Tag: صفائی

  • کراچی: برساتی نالوں کی صفائی جاری، ٹنوں کچرا نکالا گیا

    کراچی: برساتی نالوں کی صفائی جاری، ٹنوں کچرا نکالا گیا

    کراچی: مون سون بارشوں کی آمد سے قبل شہر قائد کے برساتی نالوں کی صفائی کا جاری ہے، لاکھوں کیوبک فٹ کچرا نکال کر لینڈ فل سائٹس میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی نالوں کی صفائی مہم جاری ہے، سیکریٹری بلدیات کا کہنا ہے کہ 14 دنوں میں 2 لاکھ کیوبک فٹ کچرا نالوں سے نکال لیا۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ 2 ہزار 773 ڈمپرز میں فضلہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا، جام چاکرو لینڈ فل سائٹ تک نالوں سے نکالا جانے والا کچرا 12 سو سے زائد ڈمپرز میں منتقل کیا گیا۔

    ضلع غربی کے برساتی نالوں سے 4 لاکھ 69 ہزار کیوبک فٹ فضلہ، ڈسٹرکٹ ایسٹ سے 1 لاکھ 31 ہزار 515 کیوبک فٹ کچرا اور بلدیہ وسطی سے 5 لاکھ 99 ہزار 450 کیوبک فٹ برساتی فضلہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا۔

    بلدیہ ملیر سے 99 ہزار 500 کیوبک فٹ فضلہ 160 ڈمپرز کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کورنگی سے 1 لاکھ 24 ہزار 539 کیوبک فٹ کچرا منتقل کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے 5 لاکھ 74 ہزار 295 کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا۔

    سیکریٹری بلدیات کا مزید کہنا ہے کہ جلد ہی برساتی نالوں کی مکمل صفائی کا عمل تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

  • سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار

    سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار

    آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے سمندری آلودگی میں کمی کے لیے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو سمندر سے پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے صاف کرسکے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جاپان کی سوزوکی موٹرز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک آلہ تیار کیا ہے جو کشتیوں کے باہر نصب موٹر کو مائیکرو پلاسٹک جمع کرنے کے قابل بناتا ہے۔

    مائیکرو پلاسٹک، پلاسٹک کے ننھے ننھے ٹکڑے ہوتے ہیں، چونکہ یہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں لہٰذا یہ ہر قسم کے فلٹر پلانٹ سے باآسانی گزر جاتے ہیں اور جھیلوں اور دریاؤں میں شامل ہو جاتے ہیں جہاں سے یہ سمندری حیات کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں۔

    سوزوکی کمپنی پلاسٹک کے کوڑے سے ہونے والی آبی آلودگی کے مسئلے کے حل کے لیے کئی سال سے تحقیق کر رہی تھی۔

    موٹر گاڑیاں بنانے والی اس کمپنی کے مطابق اس نے کشتیوں اور بحری جہازوں کے باہر لگی ہوئی ان موٹروں پر توجہ مرکوز کی جو انجن کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ٹنوں کے حساب سے پانی پمپ کرتی ہیں۔

    سوزوکی کا بنایا جانے والا یہ نیا آلہ ان پمپس سے خارج ہونے والے پانی کو فلٹر کرے گا اور پانی میں موجود کچرے کو جمع کرے گا۔ کمپنی کے مطابق، محض کشتی چلانے سے ارد گرد پانی کی سطح پر موجود مائیکرو پلاسٹک جمع کیا جا سکے گا۔

    منگل کے روز سوزوکی کے عملے نے شزواوکا پریفیکچر میں واقع جھیل ہامانا میں نئے آلے کی آزمائش کی۔ آلے نے مائیکرو پلاسٹک باور کیے جانے والے اجزا کے علاوہ کائی اور ریت بھی جمع کی۔

    سوزوکی کمپنی، اس نئے آلے کو اگلے سال کے اندر اندر فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

  • اپنا قبلہ درست کرلیں: نئے سیکریٹری بلدیات کی ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت

    اپنا قبلہ درست کرلیں: نئے سیکریٹری بلدیات کی ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے میونسپل کمشنرز کو ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران بھی اپنا قبلہ درست کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے میونسپل کمشنرز کو ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر یونین کونسل کی حدود میں مچھر اور مکھی مار اسپرے کیا جائے۔

