Tag: صفدرآباد

  • لیڈی ڈاکٹر نے پرس سے پستول نکالی اور مریضہ کو گولی مار دی

    لیڈی ڈاکٹر نے پرس سے پستول نکالی اور مریضہ کو گولی مار دی

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر صفدرآباد کے سرکاری اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر سے پستول چل گئی، گولی لگنے سے علاج کے لیے آنے والی ایک مریضہ زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد کے ہیڈکوارٹر اسپتال میں ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر حنا منظور سے اچانک پستول چل گئی، جس سے مریضہ زخمی ہو گئی۔

    بتایا گیا کہ لیڈی ڈاکٹر حنا منظور دوران ڈیوٹی اپنے پرس میں پستول رکھتی ہیں، آج ہفتے کو ڈیوٹی کے دوران انھوں نے پستول نکالی تو اچانک گولی چل گئی، پستول کی گولی مریضہ آسیہ بی بی کے بازو میں لگی۔

    مریضہ کو زخمی کرنے کے بعد لیڈی ڈاکٹر حنا نے ان کو اپنی گاڑی میں لے کر شیخوپورہ اسپتال پہنچایا، زخمی مریضہ آسیہ بی بی کے گھر والوں نے گولی لگنے کی تصدیق کر دی ہے، تاہم اسپتال انتظامیہ نے صحافیوں کو سی سی ٹی وی فوٹیج دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    ادھر سندھ کے شہر حیدرآباد کے سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، واقعے میں فیصل قریشی اور ولید قریشی نے اسپتال میں عامر اور ریاض پر حملہ کیا تھا، جس سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات شادی کی تقریب میں فائرنگ سے منع کرنے پر ملزمان میں جھگڑا ہوا تھا۔

  • شیخوپورہ: دیرینہ دشمنی پر گاڑی پر فائرنگ، 5 افراد قتل

    شیخوپورہ: دیرینہ دشمنی پر گاڑی پر فائرنگ، 5 افراد قتل

    شیخوپورہ: پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے شہر صفدر آباد میں دیرینہ دشمنی پر ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر کے 5 افراد کو قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں دیرینہ دشمنی مزید پانچ افراد کی جان لے گئی، شیخو پورہ کے شہر صفدر آباد میں پیشی کے لیے عدالت جانے والے افراد کو گھات لگا کر قتل کر دیا گیا۔

    شیخو پورہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین پیشی کے لیے عدالت جا رہے تھے، کہ سیٹھ والا کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی، جس سے اکرم، شاہد، شکور، شاہ نواز اور خرم جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق اس سے قبل 12 افراد زمین کے تنازعے پر دیرینہ دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، جب کہ چند دن قبل بھی اس خاندان کے 2 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 4 دسمبر 2019 کو شیخو پورہ کے علاقے صفدر آباد میں گھات لگائے مخالفین نے باپ بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ تھا، واقعے پر ڈی پی او شیخوپورہ نے نوٹس بھی لیا۔

    تھانہ صدر شاہکوٹ کے گاؤں سیٹھ والا کا رہایشی مشتاق آرائیں اپنے 14 سالہ بیٹے حسیب کے ساتھ موٹر سائیکل پر سانگلہ ہل جا رہا تھا کہ اصغر آباد کے قریب گھات لگائے مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے انھیں قتل کر دیا۔ مشتاق کی اپنے ہی گاؤں کے جٹ گروپ کے ساتھ سابقہ قتل کی رنجش چلی آ رہی تھی۔

    دیرینہ دشمنی کے اس سلسلے میں ایک خاتون بھی جاں بحق ہو چکی ہے، جب کہ عدالت میں کیس بھی چل رہا ہے۔ اس سلسلے میں تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