Tag: صنعتوں کو گیس

  • آج سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند

    آج سے صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند

    کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے صنعتوں کو آج سے گیس کی سپلائی بند کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے آج 11 دسمبر سے تا حکم ثانی صنعتوں کو گیس سپلائی بند کر دی ہے، کراچی چیمبر نے عام صنعتوں کی گیس بندش کے غیر دانش مدانہ فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

    سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے بھی کراچی چیمبر کے مؤقف کی تائید کی، انھوں نے کہا سندھ حکومت تاجر برادری کے جائز مطالبے کی حمایت کرتی ہے۔

    چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زبیر موتی والا نے ایس ایس جی سی کی جانب سے غیر برآمدی عام صنعتوں کی گیس بندش کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایس ایس جی سی ہفتے میں ایک روز کے لیے متبادل ناغہ کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی اختیار کرے۔

    انھوں نے کہا کے سی سی آئی خاموش نہیں بیٹھے گا اور ایس ایس جی سی کے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دینے کے آپشن پر غور کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب سی این جی سیکٹر، عام صنعتیں اور حتیٰ کہ گھریلو صارفین کو بھی گیس میسر نہیں تو 940 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بالآخر کہاں غائب ہو جاتی ہے۔

    کراچی چیمبر کے صدر ادریس میمن کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی جنرل صنعتوں کی گیس بند کر دی گئی ہے جب کہ برآمدی صنعتوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، یہ سراسر ناانصافی ہے کیوں کہ یہ عام صنعتیں ہی ہیں جو برآمدی صنعتوں کو خام مال مہیا کرتی ہیں لہٰذا دونوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عام صنعتوں کی گیس بندش کے نتیجے میں نہ صرف بے روزگاری بڑھے گی بلکہ مارکیٹوں میں ضروری اشیا کی قلت کے باعث مہنگائی میں بھی ہوش رُبا اضافہ ہوگا۔

    ایف بی ایریا صنعتی ایسوسی ایشن کے صدر ہارون شمسی نے کہا کہ برآمدکنندہ کے پاس پراسسنگ یونٹس نہیں ہو تے، وہ لوکل صنعتوں کے محتاج ہوتے ہیں،گیس کی سپلائی بند ہونے سے برآمدی آرڈرز کو وقت پر مکمل کرنا ممکن نہیں رہے گا، ہارون شمسی کے مطابق برآمد ی آرڈرز کو وقت پر مکمل نہ کرنا ملکی معشیت کے لیے بھی اچھی بات نہیں ہے، اس طرح کے فیصلوں سے ملکی معشیت پڑنے والے اثرات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