    سیکریٹری بلدیات نے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں صفائی کی صورتحال کا خود معائنہ کروں گا، سالڈ ویسٹ کا محکمہ کچرا بروقت ٹھکانے لگائے، کسی بھی گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن پر ناقص انتظامات نظر نہ آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ واٹر اینڈ سیورج بورڈ بھی اپنی کارکردگی بہتر بنائے، شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں بلدیاتی ملازمین کرونا وائرس کی حفاظتی ایس او پیز کی پیروی بھی یقینی بنائیں۔

    سیکریٹری بلدیات نے سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے راشی افسران اپنا قبلہ درست کرلیں، ناجائز تعمیرات کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کرپشن اور اقربا پروری کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات سندھ کو سفارشات کے ساتھ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی رپورٹ پیش کروں گا۔

    خیال رہے کہ نئے سیکریٹری بلدیات نے چارج سنبھالتے ہی متعدد بلدیاتی افسران کو معطل بھی کردیا تھا۔

    سیکریٹری بلدیات نے 3 بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے پر معطل کیا تھا جو پی اے سی اجلاس میں آڈٹ اعتراضات کے جواب نہیں دے رہے تھے۔

    علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کورنگی کے بھی 4 افسران کو کرپشن کے الزام میں معطل کردیا گیا، افسران پر غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات ہیں۔

  • کراچی کے 3 بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل

    کراچی کے 3 بڑے نالوں کی صفائی کا کام مکمل

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 3 بڑے نالوں کی صفائی کا کام 100 فیصد مکمل کرلیا گیا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق تینوں بڑے نالوں پر تمام 42 چوک (بند) پوائنٹس کو کلیئرکر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کے پانچویں روز تینوں بڑے نالوں پر صفائی کا کام 100 فیصد مکمل کر لیا گیا۔

    صفائی کا کام تعمیراتی انجینیئرنگ کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے کیا ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق 3 بڑے نالوں پر تمام 42 چوک (بند) پوائنٹس کو کلیئرکر دیا گیا ہے، نالوں سے تقریباً 31 ہزار ٹن کچرا نکالا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کارساز، کے ڈی اے چورنگی، گورا قبرستان، مچھر کالونی اور ٹاور چوک سے پمپس کے ذریعے پانی نکال دیا گیا ہے جبکہ شارع فیصل، ائیرپورٹ، کلفٹن بلاک 8 اور گجر نالے پر کام جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق شہر میں صورتحال اور نظام زندگی عمومی طور پر نارمل ہے۔

    خیال رہے کہ ایف ڈبلیو او کو 8 اگست تک تینوں نالوں کی مکمل صفائی کا ٹاسک دیا گیا تھا اور وزیر اعظم کو روزانہ کی بنیاد پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا جاتا رہا۔

    دوسری جانب انتظامیہ کے مطابق اب بھی کئی مقامات ایسے ہیں جہاں پر نالوں کی صفائی کا کام ایک مشکل ٹاسک بنا ہوا ہے، سولجر بازار میں رہائشی علاقے سے گزرنے والا نالہ کچرے سے بھرا ہوا ہے، گلیاں تنگ ہونے کے باعث ایف ڈبلیو او کی بھاری مشنیری کی وہاں تک رسائی ممکن نہیں۔

  • فریج کی صفائی کے دوران 25 سال پرانی پیسٹری دریافت

    فریج کی صفائی کے دوران 25 سال پرانی پیسٹری دریافت

    لاک ڈاؤن کے دوران ایک امریکی شہری نے گھر کی صفائی کرتے ہوئے فریزر سے 25 سال پرانی پیسٹری دریافت کرلی، مذکورہ پیسٹری اس کی والدہ نے بنائی تھی جو انہوں نے چکھ کر بھی دیکھی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں ایک امریکی شہری مائیکل پیٹرک نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں ایک فائدہ یہ ہوا کہ اس کی والدہ نے اپنے جثیم فریج کی نیچے تک صفائی کر ڈالی۔

