Tag: صنعتکار آنند مہندرا

  • بھارتی صنعت کار سرفراز کے فین ہوگئے، والد کو بڑی پیشکش کردی

    بھارتی صنعت کار سرفراز کے فین ہوگئے، والد کو بڑی پیشکش کردی

    آنند مہندرا جو کہ بھارت کے معروف صنعتکار ہیں وہ انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں سرفراز خان کی پرفارمنس دیکھ کر ان کے فین ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صنعتکار آنند مہندرا نے انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے بھارتی کرکٹر سرفراز خان کے والد کو کار دینے کی پیشکش کردی۔ آنند سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو رہتے ہیں اور ملک کے ابھرتے ہوئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

    مہندرا اینڈ مہندرا کے چیئرپرسن آنند مہندرا نے کرکٹر سرفراز خان کے والد نوشاد خان کو مثالی والد قرار دیتے ہوئے کار (تھار ایس یو وی) دینے کی پیشکش کی ہے۔

    سرفراز کے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر میں والد نوشاد نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ 26 سالہ نوجوان کرکٹر نے جب ٹیم انڈیا کی ٹیسٹ کیپ حاصل کی تھی تو 52 سالہ والد خوشی کے مارے رو پڑے تھے۔

    آنند مہندرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ "محنت، ہمت، صبر، ایک باپ کے لیے اس سے بہتر اور کیا خوبیاں ہیں کہ وہ بچے کی حوصلہ افزائی کرے؟

    انھوں نے مزید کہا کہ ایک مثالی والد ہونے کے ناطے، اگر نوشاد خان تھار ایس یو وی کا تحفہ قبول کریں تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔

    انیل کمبلے سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے کا خواب صرف سرفراز کا ہی نہیں بلکہ ایک والد کا بھی تھا جو اپنے بیٹے کو کرکٹ کی بلندیوں پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

    سرفراز کی اہلیہ، ان کے بھائی، خاندان کے دیگر افراد اور والد انھیں بھارتی ٹیسٹ کرکٹر بنتے دیکھ کر بے ساختہ رو پڑے تھے۔ سرفراز کا تکلیف دہ طویل انتظار بالآخر ختم ہوگیا۔

    ان باپ بیٹے کی جوڑی نے برسوں سے اس لمحے کا خواب دیکھا تھا، سرفراز نے ڈیبیو پر ہی نصف سنچری بنا کر اسے مزید یادگار بنایا اور لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل صنعت کار آنند مہندرا حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر سراج کو بھی تھار ایس یو وی تحفے میں دے چکے ہیں۔