Tag: صفائی مہم

  • بھارت میں صفائی مہم سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی

    بھارت میں صفائی مہم سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدنی

    نئی دہلی: بھارت میں مہاتما گاندھی کے جنم دن کے موقع پر شروع کی جانے والی صفائی مہم سے مرکزی حکومت کو ڈھائی سو کروڑ روپے حاصل ہوگئے ہیں، یہ رقم کچرے کو فروخت کر کے حاصل کی گئی ہے۔

    اس صفائی مہم کے تحت سرکاری دفاتر میں موجود کچرا صاف کیا جارہا ہے اور انہیں فروخت کر کے مالی فائدہ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق 24 دنوں میں اس مہم کے ذریعہ مرکزی حکومت نے 252 کروڑ روپے حاصل کر لیے ہیں جو ایک بہت بڑی رقم ہے۔

    گزشتہ سال بھی مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش پر اسی طرح کی مہم شروع ہوئی تھی، لیکن اس پوری مہم کے دوران محض 62 کروڑ روپے حاصل ہوئے تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق صفائی مہم 2.0 کے تحت سرکاری دفاتر میں بے کار پڑی سرکاری فائلوں کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک کچرا بھی کم کیا جا رہا ہے۔ اب تک صرف سینٹرل سیکریٹریٹ میں 40 لاکھ سے زیادہ فائلوں کو ختم کیا جا چکا ہے، ان میں تقریباً 31 لاکھ ای فائلز جبکہ 8 لاکھ سے زیادہ کاغذوں والی فائلیں ہیں۔

    مہم کی نگرانی ریاستی وزیر جتیندر سنگھ کر رہی ہیں۔

    یہ اعداد و شمار بھی حیران کن ہیں کہ کچرا صاف ہونے سے دفاتر میں 37.19 لاکھ اسکوائر فٹ جگہ خالی ہوئی ہے جس کا استعمال الگ الگ چیزوں کے لیے کیا جا رہا ہے جیسے لائبریری یا کینٹین۔

    یہ مہم 31 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

  • ایک لاکھ ٹن کچرا اٹھا لیا، اب ڈسٹ بن چوری ہونے لگے ہیں: وزیر بلدیات سندھ

    ایک لاکھ ٹن کچرا اٹھا لیا، اب ڈسٹ بن چوری ہونے لگے ہیں: وزیر بلدیات سندھ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں پرانا جمع ایک لاکھ ٹن کچرا اٹھایا جا چکا ہے، جب کہ 15 لاکھ ٹن سے زیادہ کچرا کراچی کی شاہراہوں پر موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں جاری صفائی مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، بریفنگ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں جاری صفائی مہم کے اچھے نتایج نکلے ہیں، روزانہ کی بنیادوں پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ الگ کچرا اٹھا رہا ہے۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ شہر کی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت بھی کی جا رہی ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ کراچی میں نیا مسئلہ سامنے آیا ہے، اب ڈسٹ بن چوری ہونے لگے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی وجہ سے بہتری آ گئی ہے، 12 ہزار ٹن یومیہ کچرا اٹھانے کی استعداد ہو چکی ہے، ہم صفائی مہم میں ڈی ایم سیز کی عملی شراکت چاہتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کی کراچی میں ‌ خصوصی صفائی مہم کا آج سے آغاز

    واضح رہے سندھ حکومت کراچی میں صفائی مہم کے لیے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز اور مشینری فراہم کر چکی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کراچی میں سڑکوں کی صورت حال بہت خراب ہے، بڑے صنعت کاروں نے گھروں سے فیکٹریاں چلانا شروع کر دیا ہے اور سائٹ ایریا جانا چھوڑ دیا ہے۔

    انھوں نے کہا ایف ڈبلیو او کے تعاون سے نالوں کی صفائی کا کام سنبھالا، اگلے دن ڈی ایم سی کھڑی ہو جاتی کہ ہم کچرا اٹھائیں گے، کچرا کنڈیوں کو ٹھیکے پر فروخت کیا جاتا ہے، اس کچرے میں لوہے کا سامان، تاریں وغیرہ ہوتی ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ نے صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی

    وزیراعلیٰ سندھ نے صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے 30روزہ کلین مائی کراچی مہم کی نگرانی کیلئے 18رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی اور کابینہ ارکان ٹاسک دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کراچی میں 30روزہ صفائی مہم کی نگرانی کیلئے 18 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ، کابینہ ارکان پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی صفائی مہم کی نگرانی کرے گی۔

