Tag: صدر ٹرمپ

  • ‘صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان کیلئے بات چیت جاری’

    ‘صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان کیلئے بات چیت جاری’

    ہیوسٹن : پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے لیے بات چیت جاری ہے، پاکستان امریکا کیساتھ7دہائیوں پرمحیط تعلقات کی قدرکرتاہے ، امریکا سے مثبت اور بہتر تعلقات کے سفر کو مزید جاری رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیراسد مجید خان نے ہیوسٹن کا 2 روزہ دورہ کیا ، اسدمجید نے امریکن پاکستان فاؤنڈیشن کی دسویں سالانہ تقریب سے خطاب میں امریکا میں نوجوانوں کو اکٹھا کرنے اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کی کاوشوں کو سراہا۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کیساتھ 7دہائیوں پر محیط تعلقات کی قدر کرتا ہے، تعلیم، زراعت، توانائی و دیگر شعبہ جات میں امریکا سے پائیدار شراکت داری کیلئے پُرعزم ہے۔

    مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے سنجیدہ ہیں: پاکستانی سفیر اسد مجید

    اسد مجیدنے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے لیے بات چیت جاری ہے، صدرٹرمپ اوروزیر اعظم عمران خان میں 3ملاقاتیں ہوچکی ہیں امریکا سے مثبت اور بہتر تعلقات کے سفر کو مزید جاری رکھا جائے گا

    کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم،انسانی حقوق خلاف ورزیوں کی مذمت کرتےہیں، کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت پرعالمی برادری بالخصوص کانگریس کےشکرگزارہیں۔

    گذشتہ روز امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہے، امریکی صدر بھی اس مسئلے پر سنجیدہ ہیں۔

  • قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران امریکا سے کیا چاہتا ہے؟

    قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران امریکا سے کیا چاہتا ہے؟

    تہران: ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے باوجود ایران نے ایک بار پھر امریکا سے مذاکرات کے لیے ہاتھ بڑھا دیا۔ ملکی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے ٹرمپ انتظامیہ سے بات چیت ہوسکتی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا سے تاحال مذاکرات کا خواہاں ہے، ایران کبھی بھی نہیں چاہے گا کہ لوگ اپنا نقطہ نظر تبدیل کریں اور حقائق سے دست بردار ہوں۔

    اپنے ایک انٹرویو میں جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون اٹیک میں ہمارا لیڈر مارا گیا لیکن اس کے باوجود ہم بات چیت سے پیچھے نہیں ہٹے، پابندیوں کے خاتمے کے بعد مذاکرات ممکن ہے۔

    جنرل قاسم سلیمانی کا قتل، امریکی سینٹر کا صدرٹرمپ کے بیان پر شکوک کا اظہار

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ وائٹ ہاؤس میں کون بیٹھا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کو اپنا ماضی تبدیل کرنا ہوگا، اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کی شرط پر بات چیت ہوسکتی ہے اور مثبت نتیجہ بھی سامنے آئے گا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے۔

    بعد ازاں جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کی، ایرانی پاسداران انقلاب نے جاری بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے۔

  • بھارت کی ہٹ دھرمی ، صدر ٹرمپ کی کشمیر پرثالثی کی پیشکش پھر مسترد

    بھارت کی ہٹ دھرمی ، صدر ٹرمپ کی کشمیر پرثالثی کی پیشکش پھر مسترد

    نئی دہلی : بھارت نےصدرٹرمپ کی کشمیرپرثالثی کی پیشکش مستردکردی اور کہا کشمیرپاکستان،بھارت کادوطرفہ معاملہ ہے ، کسی تیسرے فریق کا کوئی کردارنہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر پر بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی صدرٹرمپ کی کشمیرپرثالثی کی پیشکش مسترد کر دی، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رویش کمار نے کہا ہے کہ کشمیرپاکستان،بھارت کادوطرفہ معاملہ ہے، مسئلہ کشمیرمیں کسی تیسرے فریق کا کوئی کردار نہیں۔

    ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تنازعات باہمی طور پر ہی حل کئے جانے چاہئیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    یاد رہے صدرٹرمپ نے ڈیووس میں عمران خان سےمسئلہ کشمیرپرثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہوں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہوں، عمران خان میرے دوست ہیں، ان سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔

