا، پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی کا رازجمہوریت میں پوشیدہ ہے، آئینی وقانونی بالادستی کے بغیرہم آبرومند نہیں ہوسکتے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عدم برداشت کا رجحان ملک کو تباہی کی جانب گامزن کر دے گا: صدر ممنون حسین

    عدم برداشت کا رجحان ملک کو تباہی کی جانب گامزن کر دے گا: صدر ممنون حسین

    اسلام آباد: صدرِ مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عدم برداشت کا رجحان ملک کو تباہی کی جانب گامزن کردے گا، عدم برداشت سے دہشت گردی کے خلاف کامیابی بھی ناکامی میں بدل سکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر جوتے سے حملے پر رد عمل دیتے ہوئے کیا، صدر ممنون حسین نے جاری کردہ اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر دکھی ہوں، اس طرز کے سدباب کے لیے قوم کو یکجا ہونا ہوگا۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف جوتے کا نشانہ بن گئے

    ان کا کہنا تھا کہ اختلاف شائستگی کی حد سے نکل جائے تو معاشرہ فسادی الارض کا شکار ہوجاتا ہے، اس صورت حال میں قوم کے درمیان ہوش و خرد کی آواز دب جاتی ہے، عدم برداشت کا خاتمہ نہ ہوا تو فرد اور ادارے کی عزت محفوظ نہیں رہے گی۔

    صدر مملکت نے کہا کہ یہی صورت حال رہا تو ہماری دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں ناکامی میں بدل سکتی ہے، قوم میثاق اخلاق پر متحد ہوجائے، اختلاف کو نفرت میں بدلنے والا رویہ قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔

    ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ اس قسم کی صورت حال ملک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں البتہ حکومت ہر شہری کی جان ومال، عزت وآبرو کی حفاظت کرے۔

    نارووال:‌ وفاقی وزیر احسن اقبال پر جوتے سے حملہ

    خیال رہے کہ آج سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف جامعہ نعیمیہ میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے ان کی جانب جوتا پھینکا جو انہیں جالگا۔

    واقعے کے فوری بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس قسم کے واقعات کو عدم براداشت کا مادہ نہ ہونے سے تشبیح دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