    اس نے بتایا کہ فریزر میں سے اسے ایک پیسٹری ملی جس پر ایکسپائر ہونے کی تاریخ مارچ 1995 ہے۔ مائیکل کے مطابق یہ پیسٹری ان کے اپریل 1995 اور 1997 میں پیدا ہونے والے بھائیوں سے بھی قدیم ہے۔

    اپنے ایک اور ٹویٹ میں مائیکل نے بتایا کہ ان کی والدہ کہہ رہی ہیں کہ یہ پیسٹری ابھی بھی قابل استعمال ہے اور اسے کسی میٹھے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    بعد ازاں والدہ نے اس پیسٹری سے بنے میٹھے کو نہایت شوق سے کھایا۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ جس فریج میں یہ رکھی تھی وہ بھی 30 سال پرانا ہے۔

    مائیکل کی اس ٹویٹ پر ہزاروں افراد نے اپنا ردعمل ظاہر کیا، ایک ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ اس پیسٹری نے بدلتی تاریخ کا بھی مشاہدہ کیا ہے۔

  • کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس کا خوف: معروف اداکارہ جہاز میں سوار ہونے کے بعد صفائی کرنے لگیں

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو اپنے خوف میں مبتلا کر رکھا ہے وہیں ماڈلز اور اداکار بھی اس سے بچنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔ سپر ماڈل اور اداکارہ نومی کیمبل بھی ایسے ہی کچھ اقدامات کرتی نظر آئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نومی نے اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ ایئرپورٹ جاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ نومی نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مکمل حفاظتی لباس، گاگلز اور دستانے پہن رکھے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے دوران سفر اپنے معمولات کے بارے میں بتایا۔

    ویڈیو میں نومی جہاز میں سوار ہونے کے بعد اپنی سیٹ کو مکمل طور پر سینی ٹائزڈ وائپس سے صاف کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    وہ بیٹھنے کی جگہ، سائیڈ ٹرے، ٹچ اسکرین، ریموٹ، کھانے کی ٹرے غرض ہر وہ شے جسے وہ دوران سفر چھو سکتی ہیں وائپس سے صاف کرتی ہیں۔

    ویڈیو میں وہ بتا رہی ہیں کہ وہ ہر سفر میں ایسے ہی کرتی ہیں، ’مجھے کوئی پروا نہیں کہ لوگ مجھے یہ سب کرتے دیکھ کر کیا سوچتے ہوں گے۔ یہ میری صحت ہے اور میں یہ سب اپنی بہتری کے لیے کرتی ہوں‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاہے آپ اپنے ذاتی طیارے میں سفر کریں یا کمرشل طیارے میں، آپ کہیں پر بھی بیمار ہوسکتے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    ریاض: زائرین کی حفاظت کے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاہم کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ان انتظامات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہوا ہے جس کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ایک خصوصی مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور قالینوں پر بھی اس کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا ہے اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔

    الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک بھی پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

  • حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    ریاض: مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں ہزاروں کارکن حرم کی صفائی کے عمل میں حصہ لیتے ہیں جس کی حیرت انگیز ویڈیو جاری کردی گئی۔ حرم شریف کو روزانہ دن میں 4 بار دھویا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم شریف میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے صحن مطاف میں، جہاں روزانہ لاکھوں افراد طواف کعبہ کرتے ہیں کو دن میں کم سے کم 4 باردھویا جاتا ہے۔

    فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صحن مطاف اور حرم شریف کے دیگر مقامات کو دھونے اور صاف کرنے کے عمل میں 40 الیکٹریکل گاڑیاں اور 60 بجلی کے ویکیوم پمپس کے علاوہ فرش کو سکھانے کے لیے بجلی کے دسیوں آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے کارکن اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ وہاں ہر وقت طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

    اس عمل میں انتہائی منظم انداز میں صحن مطاف کو دھونے کے بعد عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ قسم کی خوشبو سے صحن کو معطر کیا جاتا ہے۔

    صفائی کے اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے جبکہ کارکنوں کی ایک پارٹی زائرین اور صفائی کرنے والے مقام کو جدا کرنے کے لیے ڈیوائیڈر ربن لے کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشنری سے زائرین متاثر نہ ہوں اور کام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو نے پائے۔

    ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران صفائی کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ رمضان میں لاکھوں افراد حرم شریف میں افطاری اور سحری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    افطاری کے وقت جبکہ اذان اور اقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے اس دوران افطاری کرنے کے فوری بعد انتہائی مہارت اور چابکدستی سے کارکن صفائی کی مہم انجام دیتے ہیں۔

  • کان کی صفائی کے وہ غلط طریقے جو بہرے پن کی بڑی وجہ ہیں

    کان کی صفائی کے وہ غلط طریقے جو بہرے پن کی بڑی وجہ ہیں

    انسانی جسم کا ایک اہم عضو کان ہے۔ یہ ہمارے سَر کا وہ حصّہ ہے جس کی مدد سے ہم سنتے ہیں۔ یہ بات تو سبھی جانتے ہیں، مگر کیا یہ بھی جانتے ہیں کہ اس کی صفائی کا غلط طریقہ ہمیں کس طرح سننے کی صلاحیت سے محروم کر سکتا ہے۔ بہرے ہو جانے کے بعد زندگی کیسی تکلیف دہ ہو سکتی ہے اور کیا سماعت کا آلہ لگانے سے ہم پوری طرح سننے کے قابل ہو جاتے ہیں؟

    ہم سے اکثر یہ نہیں جانتے۔ آپ نے دیکھا ہو گا کہ لوگ کانوں میں کاٹن کی سلائی، پین، پینسل کی نوک یا کاغذ کی بتی بنا کراس کی مدد سے میل نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کچھ ایسا اس وقت کرتے ہیں جب انھیں خارش یا کوئی درد محسوس ہو رہا ہو لیکن اکثر اس کے عادی ہوتے ہیں۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے کوئی ناخن چباتا ہے یا پھر بار بار اپنے بالوں کو سیٹ کرتا رہتا ہے۔

    ہم کانوں کے میل سے نجات حاصل کرنے کے لیے جو طریقہ اپناتے ہیں اس سے سماعت کو نقصان پہنچتا ہے اور رفتہ رفتہ سماعت ختم ہوتی جاتی ہے۔

    طبی محققین کے مطابق غیرمحفوظ طریقے سے کان کی صفائی سے کان کے پردے اور چھوٹی و نازک ہڈیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس کے نتیجے میں کان کے اندرونی حصے میں موجود رقیق سیال بہہ کر باہر آجاتا ہے۔ ایسے فرد کو چکر آسکتے ہیں اور ایک وقت آتا ہے جب وہ سماعت سے محروم ہو جاتا ہے۔

    غیر محفوظ طریقے سے مراد ہیئر پن یا پین وغیرہ کی نوک سے صفائی ہے جس میں کان کی بیرونی جھلی زخمی ہوسکتی ہے اور یہ کان کے انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق کان اپنی صفائی کا انتظام خود کرتا ہے۔ تاہم اس کے بیرونی حصّے اور اوپری جلد کو دھو کر اور ملائم کپڑے سے صاف کیا جاسکتا ہے۔ محققین بتاتے ہیں کہ جب ہم کسی چیز کو چبانے کے لیے اپنے جبڑوں کو حرکت دیتے ہیں تو قدرتی طور پر گندگی یا میل کان کی نالی سے نکل کر بیرونی حصے کی طرف آجاتا ہے۔ اس کو نکالنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ جب یہ کان کے بیرونی حصے تک آجائے تو صاف کپڑے کے ٹکڑے کو گیلا کر کے اسے نکالا جاسکتا ہے۔

    کاٹن کی سلائی سے کان کی صفائی ایک عام بات ہے اس سے مخصوص مواد کان کے اندر کی طرف لوٹ سکتا ہے اور وہاں جاکر انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے۔ یہ سلائی بھی کان کے پردے اور چھوٹی ہڈیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

    ایک خاص مقدار میں کان میں پانی ڈال کر بھی میل صاف کیا جاتا ہے۔ تاہم اس کے بعد کان کو اچھی طرح خشک کرنا ضروری ہے۔ بصورتِ دیگر اس میں انفیکشن پیدا ہو سکتا ہے۔ روانہ کان کی صفائی کے لیے پانی ڈالنا بھی خطرناک ہے۔ ایسا صفائی کی ضرورت محسوس کرنے پر کیا جانا چاہیے۔