امریکا (11 اگست 2025): صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پام بونڈی کو ڈی سی پولیس کا کنٹرول سونپ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اس ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ امریکی دارالحکومت میں نیشنل گارڈ کے 800 دستے تعینات کر رہے ہیں اور واشنگٹن کے محکمہ پولیس کو وفاقی کنٹرول میں دے رہے ہیں تاکہ لاقانونیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے دارالحکومت کو پر تشدد گروہوں اور خونخوار مجرموں نے چھین لیا ہے۔ اس لیے میں واشنگٹن ڈی سی میں امن و امان اور عوامی تحفظ کی بحالی میں مدد کے لیے نیشنل گارڈ کو تعینات کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ امریکی فوج بھی بھیجیں گے جب کہ امریکی وزیر دفاع ہیگستھ نے کہا کہ وہ واشنگٹن کے باہر سے نیشنل گارڈ کے اضافی دستے بلانے کے لیے تیار ہیں۔
ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ واشنگٹن جو پہلے بہت خوبصورت شہر ہوا کرتا تھا، اب افسوس ایک گندا شہر بن گیا ہے۔ انہوں نے شہر میں گڑھوں اور دیواروں پر گرافٹی کو شرمناک قرار دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے واشنگٹن ڈی سی سے بے گھر افراد کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ڈی سی آج آزاد ہوگا۔ جرائم، بربریت اور بدکردار عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے واشنگٹن کو دوبارہ عظیم بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ڈی سی کی آزادی کا دن ہے، ہم اپنا کیپیٹل واپس لیں گے۔ جرائم کے خاتمے کا آغاز دارالحکومت سے ہوگا اور پھر ملک بھر میں کریک ڈاؤن ہوگا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ کی جانب سے واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی کے نفاذ اور بے گھر افراد کو بے دخل کرنے کے فیصلے کے خلاف شہری وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہو گئے۔
https://urdu.arynews.tv/donald-trump-vows-to-evict-homeless-from-washington-dc/