    ضلع جنوبی میں مرتضیٰ وہاب، اویس قادر شاہ اور ریاض احمدپرمشتمل ٹیم ہوگی جبکہ اعجاز جکھرانی، شہلارضا،راشد ربانی کو ضلع وسطی میں صفائی مہم کا نگراں بنا دیا گیا۔

    شرقی ضلع میں اسماعیل راہو، فراز ڈیرو اور قاسم نوید کو مہم کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے اور مکیش کمار ،امتیازشیخ کو کورنگی ضلع صاف کرانے کا ٹاسک دے دیا گیا۔

    وزیر ثقافت سردار شاہ ،وزیر پبلک ہیلتھ شبیربجارانی ضلع غربی میں نگرانی کریں گے۔

    گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک مہینہ جاری رہنے والی ’’کلین مائی کراچی‘‘ مہم کے دوسرے دن شہر کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ مہم کے پہلے دن 7152 ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے جبکہ دوسرے دن بھی بھاری پتھر 24 انچ کی سیوریج لائن ملیر 15 سے نکالے گئے ہیں جوکہ کراچی کے نام نہاد اونر اور دوست کہلائے جانے والے نے اس مہم کو ناکام بنانے کے لیے ڈالے تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے لیاقت کالونی ، نیاآباد کا دورہ کیا، جہاں وزیراعلیٰ سندھ عوام سے ملے اور اُن کی شکایات سنیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو لیاری سے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت دیں اور کہا تھا تجاوزات ہٹانے کا کام روزانہ کی اسائنمنٹ کے طور پر کرنا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ہم نے 21 ستمبر سے ایک مہینے کی صفائی مہم شروع کی ہے، اور انشاء اللہ کراچی کو صاف کر کے دکھائیں گے لیکن اس کے بعد مینٹین کرنا لوکل گورنمنٹ کا کام ہے اور جہاں جہاں جو ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا م کررہی ہے وہاں پر ان کا کام ہے۔ ان سے میں مدد چاہوں گا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا  پوری صفائی کا کام دستاویزی طریقے سے کرنے کا حکم

    وزیراعلیٰ سندھ کا پوری صفائی کا کام دستاویزی طریقے سے کرنے کا حکم

    کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پوری صفائی کا کام دستاویزی طریقے سے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کچرے کے ہر ڈمپر کی تصویر بنائیں، پھر صفائی کا فوٹو اور  ویڈیو بنائیں اور جیسے ہی صفائی مکمل ہو کچرا کنڈیاں بھی بنائی جائیں ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت شہر کی صفائی سے متعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہرڈی سی کو50 ملین روپے کے فنڈزجاری ہوچکے ہیں، فنڈز ڈمپرز، شوریلز ودیگر مشنیری، مزدوروں کو ادائیگی کیلئے دیئے گئے ہیں، کچرا اٹھانے کا کام شروع کرنے کیلئے مکمل تیاری ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہم نے اس شہر کی تعمیر نو کی ، صفائی بھی ہم ہی کریں گے، جام چاکرو اور گوند پاس پر ترازو موجود ہیں ، ہر ضلع کا ریکارڈ الگ الگ رکھا جائے کس نے کتنا کچرا بھیجا، ہمیں سائنٹیفک طریقے سے کام کرنا ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر ضلع صاف کرکے ڈی ایم سی کے حوالے کرنا ہے ، ڈیم ایم سی کو چاہیے پھر صفائی کو برقرار رکھیں، ڈی ایم سیز کو بھی ساتھ رکھیں اور پوری صفائی کا کام دستاویزی طریقے سے کریں۔

    مزید پڑھیں :   وزیراعلیٰ سندھ کا 21ستمبر سے کراچی میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان

    انھوں نے کہا ہر کچرے کے ڈمپر کی تصویر بنائیں ،پھر صفائی کا فوٹو،ویڈیو بنائیں، میں خود اس کی مانیٹرنگ بھی کروں گا، میں خود کل صفائی کے کام کا دورہ کروں گا۔

