Tag: صفر

  • ووہان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد صفر ہوگئی

    ووہان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد صفر ہوگئی

    بیجنگ: چین کے شہر ووہان نے کرونا وائرس کو شکست دے دی، گزشتہ 10 دن سے ووہان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کرونا وائرس کا آغاز چینی شہر ووہان سے ہوا تھا تاہم اب چینی حکام کا کہنا ہے کہ ووہان نے کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

    چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ ووہان میں کرونا وائرس کے تمام مریضوں کو ڈسچارج کر دیا گیا جس کے بعد ووہان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صفر ہوگئی ہے۔

    حکام کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران ووہان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    ووہان میں اس وائرس سے پہلی موت کو 3 ماہ اور چند روز گزر چکے ہیں، اس عرصے کے دوران صرف ووہان میں کرونا وائرس کے 46 ہزار 452 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔

    وائرس پر قابو پانے کے لیے ووہان میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا جو 76 روز بعد 7 اپریل کو ختم کیا گیا۔

    ووہان سمیت پورے چین میں اس وائرس سے 82 ہزار 827 افراد متاثر ہوئے جس میں سے 4 ہزار 632 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    چین سے یہ وائرس اب پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور دنیا بھر میں اب تک 29 لاکھ 31 ہزار 710 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

  • کراچی: پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث شدید ٹریفک جام

    کراچی: پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث شدید ٹریفک جام

    کراچی: چپ تعزیہ کے اختتامی جلوس کے باعث کراچی میں ٹریفک پولیس کی ناقص حمکت عملی سے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چپ تعزیے کے جلوس کے باعث مختلف شاہراہوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ لوگوں اور بچوں کو اسکول اور دفاتر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور لوگ کئی کئی گھنٹے ٹریفک میں پھنسے رہے۔

    متبادل روٹس کے اعلان کے باوجود ٹریفک پولیس سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک روکنے میں ناکام رہی جس سے شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور سمیت دیگر شاہراہوں اور علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ رہا اور مذکورہ علاقوں اور ملحقہ سڑکوں پر مختلف اوقات میں بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔

    واضح رہے کہ آج قصر مسیب سے چپ تعزیہ کا آخری جلوس دوپہر میں برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مارٹن روڈ پر واقع امام بارگاہ شاہ نجف پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز، بسیں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے۔

    جلوس کے ساتھ پولیس کے 4 ہزار 8 سو 88 اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ بلند عمارتوں پر اسنائپر شوٹرز تعینات ہیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تین ٹیمیں جلوس کے راستوں کی سوئپنگ کر رہی ہیں۔