    اس سے قبل  امریکی صدرمتعددمرتبہ مسئلہ کشمیرپرثالثی کی پیشکش کرچکے ہیں اور کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی قیاد ت سےجلد ملاقات کروں گا، امید ہے مسئلہ کشمیر پر ثالثی اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے پیشرفت ہوگی، دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں، معاملات ٹھیک کرنا ہوں گے۔

  • صدر ٹرمپ نے جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروائی ہے: شاہ محمود قریشی

    صدر ٹرمپ نے جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروائی ہے: شاہ محمود قریشی

    ڈیوس: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیر اعظم نے ملاقات میں ایف اے ٹی ایف سمیت اہم ایشوز اٹھائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ڈیوس کے حوالے سے اہم بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات مفید ملاقات رہی، امریکی صدر سے ملاقات میں، میں موجود تھا جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں اہم ایشوز اٹھائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا ایشو اٹھایا، وزیر اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کا کہا۔ انہوں نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا، وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کا کہا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تجارت کے حوالے سے بھی بات کی، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیر کی صورتحال کا خاکہ صدر ٹرمپ کے سامنے رکھا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ امریکی صدر نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں عمران خان کو پسند کرتا ہوں، میں عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں۔ صدر ٹرمپ کو ایران کے معاملے پر بھی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ ایران مسئلے کے پاکستان پر مضر اثرات پر بھی ٹرمپ سے بات ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ سے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔ افغانستان میں امن عمل کو بھی آگے بڑھانے پر بات ہوئی۔ صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، ان کی پوری ٹیم بھی ملاقات کے دوران موجود تھی۔

  • صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹا دینا چاہیے ، امریکی عوام نے فیصلہ سنادیا

    صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹا دینا چاہیے ، امریکی عوام نے فیصلہ سنادیا

    واشنگٹن : امریکی عوام بھی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے ناراض ہیں ، ایک سروے میں 51 فیصد امریکیوں نے صدرٹرمپ کا مواخذہ کرکے انہیں عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ سنادیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کردیا ، امریکی ٹی وی کے سروے میں 51 فیصد امریکیوں کی رائے ہے کہ سینٹ کوصدرٹرمپ کا مواخذہ کرکے انہیں عہدے سے ہٹا دینا چاہئیے۔

    سروے کے مطابق 58 فیصد امریکیوں کے خیال میں صدرٹرمپ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جبکہ 57 فیصد امریکیوں نے رائے دی کہ امریکی صدرنے ایوان نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

    امریکی ٹی وی سروے میں کہا گیا 53 فیصد امریکی کہتے ہیں کہ صدرٹرمپ کوفئیرٹرائل کا حق ملنا چاہئیے۔

    مزید پڑھیں : امریکی عوام نے ٹرمپ کی ایران پالیسی مسترد کردی

    یاد رہے چند روز قبل بھی امریکی میڈیا کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق 56 فیصد امریکی عوام نے صدر ٹرمپ کی ایران کے خلاف کارروائیوں کو مسترد کردیا تھا، 52 فیصد امریکیوں کا خیال تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرکے امریکیوں کو غیرمحفوظ کردیا ہے۔

    خیال رہے امریکی سینیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی ، امریکی ایوان نمائندگان صدرٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک منظورکر چکا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں دو الزامات عائد کیے گئے تھے ، جس میں سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا، جو ملک سے دھوکا دہی ہے اور دوسرا اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کرنا تھا۔

  • امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی

    امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی

    واشنگٹن : امریکی سینیٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی ، امریکی ایوان نمائندگان صدرٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک منظورکر چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال اور بلاجواز اقدامات کے الزمات پر امریکی صدر کے خلاف مواخذہ کی تحریک پر امریکی سینیٹ میں آج کارروائی شروع ہوگی۔

    اس سے قبل امریکی ایوان نمائندگان میں صدرٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی تحریک منظور کی گئی تھی ، قرارداد کے حق میں 228جب کہ مخالفت میں193 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے ، جس کے بعد ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پلوسی نے قرارداد پردستخط کرکے سینیٹ کوارسال کی۔

    اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے، صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی اپنی قوم کے سامنے جواب دہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کے وکلاء نے مواخذے کو عوام پر خطرناک حملہ قرار دے دیا

    خیال رہے امریکی ایوان نمائدنگان میں اپوزیشن جبکہ سینیٹ میں صدرٹرمپ کی پارٹی کواکثریت حاصل ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر کے وکلاء نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی کارروائی عوام پر خطرناک حملہ اور آئندہ ہونے والے صدارتی الیکشن کو متاثر کرنے کی شرمناک حرکت قرار دیا ہے۔

    یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں ایوان نمائندگان کی عدلیہ کمیٹی نے ٹرمپ پر دو الزامات عائد کیے تھے ، جس میں سیاسی مخالف کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا، جو ملک سے دھوکا دہی ہے۔

    ڈیموکریٹس نے دوسرا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔.

    واضح رہے 25 ستمبر 2019 کو دیموکریٹس کی رکن اور ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اعلان کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عہدے اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کے تحت مواخذے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

    امریکی تاریخ میں آج تک صرف دو امریکی صدور کا مواخذہ ہوا ہے، جن میں 1998 میں بل کلنٹن اور 1868 میں اینڈریو جانسن کو مواخذے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • امریکی سینیٹرز کا ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے نیا بل لانے کا اعلان

    امریکی سینیٹرز کا ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے نیا بل لانے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکی سینیٹرز نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں مارنے کے بعد ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کے لیے نیا بل لانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کو مشرق وسطیٰ میں ایک نئی جنگ سے روکنے کے لیے امریکی سینیٹرز نے نیا بل لانے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت ٹرمپ کو ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کے لیے کانگریس سے منظوری لینا ہوگی۔

    امریکی سینیٹرز برنی سینڈرز اور روہت کھنہ نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس ایسے فنڈز کی منظوری نہیں دے گی جو جنگی کارروائی کے لیے استعمال ہو، نیا قانون صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف یک طرفہ جنگ سے روکے گا۔

    تازہ ترین:  بغداد میں ایران نواز ملیشیا کے کانوائے پر ایک اور حملہ

    قبل ازیں، خاتون کانگریس ممبر الہان عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا صدر ٹرمپ جنگ کرنا چاہتے ہیں، صدر ٹرمپ جانتے ہیں کہ ان کا یہ قدم جنگ کی طرف لے جائے گا، کیا یہ مواخذے سے توجہ ہٹانے کے لیے تو نہیں، کیا کانگریس اتھارٹی کے آگے آ کر صدر ٹرمپ کو روکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھنا مشکل نہیں کہ یہ سب کتنا خطرناک ہے، کانگریس سے ایران سے جنگ اور تباہی سے روکنے کا مطالبہ کرنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، گزشتہ رات کو امریکا نے ایک اور فضائی حملے میں مزید 6 افراد کو ہلاک اور 3 شدید زخمی کیا۔

  • صدر ٹرمپ نے ایران اور امریکا میں سہولت کاری کے لیے کہا: وزیر اعظم

    صدر ٹرمپ نے ایران اور امریکا میں سہولت کاری کے لیے کہا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں ایران اور امریکا کے درمیان سہولت کاری کے لیے کہا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب روانگی سے قبل عالمی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا امریکی صدر کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جنگ پر یقین نہیں رکھتے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ دورۂ ایران میں صدر حسن روحانی سے اس سلسلے میں بھی بات کی ہے، میرا خیال ہے دونوں ملک بات چیت سے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے ملاقاتیں

    وزیر اعظم عمران خان نے سعودی قیادت کے ساتھ علاقائی امن کی خاطر خطے میں اختلافات ختم کرنے پر گفتگو کی، اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔

    قبل ازیں، اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے تہران کا بھی ایک روزہ دورہ کیا تھا، دوروں کا مقصد ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے میں کردار ادا کرنا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا دونوں ممالک کے تنازع کی وجہ سے خطے اور دنیا کو نقصان ہوگا کیوں کہ تیل کی قیمتیں بڑھیں گی، خلیج کی موجودہ صورتحال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کاری کر سکتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد صدر ٹرمپ کا بڑا فیصلہ

    سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد صدر ٹرمپ کا بڑا فیصلہ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکا میں تیل کےمحفوظ ذخائر استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حملوں کےبعدتیل کی پیدوارمیں کمی،قیمتیں آسمان سےباتیں کرنے لگیں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چارماہ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں ہیں۔

    سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے قیمتوں پر قابو پانے کے لئے ملک میں موجود تیل کے محفوظ ذخائر استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

    سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پرحملوں کےبعدقیمتیں بڑھنےکاخدشہ ہے، مارکیٹ میں تیل کی سپلائی جاری رکھنے کیلئے ایمرجنسی ذخائر استعمال کیےجائیں، ٹیکساس، دیگر ریاستوں میں تیل کی پائپ لائن کی منظوری کا معاملہ جلد نمٹایا جائے، سعودی عرب میں حملے کے بعد تیل کی یومیہ پیداوار میں 50 فیصد کمی آئی ہے۔

    خیال رہے امریکی تیل کے ذخائر ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کیے جاتے ہیں۔

    یاد ریے ہفتے کی صبح دمام کے قریب سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو کی دو فیکٹریز پر ڈرون حملے کیے گئے، آئل ریفائنری میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کر لی تھی۔

    واضح رہے ریاض دنیا بھر میں تیل برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو یومیہ 70 لاکھ بیرل تیل دنیا بھر میں سپلائی کرتا ہے، کولمبیا یونیورسٹی میں مرکز برائے عالمی توانائی پالیسی چلانے والے جیسن بروڈوف کا کہنا تھا کہ ابقیق دنیا میں تیل سپلائی کرنے والی بہت اہم آئل فلیڈ ہے۔

  • ‘اللہ صدر ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے’

    ‘اللہ صدر ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے’

    واشنگٹن : امریکی کانگریس کی فلسطینی نژاد ڈیموکریٹ رکن رشیدہ کی دادی نے پوتی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے  پر بد دعا دی کہ ‘اللہ صدر ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے’۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی فلسطینی نڑاد ڈیموکریٹ رکن رشیدہ طلیب کی دادی امّاں مفتیہ طلیب نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت بددعا دی ہے اور کہا ہے کہ اللہ ٹرمپ کا بیڑا غرق کرے، وہ اسرائیل کے مقبوضہ غربِ اردن میں رہ رہی ہیں۔

    رشیدہ طلیب اپنی ساتھی رکن کانگریس الہان عمر کے ہمراہ ان سے ملاقات کے لیے آنا چاہتی تھیں لیکن اسرائیل نے گذشتہ جمعرات کو امریکی صدر کے دباؤ پر انھیں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں آنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

    مفتیہ طلیب اپنی پوتی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے پر امریکی صدر سے نالاں ہیں۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی منتخب ارکان کانگریس رشیدہ حربی طلیب اور الہان عمر دونوں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی پالیسیوں کی سخت مخالف ہیں، وہ دونوں امریکی صدر کی جانب سے اسرائیل کی بے جا حمایت پربھی نکتہ چینی کرتی رہتی ہیں۔

    انھوں نے اسرائیل کی غربِ اردن کی مصنوعہ اشیاءکی دنیا بھر میں بائیکاٹ کی مہم کی بھی حمایت کی تھی۔

    مزید پڑھیں :  اسرائیل کا رشیدہ طلیب اور الہان عمر کو داخلے کی اجازت سے انکار

    رشیدہ امریکا میں منعقدہ گذشتہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر ریاست مشی گن کے تیرھویں ضلع سے ایوان نمایندگان کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔

    رشیدہ طلیب اسی ریاست کے شہر ڈیٹرائٹ میں پیدا ہوئی تھیں ، وہ امریکی کانگریس کی پہلی فلسطینی نڑاد امریکی رکن ہیں اور اسرائیل کے علاوہ صدر ٹرمپ کی شدید ناقد ہیں اور ان کے خلاف تندوتیز بیانات جاری کرتی رہتی ہیں۔

    صدر ٹرمپ بھی ان پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں اور ان کے خلاف معمولی معمولی باتوں پر ٹویٹر پر بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