    ڈی ایم سی سینٹرل نے بتایا 152ٹرالی، 51 ٹریکٹرز،24ڈمپرز، 6 لوڈرز اور500 مزدور درکار ہیں، ہر ڈمپر پر ڈسٹرکٹ کا نام اور نمبر ہونا چاہئے جبکہ ڈی ایم سی ایسٹ کا کہنا تھا کہ 30 ڈمپرز، 6 بلیڈ ٹریکٹرز، 5 ایسیویٹور اور 75 مزدور چاہئیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا خود کل تمام اضلاع میں کچرے کی لفٹنگ کا کام دیکھوں گا اور ہدایت کی جیسے ہی صفائی مکمل ہو کچرا کنڈیاں بھی بنائی جائیں۔

    مراد علی شاہ نے فیصلہ کیا کہ ہر ضلع کی صفائی مانیٹرنگ 2 وزرا کے حوالے کی جائے گی اور کمشنر کو ہدایت کی کہ سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، صفائی مہم کیلئے پولیس، رینجرز کو سیکیورٹی کیلئے درخواست کروں گا۔

    خیال رہےوزیراعلیٰ سندھ نے 21 ستمبر سے کراچی میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور علی زیدی سے درخواست کی کہ اپنی صفائی مہم بند کردیں۔

  • کراچی میں نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے: علی زیدی

    کراچی میں نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر ہمیں بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، بارشوں کے بعد پانی کافی حد تک نکل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے، بارشوں کے بعد پانی کافی حد تک نکل گیا، کچھ جگہوں پر تھوڑا بہت پانی ہوگا وہ بھی نکالا جا رہا ہے۔ عوام سے بھی تعاون کرنے کی گزارش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ درخواست ہے کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر وائرل کریں، تصاویر ہمیں بھی بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے، ناصر حسین شاہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا بھی شکر گزار ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میرے خلاف پروپیگنڈا ہے، خیابان شجاعت پر فینسی گاڑیاں کھڑی کر کے روڈ بند کیا گیا تھا، کے پی ٹی کی پرچم کشائی کی تقریب میں جا رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں کچرا ملے گا ہم اٹھاتے جائیں گے، لیاری کو صاف ستھرا بنا دیں گے۔ لیاری میں کم مشینری لگی ہے لیکن کام ہوتا رہے گا، تنقید کی جا رہی ہے کہ لیٹس کلین کراچی مہم کے لیے پیسے مانگ رہا ہوں، ہم نے صفائی مہم کے لیے الگ سے اکاؤنٹ کھولا ہے۔ سندھ حکومت نے بھی کام کا آغاز کر دیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے وزیر اعظم کی ہدایات تھیں کراچی صاف کرنا ہے، میڈیا والوں سے درخواست ہے اگر کہیں کچرا ہے تو بتا دیں۔ نالے صاف کرنا ہمارا کام نہیں تھا پھر بھی کراچی کے لیے کیا۔ ’میری ٹائم وزیر کا کام نہیں کہ نالے صاف کرے، ہم تو مدد کو آئے ہیں کہ کام تیز ہوجائے‘۔

  • کراچی نہیں چلے گا تو ملک نہیں چلے گا: علی زیدی

    کراچی نہیں چلے گا تو ملک نہیں چلے گا: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ ہم نے صفائی مہم بطور ایک ماڈل شروع کی ہے، روز کی بنیاد پر کچرا اٹھنا چاہیئے۔ کراچی نہیں چلے گا تو ملک نہیں چلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سوچ تھی کہ جو نالے سالوں سے صاف نہیں ہوئے وہ صاف کیے جائیں، صفائی نہ ہونے کے باعث نالوں پر تجاوزات بنا دی گئی ہیں۔

    انہوں نے لیٹس کلین کراچی مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی نہ ہونے سے بارشوں میں نکاسی آب کا مسئلہ ہوتا ہے، ہزاروں ٹن کچرا کیماڑی کے پاس جمع ہوگیا ہے، ساحل پر کچرا جمع ہوتا رہا تو ہماری بندر گاہ بند ہوجائے گی۔ مہم سے ایک طرف تو صفائی ہوگی اور دوسری طرف آگاہی ملے گی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور سندھ حکومت صفائی کے لیے ایک صفحے پر ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ ناصر حسین شاہ نے وزارت بلدیہ کا قلمدان سنبھالتے ہی فون کیا، ناصر حسین شاہ نے مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ہمیں مہم کے لیے لاجسٹک مدد مل رہی ہے۔ ہم نے پانچ بڑے اور 6 دیگر نالوں کی صفائی کا منصوبہ بنایا۔ ہم نے مہم بطور ایک ماڈل شروع کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو بااختیار بنانے کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔ ہم سندھ حکومت اور دیگر اداروں پر روز صفائی کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔ چندے پر مناسب اور غیر مناسب کی بحث سے باہر نکل آئیں۔ حکومت تو ایمبولینس بھی نہیں دیتی پھر بھی اسےٹیکس کیوں دیتے ہیں۔ ہمارے ہاں تو بارش کے بعد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ بارش کے بعد کی صورتحال سے بچے بڑے بیمار ہوتے ہیں۔

    علی زیدی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو ہمارے ساتھ مل کر لائحہ عمل بنانا پڑے گا، جو ہم صفائی کر رہے ہیں وہ ماڈل ہے، روز کی بنیاد پر کچرا اٹھنا بھی چاہیئے۔ بہت سارے نالے ڈی ایم سی اور بڑے نالے کے ایم سی کے تحت ہیں، شکر گزار ہوں فوج کا انہوں نے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کراچی نہیں چلے گا تو ملک نہیں چلے گا۔

  • کوشش ہوگی عید تک بند نالوں کی صفائی کردی جائے: علی زیدی

    کوشش ہوگی عید تک بند نالوں کی صفائی کردی جائے: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ شہر کی کبھی صفائی نہیں ہوئی ٹنوں کے حساب سے کچرا جمع ہوگیا ہے، کوشش ہوگی عید تک بند نالوں کی صفائی کردی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کلین کراچی مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے بعد وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی کبھی صفائی نہیں ہوئی ٹنوں کے حساب سے کچرا جمع ہوگیا ہے، ہماری پہلی توجہ کراچی کے نالوں کی صفائی پر ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر ایک کو صفائی مہم میں حصہ لینا چاہیئے، برساتی نالے کچرا پھینکنے کی جگہ بن گئے ہیں۔ عید تک ہم چاہتے ہیں کہ بند نالوں کی صفائی کردی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ جتنی بھی بیماریاں پھیل رہی ہیں اس کی بڑی وجہ پانی ہے، کراچی میں صفائی کے حوالے سے تفصیلی پلان شام کو جاری ہوگا۔ مہم پر بھرپور اور بہت اچھا رد عمل مل رہا ہے۔ لوگ رضا کار بننے اور پیسہ دینے کے لیے تیار ہیں، لوگوں کے پیسے دینے کے حوالے سےکوئی انتظام ہونا چاہیئے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی جگہ ہونی چاہیئے، میئر صاحب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مہم کے لیے وقت نکالا۔ صفائی میں مختلف اداروں کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔

    خیال رہے کہ اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں مہم کا ابتدائی خاکہ تیار کرلیا گیا ہے، مہم کے لیے ضلع غربی میں 48 مقامات اور ضلع جنوبی و شرقی میں 70 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    اجلاس میں اس امکان پر بھی غور کیا گیا کہ کلین کراچی مہم کا دورانیہ 2 ہفتے سے بڑھا دیا جائے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں 6 اضلاع میں بڑے نالوں کی صفائی کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں شاہراہوں اور گلیوں سے کچرا اٹھایا جائے گا۔

  • گلیات: گندگی پھیلانے والے سیاحوں کے خلاف کارروائی جاری

    گلیات: گندگی پھیلانے والے سیاحوں کے خلاف کارروائی جاری

    رپورٹ: ظفر اقبال

    گلیات: خیبر پختون خوا حکومت کی طرف سے گندگی نہ پھیلانے کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے، دوسری طرف گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، سیاحتی مقامات کو گندگی سے پاک رکھنے کے لیے آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ گندگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گندگی پھیلانے والوں کے خلاف بھاری جرمانوں سمیت صفائی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

    جی ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پہلی مرتبہ سیاحوں پر جرمانے لگائے جا رہے ہیں، سیاحوں کو گندگی پھیلانے پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    ان کا کہنا تھا کہ گندگی پھیلانے کی مد میں 1 لاکھ 35 ہزار روپے جرمانے کیے گئے ہیں، ترجمان نے بتایا کہ سینٹری کیمپ بھی قائم کیا جا چکا ہے اور مختلف مقامات پر کوڑے دان بھی لگا دیے گئے ہیں۔

    ادھر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو گندگی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ کے پی دار الحکومت پشاور میں ان دنوں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے، گزشتہ روز اس سلسلے میں 69 نان بائی گرفتار کر کے 15 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

  • ماؤنٹ ایورسٹ پر صفائی مہم کا آغاز

    ماؤنٹ ایورسٹ پر صفائی مہم کا آغاز

    کھٹمنڈو: نیپالی حکومت نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کی صفائی مہم کا آغاز کردیا۔ ایک اندازے کے مطابق پہاڑ پر کوہ پیماؤں کا پھینکا گیا ٹنوں کچرا وہاں موجود ہے جس کی وجہ سے اسے دنیا کے بلند ترین کچرا گھر کا نام بھی دیا جارہا ہے۔

    سلسلہ کوہ ہمالیہ میں موجود ماؤنٹ ایورسٹ نیپال اور چین کی سرحد پر واقع ہے۔ اس کی بلندی 8 ہزار 8 سو 48 میٹر ہے۔ ہر سال درجنوں کوہ پیما اس پہاڑ کو سر کرنے کے لیے یہاں آتے ہیں۔

    ماؤنٹ ایورسٹ سے اس سے قبل 3 ہزار کلو گرام کچرا اٹھایا جا چکا ہے، اس کچرے میں آکسیجن کے خالی ٹینکس، الکوحل کی بوتلیں، خراب شدہ خوراک، اور خیمے شامل تھے۔ اب ایک بار پھر یہاں کی صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔

    گزشتہ ماہ 14 اپریل سے شروع کی جانے والی اس صفائی مہم کا اختتام 29 مئی کو ہوگا، یہ وہ تاریخ ہے جب اس چوٹی کو پہلی بار سر کیا گیا۔

    حکام کو امید ہے کہ 45 دنوں میں یہاں سے 10 ہزار کلو گرام کچرا صاف کرلیا جائے گا۔ اس بلند ترین مقام پر کی جانے والی صفائی مہم پر 2 لاکھ ڈالر اخراجات آرہے ہیں۔

    نیپال نے سنہ 2014 کے بعد سے کوہ پیماؤں پر اپنے ہمراہ کچرا واپس نہ لانے پر جرمانہ بھی عائد کر رکھا ہے۔ اس سے قبل کچرا اکٹھا کی جانے والی مہم میں کچرے کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نیچے لایا گیا تھا۔

    حکام کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ پر سخت موسم کے باعث وہاں ہلاک ہوجانے والے مہم جوؤں کی لاشیں بھی موجود ہیں اور ان کی تعداد کم از کم 200 ہے، تاہم ان لاشوں کو فی الحال نیچے نہیں لایا جارہا۔

    ماہرین کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ پر کچرے کی وجہ صرف کوہ پیماؤں کا کچرا چھوڑ جانا نہیں۔ جس طرح سے ہم اپنی زمین کو کچرے سے آلودہ کر رہے ہیں اور یہ کچرا اڑ اڑ کر سمندر کی تہوں اور دور دراز برفانی خطوں تک جاپہنچا ہے، اسے دیکھتے ہوئے کوئی حیرانی کی بات نہیں کہ دنیا کی بلند ترین چوٹی بھی کچرے سے اٹ چکی ہے۔

  • لاہورمیں صفائی مہم : پنجاب میں پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کا فیصلہ

    لاہورمیں صفائی مہم : پنجاب میں پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کا فیصلہ

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی اورشہروں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیراعلیٰ نے لاہور اور بڑے شہروں کی صفائی کے موثر انتظامات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اورکارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لاہور میں صفائی کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی جبکہ اجلاس میں پنجاب بھر میں پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔رقم دینے کے باوجود کوڑا کرکٹ کا نظر آنا افسوسناک ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کےلئے موثر انداز میں کام کیاجائے۔ لاہورکی سڑکوں پر کوڑا کرکٹ کی موجودگی متعلقہ اداروں کی کا رکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ صفائی کے بارے میں شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے مہم بھی چلائی جائے اورمجھے نتائج چاہئیں اورصفائی نظر آنی چاہیے۔ کام نہ کرنے والے افسر وں اوراہلکاروں سے بازپرس ہوگی۔

    وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات و قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ۔

    کمیٹی پولی تھین بیگز پر پابندی لگانے کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کرے گی اوراس ضمن میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